Tag: declares

  • امریکہ کے کمپیوٹر نیٹ ورکس کو خطرہ‘ صدر ٹرمپ کا قومی ہنگامی صورتحال کا اعلان

    امریکہ کے کمپیوٹر نیٹ ورکس کو خطرہ‘ صدر ٹرمپ کا قومی ہنگامی صورتحال کا اعلان

    واشنگٹں : صدر ٹرمپ نے اپنے آرڈر کے ذریعے امریکی کمپنیوں کو غیر ملکی حریف ٹیلی کام کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے سے منع کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک کے کمپیوٹرنیٹ ورکس کوغیر ملکی حریف کمپنیوں سے بچانے کے لیے قومی ہنگامی صورت حال کا اعلان کر دیا ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کے ذریعے امریکی کمپنیوں کو غیر ملکی حریف ٹیلی کام کمپنیوں کی خدمات استعمال کرنے سے منع کیا جن کے بارے میں یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

    صدر ٹرمپ نے ایگزیکٹو آرڈر میں کسی بھی کمپنی کا نام خاص طور پر نہیں لیا ہے۔تاہم تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ صدر ٹرمپ نے خاص طور پر چین کی ٹیلی کام کمپنی ہواوے کے حوالے سے یہ اقدام اٹھایا ہے۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بہت سے ممالک جن میں امریکہ بھی شامل ہے نے اس تشویش کا اظہار کیا ہے کہ چین نگرانی کے لیے چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے کی مصنوعات کو استعمال کر سکتا ہے۔

    دوسری جانب ہواوے نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا کام کسی کے لیے بھی خطرے کا باعث نہیں ہے۔ صدر ٹرمپ نے اپنے آرڈر کے ذریعے امریکی کمپنیوں کو غیر ملکی حریف ٹیلی کام کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے سے منع کر دیا ہے۔

    وائٹ ہاوس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق صدر ٹرمپ کے آرڈر کا مقصد ’امریکہ کو غیر ملکی حریف کمپنیوں سے بچانا ہے جو فعال اور تیزی سے معلومات اور مواصلاتی ٹیکنالوجی اور خدمات کے مسلسل استعمال کے لیے حساس ہیں۔

    بیان کے مطابق صدر ٹرمپ کا یہ اقدام کامرس سیکریٹری کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ ’ایسے ٹرانزیکشن کو روکے جو ملک کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

    امریکہ کی وفاقی کمیونیکیشنز کمیشن کے چیئرمین اجیت پائی نے امریکی صدر کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔ایک بیان میں ان کا کہنا ہے یہ اقدام امریکہ کے نیٹ ورکس کو محفوظ رکھنے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

    خیال رہے کہ امریکہ پہلے ہی وفاقی ایجنسیوں کو ہواوے کمپنی کی مصنوعات کے استعمال کو محدود کر چکا ہے اور اپنے اتحادیوں کو ایسا کرنے کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے جبکہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے نیکسٹ جینریشن کے فائیو جی موبائل نیٹ ورکس میں چینی کمپنی ہواوے گیئر کے استعمال کو روک دیا ہے۔

    لیکن چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے نے شدت سے ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔دریں اثنا ہواوے کے چیئرمین لیانگ ہو نے کہا ہے کہ وہ منگل کو لندن میں ہونے والے ایک ملاقات کے دوران ’حکومتوں کے ساتھ غیر جاسوسی معاہدوں پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہیں۔

  • وینا ملک نے بھارت کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا

    وینا ملک نے بھارت کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا

    کراچی : سری لنکا میں ایسٹر دھماکوں میں بھارت کے ملوث ہونے کی خبر کے بعد اداکارہ وینا ملک نے بھارت کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا میں ایسٹر دھماکوں میں بھارت کے ملوث ہونے کی خبر نے میڈیا میں ہلچل مچا دی، اس رپورٹ کے منظرعام پر آنے کے بعد اداکارہ وینا ملک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارت کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا اور دہشت گردی کی شدید مذمت کی۔

    یاد رہے بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق خودکش دھماکوں کے ماسٹر مائنڈ زاہران ہاشمی سری لنکا میں توحید جماعت کا اہم ممبر تھا، زہران ہاشم کو بھارت میں ہی تربیت دی گئی اور اس نے کافی عرصہ جنوبی بھارت میں بھی گزارا۔

    رپورٹ میں کہا گیا تھا زہران ہاشم کے کئی مرتبہ بھارت جانے کے ثبوت بھی مل گئے، زہران ہاشم کو بھارتی اداروں کی بھرپور مدد حاصل تھی۔

    مزید پڑھیں : سری لنکادھماکے : مرکزی ملزم ظہران ہاشم کی بھارت میں تربیت کاانکشاف

    اسے قبل صدر میتھری پالا نے ہنگامی پریس کانفرنس میں سری لنکا میں گرجا گھروں اور ہوٹلوں پر خود کش حملے کے ماسٹر مائنڈ زہران ہاشم کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی تھی جبکہ اس کے ساتھ ایک اور دہشت گرد الحام بھی وہاں موجود تھا۔

    زہران ہاشم مقامی شدت پسند تنظیم التوحید کے اہم رہنماؤں میں سے ایک ہیں تاہم داعش کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کی ویڈیو میں زہران ہاشم کو دیگر 6 نقاب پوش جنگجوؤں کے ساتھ دیکھایا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ ایسٹر کے موقع پر ہونے والے سری لنکا دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد 359 تک پہنچ گئی ، دھماکوں کے بعد یہ بات سامنے آئی تھی کہ انٹیلی جنس ایجنسیز نے خبردار کیا تھا کہ نیشنل توفیق جماعت حملوں کی منصوبہ بندی کررہی ہے، لیکن یہ معلومات وزیراعظم کے دفتر میں دھماکوں کے بعد موصول ہوئیں۔

  • امریکی اتحادی افواج نے شام میں داعش کے خلاف مکمل کامیابی کا اعلان کردیا

    امریکی اتحادی افواج نے شام میں داعش کے خلاف مکمل کامیابی کا اعلان کردیا

    واشنگٹن : امریکی اتحادی فورسز نے شام میں عسکریت پسند تنظیم داعش کے کی خلافت کا مکمل خاتمہ کرنے کا دعویٰ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق شام اور عرق میں اپنا اثر و رسوخ رکھنے اور بے گناہ افراد کو قتل کرکے ان کے لاشوں کی بے حرمتی کرنے والی شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف امریکی اتحادی فورسز نے سو فیصد کامیابی حاصل کرلی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ اعلان امریکی صدراتی محل وائٹ ہاوس کی جانب سے کیا گیا۔

    وائٹ ہاوس کا کہنا تھا کہ امریکی اتحادی افواج نے شام میں دہشتگرد تنظیم داعش کے خلافت کا سو فیصد خاتمہ کردیا۔

    خیال رہے کہ کچھ روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایک ہفتے میں دولت اسلامیہ (داعش) کا خاتمہ کرکے شام اور عراق کو مکمل طور پر آزاد کرالیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : ایک ہفتے میں شام و عراق سے داعش کا مکمل خاتمہ کردیں گے، ٹرمپ

    یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 19 دسمبر کو اعلان کیا تھا کہ ہم نے داعش کو شکست دے دی، اور آئندہ 30 دنوں میں امریکی فورسز شام سے نکل جائیں گی۔

    شام سے امریکی فوج کے انخلا سے متعلق ٹرمپ کے بیان پر امریکی وزیر دفاع جیمزمیٹس اور دولت اسلامیہ مخالف اتحاد کے خصوصی ایلچی بریٹ میکگرک نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

  • میڈیکل بورڈ نے  شہباز شریف کو میڈیکلی فٹ قرار دے دیا

    میڈیکل بورڈ نے شہباز شریف کو میڈیکلی فٹ قرار دے دیا

    اسلام آبا: میڈیکل بورڈ نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف کو میڈیکلی فٹ قرار دے دیا اور میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ نیب کو فراہم کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹرز نے آج صبح 7 بجے منسٹرانکلیو میں شہبازشریف کا معائنہ کیا، میڈیکل بورڈ نے خالی معدہ شہبازشریف کا دوبارہ تفصیلی طبی معائنہ کیا۔

    ڈاکٹرز نے شہبازشریف کا بلڈپریشر، ای سی جی ٹیسٹ کیا جبکہ معدے، گردوں، مثانے کے الٹراساؤنڈ ٹیسٹ کئے گئے۔

    طبی معائنہ کے بعد شہبازشریف کے بلڈپریشر، ای سی جی اور الٹراساؤنڈ رپورٹس نارمل نکلی اور میڈیکل بورڈ نے شہباز شریف کو میڈیکلی فٹ قرار دے دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کا میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ نیب کو فراہم کر دیا گیا۔

    گذشتہ روز بھی پولی کلینک کے میڈیکل بورڈ نے شہباز شریف کا طبی معائنہ کیا تھا اور مختلف ٹیسٹ کے نمونے حاصل کیے، ٹیسٹ کی رپورٹس نارمل آنے کے بعد میڈیکل بورڈ نے شہباز شریف کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا تھا۔

    اس سے قبل شہباز شریف نے میڈیکل بورڈ سے معائنہ کرانے سے انکار کر دیا تھا۔

    خیال رہے احتساب عدالت میں شہباز شریف کا اپنے بیان میں کہنا تھا  کہ میں کینسر کا مریض تھا اور بیرون ملک سرجری کروائی، باربار نیب کو کہنے کے باوجود آج تک خون اورشوگر ٹیسٹ نہیں ہوئے۔ میں نے صبر و تحمل سے نیب کے سوالات کے جواب دیے، اہلخانہ سے ہفتہ وار ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔

    یاد رہے نیب نے شہباز شریف کا طبی معائنہ کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کے لئے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی درخواست کی تھی، جس کے بعد نیب کی درخواست پر پولی کلینک میں 3 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تھا۔

    واضح رہے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں گرفتار سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نیب کی تحویل میں ہیں جب کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے منسٹر انکلیو اسلام آباد میں موجود ہیں۔

  • پی آئی اے کے سی ای او مشرف رسول کی تعیناتی کالعدم قرار

    پی آئی اے کے سی ای او مشرف رسول کی تعیناتی کالعدم قرار

    اسلام آباد : چیف جسٹس آف پاکستان نے پی آئی اے کے سی ای اومشرف رسول کی تعیناتی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا سی ای اوکی تعلیمی قابلیت ایم بی بی ایس ہے، مشرف رسول چیف ایگزیکٹو کے عہدے کے قابل ہی نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں پی آئی اے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، سماعت میں چیف جسٹس نے کہا کہ سردار مہتاب عباسی کا بطور سیاستدان احترام ہے، اتنے بڑے ادارے کو چلانے کے لئے مہتاب عباسی کو لگا دیا گیا، گورنر کے عہدے سے ہٹا کر عباسی کو سی اے اے میں تعینات کیا گیا جبکہ مہتاب عباسی کا ہوا بازی سے متعلق کوئی تجربہ نہیں ہے۔

    وکیل نعیم بخاری نے دلائل میں کہا سی ای او کے لیے تقرری کا اشتہار 2016 میں دیا گیا، جس پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے سی ای او کی تعلیمی قابلیت ایم بی بی ایس ہے، نعیم بخاری صاحب آپ نے منا بھائی ایم بی بی ایس فلم دیکھی ہے۔

    نعیم بخاری نے جواب میں کہا جی اس فلم میں ایک شخص ڈاکٹر کی طرح اداکاری کرتا ہے۔

    جسٹس اعجازالاحسن نے کہا تقرری کے عمل میں سردارمہتاب عباسی کدھر سے آگئے جبکہ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ سردار مہتاب عباسی کا تقرری کے عمل سے کیا تعلق تھا، تقرری کے لئے کمیٹی طریقہ کار کے مطابق تشکیل نہیں دی گئی۔

    وکیل نعیم بخاری نے بتایا مشرف رسول20 سال سے مہتاب عباسی کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں، جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے جب بنیاد ہی غلط ہو تو پوری عمارت گر جاتی ہے۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس میں کہا مشرف رسول کی تعیناتی قانون اوررولز کے خلاف ہے، تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا،اب اچھے اچھے لوگ آئیں چیزیں ٹھیک کریں۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے دلائل سننے کے بعد پی آئی اے کے سی ای اومشرف رسول کی تعیناتی کو کالعدم قرار دے دیا اور کہا مشرف رسول چیف ایگزیکٹو کے عہدے کے قابل ہی نہیں ہیں۔

  • امریکی صدرٹرمپ نےشمالی کوریا کو دہشت گردریاست قراردےدیا

    امریکی صدرٹرمپ نےشمالی کوریا کو دہشت گردریاست قراردےدیا

    واشنگٹن : امریکی صدرٹرمپ نے شمالی کوریا کو دہشت گردریاست قراردے دیا اور کہا کہ شمالی کوریا پربڑے پیمانے پرپابندیاں عائد کی جائیں گی، جنکا اعلان آج کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کو دہشتگردوں کو تعاون فراہم کرنے والی ریاست قراردے دیا، شمالی کوریا کے خلاف امریکا پابندیوں کا اعلان آج کرے گا۔

    ڈونلڈٹرمپ کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا دنیا میں دہشت گردی کوفروغ دے رہا ہے، ایسا بہت پہلے ہو جانا چاہیے تھا۔

    امریکی صدر نے شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے بین الاقوامی دہشت گرد عمل قرار دیا اور کہا کہ شمالی کوریا نے متعدد بار بین الاقوامی سطح پر دہشت گردی کی حمایت کی، اسے فوری طور پر اپنے جوہری پروگرام کو بند کرنا چاہیے۔

    دوسری جانب شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ تمام پابندیوں کے باوجود جوہری پروگرام اور میزائل تجربات کا سلسلہ جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔

    خیال رہے کہ شمالی کوریا کو9 سال قبل 2008میں امریکی صدر جارج ڈبلیو بش کے دور میں اس لسٹ سے ہٹایا گیا تھا۔

    اس سے قبل امریکی صدر نے شمالی کوریا کا تنازع حل کرنے کے لیے چین کو اقدامات تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔


    مزید پڑھیں :  کم جونگ کی شان میں گستاخی‘ امریکی صدر ٹرمپ کو سزائے موت


    چند روز قبل شمالی کوریا نے سربراہ’ کم جونگ ان‘ کی شان میں گستاخی کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے موت کی سزا تجویز کی تھی اور کہا تھا کہ امریکی صدر نے ایسا جرم کیا ہے جس کی معافی کسی صورت ممکن نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ شمالی کوریا کے چھٹے جوہری تجربے کے بعد امریکہ سمیت عالمی برادری سخت تشویش میں مبتلا ہے ، اسی تشویش کے پیش نظر امریکہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شمالی کوریا پر نئی پابندیوں کی تجویز پیش کی تھی۔

    اقوام متحدہ نے متفقہ طور پر شمالی کوریا پر نئی پابندیاں عائد کرنے کی منظوری دی تھی، نئی پابندیوں میں شمالی کوریا کی توانائی اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کو نشانہ بنایا گیاتھا۔

    جس کے بعد اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے سفیر نے اقوام متحدہ کی نئی پابندیوں کے جواب میں اپنے بیان میں کہا تھا کہ پابندیوں کی غیر قانونی قرارداد کو مسترد کرتے ہیں، شمالی کوریا کے آئندہ اقدامات سے امریکا کو اتنی تکلیف پہنچے گی، جو اس نے پہلے کبھی نہیں سہی ہوگی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز شمالی کوریا نے ہائیڈروجن بم کا کامیاب تجربہ کیا تھا جس کے بعد شمالی کوریا میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.3 ریکارڈ کی گئی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • بھائی کی پسند کی شادی کی سزا، معصوم بہن کو پنچائت کے حکم پر ونی کردیا گیا

    بھائی کی پسند کی شادی کی سزا، معصوم بہن کو پنچائت کے حکم پر ونی کردیا گیا

    بھاولپور: بھائی کی پسند کی شادی کی سزا بہن کو دے ڈالی، نواحی علاقے موضع گرواں میں ایک معصوم بچی کو پنچایت کے حکم پر ونی کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھائی کی پسند کی شادی بہن کیلئے جرم بن گئی، پنچائیت نے جرمانے کے طور پر معصوم بہن کو ونی کرنے کا فیصلہ سنا دیا، بہاولپور میں بارہ سالہ ام ہانی کے بھائی نے کچھ عرصے قبل بااثر شخص کی بیٹی سے پسند کی شادی کی تھی جس پر لڑکی کے اہل خانہ مشتعل ہوگئے۔

    معاملہ پنچایت میں پہنچا جہاں بدلے میں ام ہانی کو ونی کرنے کا فیصلہ سنادیا گیا، ام ہانی کی روتی سسکتی ماں بھی معصوم بیٹی کے لئے انصاف مانگ رہی ہے۔

    اہل علاقہ کا کہنا ہے کارروائی کرنے کے بجائے پولیس با اثرملزمان کی سرپرست بن گئی ہے، اہل علاقہ نے پولیس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب سے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔


    مزید پڑھیں :  بھائی کی پسند کی شادی کی سزا، پنچایت نے بہن کو ونی کردیا


    گذشتہ ماہ بھی بہاولنگرکے نواحی گاﺅں میں ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا ، جہاں رہائشی فیاض نے اپنے گاﺅں کی پروین نامی لڑکی سے عدالت میں اپنی پسند کی شادی کی تھی۔

    شادی کے خلاف گاﺅں کے وڈیرے نے اپنے ڈیرہ پر عدالت لگالی، علاقے کے بااثر زمیندار محمد علی چشتی اورعباس نمبردار نے لاقانونیت کا فیصلہ سنایا۔

    پنچائیت نے فیصلہ دیا کہ فیاض کی سترہ سالہ بہن کو ونی کردیا جائے۔

    نچایت نے حکم سنایا کہ فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والا فریق پچاس لاکھ روپے جرمانہ ادا کرے گا ونی کی جانے والی تسلیم بی بی اور اس کا خاندان پنچایت اور ملزمان کے خوف سےگھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوگئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • سمندری طوفان ارما کریبین آئی لینڈ سے ٹکرا گیا ، فلوریڈا کی جانب بڑھنے لگا

    سمندری طوفان ارما کریبین آئی لینڈ سے ٹکرا گیا ، فلوریڈا کی جانب بڑھنے لگا

    فلوریڈا : ہاروی کے بعد امریکہ میں ایک اور سمندری طوفان اِرما کریبین آئی لینڈ سے ٹکرا گیا، جسکے بعد فلوریڈا میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیاگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹیکساس میں سمندری طوفان ہاروی کے بعد سمندری طوفان ارما کریبین آئی لینڈ سے ٹکرا گیا، سمندری طوفان برٹش ورجن آئی لینٹ ، پورٹو ریکا اور امریکی ریاست فلوریڈا کی جانب گامزن ہے۔

    بحریہ اوقیانوس میں بننے والا خطرناک سمندری طوفان ارما فلوریڈا کی جانب بڑھنے لگا، جس کے بعد فلوریڈا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

    امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان کے باعث جمعہ تک دس فٹ بلند لہریں فلوریڈا کے ساحل سے ٹکرانے کا خدشہ ہے، طوفان کی پیشگوئی کے بعد امریکی حکام نے فلوریڈا کے ساحلوں پر تفریح کرنے والوں کو فوری طور پر اپنے علاقوں میں واپسی اور رہائشی افراد کو نقل مکانی کی ہدایت کردی ہے۔

    امریکی ٹی وی کے مطابق سمندری طوفان ارما کی شدت پانچ درجے کی ہوگئی ہے۔ فلوریڈا کے جزائر میں بڑی تباہی کا خدشہ ہے۔

    سمندری طوفان کے پیش نظر لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنجانے کا سلسلہ جاری ہے، فلوریڈا شاپنگ سینٹروں میں کھانے پینے کا سامان خریدنے والوں کا رش لگ گیا جبکہ لوگوں نے کھانے پینے کا سامان جمع کرنا شروع کر دیا ہے۔

    فلوریڈاکی اونچی لہروں نے نوجوان کی جان لےلی، 16سال کازینڈر وینزیا وارننگ کےباوجود اونچی لہروں میں سرفنگ کر رہا تھا۔


    مزید پڑھیں : ٹیکساس میں ہاروے کی تباہ کاریاں، 47 ہلاک


    امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ فلوریڈاکی سمندری حدود میں225 میل فی گھنٹہ رفتارسے ہوائیں جاری ہیں۔

    یاد رہے کہ امریکی ریاست ٹیکساس میں طوفان ہاروے نے تباہی مچادی تھی ، طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 47 تک جاپہنچی جبکہ 1 لاکھ مکانات کو نقصان پہنچا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔