Tag: delay

  • پی آئی اے کی ایک اور پرواز میں تاخیر، مسافر ذہنی اذیت کا شکار

    پی آئی اے کی ایک اور پرواز میں تاخیر، مسافر ذہنی اذیت کا شکار

    کراچی باکمال لوگ لاجواب سروس کی دعویدار قومی ایئرلائن پی آئی اے کے طیارہ ٹورنٹو میں خراب ہوگیا جس کے سبب مسافروں کو اتار لیا گیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی ٹورنٹو سے کراچی آنے والی پروازکا ہائیڈرولک سسٹم خراب ہوگیا، جس کے بعد پروازمیں موجود مسافروں کو آف لوڈ کرنے کے بعد جہازخالی کرالیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق ٹورنٹو ایئر پورٹ پر پرواز نمبر پی کے784کا بوئنگ777طیارہ روانگی کے لئے تیار تھا کہ اس دوران خرابی کا معلوم ہوا اور پرواز منسوخ کردی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ طیارے میں ڈھائی سو سے زائد مسافر موجود تھے، پرواز کی منسوخی کے بعد آج کراچی پہنچنے والی پرواز اب ہفتہ کی شام 6بج کر50منٹ پرکراچی پہنچے گی۔ مجموعی طور پر پرواز کی ٹورنٹو سےکراچی آمد30گھنٹے تاخیر سے ہوگی۔

    یاد رہے کہ رواں ہفتے طیارہ خرابی کے باعث12گھنٹے سے زائد تاخیر کی شکار یہ دوسری پرواز ہے، دو روز قبل کراچی تا جدہ پرواز کے بوئنگ777 طیارہ میں خرابی کے باعث 18 گھنٹے تاخیر ہوئی۔

  • فزکس کا پرچہ پہنچنے میں تاخیر پر ذمہ داران کیخلاف کارروائی

    فزکس کا پرچہ پہنچنے میں تاخیر پر ذمہ داران کیخلاف کارروائی

    کراچی : میٹرک کے امتحانی مراکز پر پرچہ تاخیر سے پہنچنے کا نوٹس لے لیا گیا، ثانوی تعلیمی بورڈان غیر حاضر ہونے والے سینٹر کنٹرول آفیسر کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کرے گا۔

    ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت پیر کے روز شروع ہونے والے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2021 کے دوران سینٹر کنٹرول آفیسر (سی سی او) کی غیرحاضری اور غیر ذمہ داری کی وجہ سے443امتحانی مراکز میں سے کچھ امتحانی مراکز پر فزکس کا پرچہ تاخیر سے امتحانی مراکز پر پہنچا۔

    جس کی وجہ سے کچھ امتحانی مراکز پر پرچے تاخیر سے شروع ہوئے جس کی وجہ سے امتحانی مراکز پر مامور عملے اور طلباء وطالبات کو سخت پریشانی کا سامنا ہوا لیکن ناظم امتحانات سید محمد علی شائق نے اپنی پوری ذمہ داری کے ساتھ جن مراکز پر امتحانی پرچے تاخیر سے پہنچے تھے وہاں اضافی وقت دے کر طلباء و طالبات کو سہولت فراہم کی۔

    بورڈ کے تمام ذمہ دار افسران نے پورے کراچی میں قائم کئے گئے 11 مرکزی امتحانی حب پروقت سے پہلے ہی امتحانی پرچہ اور سندھ حکومت کی جانب سے مکمل ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے امتحان دینے والے امیدواروں کیلئے بورڈ آفس نے 25 لاکھ حفاظتی ماکس، 513 سینٹی ٹائزراور ایک ہزار تھرمومیٹر وقت پر پہنچا دیئے تھے لیکن کچھ سینٹر کنٹرول آفیسر بورڈ کی جانب سے بنائے گئے مرکزی امتحانی حب پر نہیں پہنچے۔

    ثانوی تعلیمی بورڈکے چیئرمین سید شرف علی شاہ نے بورڈ کی جانب سے بنائے گئے مرکزی امتحانی حب کی تعداد 11 سے بڑھا کر 18 کر دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بورڈ کی جانب سے جاری کئے گئے تمام سینٹرز کنٹرول آفیسر کے لیٹر کینسل کر دیئے گئے ہیں لہٰذا تمام سینٹر سپرنٹنڈنٹ یا ان کے مجاز نمائندے کو اتھارٹی لیٹر کے ساتھ بورڈ کی جانب سے مرکزی امتحانی سینٹرپر بھیج کر با آسانی امتحانی پرچہ جات حاصل کر سکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : دسویں جماعت کے پہلے پرچے میں تاخیر : طلبہ اور والدین سراپا احتجاج

    انہوں نے کہا کہ ثانوی تعلیمی بورڈ غیر حاضر ہونے والے سینٹر کنٹرول آفیسر کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کرے گی جس کیلئے بورڈ نے ہنگامی طور پر سینئر افسران مسز حور مظہر، خالد احسان اور سید منیر حسن پر مشتمل ایک3 رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے جو دو روز کے مختصر وقت میں اپنی رپورٹ چیئرمین میٹرک بورڈ کو پیش کرے گی۔

  • دسویں جماعت کے پہلے پرچے میں تاخیر : طلبہ اور والدین سراپا احتجاج

    دسویں جماعت کے پہلے پرچے میں تاخیر : طلبہ اور والدین سراپا احتجاج

    کراچی : دسویں جماعت کے ہونے والے امتحانات میں ایک بار پھر بدنظمی سامنے آئی ہے، سرجانی ٹاؤن میں قائم امتحانی مرکز پر تین گھنٹے بعد بھی امتحانی عمل شروع نہ ہوسکا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن کے کسی بھی امتحانی مرکز پر میٹرک کا صبح ساڑھے 9 بجے شروع ہونے والا پیپر دن 12بجے تک شروع ہی نہ ہوسکا۔

    میٹرک کے امتحانات میں بدنظمی کا تازہ واقعہ رپورٹ ہوا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ امتحانی مراکز کے اندر طلبہ اور باہر موجود ان کے والدین انتہائی پریشانی کے عالم میں رہے جس کے بعد طلبہ اور والدین کی جانب سے ہنگامہ آرائی کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں۔

    امتحانی مراکز کے باہر موجود والدین کا مطالبہ تھا کہ بچوں کو بغیر امتحان لیے واپس باہر بھیجا جائے، جس پر اسکول انتظامیہ نے کہا کہ بچوں کو امتحانی کاپیز دی جاچکی ہیں بغیر امتحان لئے باہر نہیں بھیج سکتے۔

    واضح رہے کہ آج امتحانات کے پہلے روز فزکس کا پیپر شروع ہوجانے کے 4 منٹ بعد فوٹو کاپی کی دکانوں پر تو پہنچ گیا تھا مگر کچھ امتحانی مراکز میں تاخیر سے پہنچا اور کچھ مراکز کی انتظامیہ تاحال پرچہ آنے کے انتظار میں ہے۔

  • امریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی کا فیصلہ، عملدر آمد مؤخر

    امریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی کا فیصلہ، عملدر آمد مؤخر

    واشنگٹن: امریکی حکام نے ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پابندی کے فیصلے پر عملدر آمد مؤخر کر دیا، امریکی عدالت نے ایپ پر پابندی کے فیصلے کو مؤخر کرنے کا حکم دیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی حکومت نے ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پابندی کے فیصلے پر عملدر آمد مؤخر کر دیا ہے، امریکی حکام کے مطابق وہ ایک امریکی عدالت کی جانب سے ٹک ٹاک کے حق میں دیے گئے فیصلے کی پاسداری کریں گے۔

    اس سے قبل ٹرمپ انتظامیہ کے حکام مقبول ایپ پر پابندی لگانے کی ضرورت پر زور دیتے رہے ہیں، ان کا الزام ہے کہ ٹک ٹاک کا اپنی ملکیتی چینی کمپنی بائیٹ ڈانس کے ذریعے چینی حکام سے تعلق ہے اور اس طرح ٹک ٹاک صارفین کا ڈیٹا چین حاصل کر سکتا ہے۔

    ٹک ٹاک کے امریکا میں 10 کروڑ سے زائد صارفین ہیں، ایپ کو فیڈرل کامرس ڈیپارٹمنٹ کے اس اعلان سے مہلت ملی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امریکی جج کے حکم کے بعد ایپ پر پابندی کے فیصلے پر عملدر آمد مؤخر کیا جا رہا ہے۔

    امریکی کامرس ڈپارٹمنٹ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ عدالتی فیصلے کی پاسداری کر رہا ہے اور پابندی کے فیصلے پر عملدر آمد مزید عدالتی حکم تک نہیں گا، مذکورہ عدالتی فیصلے کے خلاف امریکی حکومت نے اپیل بھی دائر کر رکھی ہے۔

    وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک کو پابندی سے بچنے کے لیے امریکی ملکیتی کمپنی بننا ہوگا جس کے شیئرز امریکی سرمایہ کاروں کے پاس ہو۔

    دوسری جانب ٹک ٹاک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہمیں اس مسئلے کے حل کی امید ہے جس میں امریکا کے سیکیورٹی خدشات کو دور کیا جا سکے، اگرچہ ہم ان خدشات سے اتفاق نہیں رکھتے۔

    بائیٹ ڈانس اور ٹک ٹاک نے آئی ٹی فرم اوریکل اور ریٹیلر چین وال مارٹ کے ساتھ مل کر ایک نئی کمپنی قائم کرنے کی تجویز بھی دی ہے جس میں اوریکل ٹیکنالوجی پارٹنر اور وال مارٹ بزنس پارٹنر ہوں گے، تاہم اس ڈیل پر ابھی کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔

  • بلوچستان میں پرائمری اسکول کھولنے کا فیصلہ مؤخر

    بلوچستان میں پرائمری اسکول کھولنے کا فیصلہ مؤخر

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں پرائمری اسکولوں کو مزید 15 دن بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فیصلہ کرونا وائرس کیسز بڑھنے کے باعث کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں پرائمری اسکول مزید 15 دن بند رہیں گے۔ فیصلہ کرونا وائرس کیسز بڑھنے کے باعث کیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ یونیورسٹیز میں بھی کرونا وائرس کیسز سامنے آئے ہیں۔ تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد کیسز سامنے آئے ہیں۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے باعث 6 ماہ سے بند تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھول دیے گئے تھے، پہلے مرحلے میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ ثانوی و اعلیٰ ثانوی اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں کھولی گئیں۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری ایس او پیز کے مطابق ایک کلاس روم میں اگر 40 بچے پڑھتے ہیں تو ایک دن 20 بچے آئیں گے اور اگلے دن 20 بچوں کو اسکول بلایا جائے گا۔

    ایس او پیز کے مطابق بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر انہیں اسکول آنے سے روک دیا جائے گا۔

    حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پر عملدر آمد کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ تعلیم کی مختلف ٹیمیں اسکولوں کا دورہ کر رہی ہیں اور ایس او پیز پر عملدر آمد کا جائزہ لے رہی ہیں۔

    اگلے مرحلے میں سیکنڈری کلاسز 28 ستمبر اور اس کے بعد پرائمری کلاسز 30 ستمبر سے کھولی جانی تھیں تاہم کرونا وائرس کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے فیصلے میں تبدیلی کی جارہی ہے۔

  • دھند کے باعث ٹرینوں کی آمد ورفت میں تاخیر، مسافر سخت سردی میں پریشان

    دھند کے باعث ٹرینوں کی آمد ورفت میں تاخیر، مسافر سخت سردی میں پریشان

    کراچی : دھند کے وجہ سے ٹرینوں کی آمد ورفت میں تاخیر سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، مسافروں نے شکایت کی ہے کہ ریلوے افسران روانگی سے متعلق معلومات دینے سے گریزاں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں شدید دھند کے باعث فضائی آپریشن ہی نہیں بلکہ محکمہ ریلوے کا نظام بھی متاثر ہوا ہے، موسم کی خراب صورتحال کے باعث کراچی کے اسٹیشنوں سے ٹرینیں اپنے مقررہ وقت کے بجائے تاخیر سے روانہ ہورہی ہیں۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسافروں نے بتایا ہے کہ کینٹ اور سٹی اسٹیشن کی انتطامیہ کی جانب سے ٹرینوں کی آمدورفت کا صحیح وقت نہیں بتایا جارہا اور پلیٹ فارم پر مسافروں کی رہنمائی کیلئے ریلوے کا کوئی افسر بھی موجود نہیں ہے، اس کے علاوہ واشنگ لائن سے ٹرینوں کی صفائی میں گھنٹوں تاخیر کی جاتی ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملتان سے کراچی آنے والی سندھ ایکسپریس کی آمد میں 4گھنٹے تاخیر ہوئی ہے جبکہ لاہور سے کراچی آنے والی شالیمار ایکسپریس کی آمد میں7 گھنٹے، حویلیاں سے آنے والی ہزار ہ ایکسپریس کی آ مد میں 6گھنٹے تاخیر ہوئی۔

    اس کے علاوہ کراچی سے سکھر جانے والی سکھر ایکسپریس کی روانگی میں دو گھنٹے جبکہ کراچی سے لاہور جانے والی شاہ حسین ایکسپریس کی روانگی میں6 گھنٹے کی تاخیر ہوئی ہے۔

  • وزیر اعظم کا سرکاری دفاتر کے کاموں میں تاخیر کا نوٹس

    وزیر اعظم کا سرکاری دفاتر کے کاموں میں تاخیر کا نوٹس

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے سرکاری اداروں کی جانب سے خدمات کی فراہمی میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے شہریوں کی درخواستیں 4 ہفتوں میں نمٹانے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سرکاری اداروں کی جانب سے خدمات کی فراہمی میں تاخیر کا نوٹس لے لیا۔ وزیر اعظم آفس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہریوں کی بے شمار درخواستیں تعطل کا شکار ہیں۔ شہریوں کی لائسنس، این او سی اور ڈومیسائل کے حصول کی شکایات ہیں۔

    وزیر اعظم نے وزارتوں اور صوبوں کو شہریوں کی درخواستیں 4 ہفتوں میں نمٹانے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری ادارے شہریوں کی درخواستوں اور پٹیشنز پر عملدر آمد یقینی بنائیں۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سرکاری ادارے 4 ہفتے بعد رپورٹ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کو بھجوائیں، رپورٹ کے ذریعے بتایا جائے کہ شہریوں کی کتنی درخواستوں پر کتنا کام ہوا۔

    وزیر اعظم کی جانب سے مزید کہا گیا کہ شہریوں کا سرکاری اداروں پر اعتماد بحال ہونا چاہیئے، ادارے ویب سائٹ یا نوٹس بورڈ پر سروس ڈیلیوری ٹائم لائن بتائیں۔ ٹائم لائن سے شہریوں کو معلوم ہوگا درخواست پر کتنا کام ہوچکا۔

    وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکریٹریز کو معاملے پر وزیر اعظم کو بر وقت آگاہ رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

    اس بارے میں وفاقی وزیر مواصلات کا کہنا ہے کہ آئی ڈی کارڈ اور ڈومیسال کی حصول میں مشکلات ہوتی ہیں، جلد شناختی کارڈ اور ڈومیسال کا طریقہ کار بہت آسان ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اس معاملے پر احکامات دیے ہیں۔

  • وائٹ ہاؤس انتظامیہ نے ہواوے پر پابندی میں تاخیر کی درخواست کردی

    وائٹ ہاؤس انتظامیہ نے ہواوے پر پابندی میں تاخیر کی درخواست کردی

    واشنگٹن : وائٹ ہاؤس کے ملازمین نے چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے پر پابندی سے قبل دو برس وقت دینے کی درخواست کردی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اگست 2018 کو قومی دفاعی ایکٹ پر دستخط کیے جانے کے بعد سے سرکاری سطح پر ہواوے کی مصنوعات کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی تھی تاہم ایک سرکاری عہدیدار کا کہنا ہے کہ وفاقی کنٹریکٹرز چینی کمپنی کو چھوڑنے کے لیے تیار نہیں۔

    وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے مینیجمنٹ اور بجٹ کے دفتر کے نگراں ڈائریکٹر رسل ٹی وو نے ہواوے پر مکمل پابندی عائد کیے جانے سے قبل کمپنی کو 2 سال کا وقت دینے کی درخواست کی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق انہوں نے 4 جون کو نائب صدر مائیک پینس اور کانگریس کے 9 اراکین کو خط لکھا تھا اور کہا تھا کہ پابندی سے حکومت کو اشیا فراہم کرنے والی کمپنیوں میں بھی کمی سامنے آئے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں ہواوے کی ٹیکنالوجی استعمال کرنے والی کمپنیاں جنہیں وفاق گرانٹ اور لونز فراہم کرتا ہے، پر بھی اثر پڑے گا۔

    دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کی یہ درخواست ہواوے کو امریکا میں کاروبار کرنے کی اجازت نہ دینے کی پالیسی کے خلاف نہیں جائے گی۔

    یاد رہے کہ امریکا چینی کمپنی ہواوے کو بلیک لسٹ کرچکا ہے، بعد ازاں ہواوے نے امریکی انتظامیہ کی جانب سے کمپنی کو بلیک لسٹ کیے جانے کے فیصلے کو امریکی عدالت میں چیلنج کرتے ہوئے قانونی جنگ کو تیز کردیا ہے۔

    امریکا نے چین کے ساتھ ٹریڈ وار ختم کرنے کا اشارہ دے دیا

    ہواوے کی جانب سے ٹیکساس کی ڈسٹرکٹ عدالت میں مقدمہ دائر کیا گیا ہے اور کمپنی نے اس میں زور دیا ہے کہ نیشنل ڈیفنس اتھارائزیشن ایکٹ امریکی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    واضح رہے ہواوے اس وقت دنیا کی سب سے بڑی ٹیلی کمیونیکشنز نیٹ ورکنگ آلات سپلائی کرنے والی جبکہ دنیا کی دوسری بڑی اسمارٹ فون کمپنی ہے جو کہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ میں اہم ترین بن گئی ہے۔

  • اسکول کی فیس کیوں نہیں دی؟ استاد نے طالبعلم کے بازو پر ٹھپّا لگا دیا

    اسکول کی فیس کیوں نہیں دی؟ استاد نے طالبعلم کے بازو پر ٹھپّا لگا دیا

    نئی دہلی : لدھانیا میں نجی اسکول میں فیس کی عدم ادائیگی پر استاد کے ذلت آمیز رویّے کے بعد طالب علم نے اسکول جانے سے انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی صوبہ پنجاب میں ایک سکول نے فیس نہ دینے پر طالب علم کے بازو پر ادائیگی نہ کرنے سے متعلق مہر لگا دی، جس کے بعد حکام نے اس واقعے پر تحقیق شروع کر دی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 13 سالہ لڑکے کے خاندان کا کہنا ہے کہ اس ’ذلت آمیز‘ واقعے کے بعد اس نے سکول جانے سے انکار کر دیا ہے۔

    لدھانیا میں اس نجی سکول کے پرنسپل نے یہ واقعہ تسلیم کیا، لیکن ان کا کہنا ہے کہ بچے کے بازو پر ٹھپہ صرف اس لیے لگایا گیا تھا کیونکہ وہ ’اپنی نوٹ بُک بھول گیا تھا۔

    انھوں نے کہا حالانکہ ٹھپہ دھویا جا سکتا ہے، استاد کا یہ عمل پھر بھی غلط تھا، سکول کا کہنا ہے کہ طالب علم کے خاندان نے متعدد بار یاد دہانی کے باوجود دو مہینے سے فیس نہیں بھری تھی۔

    دوسری جانب خاندان کے مطابق یہ واقعہ نامناسب تھا، لڑکے کے والد خود رکشا چلاتے ہیں۔ انھوں نے بی بی سی پنجابی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیس مانگنے کا کوئی طریقہ نہیں ہے۔

    ان کے مطابق انھوں نے اسکول سے فیس بھرنے کے لیے وقت بھی مانگا تھا لیکن اب ان کا پورا خاندان شرمندگی محسوس کر رہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ضلع کے تعلیمی افسر سورنجیت کور نے کہا ہے کہ سکول نے بالکل غلط کیا اور انھوں نے اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنے کا عہد کیا۔

  • یورپی یونین اور برطانیہ بریگزٹ میں اکتوبر تک توسیع پر رضامند

    یورپی یونین اور برطانیہ بریگزٹ میں اکتوبر تک توسیع پر رضامند

    لندن: یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان بریگزٹ سے متعلق طویل مدتی توسیع پراتفاق ہوگیا، یورپین کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے کہا ہے کہ دونوں فریقوں نے 31 اکتوبر تک بریگزٹ میں لچک دار توسیع پر اتفاق کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کا یورپی یونین سے انخلاء سے کی تاریخ میں توسیع کےلیے برسلز میں مسلسل 5 گھنٹے تک یورپی سربراہوں کا اجلاس جاری رہا، ڈونلڈ ٹسک کا کہنا ہے کہ ’میرا پیغام برطانوی دوستوں کیلئے ہے کہ برائے مہربانی اس بار وقت ضائع مت کیجیئے گا‘۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹسک کا مزید کہنا تھا کہ برطانیہ اپنی حکمت عملی پر نظر ثانی کرے یا بریگزٹ اور آرٹیکل پچاس کو ایک ساتھ منسوخ کردے۔

    برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے کہا کہ برطانیہ کا ابھی بھی مقصد جلد از جلد یورپی یونین سے انخلاء ہے۔

    اس سے قبل برطانوی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ برطانیہ،یورپی یونین سے انخلاء کی تاریخ میں 03 جون تک توسیع چاہتا ہے۔

    اس حوالے سے شمالی آئرلینڈ کے وزیراعظم لیو واراڈکرکا کہنا تھا کہ برطانیہ لازمی طور پر مئی میں یورپی یونین کے انتخابات منعقد کرائے یا یکم جون کو بغیر معاہدے کے یورپی یونین سے نکل جائے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم تھریسامے کی جانب سے بریگزٹ کےلیے معاہدے کے تیار کردہ مسودے کو برطانوی اراکین پارلیمنٹ تین مرتبہ مسترد کرچکے ہیں، مذکورہ معاہدے پر یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان نومبر 2018 میں اتفاق ہوگیا تھا۔

    بریگزٹ ڈیل: برطانوی وزیراعظم آج اہم ملاقاتیں کریں گی

    یاد رہے کہ ملکی ارکان پارلیمنٹ یورپی یونین سے ڈیل کے ذریعے علیحدگی اختیار کرنا چاہتے ہیں جبکہ یورپی ممالک کی جانب سے برطانیہ کو عندیہ دیا گیا تھا کہ اگر 12 اپریل تک بریگزٹ معاہدہ منظور ہوگیا تو ٹھیک ورنہ برطانیہ کو بغیر ڈیل کے یورپی یونین سے علیحدہ ہونا پڑے گا۔

    واضح رہے کہ برطانیہ کو 2016 کے ریفرنڈم کے مطابق 29 مارچ کو یورپی یونین سے علیحدہ ہونا تھا تاہم ہاؤس آف کامنز کی جانب سے متعدد مرتبہ بریگزٹ معاہدے کی منسوخی کے باعث بریگزٹ میں 12 اپریل توسیع کی گئی تھی۔