Tag: Delivery Driver

  • ڈیلیوری رائیڈر 2 ہزار روپے ٹپ لے کر بھی ناراض

    ڈیلیوری رائیڈر 2 ہزار روپے ٹپ لے کر بھی ناراض

    کسی کو سروس فراہم کرنے کے لیے ٹپ دینا ان کی حوصلہ افزائی کرنا اور بہترین کام کے لیے شکریے کا اظہار ہے، تاہم یہ ادائیگی کا لازمی حصہ نہیں ہے۔

    امریکا میں البتہ ٹپ کلچر خاصی اہمیت رکھتا ہے اور ہر جگہ ہی ٹپ دینا معمول ہے، تاہم ایسے واقعات بھی پیش آتے ہیں جب ملازمین کم ٹپ دینے پر باقاعدہ ناراضگی کا اظہار کرتے ہیں۔

    امریکی شہر نیویارک میں ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا جب کھانے کی ڈلیوری کرنے والی خاتون اچھی خاصی ٹپ کو کم قرار دے کر آرڈر کیا ہوا کھانا واپس لے کر چلی گئیں اور کسٹمر ہکا بکا رہ گیا۔

    ویڈیو میں، جو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے، دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈور ڈیش نامی فوڈ سروس کمپنی کی خاتون رائیڈر کھانے کی ڈلیوری دینے پہنچیں۔

    گھر کے مالک نے انہیں کھانا دروازے پر رکھ کر جانے کا کہا لیکن خاتون نے سیکیورٹی کیمرے کے ذریعے انہیں کہا کہ وہ ان سے کچھ بات کرنا چاہتی ہیں۔

    مالک نے پوچھا کہ وہ کیا چاہتی ہیں جس پر خاتون رائیڈر نے کہا کہ انہیں یہاں تک آنے میں 40 منٹس لگے ہیں، شاید آپ کو اس فاصلے اور محنت کا اندازہ نہیں اور آپ نے جو دیا ہے وہ بہت کم ہے۔

    مالک کے دریافت کرنے پر انہوں نے نے مزید کہا کہ انہیں 8 ڈالرز (22 سو پاکستانی روپے) کی ٹپ دی گئی ہے جو ان کی محنت کے لیے ناکافی ہے۔

    مالک نے رکھائی سے جواب دیا کہ انہیں مزید کیا چاہیئے جس پر خاتون نے کہا کہ وہ کھانا واپس لے کر جارہی ہیں اور اس کے بعد جواب کا انتظار کیے بغیر وہ کھانا اٹھا کر واپس چلی گئیں۔

    گاہک ان کی اس حرکت پر ہکا بکا رہ گیا، ویڈیو میں ان کی اور ایک خاتون کی حیرت زدہ بات چیت سنائی دیتی ہیں۔

    سوشل میڈیا پر لوگوں نے مکمل طور پر اس گاہک کی حمایت کی۔

    لوگوں کا کہنا تھا کہ 8 ڈالر اچھی خاصی ٹپ ہے، اگر رائیڈر کو زیادہ ہی رقم کی ضرورت تھی تو انہیں ٹپ پر انحصار کرنے کے بجائے کوئی دوسرا کام کرنا چاہیئے۔

    ایک اور صارف نے کہا کہ رائیڈر کو پتہ نہیں کہ کمپنی گاہک سے معذرت کرے گی، اس کی پوری رقم اور ٹپ واپس کرے گی اور ہوسکتا ہے ہرجانے کے طور پر اسے اضافی رقم یا اس کی پسند کا کھانا بھی بھجوا دے۔

    ایک اور صارف نے کہا کہ مجھے ایسے سرپھرے رائیڈرز اور ملازمین کی برطرفی کی خبریں سن کر بے حد خوشی ہوتی ہے۔

  • آسمان پر اڑنے والی جادوئی جھاڑو دکھائی دے گئی

    آسمان پر اڑنے والی جادوئی جھاڑو دکھائی دے گئی

    امریکا میں ایک ڈیلیوری ڈرائیور نے آسمان پر ایک عجیب و غریب شے دیکھی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، ویڈیو میں آسمان پر ایک اڑتی ہوئی جھاڑو نمایاں ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں ایک ڈیلیوری ڈرائیور جو اپنی ڈیوٹی پر ہے کہتا دکھائی دیتا ہے کہ میں نے آسمان پر ایک عجیب و غریب شے دیکھی ہے۔

    اس کے بعد وہ کیمرے کا رخ تبدیل کرتا ہے اور آسمان پر اڑتی ایک جھاڑو دکھاتا ہے، جھاڑو بالکل ویسی ہے جو جادوئی فلموں میں دکھائی جاتی ہے جس پر کوئی شخص سواری کر رہا ہوتا ہے۔

    ڈرائیور کا کہنا ہے کہ اس جھاڑو کے ساتھ کہیں سے کوئی تار منسلک نہیں ہے اور یہ ہوا میں معلق ہے، تاہم کبھی کبھار حرکت کرتی بھی دکھائی دے رہی ہے۔

    مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، بعض افراد نے اسے مشہور فلم ہیری پوٹر میں دکھائی جانے والی صورتحال سے مشابہہ قرار دیا، ایک صارف نے کمنٹ کیا کہ اس جھاڑو پر ہیری پوٹر اپنی سلیمانی چادر پہنے سوار ہے اور کسی کو دکھائی نہیں دے رہا۔

  • پیکج ڈیلیوری کرنے والی خاتون پیکج چرا کر فرار

    پیکج ڈیلیوری کرنے والی خاتون پیکج چرا کر فرار

    امریکا میں پیکجز ڈیلیوری کرنے والی ایک خاتون ڈرائیور کی نیت بدل گئی اور وہ پیکج لے اڑیں، پولیس نے ایسے اچکوں سے خبردار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست لوزیانا میں پیش آیا جہاں وال مارٹ کی ایک خاتون ڈیلیوری ڈرائیور ایک گھر پر پیکج ڈیلیور کرنے کے لیے پہنچیں۔

    گھر کے پورچ میں پہنچ کر انہوں نے پیکج کی ایک تصویر کھینچی اور خریدار کو بھیج کر کہا کہ ان کا پیکج ڈیلیور ہوچکا ہے۔

    اس کے بعد پیکج واپس گاڑی میں ڈالا اور وہاں سے روانہ ہوگئیں۔

    انتھونی بورل نامی خریدار کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس پیکج میں اپنے پوتے پوتیوں کے لیے کرسمس کے تحائف منگوائے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیلیوری ڈرائیور کو علم نہیں تھا کہ اس کی یہ حرکت پورچ میں لگے کیمرے میں ریکارڈ ہوچکی ہے۔

    دوسری جانب مقامی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ آن لائن شاپنگ میں اضافے کی وجہ سے چور اچکوں نے اب گھروں کے پورچ سے پارسلز چرانا شروع کردیے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے افراد گاڑیوں میں گھومتے رہتے ہیں اور جیسے ہی انہیں کوئی پیکج ڈیلیور ہوتا دکھائی دیتا ہے وہ وہاں پہنچ کر اسے چرا لیتے ہیں۔

    پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چند ہدایتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ اپنے پیکجز کو محفوظ رکھ کر کرسمس کو خراب ہونے سے بچا سکتے ہیں۔

    اپنا پیکج دفتر کے پتے پر منگوائیں تاکہ گھر سے آپ کی غیر موجودگی میں وہ غائب نہ ہو، یا پھر کسی ایسے جاننے والے کے گھر پر منگوائیں جو ہر وقت گھر پر موجود ہو۔

    آن لائن شاپنگ کرنے کے بعد کیریئر کو ہدایت کردی جائے کہ اگر اسے گھر پر کوئی نہ ملے تو وہ پارسل کی ڈیلیوری نہ کرے۔

  • پارسل چرانے پر ڈاکیے نے بے زبان لومڑی کو ہاکی اسٹک سے پیٹ ڈالا

    پارسل چرانے پر ڈاکیے نے بے زبان لومڑی کو ہاکی اسٹک سے پیٹ ڈالا

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے صارفین میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی جس میں ایک ڈلیوری بوائے پارسل سے چھیڑ چھاڑ کرنے پر ایک معصوم بے زبان لومڑی کو بری طرح تشدد کا نشانہ بناتا ہے۔

    یہ پریشان کن ویڈیو لندن کی معلوم ہوتی ہے، ویڈیو میں دو افراد معلوم موجود ہوتے ہیں جن میں سے ایک ویڈیو بنا رہا ہے۔

    دونوں افراد ایک کوریئر وین کے ساتھ موجود ہیں جس کا دروازہ کھلنے پر کچھ پارسلز گاڑی سے باہر آ گرے ہیں، اور اسی وقت ایک لومڑی کہیں سے ان پارسلز کے قریب آجاتی ہے۔

    اپنے پارسلز کے قریب لومڑی کو دیکھ کر دونوں افراد پریشانی کا شکار ہیں اور اسے ڈرا کر بھگانے کی کوشش کرتے ہیں تاہم لومڑی اپنے ساتھ ایک پارسل لے جانے میں کامیاب رہتی ہے۔

    لیکن چند قدم چل کر ہی پارسل اس کے منہ سے چھوٹ کر گر پڑتا ہے، اس دوران وین ڈرائیور اس کے سر پر پہنچ جاتا ہے اور ہاکی اسٹک سے اس پر زور دار وار کرتا ہے۔

    ڈرائیور کی اس وحشیانہ حرکت سے معصوم بے زبان لومڑی بری طرح قلابازی کھاتی اور زخمی ہوتی دکھائی دیتی ہے۔

    یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی جس کے بعد صارفین نے ویڈیو میں موجود افراد کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور شدید غصے کا اظہار کیا۔

    خیال رہے کہ برطانیہ میں لومڑیوں کی آبادی میں اضافہ ہوچکا ہے اور ایک تحقیق کے مطابق برطانیہ کے شہروں میں، جنگلوں سے زیادہ لومڑیاں موجود ہیں۔

    اس کی وجہ خوراک کی عدم دستیابی ہے، خوراک کی تلاش میں لومڑیاں شہروں اور مصروف سڑکوں پر آجاتی ہیں اور مختلف حادثات کا شکار ہوجاتی ہیں۔