Tag: demonstration

  • برسلز میں عمران خان کے حق میں مظاہرہ

    برسلز میں عمران خان کے حق میں مظاہرہ

    برسلز : قومی اسمبلی میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم کی حمایت میں ملک گیر مظاہرے جاری تاحال جاری ہیں۔

    سابق وزیراعظم عمران خان کی حمایت میں برسلز میں مقیم پاکستانی عوام سڑکوں پر نکل آئے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے نعرے بازی کی۔

    اس سلسلے میں برسلز میں یورپین پارلیمنٹ کے باہر پی ٹی آئی بیلجیئم اور اوور سیز پاکستانیوں کا عمران کی حمایت میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

    مظاہرے میں خواتین بچوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد شریک تھی، مظاہرین کا کہنا تھا کہ عمران خان ہی وہ واحد لیڈر ہے جو پاکستان کی اُمید ہے، ہم عمران خان کو دوبارہ اقتدار میں دیکھنا چاہتے ہیں۔

    اس موقع پر مظاہرین نے ن لیگ اور پی پی پی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی، مظاہرین نے پلے کارڈز بھی اٹھائے ہوئے تھے۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ عمران خان بہت جلد اقتدار میں واپس آئیں گے، اوورسیز پاکستانی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم بیرونی مداخلت کے ذریعے آنے والی موجودہ حکومت کو مسترد کرتے ہیں۔

    احتجاجی مظاہرین نے مزید کہا کہ عمران خان کو سازش کے ذریعے ہٹایا گیا، مظاہرے کے شرکاء نے پی ڈی ایم کے رہنبماؤں کے خلاف بھی سخت نعرے بازی کی۔

  • جرمنی کے عوام روس کے حق میں سڑکوں پر نکل آئے

    جرمنی کے عوام روس کے حق میں سڑکوں پر نکل آئے

    برلن : جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں مقامی باشندے روس کی حمایت میں روسی جھنڈوں کے ساتھ سڑکوں پر نکل آئے۔ جرمنوں نے یورپی ممالک میں روسیوں کے ساتھ امتیازی سلوک کی شدید مخالفت کی۔

    جرمنی میں اس طرح کی روس حمایت میں ریلی کا یہ پہلا موقع نہیں ہے۔ اس سے ایک روز قبل جرمنی کے شہر اسٹٹ گارٹ میں 200 کاروں کی روسی جھنڈوں کے ساتھ ایک ریلی نکالی گئی۔

    ریلی کے شرکاء نے “روسوفوبیا کو روکنے” اور “اسکولوں میں روسی بولنے والے بچوں کے ساتھ امتیازی سلوک بند کرنے کا نعرہ لگایا۔ احتجاج کے آغاز سے قبل روس اور جرمنی کے ترانے بجائے گئے۔

    اس کے علاوہ5 مارچ کو برلن میں بھی روسی بولنے والے شہریوں کی حمایت میں ایک اجتماعی ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ شہر کے وسط میں واقع چوک میں 300 سے زیادہ لوگ جمع تھے۔

    لوگ روسی پرچم اور سینٹ جارج ربن لے کر آئے تھے۔ انہوں نے جرمن حکام پر الزام لگایا کہ حال ہی میں برلن اور ملک کے دیگر شہروں میں روسی شہریوں اور روسی زبان بولنے والے افراد کو ظلم و ستم کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

    اس کےعلاوہ 19مارچ کو روسی وزارت خارجہ کے پہلے یورپی شعبے کے ڈائریکٹرالیکسی پیرامونوف نے کہا کہ ہر اس روسی کے خلاف جدوجہد جس نے یورپ کی سرحدوں کو محفوظ بنایا اور نازی فوج کے ظلم سے بچایا اس کے ساتھ ایسا رویہ اپنانا انتہائی غلط ہے۔

    روسی سفارت کار کو امید ہے کہ یورپ میں رہنے والے ایسے لوگ جو روس مخالفت میں روسی شہریوں سے متعصب رویہ اپنا رہے ہیں ہوش میں آجائیں گے اور اپنے لوگوں کے مفادات کو یاد رکھیں گے۔

  • پاک بحریہ کا اینٹی شپ میزائلز فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ

    پاک بحریہ کا اینٹی شپ میزائلز فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ

    اسلام آباد: پاک بحریہ نے سطح سمندر اور ہوا سے اینٹی شپ میزائلز فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ کیا، اینٹی شپ میزائل سطح سمندر اور ہوا سے فائرنگ کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کی جانب سے شمالی بحیرہ عرب میں سطح سمندر اور ہوا سے اینٹی شپ میزائلز فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ کیا گیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ اینٹی شپ میزائلز سطح سمندر اور ہوا سے فائرنگ کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پاک بحریہ کے جنگی بحری جہاز، ہوائی جہاز اور ہیلی کاپٹر نے کامیابی سے اپنے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔

    ترجمان کے مطابق میزائلز فائرنگ کا شاندار مظاہرہ پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں اور حربی تیاریوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے میزائلز فائرنگ کا مشاہدہ کیا، نیول چیف امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

    اس موقع پر نیول چیف کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، پاک بحریہ کے جوان اور آفیسرز ملک کی سمندری سرحدوں اور بحری اثاثوں کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

  • غزہ میں حق واپسی مظاہرے قومی اصولوں پر ثابت قدمی کا ثبوت ہے، عیسائی پادری

    غزہ میں حق واپسی مظاہرے قومی اصولوں پر ثابت قدمی کا ثبوت ہے، عیسائی پادری

    یروشلم : فلسطین کے سرکردہ عیسائی پادری اور آرتھوڈوکس چرچ کے بشپ عطا اللہ حنا نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں جاری حق واپسی ریلیاں فلسطینی قوم کے دیرینہ اصولوں پرثابت قدمی کا ٹھوس ثبوت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطینی عیسائی پادری کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم اپنے دیرینہ اصولوں اور بنیادی مطالبات پرقائم ہے۔ غزہ کی پٹی میں پناہ گزینوں کے اپنے آبائی علاقوں میں واپس جانے کےلیے جاری مظاہرے اس بات کا ثبوت ہیں، وقت گذرنے کے ساتھ فلسطینیوں کےدیرینہ حقوق ساقط نہیں ہوسکتے۔

    عیسائی رہ نما نے ایک ریڈیو بیان میں کہا کہ غزہ میں حق واپسی مظاہرے فرزندان عرب اقوام، عرب ممالک، زندہ ضمیر انسانیت، مشرق ومغرب میں پھیلے انسان دوست سب کے لیے پیغام ہے کہ فلسطینی قوم اپنے حقوق پرکوئی سودے بازی نہیں کرے گی۔

    بشپ عطا اللہ حنا کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکام عیساویہ کے فلسطینی باشندوں کو ان کے گھروں سے نکال باہر کرنا اور وہاں کے باسیوں کی قوم روح کو قتل کرنا چاہتےہیں مگر غاصب صہیونی دشمن اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔

    عیسائی مذہبی رہ نما نے عیساویہ کا دورہ کیا اوراسرائیلی ریاست کے جبر کے شکار فلسطینیوں سے ملاقات میں انہیں اپنے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ بشپ عطا اللہ حنا کا کہنا تھا کہ بیت المقدس فلسطینی قوم کا شہر ہے جس پرغاصبوں کا کوئی تعلق نہیں، القدس کے باشندے اپنے جذبہ استقامت سے صہیونی دشمن کے عزائم کو ناکام بنا دیں گے۔

  • پیرس: خواتین قیادت، یلو ویسٹ تحریک پُرامن مظاہروں میں تبدیل

    پیرس: خواتین قیادت، یلو ویسٹ تحریک پُرامن مظاہروں میں تبدیل

    پیرس : فرانس میں ’یلو ویسٹ‘ تحریک کی کمان خواتین نے سنبھال کر پُر تشدد مظاہروں کو پُر امن احتجاج میں تبدیل کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس سمیت ملک بھر میں گزشتہ دو ماہ سے زرد جیکٹ (یلو ویسٹ) تحریک کے تحت احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، اس دوران مظاہرین نے پیرس سمیت کئی شہریوں میں جلاؤ گھیراؤ کیا اور املاک کو نقصان پہنچایا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ پیرس کی خواتین نے اس وقت تحریک کی کمان سنبھالی جب 50 ہزار سے زائد مظاہرین نے پیرس کی شاہراہوں کو یرغمال بنالیا تھا۔

    یلوویسٹ تحریک کی ایک خاتون کا کہنا تھا کہ میڈیا صرف تشدد دکھا رہا ہے جبکہ اصل مسئلہ تو ہم بھول ہی گئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یپرس کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی خواتین نے احتجاجی مظاہروں کی کمان اپنے ہاتھ میں لی ہے تاکہ مظاہروں کو پُر امن بنایا جاسکے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز احتجاج کرنے والے افراد نے وزارت داخلہ کی عمارت پر قبضہ کرکے عمارت میں توڑ پھوڑ کی تھی، فرانسیسی حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مظاہرین کا وزارت داخلہ کی عمارت میں گھسنا کسی صورت قابل قبول نہیں، مظاہرین کا یہ اقدام ریاست پر حملے کے مترادف ہے۔

    کچھ روز قبل شاہراہ شانزے لیزے پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئی تھیں، جھڑپوں میں 300 کے قریب افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ مشتعل مظاہرین نے متعدد گاڑیاں بھی نذرآتش کی تھیں۔

    مزید پڑھیں: یلو ویسٹ تحریک فرانس: مظاہرین نے کرسمس سڑکوں پر منانے کا اعلان کردیا

    تازہ ترین سروے کے مطابق 55 فیصد عوام یلو ویسٹ تحریک کو سپورٹ کررہے ہیں جبکہ 45 فیصد عوام اس کے خلاف ہیں۔

    واضح رہے کہ فرانس میں جاری احتجاج کے باعث فرانسیسی صدر کی مقبولیت کا گراف تیزی سے نیچے کی جانب گرا ہے، میکرون کی مقبولیت 2017 میں ان کے منصب سنبھالنے کے بعد سے اب تک کی نچلی ترین سطح 27 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں فرانسیسی حکومت نے مہنگائی پر شدید احتجاج کرنے والے مظاہرین کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس 6 ماہ کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف مختلف ریاستوں میں احتجاجی مظاہرے

    ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف مختلف ریاستوں میں احتجاجی مظاہرے

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، مظاہرین نے ٹرمپ سے ٹیکس گوشواروں کا حساب مانگ لیا، امریکی صدر کے پُتلوں پر لاتوں اور گھونسوں کی بارش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے مختلف شہروں میں صدرڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مظاہرے کئے گئے۔ میکسیکو میں مظاہرین نے ایسٹر پر صدر ٹرمپ کا پتلا جلایا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر تحریر تھا کہ ٹیکس گوشوارے ظاہر کرو۔

    یہ مطالبہ کرتے ہزاروں مظاہرین امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف سڑکوں پرآگئے۔ دوسری جانب واشنگٹن میں بھی امریکی صدرکے خلاف احتجاج کیا گیا، احتجاج کے دوران مزاحیہ طور پر ٹرمپ سے مشابہ کامیڈین نے ٹرمپ کے ہی اندازمیں ان کی پالییسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

    دوسری جانب کیلی فورنیا میں ٹرمپ کے حامی اورمخالفین آمنے سامنے آگئے ان کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ دونوں گروپوں نے کھل کرایک دوسرے پرمکے برسائے اورہاتھا پائی کی۔ اس موقع پر پولیس نے انیس مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔

    مزید پڑھیں : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف خلا میں احتجاج

    اس کے علاوہ میکسیکو میں بھی ٹرمپ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے ایسٹر کی تقریب میں ٹرمپ کے خلاف نعرے لگائے اوران کا پتلا نذر آتش کیا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل تاریخ میں پہلی بار ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف امریکہ سمیت دیگر ممالک میں علاوہ خلاء میں بھی مظاہرہ کیا گیا، آٹونومس اسپیس ایجنسی نیٹ ورک (اسان) نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف خلا میں ایک تختی بھیجی تھی۔

  • پانی کی قلت پر متحدہ کا کل وزیر اعلیٰ ہاؤس پر احتجاج کا اعلان

    پانی کی قلت پر متحدہ کا کل وزیر اعلیٰ ہاؤس پر احتجاج کا اعلان

    کراچی: ایم کیو ایم نے کراچی میں پانی کے بڑھتے ہوئے بحران اوراس مسئلے پرحکومت سندھ کی بے حسی کے خلاف کل اتوار شام 4بجے وزیراعلیٰ ہاوٴس پر احتجاج مظاہرے کا اعلان کردیا۔

    اس بات کا فیصلہ آج رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیاگیا،اجلاس میں شہرمیں پانی کی شدیدقلت اوراس کے مختلف اسباب کاجائزہ لیا گیا، اجلاس میں اس بات پر مکمل اتفاق پایاگیاکہ پانی کی شدیدقلت کے باعث کراچی کے شہریوں میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے اوریہ بے چینی اب شدید غصے اوراشتعال میں تبدیل ہورہی ہے لیکن حکومت سندھ اس صورتحال پر توجہ دینے کے بجائے کراچی اوراس کے شہریوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہی ہے ۔

    اجلاس میں اس بات پر بھیمکمل اتفاق کیاگیا کہ کراچی کی آبادی دوکروڑسے زائد ہوچکی ہے جسے پانی اورتمام وسائل میں زیادہ حصے کی ضرورت ہے۔

    اجلاس میں مزید کہا گیا کہ شہر کے ہر علاقے میں روزانہ عوام پانی کے لیے احتجاج کررہے ہیں لیکن حکومت سندھ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی،ایم کیوایم کی جانب سے اس مسئلے پرکئی بارسندھ اسمبلی میں بھی احتجاج کیاگیالیکن حکومت سندھ نے مسلسل کراچی دشمنی کامظاہرہ کرتے ہوئے اس پر کوئی توجہ نہیں دی ۔

    اس صورتحال کوسامنے رکھتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ کل بروزاتوارشام چار بجے وزیراعلیٰ ہاوٴس پر ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیاجائے گا ۔ مظاہرے میں شہریوں کے ساتھ ساتھ ایم کیوایم کے مرکزی رہنما، ارکان اسمبلی، یوسی چیئرمینز اورکونسلرزبھی شریک ہوں گے۔

  • دو صحافیوں کے قتل کے خلاف صحافی برادری کا کراچی پریس کلب پر احتجاج

    دو صحافیوں کے قتل کے خلاف صحافی برادری کا کراچی پریس کلب پر احتجاج

    کراچی/لاہور: شہرقائد میں 24 گھنٹوں کے دوران دو صحافیوں کے قتل کے خلاف صحافی برادری نے کراچی پریس کلب پر احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب پر کراچی یونین آف جرنلسٹ کی جانب سے سینئر صحافی آفتاب عالم اور نجی نیوز چینل کے سینئر سیٹلائٹ انجینئرارشد علی جعفری کے قتل پر سنگین خدشات کا اظہار کیا گیا۔

    انہوں نے حکام سے قاتلوں کو گرفتار کرنے اور میڈیا کے اہلکاروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔

    اسی طرح کا ایک مظاہرہ لاہور میں کیا گیا جس کے دوران احتجاج کرنے والوں نے ارشد علی جعفری اور آفتاب عالم کے قتل کو ‘ظلم کی بدترین مثال’ قرار دیا۔

    انہوں نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا اور کوئی کارروائی نہیں ہونے کی صورت میں میڈیا کے نمائندوں کی طرف سے ملک بھر میں احتجاجی مہم کے بارے میں بھی خبردار کردیا۔

  • سندھی قوم پرستوں کی اپیل پر صوبے بھر میں مکمل شٹر ڈاون

    سندھی قوم پرستوں کی اپیل پر صوبے بھر میں مکمل شٹر ڈاون

    کراچی: جئے سندھ قومی محاذ کی اپیل پر آج سندھ بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں مکمل شٹر ڈاون ہرتال جاری ہے۔

    قوم پرست کارکنوں کو اغوا اور تشدزدہ لاشیں ملنے اورڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قتل کیخلاف جئے سندھ قومی محاذ اور سندھ بچاؤ کمیٹی کی جانب سے دی گئی ہڑتال کی کال پر سندھ کے مختلف شہروں میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔

    جسقم کی ہڑتال کے موقع پر نواب شاہ شہر کی اہم مارکیٹیں اور دیگر تجارتی مراکز مکمل طور پر بند ہیں۔ شہر میں وقفے وقفے سے رات بھر ہوائی فائرنگ اور ٹائر نذر آتش کئے جارہے ہیں۔ حیدرآباد میں بھی تمام تجارتی مراکز اور پیٹرول پمپ بند ہونے کے باعث شہریوں کعو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    شکارپو میں مختلف مقامات پر قوم پرست کارکنوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ جام شورو سمیت دیگر علاقوں میں ٹریفک نہ ہونے کے باعث سڑکیں ویرانی کا منظر پیش کررہی ہیں۔