Tag: demands

  • حکومت کے لیے نئی مشکل، آئی ایم ایف کا پاکستان کے لیے مطالبات میں نرمی نہ کرنے کا ارادہ

    حکومت کے لیے نئی مشکل، آئی ایم ایف کا پاکستان کے لیے مطالبات میں نرمی نہ کرنے کا ارادہ

    اسلام آباد: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کو دیے گئے مطالبات میں نرمی نہ برتنے کا عندیہ دے دیا، وزارت خزانہ کے حکام آئی ایم ایف کو اہداف میں نرمی کے لیے درخواست کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) پاکستان کے لیے اپنے مؤقف پر ڈٹ گیا، آئی ایم ایف نے پاکستان کو دیے گئے مطالبات میں نرمی نہ برتنے کا عندیہ دے دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ اور وزارت خزانہ کے حکام آئی ایم ایف کو اہداف میں نظر ثانی کے لیے قائل کرنے میں ناکام رہے۔

    ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف حکام نے وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کو اہداف پورے کرنے پر زور دیا گیا ہے، آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے کہ مشن کی آمد سے قبل دیے گئے اہداف پورے کیے جائیں اور قرض کی اگلی قسط کے لیے مذاکرات سے قبل اہداف پورے کیے جائیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سیلاب کے بعد کی صورتحال کے باجود آئی ایم ایف اہداف میں نظر ثانی نہیں چاہتا، اہداف پورے کیے بغیر آئی ایم ایف پروگرام مکمل نہیں ہو سکے گا۔

    ذرائع وزارت خزانہ کا مزید کہنا ہے کہ وزارت خزانہ کے حکام آئی ایم ایف کو اہداف میں نرمی کے لیے درخواست کر رہے ہیں۔

  • موجودہ حالات میں مزید سخت فیصلے نہیں کر سکتے: پاکستان نے آئی ایم ایف سے کہہ دیا

    موجودہ حالات میں مزید سخت فیصلے نہیں کر سکتے: پاکستان نے آئی ایم ایف سے کہہ دیا

    اسلام آباد: پاکستان نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے اپنے مطالبات پر نظر ثانی کرنے کا کہا ہے، پاکستان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں مزید سخت فیصلے نہیں کر سکتے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان رابطہ ہوا ہے، پاکستان نے مؤقف اپنایا ہے کہ آئی ایم ایف مطالبات پر نظر ثانی کرے۔

    پاکستان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں مزید سخت فیصلے نہیں کر سکتے۔

    ذرائع وزارت کا کہنا ہے کہ پاکستان نے متبادل ذرائع سے آمدن بڑھانے کے لیے تجاویز اور خسارہ کم کرنے کے لیے متبادل پیش کردیے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق نئے ٹیکس لگائے بغیر آمدن بڑھانے کا متبادل پلان تیار کرلیا ہے۔

    اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس انتظامات سخت کرنے کا روڈ میپ دے دیا ہے، ایف بی آر نے ٹیکس چوروں سے وصولی بہتر بنانے کا پلان دے دیا ہے۔

    ایف بی آر نے سخت اقدامات سے آمدن بڑھا کر مقررہ ہدف سے زائد ٹیکس جمع کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پاکستان نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کروائی ہے کہ ٹیکس اہداف حاصل کیے جائیں گے۔

  • سندھ حکومت کا  وفاق سے پیاز کی بیرون ملک بر آمد پر پابندی ختم کرنے کا مطالبہ

    سندھ حکومت کا وفاق سے پیاز کی بیرون ملک بر آمد پر پابندی ختم کرنے کا مطالبہ

    کراچی : سندھ حکومت نے وفاق سے پیاز کی بیرون ملک بر آمد پر پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کردیا اور کہا وفاق کی غلط پالیسیوں کے باعث ملکی زرعی معیشیت تباہی کے دہانے پے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرزراعت سندھ اسماعیل راہو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت پیاز کی بیرون ملک برآمد پر پابندی ختم کرے اور پیاز کی درآمد پر عارضی پابندی لگائے۔

    اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ پیاز کی پیداوار سندھ میں ہے، وفاق ایکسپورٹ سے فوری پابندی ہٹائے اور امپورٹ پر پابندی لگائے، سندھ میں اس سال بمپر کراپ متوقع ہے۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ میں 56 ہزار ہیکڑرز پر پیاز کاشت کی گئی ہے، اس سال سندھ میں 7 لاکھ 60 ہزار ٹن پیاز کی پیداوار متوقع ہے جبکہ صوبے کی کھپت 5 لاکھ 63 ہزار ٹن ہے اور سندھ میں ایک لاکھ 97 ہزار ٹن پیاز کھپت سے زیادہ پیدا ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں ایک لاکھ 51 ہزار 636 ہیکٹرز پر پیاز کی فصل لگی ہے، رواں سیزن میں ملک میں 21 لاکھ 12 ہزار 894 ٹن پیداوار متوقع ہے۔

    اسماعیل راہو نے کہا کہ وفاق کی غلط پالیسیوں کے باعث ملکی زرعی معیشیت تباہی کے دہانے پے ہے، آلو ایکسپورٹ ہورہا ہے تو پیاز پر پابندی کیوں؟ وفاق ہمشیہ الٹے کام کرتا ہے، جب ایکسپورٹ کرنے کی ضرو رت ہوتی ہے تو امپورٹ کرتا ہے، جب درآمد کرنے کی ضرورت تھی تو خاموش تماشہ دیکھتا رہا۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وفاق ایران اور افغانستان سے پیازمنگوارہا ہے، باقی ایکسپورٹ سے پابندی نہیں ہٹارہا ، پیاز امپورٹ ہونےکی وجہ سے ملکی کاشتکاروں کو بھاری نقصان پہنچ رہا ہے۔

  • فیصل واوڈا کا خواتین سے زیادتی میں ملوث مجرمان کی سرعام پھانسی کا مطالبہ

    فیصل واوڈا کا خواتین سے زیادتی میں ملوث مجرمان کی سرعام پھانسی کا مطالبہ

    اسلام آباد : وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے خواتین سےزیادتی میں ملوث مجرمان کی سرعام پھانسی کامطالبہ کردیا اور کہا ان درندوں کی سرعام پھانسی کی قانون سازی کے لئے ایک ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر خواتین سےزیادتی میں ملوث مجرمان کو سرعام پھانسی دینے کامطالبہ کردیا۔

    فیصل واوڈا نے اپنے پیغام میں کہا کہ انتہائی دل دہلا دینے والاموٹر وے سانحہ ، ایک اورحواکی بیٹی کی عصمت دری،ننھی مروہ اوراب یہ واقعہ، میں آج وزیراعظم سےملاقات کروں گا، مجرموں کے خلاف سخت ترین کارروائی ہوگی۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ان درندوں کی سرعام پھانسی کی قانون سازی کے لئے ایک ہوں، پارلیمنٹیرینز سےاستدعاہےاس قانون سازی کیلئےایک ہوں۔

    یاد رہے کراچی میں 5 سالہ بچی کو اغوا کرکے زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا گیا تھا، بچی کی ہلاکت پر سوشل میڈیا پر ’جسٹس فار مروہ‘ کے نام سے ٹاپ ٹرینڈ بن گیا جس میں قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔

    دوسری جانب گجرپورہ میں موٹر وے پرخاتون سے اجتماعی زیادتی کی گئی، پولیس کے مطابق خاتون بچوں کے ساتھ گوجرانوالہ جارہی تھی کہ گاڑی خراب ہوگئی، خاتون موبائل فون پر بات کررہی تھی کہ ملزمان نے حملہ کردیا۔

  • سندھ حکومت  کا  زرعی قرض اور ٹیکس کے حوالے سے بڑ ا مطالبہ

    سندھ حکومت کا زرعی قرض اور ٹیکس کے حوالے سے بڑ ا مطالبہ

    کراچی : سندھ حکومت نے وفاق سے زرعی قرض اورٹیکس معاف کرنے کا مطالبہ کردیا اور کہا ملک کا کاشتکار مقروض درمقروض ہوتاجارہا ہے، کپاس، ٹماٹر،مرچی اور دیگر نقد فصلیں مکمل ختم ہو چکی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرزراعت سندھ اسماعیل راہو نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت زرعی قرض اورٹیکس معاف کرنےکااعلان کرے۔

    اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ متاثرہ 20 اضلاع کوآفت زدہ قرار دے چکی ہے، حکومت سندھ کاشتکا روں کی بحالی کے تمام اقدامات کرے گی۔

    وزیر زراعت سندھ نے کہا کہ متاثرہ فصلوں کے صوبائی زرعی ٹیکس معاف کیے جائیں گے، وفاق کی غلط پالیسی سے زرعی شعبہ پہلے ہی شدید دباؤ میں ہے، کھاد،دواؤں، ڈیزل،بجلی اورگیس کی قیمت میں اضافے سے پہلے ہی مشکلات ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک کا کاشتکار مقروض درمقروض ہوتاجارہا ہے، آفت زدہ اضلاع حالیہ بارشوں سے شدید متاثرہوئے ، کپاس، ٹماٹر،مرچی اور دیگر نقد فصلیں مکمل ختم ہو چکی ہیں، چاول،گنےاور باغات کو بھی شدید نقصان ہوا ہے۔

    اسماعیل راہو نے مزید کہا کہ پرانے زرعی قرضوکی وصولی میں ایک سال کی چھوٹ دی جائے اور کاشتکاروں کو بلاسود اور آسان شرائط پر نئے قرض دیے جائیں۔

  • 15 اگست سے تعلیمی ادارے کھولنے کا مطالبہ

    15 اگست سے تعلیمی ادارے کھولنے کا مطالبہ

    لاہور/ کراچی : پرائیویٹ اسکولزفیڈریشن  اور چیئرمین آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے حکومت سے فوری اسکول کھولنے کا مطالبہ کردیا اور کہا کروڑوں بچوں کا تعلیمی عمل رکا ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پرائیویٹ اسکولزفیڈریشن نے اسکول کھولنےسےمتعلق اعلامیہ جاری کردیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت15اگست سےتمام اسکول کھول دے، حکومت نےاسکول نہ کھولےتوخوداسکول کھول دیں گے۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ اسکول کھولنےوالےاداروں کوقانونی تحفظ دیاجائےورنہ لانگ مارچ کیاجائےگا، پرائیویٹ اسکول فیڈریشن پریس کانفرنس سےاحتجاج ریکارڈ کرا رہی ہے۔

    کاشف مرزا کا کہنا تھا کہ تاریخ میں آج تک کوئی حکومت تعلیم کےلیےسنجیدہ نہیں ہوئی، کوروناکےنام پرتعلیم کےساتھ جوکیاگیاوہ انتہائی افسوسناک ہے، اسکول کھولنےکےلیےایس او پیزدیے مگر حکومت سنجیدہ نہیں، 5کروڑ بچے اسکول جانے سے محروم ہوچکے ہیں۔

    پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا حکومت کی طرف سے100کتب کی پابندی پرساتھ ہیں، کتابیں طلبا کے مستقبل کے لیے خطرناک ہیں۔

    کاشف مرزا نے مطالبہ کیا کہ پنجاب کےوزیرتعلیم فوری مستعفی ہوں، مدارس بچوں سےامتحانات لےسکتےہیں تو حکومت کیوں نہیں، حکومت نےاربوں کی فیس لےکرامتحانات نہیں لیے۔

    دوسری جانب  چیئرمین آل سندھ پراؤیٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن حیدرعلی نے  بھی تعلیمی ادارے فوری کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ  کہ تعلیمی اداروں کی مسلسل بندش منظور نہیں، چھ ماہ سے کروڑوں بچوں کا تعلیمی عمل رکا ہوا ہے، اسکول بند ہونے سے لاکھوں بچے چائلڈ لیبر کا شکار ہوگئے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ پہلے ہی دو کروڑ سے زیادہ بچے اسکولز سے باہر ہیں ، چائلڈ لیبر بچوں کا اسکول میں واپس آنا مشکل ہے، مدارس اور یونیورسیٹیز کے امتحانات اس کے ساتھ کھولے جاسکتے ہیں، نجی اسکولز کی مالی مشکلات کا احساس حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    حیدرعلی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان، اور نیشنل کوارڈینیش کونسل فوری طور پر تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کریں اور تعلیمی اداروں سے متعلق واضح اور دوٹوک پالیسی کا اعلان کیا جائے۔

  • کراچی کو 5 سالوں کیلئے فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ

    کراچی کو 5 سالوں کیلئے فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ

    کراچی : چیئرمین بی ایم جی سراج قاسم تیلی نے کراچی کو 5سالوں کیلئے فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ کردیا اور کہا صر ف فوج کی نگرانی میں ہی کراچی کے انفرااسٹرکچر مسائل کا حل ممکن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی چیمبر نے کراچی کو 5سالوں کیلئے فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق کاکراچی کوصاف ستھرا کرنے کے عزم کا خیر مقدم کرتے ہیں، کراچی کو بہتر بنانا ہے تو 5سال تک فوج کو سونپ دیا جائے۔

    سراج تیلی کا کہنا تھا کہ صر ف فوج کی نگرانی میں ہی کراچی کےانفرااسٹرکچرمسائل کا حل ممکن ہے، 20 سے 25سال بعد وفاق کی کراچی کیلئے اچھا کرنے کی نیت خوش آئند ہے، 20سالوں میں کراچی کو نظر اندازکرنا تباہ کن صورتحال کابنیادی سبب ہے۔

    چیئرمین بی ایم جی نے کہا ہے کہ  90کی دہائی سے برسر اقتدار سیاسی جماعتیں کسی ہمدردی کی مستحق نہیں، کراچی میں صفائی مہم کے آغاز کو صرف 2دن ہی گزرے ہیں، این ڈی ایم اے، ایف ڈبلیو او کی محنت کی وجہ سےفرق صاف ظاہرہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے ہر کونے کو ہنگامی بنیادوں پر کچرے سے صاف کرنا ہوگا، ین ڈی ایم اے،ایف ڈبلیو او کو روڈ نیٹ ورک بہتر بنانے کا ٹاسک بھی دیا جائے، کراچی والوں اورکاروباری برادری کاانتظامیہ کی صلاحیتوں پراعتماد ختم ہوچکا۔

    سراج تیلی نے مزید کہا کہ مقامی انتظامیہ کراچی کو درپیش مشکلات کم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔

  • آصف زرداری نے جیل میں  اے کلاس کی سہولتیں  مانگ لیں

    آصف زرداری نے جیل میں اے کلاس کی سہولتیں مانگ لیں

    اسلام آباد : سابق صدر آصف زرداری نے جیل میں اے کلاس ، ایئرکنڈیشن، فریج کی سہولتیں مانگ لیں ، عدالت کاآصف زرداری کوسہولتیں دینے کی درخواست پر نیب سے جواب طلب کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وکیل لطیف کھوسہ نے سابق صدر آصف زرداری کے لئے جیل میں سہولتیں دینے کی درخواست دے دی ، وکیل کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل میں اے کلاس سہولتیں فراہم کی جائیں جبکہ ایئرکنڈیشن ، فریج کی سہولت اور اخبارات ، کتابیں ، جرنلز بھی دیے جائیں۔

    عدالت نے آصف زرداری کو سہولتیں دینے کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا نیب سہولتیں فراہم کرنے سے متعلق درخواست پر جواب دے۔

    یاد رہے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار آصف زرداری کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر اسلام آبادکی احتساب عدالت میں پیش کیاگیا، دوران سماعت وہ روسٹرم پرآئے اور شکوہ کیا کہ انھیں عید کی نماز نہیں پڑھنے دی گئی جبکہ عدالتی اجازت کے باوجود بیٹی کو بھی ملنے نہیں دیا جاتا۔

    مزید پڑھیں : آصف زرداری کو 19 اگست تک جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیاگیا

    نیب وکیل نے موقف اختیار کیا کہ کیس میں نئی پیش رفت ہوئی ہے، ایک ملزم نے بیان دیا ہے اس کا آصف زرداری سے سامنا کرانا ہے، اس لئے مزید جسمانی ریمانڈ چاہیئے۔

    وکیل صفائی نے کہا پہلےہی کہاتھاایک ہی بار نوے روزکا ریمانڈدے دیں، بار بار پیشی سے قومی خزانے کا نقصان ہورہا ہے، عدالت نے فریقین کو سننے کے بعد آصف زرداری کو انیس اگست تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، جس کے بعد آصف زرداری کو جیل منتقل کردیا گیا۔

  • بلاول بھٹو  نے وزیرریلوے شیخ رشید کے استعفےٰ کا مطالبہ کردیا

    بلاول بھٹو نے وزیرریلوے شیخ رشید کے استعفےٰ کا مطالبہ کردیا

    اسلام آباد : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے ٹرین حادثے پر وزیرریلوے شیخ رشید کے استعفےٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ٹرین حادثے معمول بن رہےہیں، ریلوے کے وزیر کچھ نہیں کر پارہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے صادق آباد ٹرین حادثے میں انسانی جانوں کے ضائع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا متاثرہ خاندانوں کے لئے یہ قیامت کی گھڑی ہے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ٹرین حادثے معمول بن رہےہیں، ریلوے کےوزیر کچھ نہیں کرپارہے،انکوائری مکمل ہونے تک شیخ رشید وزارت سے مستعفی ہوجائیں۔

    پی پی چیئرمین نے کہا ٹرین حادثوں پر مستعفی ہونے کی مثالیں دینے والےعمران خان کیا استعفیٰ مانگیں گے؟،پہلے بھی شیخ رشید نے ریلوے کا محکمہ تباہ کیا تھا، کھڑی بوگیوں کو ملا کر نئی ٹرینیں چلانے والے پوائنٹ اسکورنگ کے چکرمیں ہیں۔

    مزید پڑھیں : صادق آباد : اکبرایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم، 11 افراد جاں بحق

    یاد رہے کوئٹہ جانے والی اکبرایکسپریس ولہار اسٹیشن کی لوپ لائن پر کھڑی مال گاڑی سے جا ٹکرائی تھی ، جس کے باعث اسسٹنٹ ڈرائیور سمیت گیارہ مسافر جاں بحق اورساٹھ سےزائدزخمی ہوگئے۔

    ریسکیوٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں جب کہ پاک فوج کےجوان اورہیلی کاپٹربھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ ڈی پی او کے مطابق حادثہ بروقت کانٹا تبدیل نہ ہونے کے باعث پیش آیا۔

    وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اکبر ایکسپریس حادثے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کرلی اور کہا انسانی غفلت ہوئی تو ذمہ داروں کو نہیں چھوڑیں گے۔

  • سلامتی کونسل کا لیبیا میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

    سلامتی کونسل کا لیبیا میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

    نیویارک : اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے لیبی دارالحکومت میں جاری خانہ جنگی بند کرکے خلیفہ حفتر اور وفاقی حکومت کے مابین مذاکرات کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی سلامتی کونسل نے لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں تاجوراءمہار کیمپ پر گزشتہ منگل کے روز کئے گئے فضائی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے لیبی حکومت اور فوج کے درمیان جاری لڑائی بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے بعد جاری ہونیوالے بیان میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن کی طرف سے طرابلس میں ایک مہاجر کیمپ پر بمباری کی مذمت سے متعلق بیان کسی واضح سبب کے بغیر موخر کر دیا گیا تھا، اس کے باوجود سلامتی کونسل اس واقعے کی مذمت کے ساتھ فریقین پر جنگ بندی پر زور دیتی ہے۔

    بیان میں لیبیا کی اقوام متحدہ کی جانب سے تسلیم شدہ قومی وفاق حکومت اور جنرل ریٹائرڈ خلیفہ حفتر کی قیادت میں قائم نیشنل آرمی کے درمیان فوری مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ لیبیا میں دیرپا امن و استحکام تمام قوتوں پر مشتمل سیاسی پروگرام تشکیل دینے میں مضمر ہے، اس حوالے سے افریقی یونین، عرب لیگ دوسرے ممالک کی مساعی قابل قدر ہیں۔