Tag: demand

  • آئی ایم ایف کا پاکستان سے اگلا مطالبہ کیا ہوگا؟

    آئی ایم ایف کا پاکستان سے اگلا مطالبہ کیا ہوگا؟

    اسلام آباد : عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان جائزہ مذاکرات کا اگلا دور کل سے شروع ہوگا جس میں امکان ہے کہ ادارے کی جانب سے بڑا مطالبہ بھی کیا جاسکتا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ایف بی آر، وزارت خزانہ، اسٹیٹ بنک سے پالیسی سطح کے مذاکرات کل بروز پیر سے شروع ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف اپنے مطالبات اور سفارشات سے پاکستانی وفد کو آگاہ کرے گا، اس موقع پر آئی ایم  ایف کی جانب سے ڈومور کا بھی کہا جاسکتا ہے۔

    اس کے علاوہ آئی ایم ایف بیرونی فنانسنگ ضروریات سے متعلق سوالات اور، ٹیکس محصولات سے متعلق آئی ایم ایف مطالبات پیش کرسکتا ہے۔

    وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ فارن ایکسچینج ریٹ کے حوالے سےآئی ایم ایف کا نقطہ نظر سامنے آنے کا امکان ہے، پالیسی سطح کے مذاکرات15نومبر تک شیڈول ہیں۔

    پاکستان اور آئی ایم ایف کے تکنیکی سطح مذاکرات ختم ہوچکے ہیں، جس میں آئی ایم ایف کے ساتھ اقتصادی ڈیٹا شیئر کیا گیا، پاکستان پہلے جائزے کی کامیابی سے تکمیل کیلئے پرامید ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان پہلےجائزے کیلئےآئی ایم ایف کی تمام اہم شرائط پوری کرچکا ہے، پاک، آئی ایم ایف مذاکرات3ارب ڈالرز کے قلیل مدتی پروگرام کے تحت ہورہے ہیں، جائزے کی کامیابی پر پاکستان کو تقریباً70 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط ملے گی۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کو پہلی قسط کی مد میں ایک ارب20کروڑ ڈالر جولائی میں ملے تھے، آئی ایم ایف کے ساتھ6.5ارب ڈالرز کا گزشتہ پروگرام نامکمل ختم ہوگیا تھا، پروگرام30جون2023 کو ختم ہوا، تاہم پاکستان کو2.6ارب ڈالر نہیں مل سکے تھے۔

  • جنوبی افریقہ نے برطانوی شاہی خاندان سے اپنا ہیرا واپس دینے کا مطالبہ کردیا

    جنوبی افریقہ نے برطانوی شاہی خاندان سے اپنا ہیرا واپس دینے کا مطالبہ کردیا

    برطانیہ کے شاہ چارلس سوم اپنی تاج پوشی کے موقع پر جو تاریخی شاہی عصا تھامیں گے اس میں دنیا کا سب سے بڑا ہیرا جڑا ہوا ہے، اسٹار آف افریقہ کہلائے جانے والے اس ہیرے کو جنوبی افریقہ کے شہری واپس دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

    جنوبی افریقہ کے بعض شہری برطانیہ سے دنیا کے سب سے بڑے ہیرے کی واپسی کا مطالبہ کر رہے ہیں، اس ہیرے کو ’اسٹار آف افریقہ‘ کہا جاتا ہے جو شاہی عصا میں جڑا ہوا ہے۔

    شاہ چارلس سوم ہفتے کے روز ہونے والی تاج پوشی کی تقریب میں یہ شاہی عصا تھامیں گے۔

    اس ہیرے کا وزن 530 قیراط ہے، یہ 1905 میں جنوبی افریقہ میں دریافت ہوا تھا اور برطانیہ کے شاہی خاندان کو نو آبادیاتی حکومت نے پیش کیا تھا، اس وقت جنوبی افریقہ برطانیہ کی حکمرانی کے زیر تسلط تھا۔

    ایسے وقت میں جب نو آبادیاتی دور میں چوری کیے گئے فن پارے اور نوادرات کی واپسی کے لیے عالمی سطح پر آوازیں اٹھ رہی ہیں، جنوبی افریقہ کے بعض شہری بھی ہیرے کی واپسی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

    جوہانسبرگ میں وکیل اور سماجی کارکن موتھوسی کمناگا نے ہیرے کی واپسی کے لیے ایک آن لائن پٹیشن کا آغاز کیا تھا، انہوں نے کہا کہ یہ ہیرا جنوبی افریقہ کو واپس کرنا چاہیئے، یہ ہمارے قومی افتخار، ورثے اور ثقافت کی علامت ہے۔

    ہیرے کی واپسی کے لیے اس آن لائن پٹیشن پر تقریباً 8 ہزار دستخط ہوئے ہیں۔

    یہ ہیرا کلینن ون کے نام سے جانا جاتا ہے، شاہی عصا میں موجود ہیرا کلینن ہیرے سے کاٹا گیا تھا جو تین ہزار 100 قیراط کا پتھر تھا۔ یہ ہیرا پریتوریا کے قریب دریافت ہوا تھا۔

    اس ہیرے کا ایک چھوٹا حصہ جو کلینن ٹو کے نام سے مشہور ہے، شاہی تاج میں جڑا ہے۔ یہ شاہی تاج برطانیہ کے بادشاہوں کے سر پر اہم مواقعوں پر دیکھا گیا ہے۔ شاہی نوادرات ٹاور آف لندن میں رکھے گئے ہیں۔

    کلینن ہیرے کی ایک مکمل نقل جو ایک آدمی کی مٹھی کے برابر ہے، کیپ ٹاؤن کے ڈائمنڈ میوزیم میں رکھا گیا ہے۔

  • گاندھی کے قاتل کی پذیرائی پر مبنی فلم، ریلیز پر پابندی کا مطالبہ

    گاندھی کے قاتل کی پذیرائی پر مبنی فلم، ریلیز پر پابندی کا مطالبہ

    نئی دہلی: آل انڈیا سنیما ورکرز ایسوسی ایشن نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے شارٹ فلم وائی آئی کلڈ گاندھی پر مکمل پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تنظیم نے وزیر اعظم کو ایک خط لکھ کر اس فلم پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے، کیونکہ اس میں مہاتما گاندھی کے قاتل نتھو رام گوڈسے کی تعریف کی گئی ہے۔

    خط میں لکھا گیا ہے کہ آل انڈین سینیما ورکرز ایسوسی ایشن مذکورہ فلم پر مکمل پابندی کا مطالبہ کرتی ہے، فلم 30 جنوری 2022 کو بھارت میں او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز ہونے جارہی ہے۔ فلم میں گاندھی کے غدار اور قاتل نتھورام گوڈسے کی تعریف کی گئی ہے۔

    خط کے مطابق گاندھی جی وہ شخصیت ہیں جن کی تعریف پورا ملک اور پوری دنیا کرتی ہے، گاندھی جی کا نظریہ ہر ہندوستانی کے لیے محبت اور قربانی کی علامت ہے۔

    ایسوسی ایشن کی جانب سے مزید کہا گیا کہ نتھو رام گوڈسے کسی عزت کے مستحق نہیں، اگر یہ فلم ریلیز ہوتی ہے تو پورا ملک حیرانی اور صدمے سے دوچار ہوگا۔

    خط میں لکھا گیا کہ وہ اداکار جس نے نتھورام گوڈسے کا کردار ادا کیا ہے، لوک سبھا میں موجودہ رکن پارلیمنٹ ہے، اگر یہ فلم ریلیز ہوتی ہے تو 30 جنوری 1948 کو ہونے والے گھناؤنے جرم کی نمائش سے پوری قوم شرمندہ ہوگی۔

    ایسوسی ایشن نے خط میں فلم پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    مذکورہ فلم سنہ 2017 میں بنائی گئی تھی جو اب 30 جنوری کو مہاتما گاندھی کی برسی کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

  • دنیا بھر میں سانپ کے زہر کی فروخت کیوں بڑھ گئی؟

    دنیا بھر میں سانپ کے زہر کی فروخت کیوں بڑھ گئی؟

    دنیا بھر میں سانپ کے زہر کی طلب اور فروخت میں اضافہ ہورہا ہے، اس زہر کو انسانی جان بچانے والی دواؤں میں استعمال کیا جاتا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سانپ کے زہر کی مانگ میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، زہریلے ناگ سانپ کے علاوہ دیگر 10 سانپوں کا زہر عالمی مارکیٹ میں اچھے داموں میں فروخت ہو رہا ہے۔ زہریلے سانپوں کے نکالے گئے زہر کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ میں فی لیٹر 40 لاکھ روپے ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے جنگلات میں سانپوں کو پکڑ کر ان سے زہر نکالا جارہا ہے، زہر نکالنے والوں کا تعلق قبائلی غریب گھرانوں سے ہے جو زندگی گزارنے کے لیے قیمتی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہوئے سانپوں کا زہر نکالنے پر مجبور ہیں۔

    زہر نکال کر فروخت کرنے والے غریب لوگوں کو معلوم ہی نہیں کہ زہر کتنے میں فروخت ہورہا ہے، اس سلسلے میں کچھ قبائلیوں سے بات کی گئی جنہوں نے بتایا کہ وہ لوگ زہریلے سانپوں کا پیچھا کرتے ہوئے ان کو پکڑ کر ان سے زہرنکالتے ہیں اور اس زہر کو جمع کرتے ہیں۔

    زیادہ مقدار میں زہر جمع ہونے پر ان سے رابطہ کرنے والے ایجنٹوں کو یہ زہر گھر کے لیے استعمال میں آنے والے سامان کے بدلے فروخت کرتے ہیں۔

    مقامی مارکیٹ میں سانپ کے زہر کی قیمت 40 لاکھ روپے فی لیٹر ہے جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت اس سے کہیں زیادہ ہے، سانپ کا زہر نکالنے والے قبائلیوں نے بتایا کہ وہ اس کام کے لیے زہریلے رینگنے والے سانپوں کو پال رہے ہیں۔ یہ رینگنے والے جانور 12 سے 30 انڈے دیتے ہیں اور تقریباً 2 ماہ میں ان انڈوں سے بچے نکلتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ دوسرے سانپوں کے مقابلے ان کو ناگ سانپ سے زیادہ چوکس رہنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ سانپ سے نکالے گئے زہر کو شیشے کی ایک چھوٹی سی بوتل میں ربر کے ڈھکن کے ساتھ محفوظ کیا جاتا ہے۔ بروکر زہر خریدتے وقت اس کے معیار کو جانچتے ہوئے زیادہ مقدار میں اس کو خریدتے ہیں۔ اس زہر کی خریداری کے وقت ایجنٹ ایک بڑا مرغ ساتھ لاتے ہیں اور اس پر ایک چھوٹا سا زخم لگاتے ہیں۔ سانپ کے زہر کو چاقو کی نوک کے زریعہ اس مرغ کے زخم پر لگایا جاتا ہے۔ اگر یہ مرغ آدھے گھنٹے کے اندر مر جائے تو اسے معیاری سمجھا جاتا ہے ورنہ نہیں۔

    بین الاقوامی طلب

    سانپ کا زہر انسانی جان بچانے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے، خاص طور پر بیرون ملک سانپ کے زہر کی مانگ زیادہ ہے۔ سانپ کا زہر امراض قلب اور ہائی بلڈ پریشر کے لیے دی جانے والے دوا میں بھی استعمال ہوتا ہے۔

    ادویات تیار کرنے والی کمپنیاں اس زہر کو انتہائی کم مقدار میں دوا کی تیاری اور انجکشن میں استعمال کرتے ہیں۔

  • لاک ڈاؤن میں نرمی: بھارت اور چین میں سونے کی طلب میں اضافہ

    لاک ڈاؤن میں نرمی: بھارت اور چین میں سونے کی طلب میں اضافہ

    نئی دہلی / بیجنگ: بھارت اور چین میں کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن میں نرمی آنے کے بعد سونے کی خریداری میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق بھارت اور چین میں رواں ہفتے سونے کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا تاہم ڈیلروں کو اب بھی ڈسکاؤنٹ دینے پر مجبور کیا گیا تھا۔

    بھارت میں کووڈ 19 کی پابندیوں میں نرمی کے بعد کاروبار میں کچھ بہتری کے آثار نظر آئے ہیں۔ بھارت کی کچھ ریاستوں میں کرونا انفیکشن کی شرح کم ہونے کے بعد پابندیوں میں نرمی آنا شروع ہو گئی ہے۔

    ممبئی بلین ڈیلر کے ریڈھی سیدھی بلینز کے ڈائریکٹر مکیش کوٹھاری نے کہا کہ کچھ ریاستوں میں بتدریج کاروبار کھل رہے ہیں، چونکہ کرونا وائرس کے نئے کیسز میں کمی آرہی ہے، توقعات یہ ہیں کہ زیادہ تر ریاستیں اگلے چند ہفتوں میں پابندیوں میں نرمی کر دیں گی۔

    سونے کے ڈیلروں نے سرکاری ڈومیسٹک قیمتوں پر 12 ڈالر فی اونس تک کی چھوٹ کی پیشکش کی جس میں 10.75 فیصد درآمد اور 3 فیصد سیلز لیویز شامل ہیں۔

    پچھلے ہفتے سے اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، وسط ستمبر 2020 کے بعد سے اس سطح پر رعایت نہیں دیکھی گئی۔

    ممبئی میں سونے کے ایک دوسرے ڈیلر نے کہا کہ جیولرز شک میں تھے، وہ نہیں جانتے کہ ڈیمانڈ کتنی جلدی بحال ہوگی۔ اسی وجہ سے وہ اعلیٰ سطح پر خریداری کرنے میں دلچسپی نہیں دکھا رہے۔

    بھارت میں جمعے کو مقامی سونے کے نرخ 49 ہزار 200 روپے فی 10 گرام رہے، بھارت میں مئی میں سونے کی درآمدات دگنی بڑھ کر 12 ٹن ہو گئی ہیں۔

    چین میں کووڈ 19 کی سخت پابندیوں کے درمیان سونے کی رعایتی قیمت عالمی قیمت کے مقابلے میں 7 سے 12 ڈالر فی اونس ہوگئی۔

    ایم کے ایس میں گریٹر چین کے ریجنل ڈائریکٹر برنارڈ سین نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ طلب جاری رہے گی اگرچہ فراہمی کم ہو جائے گی، چین پریمیم کی سطح پر دوبارہ تجارت کرے گا۔

    سنگاپور کے ڈیلر گولڈ سلور سینٹرل کے منیجنگ ڈائریکٹر برائن لین نے کہا کہ ہم نے ریٹیل اور یہاں تک کہ ہول سیل سے بھی کم طلب دیکھی ہے۔

    ڈیلرز کو اگلے ہفتے سے پابندیوں میں نرمی آنے کے بعد بہتر کاروبار کی امید ہے۔

  • ہیکرز نے سسٹم کی بحالی کیلئے کے الیکٹرک سے لاکھوں ڈالر طلب کرلئے

    ہیکرز نے سسٹم کی بحالی کیلئے کے الیکٹرک سے لاکھوں ڈالر طلب کرلئے

    کراچی: ہیکرز نے 15ستمبر تک کے الیکٹرک کا ڈیٹا واپس کرنے کیلئے38 ملین ڈالرز طلب کرلئے اور کہا رقم ادا نہ کی تو مطالبے کی رقم دگنی ہو جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک آئی ٹی سسٹم تا حال ہیک ہے، ہیکرز نے کے الیکٹرک سے سے لاکھوں ڈالر طلب کرلئے ہیں جبکہ ہیکرز کی جانب سے کے الیکٹرک کو 15ستمبر کی ڈیڈلائن بھی جاری کردی گئی ہے۔

    ہیکرز نے 15ستمبر تک کے الیکٹرک کا ڈیٹا واپس کرنے کیلئے38ملین ڈالرزکی رقم طلب کرلی اور کہا اگر کے الیکٹرک انتظامیہ نے15ستمبر تک ادائیگی نہ کی تومطالبے کی رقم دگنی کردی جائے گی۔

    ہیکرز نے دعویٰ کیا ہے کہ کے الیکٹرک کے صارفین سمیت بہت اہم ڈاکو منٹس بھی ہمارے پاس ہیں۔

    کے الیکٹرک نے سائبر حملے کی توڑ کیلئے بین الاقوامی آئی ٹی سیکیورٹی ماہرین سے رابطہ کرلیا ہے ، کے الیکٹرک کو اس ہفتے کے آغاز میں سائبر حملے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    گذشتہ روز کے الیکٹرک نے سائبر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے صارفین کے لیے اہم ہدایت جار ی کی تھی۔

    کے الیکٹرک کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا تھا  کہ رواں ہفتے کے آغاز پر کے الیکٹرک کے سسٹم پر سائبر حملہ کیا گیا جس کی وجہ سے ادارے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    ترجمان کے مطابق سائبر حملے کے بعد احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے سسٹم کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا، بل کی ادائیگی کے حل، کال سینٹر سمیت تمام کسٹمر سروسز آپریشنل کو بحال کردیا گیا جبکہ غیر متعلقہ سروسز کو سسٹم سے ختم کردیا گیا۔

    کے الیکٹرک ترجمان کے مطابق بیشتر صارفین کو ویب سائٹ سے بلوں کی نقول حاصل کرنے کے لیے مشکلات کا سامنا ہے، اس ضمن میں متبادل سروسز کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • ایران میں آیت اللہ خامنہ ای کے استعفے کا مطالبہ، عرب میڈیا کا دعویٰ

    ایران میں آیت اللہ خامنہ ای کے استعفے کا مطالبہ، عرب میڈیا کا دعویٰ

    تہران :ایران میں چند افراد نے نظام ولایت فقیہ کے خلاف اور آیت اللہ علی خامنہ ای کے استعفے کا ایک مرتبہ پھر مطالبہ کردیا۔

    عرب خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی عرب اور کرد اقوام کی طرف سے سپریم لیڈر کی برطرفی کے ساتھ ملک میں جمہوری اور وفاقی نظام قائم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 14 کرد اور عرب سماجی اور سیاسی شخصیات نے ایک مشترکہ بیان پردستخط کیے ہیں جس میں جس میں سپریم لیڈر کو عہدے سے ہٹانے اور ملک میں جمہوری اور وفاقی نظام قائم کرنے پرزور دیا گیا ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ نظام حکومت ایران میں بسنے والی اقوام کے حقوق پورے کرنے اور ان کے ساتھ مساوی سلوک کرنے میں ناکام رہا ہے،ایرانی اقوام طویل عرصے سے اقتصادی عدم توازن کا شکارہیں،ریاست اپنے عوام کے خلاف طاقت کا اندھا دھند استعمال کرتی ہے، شہریوں کے ساتھ مذہبی، سیاسی، ثقافتی ، لسانی اور فرقہ وارانہ تفریق برتی جاتی ہے۔

    کرد اور عرب کارکنوں کاکہنا تھاکہ ایران میں خواتین اور نوجوانوں کے ساتھ برتے جانے والے نسل پرستانہ سلوک اور غیر فارسی اقوام کے ساتھ ظلم نے موجودہ نظام کوبے نقاب کردیا ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ 2009ءاور 2018ءکو ایران میں ہونے والے مظاہروں نے یہ ثابت کیا ہےکہ ملک میں موجودہ اسلامی نظام کی تبدیلی اور عوامی امنگوں کے مطابق جمہوری نظام کے قیام میں اس وقت تک کامیابی ممکن نہیں جب تک تمام اقوام اس میں تعاون نہیں کریں گی۔

  • سعودیہ کو آرمرڈ گاڑیوں کی فروخت بند کی جائے، انسانی حقوق کی تنظیموں کا مطالبہ

    سعودیہ کو آرمرڈ گاڑیوں کی فروخت بند کی جائے، انسانی حقوق کی تنظیموں کا مطالبہ

    ٹورنٹو : انسانی حقوق کی تنظیموں نے کہا ہے کہ یمن کے تنازع میں سعودی عرب کے ملوث ہونے کے سبب برطانیہ اور جرمنی سمیت کئی یورپی ممالک نے مملکت کو عسکری ساز و سامان کی فراہمی روک دی۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا میں انسانی حقوق کی 12 تنظیموں نے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو پر زور دیا ہے کہ وہ سعودی عرب کو(وی ایل بی) ساخت کی لائٹ آرمرڈ فوجی گاڑیوں کی فروخت پر پابندی عائد کرے۔

    کینیڈا کے اخبار لو جرنل ڈو مونٹریال کے مطابق اکتوبر 2018 میں وزیراعظم ٹروڈو نے یہ بیان دیا تھا کہ وہ سعودی عرب کو برآمدات کی اجازت پر نظر ثانی کرنے کے خواہش مند ہیں تاہم اس کے بعد سے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ اپنے دستخط شدہ خط میں انسانی حقوق کی تنظیموں نے اسی تجاہل کی مذمت کی، مذکورہ تنظیموں میں اوکسفیم، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ڈاکٹروں کی عالمی تنظیم بھی شامل ہے۔دسمبر 2018 میں ٹروڈو نے کہاکہ وہ اس عسکری ڈیل کو ختم کرنے کا راستہ تلاش کر رہے ہیں، اس کے بعد سے کوئی اقدام سامنے نہیں آیا۔

    مذکورہ تنظیموں نے اس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ نظر ثانی کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی جس نے ان کوششوں کی صداقت کو مشکوک بنا دیا ہے، وفاقی انتخابات سے قبل کینیڈا کے عوام کا یہ حق ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے نظر ثانی کے نتائج کی جان کاری حاصل کریں۔

    انسانی حقوق کی تنظیموں نے کہاکہ یمن کے تنازع میں سعودی عرب کے ملوث ہونے کے سبب برطانیہ اور جرمنی سمیت کئی یورپی ممالک نے مملکت کو عسکری ساز و سامان کی فراہمی روک دی ہے۔

    اخبار نے سعودی عرب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت یمن میں حوثی باغیوں کی جماعت کے خلاف خانہ جنگی کو سپورٹ کر رہا ہے، حوثی جماعت ایران کے بہت قریب ہے۔

    اخبار کے مطابق 2017 میں کینیڈا نے ان لائٹ آرمرڈ گاڑیوں کے یمن کے آپریشنز میں ممکنہ استعمال کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کیا تھا۔ سال 2018 میں کینیڈا نے سعودی عرب کو (وی ایل بی)ساخت کی 127 بکتر بند گاڑیاں برآمد کی تھیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ سال 2014 میں دستخط ہونے والے 15 ارب ڈالر کی اس ڈیل کے تحت مجموعی طور پر 928 بکتر بند گاڑیاں فراہم کی جانی ہیں۔

  • جنگ مخالفین کا برطانیہ سے ہتھیاروں کی فروخت بند کرنے کا مطالبہ

    جنگ مخالفین کا برطانیہ سے ہتھیاروں کی فروخت بند کرنے کا مطالبہ

    لندن :برطانیہ میں جنگ مخالفین نے اعلان کیا ہے کہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ لندن کی حکومت، دنیا کی جارح حکومتوں کو مسلح اور ان کی حمایت کر تی رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی بین الاقوامی تجارت کی وزارت کے سرکاری اعداد و شمارمیں بتایاگیاکہ برطانیہ نے 2018میں 14 ارب پونڈ کے ریکارڈ توڑ ہتھیار فروخت کئے ہیں جن میں سے اسّی فیصد ہتھیار سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور مغربی ایشیا کے بعض دیگر ملکوں کو فروخت کئے گئے ہیں۔

    برطانیہ میں جنگ مخالفین نے اعلان کیا کہ یہ اعداد و شمار حکومت برطانیہ کی خارجہ پالیسی میں متضاد عمل کو واضح کرتے ہیں اس لئے کہ ایک جانب برطانیہ، جمہوریت و انسانی حقوق کا دم بھرتا ہے جبکہ دوسری جانب عملی طور پر وہ دنیا کی ڈکٹیٹر حکومتوں کو مسلح اور ان کی حمایت کرتا ہے۔

    برطانیہ کی اپیل کورٹ نے جون کے مہینے میں سعودی عرب کو جنگ یمن میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں کی فروخت کے خلاف دائر کی جانی والی شکایت پر مثبت فیصلہ سنایا تھا تاہم برطانیہ کی حکومت نے اپنے ملک کی عدالت عالیہ سے اس فیصلے کو منسوخ کئے جانے کی اپیل کی تھی۔

  • شہباز شریف کا وسط مدتی انتخابات کا مطالبہ اور اے پی سی چیئرمین شپ چھوڑنے کا اعلان

    شہباز شریف کا وسط مدتی انتخابات کا مطالبہ اور اے پی سی چیئرمین شپ چھوڑنے کا اعلان

    اسلام آباد : اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے اے پی سی کی چیئرمین شپ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے وسط مدتی انتخابات کا مطالبہ کردیا ہے اور کہا موجودہ دورہر لحاظ سے بدترین ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا بجٹ پربحث کے پہلے 4دن ضائع کیے گئے، حکومتی ارکان نے ایوان کو مچھلی منڈی بنائے رکھا، تیس سالہ سیاسی کیرئیر میں حکومتی بنچوں کا ایساحال نہیں دیکھا ، یہ بات عیاں ہوگئی پی ٹی آئی نہیں پٹائی پارٹی ہے، ماضی میں بھی اختلافات تھے لیکن یہ صورتحال نہیں تھی۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا آل پارٹیز کانفرنس میں فیصلہ ہوا جمہوریت کو بچانا ہے ، دوسری اے پی سی میں رہبر کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا، کمیٹی کےلیےشاہد خاقان اور احسن اقبال کے نام دیے ہیں، رہبر کمیٹی تشکیل کے بعد فیصلے کرے گی۔

    ن لیگ کے صدر نے کہا نواز شریف سےظلم اور ناانصافی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، فاشسٹ حکومت میں بھی ایسا نہیں ہوتا تھا، مشرف دور میں دوران قید میں بھی ملاقاتوں کی اجازت تھی، خاندان کے افراد کو ملاقات کے لئے 5 افرادتک محدود کر دیا گیا، اپنے حق کےلئے سیاسی اور قانونی لڑائی لڑیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہا تھا بجٹ مسترد کرتے ہیں اور راستہ روکنے کی کوشش کریں گے، بجٹ کے خلاف ریکارڈ 149 ریکارڈ ووٹ پڑے، بجٹ حصے بخرے کر کے منظر عام پر لایا گیا۔

    شہباز شریف نے اے پی سی کی چیئرمین شپ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا پارٹی نےرانا تنویر کا نام چیئرمین اےپی سی کےلیے دے دیا ہے ، اسی وجہ سے میں پی اے سی میں نہیں جارہا، انتخابی دھاندلی کمیشن سے استعفے دینے کا فیصلہ کر لیاہے، مولانا فضل الرحمان کو پوری طرح سپورٹ کریں گے، ان سے اچھے تعلقات ہیں۔

    اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی نے وسط مدتی انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا موجودہ بیماری کاواحد علاج وسط مدتی الیکشن ہے، فیصلے اتفاق رائے سے ہوتے ہیں، اختلاف بھی ہوتو ڈسپلن کی پابندی کی ضرورت ہوتی ہے۔

    :پیپلزپارٹی سے متعلق سوال پر شہبازشریف کا کہنا تھاہمیں آپ لڑانے کی کوشش کرتے ہیں جو نہیں ہو گا، نواز شریف ترقی اورخطے میں امن کی بات کرتے تھے تو غدار کہا جاتا ہے، اب نواز شریف کے فلسفے کو ہی آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا پولیو کے جتنے واقعات اب سامنے آرہے ہیں ان پرحیرانی ہے، موجودہ دورہر لحاظ سے بدترین ہے۔