Tag: Delhi

  • دہلی میں گرمی کا 6 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 11 ہلاک

    دہلی میں گرمی کا 6 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 11 ہلاک

    نئی دہلی: بھارت میں گرمی کی شدید لہر چل رہی ہے، دارالحکومت دہلی میں گرمی کا 6 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی دہلی میں ہیٹ اسٹروک سے 11 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جب کہ ریاست اتر پردیش میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران گرمی کی لہر نہایت جان لیوا ثابت ہوئی ہے، جس کے باعث 81 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    ٹائمز آف انڈیا کے مطابق گرمی کی لہریں مہلک ہوتی جا رہی ہیں، بھارت میں مارچ سے اب تک ہیٹ اسٹروک سے 100 سے زیادہ اموات اور 40,000 کیسز ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔

    ہیٹ اسٹروک کے شکار مریضوں میں خواتین سمیت معمر افراد کی زیادہ تعداد ریکارڈ کی گئی ہے، دوسری طرف ریاست آسام میں شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے، جس سے 108 دیہات زیر آب آ گئے ہیں، جس سے مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 37 تک پہنچ گئی ہے جب کہ 4 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

    آسام میں 1300 ایکڑ سے زائد رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں، سیلاب کے باعث 5 ہزار سے زیادہ لوگوں کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • باپ نے بیٹی کو کھیت میں لے جا کر قتل کر دیا

    باپ نے بیٹی کو کھیت میں لے جا کر قتل کر دیا

    دہلی: بھارتی دارالحکومت میں ایک شخص نے اپنی بیٹی کو کھیت میں لے جا کر قتل کر دیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی پولیس نے اتوار کو ایک شخص کو اپنی بیٹی کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا ہے، بیٹی کی خون میں لت پت لاش دہلی کے کانجھا والا علاقے کے ایک کھیت سے برآمد ہوئی تھی۔

    واقعے کے منظر عام پر آنے کے بعد مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی گئی، تحقیقات میں پتا چلا کہ خاتون کو ایک ٹیکسی میں کھیت میں لایا گیا تھا، پولیس نے شک کی بنیاد پر والد سے پوچھ گچھ کی تو اس نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔

    پولیس تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ شادی کے معاملے پر باپ بیٹی کے درمیان اکثر جھگڑے ہوتے رہتے تھے، پولیس کا کہنا ہے کہ باپ بیٹی کی شادی کرنا چاہتا تھا لیکن وہ مسلسل انکار کرتی رہی، دونوں میں اس بات پر کئی بار جھگڑے ہوئے۔

    جس ٹیکسی میں لڑکی کو کھیت لے جایا گیا تھا، پولیس کو اس کیب ڈرائیور نے بتایا کہ وہ نریلا سے ایک مرد اور ایک 25 سالہ لڑکی کو اپنے ساتھ لایا تھا، اس نے خود بھی شراب پی اور اسے بھی پلائی۔

    ایک سنسان جگہ پر ٹیکسی روکنے کے بعد لڑکی کے باپ نے کہا کہ وہ لڑکی کو مارنے والا ہے، پولیس رپورٹ کے مطابق لڑکی کو اتوار کی رات گلا کاٹ کر قتل کیا گیا تھا۔

  • دہلی میں نئی وبا نے سر اُٹھا لیا، اسپتال مریضوں سے بھرنے لگے

    دہلی میں نئی وبا نے سر اُٹھا لیا، اسپتال مریضوں سے بھرنے لگے

    دہلی میں نئی وبا نے زور پکڑ لیا، اسپتال مریضوں سے بھرنے لگے، جس کے باعث صحت کے حکام تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دہلی میں ان دنوں پیٹ کی بیماریاں پھیل رہی ہیں، جسے اسٹومک فلو (پیٹ کا فلو) بھی کہا جا رہا ہے۔ زیادہ تر بچے اس بیماری کی زد میں آرہے ہیں۔

    یہ ایک عام بیماری ہے جو نورووائرس، روٹاوائرس اور انٹرووائرس سمیت مختلف وائرسز کے باعث ہوتی ہے، یہ وائرسز بہت زیادہ متعدی ہوتے ہیں اور آلودہ خوراک یا پانی، متاثرہ شخص کے قریبی رابطے یا ناقص صحت کی سہولیات کے ذریعے آسانی سے پھیل سکتے ہیں۔

    اگر کسی کو یہ فلو ہوا ہے اور آپ اس شخص کے رابطے میں آتے ہیں تو آپ کے بھی متاثر ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

    جن افراد کی قوت مدافعت کمزور ہوتی ہے ان میں بھی اس بیماری کا خطرہ زیادہ بڑھ جاتا ہے۔ اس بیماری کی اہم وجوہات میں سے پیٹ کا انفیکشن، خراب کھانا، آلودہ پانی پینے اور اسٹریٹ فوڈ و صفائی ستھرائی کا فقدان ہے۔

    اس بیماری کی علامات میں پیٹ درد، پیٹ کی خرابی، اسہال، قے اور دیگر کئی مسائل شامل ہیں۔ دراصل یہ نورو وائرس، انٹرو وائرس اور روٹا وائرس کی وجہ سے ہو سکتا ہے، لہذا اس صورت میں یہ ضروری ہے کہ اس کی علامات سے باخبر رہیں۔

    اس بیماری سے آنتوں میں سوجن آ جاتی ہے۔ پانی جیسا خونی اسہال بھی ہو سکتا ہے۔ درد اور متلی بھی اس کی علامات ہیں۔ اس کی ابتدائی علامات قے، بخار، جسم میں کمزوری، سر درد اور چکر کا آنا ہے۔

    پٹھوں کی خطرناک بیماری کیسے اور کیوں ہوتی ہے؟

    اس بیماری سے بچنے کی تدابیر میں سے کچھ یہ ہیں کہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دی جائے۔ الیکٹرولائٹ ڈرنک یا ادرک والے مشروب کا استعمال کیا جائے،قے کو روکنے کے لیے تھوڑی مقدار میں پانی بار بار پیتے رہیں۔

  • جی 20 اجلاس، مودی سرکار کا دہلی میں آوارہ کتوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن

    جی 20 اجلاس، مودی سرکار کا دہلی میں آوارہ کتوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن

    نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت میں آج سے منعقد ہونے والے جی 20 اجلاس کے سلسلے میں مودی سرکار کی جانب سے دہلی میں آوارہ کتوں کے خلاف بھی بڑا کریک ڈاؤن کیا گیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روئٹرز اور جانوروں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والے کارکنوں کا کہنا ہے کہ دہلی کی سڑکوں پر گھومنے والے سیکڑوں آوارہ کتوں کو حکام نے پکڑ کر پناہ گاہوں میں منتقل کر دیا ہے۔

    اس سے قبل دہلی حکام نے بندروں کو بھی عوامی مقامات سے ڈرا کر بھگانے کے لیے لنگوروں کی کٹ آؤٹ تصاویر لگا دیے تھے، اور یہی نہیں، حکام نے شہر میں کئی کچی آبادیوں کا بھی بے دردی سے خاتمہ کر دیا تھا۔

    میونسپل کارپوریشن آف دہلی نے آوارہ کتے ہٹانے کے عمل کو جی ٹوئنٹی اجلاس سے نہیں جوڑا، اور عجیب مؤقف ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کتوں کو ’’صرف فوری ضرورت کے تحت‘‘ اٹھایا جا رہا ہے۔ تاہم دوسری طرف روئٹرز کے مطابق کتوں کی پکڑ دھکڑ کے لیے جن ایمبولینسوں کا استعمال کیا گیا ان پر ’’آن ڈیوٹی G-20‘‘ کے بورڈ آویزاں تھے۔

    نئی دہلی میں جی 20 اجلاس، بھارتی صحافی اروندتی رائے برس پڑیں

    واضح رہے کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دہلی میں 60 ہزار سے زیادہ آوارہ کتے موجود ہیں، میونسپل کارپوریشن نے اگست میں آوارہ کتوں کو G-20 سربراہی اجلاس کے پیش نظر نمایاں مقامات کے آس پاس سے ہٹانے کا حکم جاری کیا تھا، لیکن پھر رد عمل کے باعث دو دن بعد ہی یہ ہدایات واپس لے لی گئی تھیں۔

  • بھارتی مسافر نے لندن جانے والی پرواز میں خواتین کو زخمی کر دیا

    بھارتی مسافر نے لندن جانے والی پرواز میں خواتین کو زخمی کر دیا

    نئی دہلی: لندن جانے والی ایئر انڈیا کی ایک فلائٹ میں ایک مسافر نے ہنگامہ کر کے عملے کی دو خواتین کو زخمی کر دیا، جس پر پرواز دہلی واپس اتاری گئی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کی صبح لندن جانے والی فلائٹ میں ایک بدتمیز مرد مسافر نے ایئر انڈیا کے عملے کی دو خواتین کو زد و کوب کیا، جس پر پائلٹ نے ٹیک آف کے تقریباً 15 منٹ بعد دہلی واپس جانے کا فیصلہ کر لیا۔

    بد تمیز مسافر نے عملے کی ایک خاتون رکن کو ضرب لگائی اور دوسری خاتون کو اس کے بالوں سے کھینچ لیا، بے قابو مسافروں کے واقعات کے سلسلے میں یہ تازہ ترین واقعہ تھا۔

    ایئر انڈیا نے ایک بیان میں کہا کہ مسافر نے زبانی اور تحریری انتباہات پر دھیان نہیں دیا اور کیبن کریو کے دو ارکان کو جسمانی نقصان سمیت غیر اخلاقی رویہ جاری رکھا، جس پر پائلٹ ان کمانڈ نے دہلی واپس آنے کا فیصلہ کیا اور مسافر کو لینڈنگ پر سیکیورٹی اہل کاروں کے حوالے کر دیا گیا۔

    ایئر انڈیا نے جہاز میں موجود تمام افراد کی حفاظت، سلامتی اور وقار کو اہم قرار دیا اور کہا کہ ایئر لائن متاثرہ عملے کے ارکان کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔ پرواز کو پیر کی سہ پہر لندن کے لیے روانہ ہونے کے لیے دوبارہ شیڈول کیا گیا۔

    واضح رہے کہ بدتمیز مسافروں کے واقعات کے سلسلے میں یہ تازہ ترین واقعہ تھا۔ شنکر مشرا نے مسافر نے نشے کی حالت میں ٹاٹا گروپ کی ملکیت والی ایئر انڈیا کی 26 نومبر کو نیویارک اور نئی دہلی پرواز میں ایک خاتون ساتھی مسافر پر پیشاب کر دیا تھا۔

  • دلی حکومت نے برطانوی ہائی کمیشن کے سامنے پبلک ٹوائلٹ تعمیر کرنے کا اعلان کیوں کیا؟

    دلی حکومت نے برطانوی ہائی کمیشن کے سامنے پبلک ٹوائلٹ تعمیر کرنے کا اعلان کیوں کیا؟

    نئی دہلی: دلی حکومت نے برٹش ہائی کمیشن کے سامنے پبلک ٹوائلٹس تعمیر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دلی حکومت کی طرف سے برٹش ہائی کمیشن دلی کے سامنے پبلک ٹوائلٹس تعمیر کرنے کا اعلان سامنے آیا ہے، معلوم ہوا ہے کہ یہ اعلان سکھوں کے اقدام کے جواب میں کیا گیا ہے۔

    مقامی حکام نے دہلی میں برطانوی ہائی کمشنر کی رہائش گاہ کے قریب مینا باغ کے مقام پر عوامی بیت الخلا کی تعمیر کو ضروری قرار دے دیا ہے۔ تاہم دوسری جانب برطانیہ کی حکومت نے سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے اس فیصلے پر اعتراض اٹھا دیا ہے۔

    سکھوں نے لندن میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے ٹوائلٹس لگا دیے ہیں، جس کا مقصد خالصتان کے حوالے سے احتجاج ریکارڈ کرانا ہے۔ دل خالصہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آزاد وطن کے قیام تک جمہوری راستے اختیار کرتے ہوئے احتجاج جاری رکھیں گے۔

    واضح رہے کہ بھارت نے حال ہی میں برطانوی ہائی کمیشن اور برطانوی ہائی کمشنر کی رہائش گاہ سے بیرونی سیکیورٹی ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا، اور اسے لندن میں سکھوں کے بھارتی ہائی کمیشن پر حملے کا رد عمل سمجھا گیا۔

  • دہلی: لڑکی کے سر عام اغوا کی ویڈیو وائرل

    دہلی: لڑکی کے سر عام اغوا کی ویڈیو وائرل

    نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت میں ایک لڑکی کو سڑک سے سر عام اغوا کر لیا گیا، اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی کے علاقے منگول پوری میں تین افراد نے ایک لڑکی کو کار میں اغوا کر لیا، وائرل ویڈیو میں ایک شخص کو لڑکی کو گھسیٹتے ہوئے اور گاڑی میں دھکیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    ایک راہ گیر نے اس منظر کو اپنے کیمرے میں ریکارڈ کر لیا، جس کی ویڈیو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لڑکا لڑکی کو زبردستی کار کے اندر دھکیل رہا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق کار پر ہریانہ نمبر پلیٹ تھی اور یہ ایک پرائیویٹ کیب تھی۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ہریندر کمار سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ یہ ویڈیو ہفتہ کی رات ان کے نوٹس میں آئی اور انھوں نے اسے سنجیدگی سے لیا ہے۔

    پولیس ڈپٹی کمشنر کے مطابق گاڑی اور ڈرائیور کا سراغ لگا لیا گیا ہے، دو لڑکوں اور ایک لڑکی نے روہنی سے وکاس پوری جانے کے لیے اوبر کے ذریعے گاڑی بک کرائی تھی۔ راستے میں ان کے درمیان جھگڑا ہوا۔

    پولیس نے معاملے کی تحقیقات کے لیے کئی ٹیمیں تشکیل دی ہیں، ٹیکسی کے مالک کی شناخت گڑگاؤں کے رہائشی کے طور پر ہوئی ہے اور وہاں بھی ایک ٹیم بھیجی گئی ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

  • 4 منزلہ عمارت خوفناک دھماکے کے ساتھ زمین بوس، ہولناک ویڈیو

    4 منزلہ عمارت خوفناک دھماکے کے ساتھ زمین بوس، ہولناک ویڈیو

    نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک خستہ حال عمارت اچانک زمین بوس ہوگئی، واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 4 منزلہ عمارت سے آوازیں آرہی ہیں اور راہ چلتے افراد عمارت سے دور ہٹ رہے ہیں۔

    اس کے بعد اچانک عمارت زمین بوس ہوجاتی ہے۔

    پولیس کے مطابق مذکورہ عمارت اپنی خستہ حالی کی وجہ سے پہلے ہی خالی کردی گئی تھی لہٰذا واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    موقع کے وقت وہاں موجود راہ گیر بھی خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔

  • بھارت: تحریک نے نئی انگڑائی لے لی، کسانوں کا سمندر دہلی میں داخل

    بھارت: تحریک نے نئی انگڑائی لے لی، کسانوں کا سمندر دہلی میں داخل

    دہلی: بھارت میں کسان تحریک نے نئی انگڑائی لے لی، کسانوں کا سمندر دہلی میں داخل ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مودی حکومت نے کسانوں کے ساتھ کیے وعدے پورے نہیں کیے، جس پر انھوں نے اپنی تحریک پھر سے زندہ کر دی اور ہزاروں کی تعداد میں کسان رکاوٹیں توڑتے ہوئے دہلی میں داخل ہو گئے۔

    برطانوی خبررساں ادارے روئٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ بھارت میں کسانوں نے ایک بار پھر احتجاج شروع کر دیا ہے اور رکاوٹیں توڑتے ہوئے دارالحکومت دہلی میں داخل ہو گئے ہیں۔

    کسانوں نے حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے جا رہے۔

    رپورٹ کے مطابق پیر کو ہزاروں کی تعداد میں ملک کے مختلف حصوں سے کسان دارالحکومت کے قریب جمع ہوئے اور پھر مل کر شہر میں داخل ہوئے، حکومت نے کسانوں کی ممکنہ آمد کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کر رکھے تھے تاہم وہ کسانوں کو داخل ہونے سے نہ روک سکے۔

    کسانوں نے جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف نعرے لگا رہے تھے اور پنڈال کی طرف بڑھتے ہوئے راستے میں آنے والی رکاوٹیں توڑ دیں۔

    خیال رہے کہ ایک سال تک جاری رہنے والے کسانوں کے پچھلے احتجاج کے بعد حکومت نے ان سے مذاکرات کیے تھے اور ان کے بیش تر مطالبات مان لیے تھے، جس کے بعد کسانوں نے احتجاج ختم کر دیا تھا تاہم 8 ماہ بعد کسانوں نے وعدے نہ پورے کرنے کا الزام لگاتے ہوئے احتجاج پھر شروع کر دیا ہے۔

    احتجاج کا اہتمام کرنے والی تنظیم سمیوک کسان مورچہ کی جانب سے حکومت سے جو مطالبات کیے جا رہے ہیں ان میں کہا گیا ہے کہ حکومت تمام پیداواروں کے لیے کم سے کم امدادی قیمت کی ضمانت دے، اور کسانوں کے قرضے معاف کیے جائیں۔

  • شرعی مسائل کا حل، دہلی وقف بورڈ نے بڑا قدم اٹھالیا

    شرعی مسائل کا حل، دہلی وقف بورڈ نے بڑا قدم اٹھالیا

    نئی دہلی: بھارت میں شرعی مسائل کے فوری حل کے لیے دہلی وقف بورڈ کا بڑا اقدام سامنے آیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق دہلی وقف بورڈ میں قائم شعبہ دارالافتاء کی جانب سے شرعی مسائل کے فوری حل کے لیے دو مفتیان کرام کے موبائل نمبر جاری کیے گئے ہیں جس کے ذریعے روز مرہ کی زندگی میں پیش آنے والے مسائل کے حل کے لیے مفتیان کرام بات کرسکتے ہیں۔

    عوام روز مرہ کے دینی مسائل میں فوری رہنمائی کے لیے ہفتہ میں کسی بھی دن عصر سے مغرب کے درمیان مفتیان کرام کے موبائل نمبر پر فون کرکے رابطہ کرسکتے ہیں اور روز مرہ کی زندگی میں پیش آنے والے مسائل جیسے طہارت، نماز، عبادات وغیرہ سے متعلق مفتیان کرام سے شرعی واقفیت حاصل کر سکتے ہیں۔

    وقف بورڈ آفس کی جانب سے صدر شعبہ افتاء مفتی ذکاوت حسین قاسمی کا موبائل نمبر 9891541754 اور مفتی طیب قاسمی کا موبائل نمبر 9015799135 جاری کیا گیا ہے۔

    پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ جن مسائل میں تحریری یا دستاویزی جوابات کی ضرورت ہو تو اس کے لیے دفتر وقف بورڈ کی جانب سے جاری کی گئی، ای میل آئی ڈی [email protected]) پر تحریری سوالات بھیج کر یا ڈاک کے ذریعہ یا بذات خود وقف بورڈ میں پیر، بدھ اور جمعہ کے دن 3 سے 5 بجے کے درمیان مفتیان کرام سے ملاقات کرکے تفصیلی جواب حاصل کرسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ چیئرمین امانت اللہ خان نے علماء اور ملت کے معزز افراد کے مطالبہ اور مشورہ پر دفتر وقف بورڈ دریا گنج میں باقاعدہ شعبہ دارالافتاء کا قیام کیا تھا جس میں 2021 سے باقاعدہ خدمات انجام دیا جارہا ہے جس کے لیے دو تربیت یافتہ مفتیان اور اسلامی اسکالرز کا انتظام کیا گیا ہے۔