Tag: Delimitation

  • پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے لیے بھارتی حد بندی کمیشن کی رپورٹ مسترد کردی

    پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے لیے بھارتی حد بندی کمیشن کی رپورٹ مسترد کردی

    اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لیے بھارتی حد بندی کمیشن کی رپورٹ مسترد کردی، وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب بدلنا سلامتی کونسل کی قراردادوں سے متصادم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے لیے بھارتی حد بندی کمیشن کی رپورٹ مسترد کردی، اس سلسلے میں اسلام آباد میں تعینات بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا ہے۔

    دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو پاکستان کی جانب سے رپورٹ مسترد کیے جانےسے آگاہ کیا، دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ رپورٹ کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی آبادی کو بے اختیار کرنا ہے۔

    دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کی جانب سے کی گئی پوری مشق مضحکہ خیز ہے، رپورٹ بھارت کے 5 اگست کے غیر قانونی اقدامات کو جائز قرار دینے کی سازش ہے۔

    دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ جموں کشمیر کا تنازعہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے۔

    دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کی سیاسی جماعتوں کے کراس سیکشن نے پہلے ہی رپورٹ مسترد کردی ہے، مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب بدلنا سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون سے متصادم ہے۔

  • سندھ میں یونین کونسل، یونین کمیٹی اور وارڈز کی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری

    سندھ میں یونین کونسل، یونین کمیٹی اور وارڈز کی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری

    اسلام آباد: صوبہ سندھ میں یونین کونسل، یونین کمیٹی اور وارڈز کی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کردیا گیا، 24 مارچ 2022 کو یونین کونسل اور وارڈز کی حتمی حلقہ بندیاں شائع ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں یونین کونسل، یونین کمیٹی اور وارڈز کی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کردیا گیا، یونین کونسل اور وارڈز کی حلقہ بندیاں 24 مارچ 2022 تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 31 دسمبر سے 14 جنوری تک انتظامات مکمل کیے جائیں گے، 17 جنوری سے 15 فروری تک حلقہ بندی کمیٹی ابتدائی فہرست مکمل کرے گی۔

    شیڈول کے مطابق 16 فروری 2022 کو یونین کونسل اور وارڈز کی حلقہ بندیاں شائع ہوں گی، 17 فروری سے 4 مارچ تک ووٹر حلقہ بندی کمیٹی کو اعتراضات جمع کروائیں گے، 21 مارچ تک حلقہ بندیوں سے متعلق اعتراضات دور کیے جائیں گے۔

    24 مارچ 2022 کو یونین کونسل اور وارڈز کی حتمی حلقہ بندیاں شائع ہوں گی۔