Tag: dengue

  • ڈینگی ٹیسٹ کی فیس فکس کرنے کا فیصلہ

    ڈینگی ٹیسٹ کی فیس فکس کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد(28 اگست 2025): وفاقی حکومت نے ڈینگی ٹیسٹ کی فیس فکس کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں ٹیسٹ کی من مانی فیس وصولی کا نوٹس لیتے ہوئے ڈینگی ٹیسٹ کی فیس فکس کرنے کا اعلان کردیا، اسلام آباد کی حدود میں ٹیسٹ فیس کی 1500 روپے مقرر کردی گئی۔

    اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے ٹیسٹ فیس مقرر کی اسلام آباد میں واقع نجی، سرکاری اسپتال، لیبارٹریز پر فیصلے کا اطلاق ہو گا، اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی نے سیکرٹری صحت، ڈی ایچ او کو مراسلہ ارسال کردیا۔

    ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی نے اسپتالوں، لیبارٹریز کے نام مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد ہیلتھ ریگولیشن 2018 کے تحت ڈینگی ٹیسٹ فیس مقرر ہوئی ہے۔

    اسلام آباد ہیلتھ اتھارٹی کے مطابق اسلام آباد میں ڈینگی ٹیسٹ فیس کا اطلاق 31 دسمبر 2025 تک ہو گا، ٹیسٹ فیس فکس کرنے پر اسپتال، لیبارٹریز سے مشاورت ہوئی ہے۔

    اسپتال، لیبارٹریز ڈینگی ٹیسٹ فیس لسٹ آویزاں کرنے کی پابند ہونگی، ٹیسٹ رپورٹ میں مشین کا نام، کٹ، بیچ نمبر کا اندراج لازم ہو گا، مقررہ سے زائد ڈینگی ٹیسٹ فیس وصولی پر کارروائی ہو گی۔

  • ڈینگی کا سیزن آ گیا، بچاؤ کے لیے کیا کریں؟

    ڈینگی کا سیزن آ گیا، بچاؤ کے لیے کیا کریں؟

    اسلام آباد: این آئی ایچ نے ڈینگی سے متعلق ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے، جس میں خبردار کیا گیا ہے کہ بارشوں کے بعد ڈینگی کے پھیلاؤ کا خطرہ ہے۔

    بارشوں کے بعد ڈینگی وائرس کا خطرہ سروں پر منڈلانے لگا ہے، قومی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ ڈینگی سے متعلق شہریوں اور محکمہ صحت کے لیے ہدایت نامہ جاری کیا جا رہا ہے، جس میں ڈینگی کی علامات، علاج اور احتیاطی تدابیر بتائی گئی ہیں۔

    این آئی ایچ کے مطابق بارشوں کے بعد پنجاب، بلوچستان، شمالی علاقوں میں ڈینگی کیسز بڑھنے کا خدشہ ہے، موسم بہار کے عروج پر ڈینگی ٹرانسمیشن کا آغاز ہوتا ہے، اور وائرس گرم مرطوب موسم میں تیزی سے پھیلتا ہے، اس لیے مون سون سیزن میں ڈینگی بخار کیسز میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

    ڈینگی سے متاثرہ مچھر جرثومے کے پھیلاؤ کا سبب بنتا ہے، اور یہ وائرس مخصوص مچھر سے انسانوں کو منتقل ہوتا ہے، ڈینگی لاروا صاف کھڑے پانی میں افزائش پاتا ہے، اس لیے ڈینگی کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاروے کی افزائش روکنی ہوگی۔ قومی ادارہ صحت نے اسپتالوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ ڈینگی کا پھیلاؤ روکنے کے لیے بروقت اقدامات کیے جائیں۔

    دنیا میں چار اقسام کا ڈینگی وائرس پایا جاتا یے، اور سالانہ 50 تا 100 ملین افراد ڈینگی کا شکار بنتے ہیں، ڈینگی کے 1 فی صد مریضوں کی بیماری پیچیدگی اختیار کرتی ہے، یہ وائرس پاکستان کے قریباً ہر علاقے میں پایا جاتا ہے، ڈینگی کی بروقت تشخیص اور علاج پیچیدگی سے بچاتی ہے۔

    مریم نواز نے ایم ایس میو اسپتال کو عہدے سے ہٹا دیا

    این آئی ایچ کے مطابق ڈینگی بخار کی پیچیدگی سے شرح اموات میں اضافہ ممکن ہے، علامات میں بخار، گلہ خرابی، جسم اور سر درد، قے شامل ہیں، مریض کو 3 تا 14 روز کے لیے زیر علاج رکھا جاتا ہے، مریض میں خون کے نمونے سے ڈینگی کی تشخیص کی جاتی ہے، ڈینگی کے مریض کو الگ رکھ کر وائرس کا پھیلاؤ روکنا ممکن ہے۔

    ڈینگی بخار کے پیچیدہ ہونے پر خون کا بہاؤ ممکن ہے، جس میں خون کی نالیاں پھٹنے لگتی ہیں، اور مریض کو پلیٹ لیٹس میں نمایاں کمی کی شکایت ہوتی ہے، مریض کو دوران بخار پانی کی کمی ہو سکتی ہے، اس لیے محلول کا زیادہ استعمال کریں۔

    ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ شہری گھروں، قرب و جوار میں پانی نہ کھڑا ہونے دیں، گھروں میں صفائی کا خاص خیال رکھیں، پانی کے کھلے برتنوں، ٹینکوں کو ڈھانپ کر رکھیں، ڈینگی مچھر عل الصبح، شام کے اوقات میں حملہ آور ہوتا ہے، اس لیے گھروں کی کھڑکیوں، دروازوں پر جالی دار کپڑا لٹکائیں، اور شہری ڈینگی سیزن میں آدھی آستینوں کا استعمال نہ کریں۔

    واضح رہے کہ این آئی ایچ کے مطابق 2024 میں ملک میں 28 ہزار 427 ڈینگی کیس رپورٹ ہوئے تھے۔

  • لاہور میں رواں سال ڈینگی سے ہلاکت کا پہلا کیس سامنے آ گیا

    لاہور میں رواں سال ڈینگی سے ہلاکت کا پہلا کیس سامنے آ گیا

    لاہور: پنجاب میں ڈینگی کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے، ایسے میں لاہور میں رواں سال ڈینگی سے ہلاکت کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈینگی بخار کے باعث لاہور کے میو اسپتال میں 14 سال کی بچی دم توڑ گئی، 2 روز قبل بچی کو تیز بخار کے باعث میو اسپتال لایا گیا تھا، محکمہ صحت کی جانب سے بھی بچی کی موت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

    محکمہ ہیلتھ کیئر کے مطابق گزشتہ روز صوبے میں ڈینگی کے 85 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، اور ایک ہفتے میں 567 کیس رپورٹ ہوئے، جب کہ رواں سال 6986 ڈینگی کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

    محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 11 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ضلع وسطی میں 2، ضلع شرقی میں 3، ضلع کورنگی میں 1، ضلع جنوبی میں ڈینگی وائرس کے 3، ضلع ملیر اور ضلع کیماڑی سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔

    اسموگ کے باعث لاہور میں کن امراض نے زور پکڑ لیا؟

    کراچی میں نومبر میں مجموعی طور پر ڈینگی وائرس کے 118 کیسز رپورٹ ہوئے، جب کہ 2024 میں ڈینگی وائرس کے اب تک 1864 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

  • راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 83 افراد میں ڈینگی کی تصدیق

    راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 83 افراد میں ڈینگی کی تصدیق

    راولپنڈی: گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 83 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں اسپتالوں میں زیر علاج ڈینگی مریضوں کی تعداد 174 ہو گئی ہے، جب کہ مزید 83 افراد میں تصدیق کے بعد ڈینگی سے متاثرہ کنفرم مریضوں کی تعداد 1255 تک پہنچ گئی، جب کہ رواں سیزن میں اس سے 5 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ نئے کیسز میں 47 مریض پوٹھوہار ٹاؤن، 13 میونسپل کارپوریشن سے آئے، راولپنڈی کنٹونمنٹ میں 14 اور کہوٹہ میں 3 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ چکلالہ کنٹونمنٹ سے بھی 3، کلر سیداں سے 2، اور پوٹھوہار رولر سے ایک مریض سامنے آیا۔

    کراچی کے سرکاری اسپتالوں میں خون کے کینسر کے علاج کی سہولیات ناکافی

    محکمہ صحت کے مطابق رواں سیزن میں کانگو کے 2 ملیریا کے 651 مریض آئے، اور منکی پاکس کا اب تک کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا۔

  • پنجاب میں ڈینگی کے دو نئے مریض سامنے آ گئے

    پنجاب میں ڈینگی کے دو نئے مریض سامنے آ گئے

    لاہور: صوبہ پنجاب میں ڈینگی کے دو نئے مریض سامنے آ گئے ہیں، جن میں سے ایک فیصل آباد اور دوسرا گجرات میں رپورٹ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری ہیلتھ علی جان نے بتایا کہ گزشتہ روز صوبے بھر میں ڈینگی کے 2 نئے مریض سامنے آئے ہیں، اور نئے سال کے دوران پنجاب میں اب تک ڈینگی کے 13 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

    سیکریٹری ہیلتھ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فیصل آباد میں ڈینگی کا ایک نیا مریض رپورٹ ہوا، جس سے رواں ماہ کے دوران فیصل آباد میں ڈینگی مریضوں کی تعداد 2 ہو گئی۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گجرات میں بھی ڈینگی کا ایک نیا مریض رپورٹ ہوا، ڈینگی کے ایک مریض کا تعلق راولپنڈی سے ہے۔

    سیکریٹری ہیلتھ کے مطابق پنجاب کے اسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے 7 مریض زیر علاج ہیں، رواں ماہ کے دوران لاہور میں بھی ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔

  • بنگلادیش میں وبا سے 1606 افراد ہلاک

    بنگلادیش میں وبا سے 1606 افراد ہلاک

    ڈھاکا: بنگلا دیش میں بدترین ڈینگی پھیلنے سے 1606 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلادیش ڈینگی بخار کی بدترین وبا کی زد پر ہے، رواں برس اس مہلک وبا سے ہلاکتوں کی تعداد سولہ سو سے بڑھ گئی ہے۔

    بنگلادیش میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پیر کو مزید 8 افراد مچھروں سے پھیلنے والے وائرل ڈینگی بخار کا شکار ہوئے، جن میں سے چار اموات ڈھاکا میں ہوئیں، جو اس مہلک بیماری کا مرکز بنا ہوا ہے، اس سال کل اموات میں سے 930 کا تعلق ڈھاکا سے تھا۔

    بنگلادیش نے ڈینگی سے متعلق ریکارڈ 2000 میں رکھنا شروع کیا تھا، تب سے اب تک رواں برس ریکارڈ توڑ ڈینگی انفیکشن دیکھنے میں آیا ہے، صحت حکام کے مطابق ڈینگی مون سون کے موسم میں بالعموم جولائی سے ستمبر تک مچھروں کی بھرمار کے باعث پھیلتی ہے۔

    بنگلادیشی صحت حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال اب تک تین لاکھ 9 ہزار سے زائد افراد اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ ڈینگی ایسی وبا ہے جو مچھروں سے پھیلتی ہے اور مچھروں کی یہ خاص قسم میٹھے پانی کے تالابوں، کھڑے پانی اور نالوں میں افزائش پاتی ہے۔

    ماہرین صحت نے رواں سال ڈینگی کی طوالت پر تشویش کا اظہار کیا ہے، کیوں کہ عام طور پر مون سون کی بارشیں ختم ہوتے ہی ڈینگی انفیکشن کم ہونا شروع ہو جاتا ہے، تاہم اس بار صرف نومبر میں ڈینگی کے تقریباً 38,000 کیسز ریکارڈ ہو چکے ہیں۔

  • پاکستان میں ڈینگی کا پھیلاؤ: ماہرین نے خبردار کردیا

    پاکستان میں ڈینگی کا پھیلاؤ: ماہرین نے خبردار کردیا

    پاکستان میں ہر سال ڈینگی وائرس کی شدت اور پھیلاؤ میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اب نئی تحقیق میں خبردار کیا گیا کہ ڈینگی ان علاقوں میں بھی پھیل سکتا ہے جہاں یہ وائرس پہلے نہیں تھا۔

    ایک تحقیق کے مطابق گلوبل وارمنگ کے سامنے آنے والے خوفناک اثرات، ماحولیاتی آلودگی میں اضافے اور مستقبل میں مون سون موسم میں تبدیلی کی پیش گوئی کے پیش نظر پاکستان کے ان علاقوں میں بھی ڈینگی وائرس پھیلنے کے خطرات اور خدشات میں اضافہ ہوگیا ہے جن علاقوں میں یہ وائرس پہلے کبھی نہیں پھیلا تھا۔

    ڈینگی کے پھیلاؤ پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور پاکستان میں فیوچر اسپیٹیوٹیمپورل شفٹ کے عنوان سے ہونے والی نئی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کی وجہ سے یہ وائرس اب تک محفوظ اونچائی والے علاقوں تک بھی پہنچ جائے گا۔

    ڈینگی ایک وائرل انفیکشن ہے جو انسانوں میں مچھروں کے کاٹنے سے پھیلتا ہے، عام طور پر یہ ان علاقوں میں پایا جاتا ہے جہاں سال کے بیشتر عرصے میں درجہ حرارت گرم رہتا ہے۔

    تاہم گلوبل چینج امپیکٹ اسٹڈیز سینٹر (جی سی آئی ایس سی)، ہیلتھ سروسز اکیڈمی (ایچ ایس اے) اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے سائنسدانوں اور ماہرین کی جانب سے کی گئی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ ڈینگی کی منتقلی کے لیے موزوں ایام (ڈی ٹی ایس ڈی) مستقبل قریب میں پاکستان کے شمالی علاقوں تک پھیل جائیں گے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ہماری تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ ڈی ٹی ایس ڈی پورے پاکستان میں پھیل جائیں گے، خاص طور پر ان علاقوں میں بھی جہاں ہم نے اس سے قبل ڈینگی انفیکشن نہیں دیکھا۔

    بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے تناظر میں ماہرین نے نوٹ کیا کہ 2020 کی دہائی میں کوٹلی، مظفر آباد اور دروش جیسے بلندی والے شہر، 2050 کی دہائی میں گڑھی دوپٹہ، کوئٹہ، ژوب اور 2080 کی دہائی میں چترال اور بونجی میں ڈی ٹی ایس ڈی میں اضافے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

    تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ اسی دوران کراچی، اسلام آباد اور بالا کوٹ اکیسویں صدی کے دوران ڈینگی کے پھیلاؤ کے سنگین خطرات سے دو چار رہیں گے۔

    تحقیق میں کراچی، حیدر آباد، سیالکوٹ، جہلم، لاہور، اسلام آباد، بالاکوٹ، پشاور، کوہاٹ اور فیصل آباد کو ڈی ٹی ایس ڈی فریکوئنسی کے شکار 10 ہاٹ اسپاٹ شہروں میں شامل کیا گیا ہے۔

    تحقیق میں کہا گیا ہے کہ اچھی خبر یہ ہے کہ موجودہ ہاٹ اسپاٹ شہروں میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے مستقبل میں ڈی ٹی ایس ڈی کم ہونے کا امکان ہے۔

  • سندھ: ملیریا، ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں نے وبائی صورت اختیار کر لی، میڈیکل ٹیم تشکیل

    سندھ: ملیریا، ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں نے وبائی صورت اختیار کر لی، میڈیکل ٹیم تشکیل

    کراچی: سندھ بھر میں ملیریا اور ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں نے وبائی صورت اختیار کر لی، جس کے تدارک کے لیے ایک طبی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں ملیریا اور ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں نے وبائی صورت اختیار کر لی ہے، جس کے بعد مختلف اضلاع میں روزانہ سیکڑوں افراد مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔

    ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ کی ہدایت پر لیاقت یونیورسٹی جامشورو کے رجسٹرار نے 6 رکنی میڈیکل ٹیم تشکیل دے دی، ٹیم کے کنوینئر پروفیسرعبدالرحمان سیال ہیں، جب کہ باقی پانچ ممبران ہیں۔

    ملک بھر میں انسولین کا بحران، انفلوئنزا ویکسین بھی غائب

    ادھر دوسری طرف شوگر کے مریضوں کے لیے انسولین کا اسٹاک ختم ہونے کے باعث کراچی سمیت ملک بھر میں لاکھوں مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے، موسم کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ انفلوئنزا ویکسین بھی مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہے۔

    ماہرین صحت کہتے ہیں کہ شوگر کے مریضوں کے لیے ادویات اور ویکسین کی بروقت فراہمی لازمی ہے، ان کا تسلسل ٹوٹنے سے مریض کے لیے صحت کے سنگین مسائل پیدا ہو جاتے ہیں۔

  • کراچی میں ڈینگی کیسز کی تعداد میں اضافہ

    کراچی میں ڈینگی کیسز کی تعداد میں اضافہ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ڈینگی کیسز کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈیڑھ سو ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کراچی میں ڈینگی کے 140 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ضلع کورنگی میں 49، ضلع شرقی میں 31، ضلع وسطی میں 19 اور ضلع جنوبی میں 14 نئے ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

    محکمہ صحت کے مطابق رواں سال سندھ میں ڈینگی وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 53 ہوگئی جن میں سے 47 کا تعلق کراچی سے ہے۔

    رواں برس کراچی میں ڈینگی کے 13 ہزار 277 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ سندھ بھر میں رواں سال میں ڈینگی کیسز کی کل تعداد 16 ہزار 888 ریکارڈ کی گئی۔

  • بالی ووڈ سپر اسٹار ڈینگی کا شکار ہو گئے

    بالی ووڈ سپر اسٹار ڈینگی کا شکار ہو گئے

    بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان ڈینگی کا شکار ہو گئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان ڈینگی میں مبتلا ہو گئے ہیں، جس کی وجہ سے وہ بگ باس کے آنے والے ایپی سوڈز میں میزبانی نہیں کر سکیں گے۔

    سلمان خان کی طبیعت گزشتہ کچھ دنوں سے ناساز تھی، ڈاکٹروں نے ڈینگی کی تشخیص کر دی ہے، اور آرام کرنے اور جسمانی مشقت سے مکمل پرہیز کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔

    بگ باس کی آنے والی اقساط میں کم از کم ایک دو ہفتوں تک کرن جوہر میزبانی کریں گے۔

    سلمان خان کے قتل کی منصوبہ بندی کرنیوالے 2 افراد گرفتار

    خیال رہے کہ سلمان خان اپنی نئی آنے والی فلم ’کسی کا بھائی، کسی کی جان‘ کی شوٹنگ میں بھی مصروف ہیں، اب فلم کریو سلمان کے بغیر باقی اداکاروں کے ساتھ شوٹنگ شیڈول پورا کر رہا ہے۔