Tag: defence day 2018

  • پاکستان کے لیے جان دینے والا ہر فرد قابلِ احترام ہے، میجر جنرل آصف غفور

    پاکستان کے لیے جان دینے والا ہر فرد قابلِ احترام ہے، میجر جنرل آصف غفور

    راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے جان دینے والا ہر فرد قابلِ احترام ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے، انھوں نے یومِ دفاع و شہدا کے سلسلے میں اے آر وائی کی خصوصی ٹرانسمیشن کی تعریف کی۔

    میجر جنرل آصف غفور نے کہا ’میں چند گھنٹوں سے آپ کا پروگرام دیکھ رہا ہوں، میڈیا نے یومِ دفاع اور یومِ شہدا پر جو مہم چلائی ہے وہ قابلِ تعریف ہے۔‘

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا شہید تو شہید ہیں، پاکستان کے لیے جان دینے والا ہر فرد قابلِ احترام ہے، ہمیں اپنے شہدا کی قربانیوں کو یاد رکھنا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا ’آرمی چیف شہیدوں کے گھر جاتے ہیں، ان کا کسی شہید کے گھر جانا سب سے مشکل کام ہے، شہید کے گھر والوں کا دکھ بانٹنا سب سے مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔‘

    آصف غفور نے پروگرام میں کہا کہ شہدا کے اہلِ خانہ نے آج محسوس کیا ہوگا کہ ہم ان کے احسان مند ہیں، ملک کی بات آئے تو ہم سب ایک ہیں، مسلح افواج کی پہلی ترجیح امن قائم کرنا ہے۔


    قوم آج یوم دفاع پاکستان ملی جوش وجذبے سے منارہی ہے


    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جس سے آپ کو پیار ہوتا ہے اس کی برائیاں اور کم زوریاں بھول جاتے ہیں، پاکستان سے پیار کریں اور متحد رہیں۔

    انھوں نے کہا ’پاک فوج ہر مشکل کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، قوم اپنی فوج پر مکمل یقین رکھے، قوم یقین رکھے کہ کوئی ایسا خطرہ نہیں جس سے پاک فوج نمٹ نہیں سکتی۔‘

  • یوم دفاع ہمارے ملی اتحاد و یک جہتی کا بہترین عکاس ہے، وزیراعظم عمران خان کا پیغام

    یوم دفاع ہمارے ملی اتحاد و یک جہتی کا بہترین عکاس ہے، وزیراعظم عمران خان کا پیغام

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یوم دفاع ہمارے ملی اتحاد و یکجہتی کا بہترین عکاس ہے، شہداء اور غازیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی، وزیر اعظم نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

    افواج پاکستان کی قربانیوں سےمادر وطن کے استحکام کو مزید دوام ملا”ہمیں پیار ہے پاکستان سے” کا عنوان قوم کی امنگوں کا ترجمان ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف بچوں، جوانوں،بوڑھوں اور خواتین نے قربانیاں دیں، شہداء اور غازیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں، شہداء اور غازیوں نے مادروطن کے دفاع کا فریضہ بخوبی انجام دیا۔

    دہشت گردی کے خاتمےمیں افواج پاکستان کی جرأت کو سراہتا ہوں، پاک فوج کی ملک میں جمہوریت اور عالمی امن کیلئے کوششیں لائق تحسین ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ ہمسایوں سمیت پوری دنیا کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتے ہیں، دنیا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی روک تھام کیلئے کردار ادا کرے، مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل امن کیلئے ناگزیر ہے۔

    عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اپنی افواج سے مل کر وطن کی حفاظت کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے، قومی مسائل کامقابلہ ایمان، اتحاد اور تنظیم پر کار بند رہ کر کریں گے، آیئے مل کر محنت اور لگن سے ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں، دہشت گردی کیخلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئےجدوجہد جاری رہے گی،

    انہوں نے کہا کہ میں ایک بار پھر شہداء غازیوں اور ان کے اہل خانہ اور رشتہ داروں کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں اور قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ان کی فلاح و بہبود میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے، دہشت گردی کے منطقی انجام تک بھر پور جدوجہد جاری رکھیں گے۔

  • آئی ایس پی آر نے یومِ دفاع و شہدا کا ملی نغمہ جاری کر دیا

    آئی ایس پی آر نے یومِ دفاع و شہدا کا ملی نغمہ جاری کر دیا

    راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے یومِ دفاع و شہدا پر خصوصی نغمہ جاری کر دیا گیا۔

    خصوصی نغمے میں پاک فوج کے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے، یہ نغمہ پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کردہ نغمہ عمران رضا نے لکھا ہے جب کہ ساحر علی بگا نے اسے کمپوزکیا ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی آئی ایس پی آر کی جانب سے اس نغمے کے کئی پرومو جاری کیے گئے تھے، ایک پرومو میں پاکستانی شہید سیاست دانوں اور دیگر شخصیات کی تصاویر بھی شامل کی گئیں۔

    کشمیر میں جدوجہدِ آزادی میں مصروف مجاہدین کو بھی ایک پرومو میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جس میں دکھایا گیا کہ بھارتی فوج کے ہاتھوں کس طرح کشمیری لہو لہو ہیں۔


    یوم دفاع وشہدا آج ملی جوش و جذبے سے منایا جائے گا، یادگاروں پر پھول رکھے جائینگے


    واضح رہے کہ آج (چھ ستمبر) یومِ دفاع و شہدا ملک بھر میں منایا جا رہا ہے، یومِ دفاع کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوگی، مرکزی تقریب میں وزیرِ اعظم عمران خان بہ طور مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے یومِ دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ افواجِ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کام یابیاں حاصل کی ہیں۔

  • یوم دفاع و شہدا 2018 کے موقع پر متبادل ٹریفک پلان جاری

    یوم دفاع و شہدا 2018 کے موقع پر متبادل ٹریفک پلان جاری

    اسلام آباد : ٹریفک پولیس نے یوم دفاع و شہدا  پاکستان 2018 کی تقریب کے موقع پر عوام کی سہولت کے لیے ٹریفک حکام نے متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے 6 ستمبر جمعرات کے روز یوم دفاع و شہدا 2018 کے موقع پر جنرل ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہونے والے تقریب کے سلسلے میں محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔

    محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری ٹریفک پلان کے مطابق آبپارہ چوک سے کشمیر ہائی وے پر کوڑیا نوالہ چوک تک روڈ ٹریفک کے لیے بند رہے گا جبکہ پشاور، لاہور سے مری جانے والے زیرو پوائنٹ سے فیض آباد مری روڈ شہریوں کے لیے کھلا رہے گا۔

    محکمہ ٹریفک پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سہر وردی ایمبیسی روڈ سے سرینا تک سڑک ٹریفک کے لئے بند ہوگی، تاہم شہری ہری بازار چوک، سر فراز روڈ، شہید ملت روڈ میونسپل روڈ استعمال کریں۔

    یوم دفاع و شہدا 2018 کی تقریب کے موقع پر سیکریٹریٹ چوک سے کنونشن سینٹر شاہراہ جمہوریت روڈ بھی بند رہے گا، وفاقی دارالحکومت کی عوام کے لیے ایوب چوک، میریٹ ہوٹل براستہ مارگلہ روڈ کھلا رہے گا، جبکہ بری امام سے ریڈیو پاکستان تک سٹرک ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔

    محکمہ ٹریفک پولیس کے جاری ٹریفک پلان میں بتایا گیا ہے کہ شہری متبادل تھرڈ روڈ استعمال کریں، کشمیر چوک سے سرینا ہوٹل تک دو طرفہ ٹریفک بند رہے گا۔

    ٹریفک پولیس کی جانب سے عوام کی آسانی کے لیے راول ڈیم سے فیض آباد، زیرو پوائنٹ، فیصل ایونیو، مارگلہ روڈ کو ٹریفک کے لیے کھلا رکھا جائے گا اور شہری کلب روڈ یوٹن سے مری ٹریفک کوڑیا نوالہ چوک تک ون وے بھی استعمال کرسکیں گے۔