اسلام آباد: پاکستان میں متعین جاپانی سفیر ہیروشی انوماتا نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان سے اسلام آباد میں ملاقات کی ۔
بنی گالہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران جاپانی سفیر ہیروشی انوماتا نے سانحہ پشاور پر عمران خان سے دلی دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دکھ کی گھڑی میں جاپانی حکومت اور عوام پاکستانیوں خصوصا جاں بحق ہونے والے بچوں کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں لازوال ہیں جنہیں جاپانی حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ جاپانی سفیر نے پشاور میں شوکت خانم کینسر ہسپتال کے قیام میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا، اس موقع پر تحریک انصاف کے چیئر مین نے اس امید کا اظہار کیا کہ دو طرفہ تعلقات مستقبل میں مزید فروغ پائیں گے ۔