Tag: Defance karachi

  • ڈیفنس میں نشے میں دھت افراد کی فائرنگ، پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق

    ڈیفنس میں نشے میں دھت افراد کی فائرنگ، پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق

    کراچی : ڈیفنس فیز سکس میں گاڑی سے فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق اور راہگیر زخمی ہوگیا، پولیس نے ایک ملزم کو نجی اسپتال سے گرفتار کرلیا دوسرے کی تلاش جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیزسکس خیابان بخاری میں نشے میں دھت نوجوانوں کی اندھادھند فائرنگ فائرنگ کی جس کی زد میں آکر درخشاں تھانے کا اہلکار خالد اورراہگیر رمضان موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

    فائرنگ سے ایک شہری بھی زخمی ہوا۔ جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکار کی شناخت خالد کے نام سے ہوئی جو درخشاں تھانے میں تعینات تھا جب کہ دیگر دو شہریوں کی شناخت رمضان اور سعید احمد کے نام سے ہوئی ہے۔

    ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے، بعد ازاں پولیس نے ایک ملزم کو زخمی حالت میں اسپتال سے گرفتار کرلیا۔ ملزم نذیر قتل کے ایک اور مقدمے میں پولیس کو مطلوب تھا گاڑی سے اسلحہ اور شراب برآمد ہوئی ہے، پولیس گاڑی کے مالک تک پہنچ گئی

    اس حوالے سے ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ نے میڈیا کو بتایا ہے کہ پولیس اہلکار کو نشانہ بنانے والے ملزم کو اسٹیڈیم روڈ کے نجی ہسپتال سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    پیر محمد شاہ کے مطابق واقعے میں دو ملزمان ملوث تھے جن میں سے ایک ملزم نذیر کو گرفتار کرلیا جب کہ دوسرا مفرور ہے۔ پیر محمد شاہ نے بتایا کہ ملزم نذیر کا ساتھی اسے ہسپتال میں چھوڑ کر فرار ہوا، ملزم نذیر نشے کی حالت میں تھا جس نے فائرنگ کی اور پہلے پولیس اہلکار کو ٹارگٹ کیا جس کے بعد جو بھی اس کے سامنے آیا اسے نشانہ بنایا۔

    ایس ایس پی ساؤتھ نے کہا کہ قریبی قونصلیٹ کے سیکورٹی گارڈز نے ملزمان کو روکنے کی بھی کوشش کی، ملزمان کے زیر استعمال گاڑی جس کے نام پر رجسٹرڈ تھی اس کے گھر بھی چھاپہ مارا گیا ہے۔ بعد ازاں پولیس گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹرمیں جاں بحق پولیس اہلکار کی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔

  • کراچی : بینک کا سیکیورٹی گارڈ ہی لاکرز کا صفایا کرگیا، لاکھوں روپے لوٹ کر فرار

    کراچی : بینک کا سیکیورٹی گارڈ ہی لاکرز کا صفایا کرگیا، لاکھوں روپے لوٹ کر فرار

    کراچی :  سیکیورٹی گارڈ نے دوران ڈیوٹی بینک کے لاکرز توڑ کر ان کا صفایا کردیا، ملزم 65 لاکھ سے زائد رقم لے کر ساتھیوں سمیت فرار ہوگیا، ڈیفنس پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ چھ مہینے سے بینک میں مسلسل نائٹ ڈیوٹی کرنے والا سیکیورٹی گارڈ اسی بینک کا صفایا کرگیا۔ ڈیفنس کراچی میں نجی بینک پر ڈیوٹی دینے والا گارڈ لاکرز کاٹنے کیلئے کٹر ساتھ لایا تھا۔

    بنک کی تجوری سے لاکھوں روپے اڑالیے،10لاکرز بھی خالی کردیئے، ذرائع کے مطابق ملزم نے 65لاکھ روپے سے زائد رقم پر ہاتھ صاف کیا جس میں ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کے امریکی ڈالرز بھی شامل ہیں۔

    اس حوالے سے پولیس نے بتایا ہے کہ منظور نامی سیکورٹی گارڈ نے واردات سے پہلے الارم سسٹم بند کیا پھر سی سی ٹی وی کیمرے غیر فعال کیے، بینک میں وہ اکیلا تھا تاہم ممکنہ طور پر اس کے ہمراہ دو اور ساتھی بھی موجود تھے جو بینک کے باہرہی کھڑے رہے۔

    پولیس اور دیگر تفتیشی ٹیموں نے بینک سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    واضح رہے کہ کراچی میں بینکوں کئے لاکرز ٹوٹنے کی یہ پہلی واردات نہیں ہے۔ اس سے قبل گزشتہ سال آٹھ جنوری کو بھی بینک کے گارڈ نے ستائیس لاکرز کا صفایا کردیا تھا۔