Tag: dengue

  • ڈینگی وائرس ویکسین کی یورپ میں استعمال کی منظوری

    ڈینگی وائرس ویکسین کی یورپ میں استعمال کی منظوری

    جاپان کی دوا ساز کمپنی کی جانب سے تیار کی گئی ڈینگی وائرس کی ویکسین کو یورپی یونین نے استعمال کی اجازت دے دی، سب سے پہلے اگست میں انڈونیشیا نے ویکسین کے استعمال کی منظوری دی تھی۔

    خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق جاپانی دوا ساز کمپنی کی جانب سے تیار کی گئی ڈینگی وائرس سے محفوظ رکھنے کی ویکسین کے کامیاب نتائج کے بعد یورپی یونین میں اس کے استعمال کی اجازت دے دی گئی۔

    جاپانی کمپنی ٹکیڈا نے چند ماہ قبل اپنی ویکسین کیو ڈینگا کے نتائج کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد رواں برس اگست میں سب سے پہلے انڈونیشیا نے ویکسین کے استعمال کی منظوری دی تھی۔

    اب یورپی یونین کی ہیلتھ ایجنسی نے بھی اسے محفوظ قرار دیتے ہوئے 4 سال سے زائد عمر کے افراد میں استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔

    یورپین یونین کے میڈیسن ریگولیٹری ادارے نے کیو ڈینگا کے استعمال کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ اسے 4 سال سے زائد عمر کے تمام افراد پر استعمال کیا جا سکتا ہے اور اس کے ٹرائل کے نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ ویکسین چار طرح کے ڈینگی وائرسز پر اثر دکھاتی ہے۔

    ادارے کے مطابق مذکورہ ویکسین کے 19 ٹرائلز کیے گئے، جس دوران 15 ماہ سے 60 سال کی عمر کے 27 ہزار افراد کو ویکسین لگا کر ان میں اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

    ادارے نے بتایا کہ ٹرائل کے نتائج سے معلوم ہوا کہ کیو ڈینگا لگوانے کے بعد ڈینگی کے شکار مریضوں کو اسپتال داخل کروانے کے امکانات 84 فیصد کم ہوجاتے ہیں جبکہ اس سے اگلے 4 سال تک ڈینگی کی علامات نظر نہ آنے کے امکانات بھی 60 فیصد تک کم ہوجاتے ہیں، یعنی ویکسی نیشن کے بعد ڈینگی کے مریض میں چار سال تک 60 فیصد کوئی علامات نظر نہیں آئیں گی۔

    ڈینگی وائرس دنیا بھر میں ملیریا کے بعد دوسرا وائرل مرض ہے جو مچھر کے کاٹنے سے پھیلتا ہے، اس سے دنیا بھر میں سالانہ 40 کروڑ افراد متاثر ہوتے ہیں جبکہ اس سے سالانہ 25 ہزار تک اموات ہوتی ہیں اور مرنے والے میں زیادہ تر نوعمر افراد ہوتے ہیں۔

    ڈینگی وائرس کا اس وقت کوئی مستند علاج موجود نہیں ہے لیکن بلڈ ٹیسٹ کے ذریعے دیگر متبادل ادویات کے ذریعے اس کا کامیاب علاج کیا جاتا ہے۔

    ڈینگی سے تحفظ کے لیے جاپانی کمپنی سے قبل امریکی کمپنی فائزر، سنوفی اور جی ایس کے نے بھی اس کی ویکسینز بنائی ہیں، تاہم تمام کمپنیز کی ویکسینز کو تاحال دنیا بھر میں عام استعمال نہیں کیا جا رہا ہے۔

    یورپی یونین کی جانب سے ڈینگی وائرس کی ویکسین کے استعمال کی اجازت دیے جانے کے بعد اب خیال کیا جا رہا ہے کہ اسے دنیا کے دیگر ممالک بھی استعمال کرنے کی اجازت دیں گے۔

  • رواں برس ملک میں ہزاروں ڈینگی کیسز رپورٹ: تشویشناک رپورٹ جاری

    رواں برس ملک میں ہزاروں ڈینگی کیسز رپورٹ: تشویشناک رپورٹ جاری

    اسلام آباد: رواں برس ملک بھر میں کرونا کیسز میں کمی آنے کے بعد ڈینگی وائرس نے سر اٹھا لیا، ملک میں 40 ہزار سے زائد ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق ادارہ قومی صحت نے ملک میں سال بھر کے ڈینگی کیسز کی رپورٹ جاری کردی، رواں سال ملک بھر میں 41 ہزار 746 ڈینگی کیسز سامنے آئے اور 84 اموات ہوئیں۔

    قومی ادارہ صحت کی رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ 4 روز کے دوران ملک بھر میں 4 ہزار 194 ڈینگی کیسز اور 6 اموات رپورٹ ہوئیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ڈینگی کا سب سے زیادہ پھیلاؤ صوبہ سندھ میں رہا، سندھ میں 12 ہزار 947 کیسز اور 43 اموات ہوئیں۔

    خیبر پختونخواہ میں 11 ہزار 613 ڈینگی کیسز اور 9 اموات، پنجاب میں 9 ہزار 410 کیسز اور 25 اموات، بلوچستان میں 3 ہزار 949 کیسز، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 3 ہزار 169 کیسز اور 7 اموات جبکہ آزاد کشمیر میں 677 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

    رواں سال بلوچستان اور آزاد کشمیر میں ڈینگی سے کوئی واقع نہیں ہوئی جبکہ گلگت بلتستان میں ڈینگی وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

    قومی ادارہ صحت نے ڈینگی کیسز کی رپورٹ وزارت صحت کو ارسال کر دی ہے۔

  • کراچی میں ڈینگی کیسز میں تشویشناک اضافہ

    کراچی میں ڈینگی کیسز میں تشویشناک اضافہ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے، سندھ میں ڈینگی سے ہونے والی 38 اموات میں سے 36 کراچی میں ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹے میں شہر میں ڈینگی کے 241 نئے کیسز سامنے آگئے۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ضلع شرقی میں 66 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے، ضلع وسطی میں 55، ضلع جنوبی میں 36، ضلع کورنگی میں 33، ضلع ملیر میں 28، ضلع کیماڑی میں 13 اور ضلع غربی میں 10 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

    محکمہ صحت کا مزید کہنا ہے کہ رواں سال صوبہ سندھ میں ڈینگی سے اموات کی تعداد 38 ہوگئی ہے جن میں سے 36 کا تعلق کراچی سے ہے۔

  • ڈینگی: سی بی سی ٹیسٹ فیس 100 روپے مقرر

    ڈینگی: سی بی سی ٹیسٹ فیس 100 روپے مقرر

    اسلام آباد: حکومت نے اسلام آباد میں سی بی سی ٹیسٹ کی من مانی فیس وصولی کا نوٹس لیتے ہوئے فیس 100 روپے مقرر کر دی۔

    ذرائع وزارت صحت کے مطابق اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی نے کمپلیٹ بلڈ کاؤنٹ ٹیسٹ (سی بی سی) کی فیس مقرر کر دی، وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کے مریضوں سے اس کی من مانی فیس وصول کی جا رہی تھی۔

    وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سی بی سی ٹیسٹ سے ڈینگی مریض کے پلیٹ لیٹس کی تعداد چیک ہوتی ہے، اس لیے ان کی سہولت کے لیے فیس مقرر کی گئی ہے۔

    اس فیصلے کا اطلاق اسلام آباد میں واقع نجی و سرکاری اسپتالوں اور لیبارٹریز پر ہوگا، اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی نے اس سلسلے میں چیف کمشنر اور ڈی سی کو مراسلہ جاری کر دیا، یہ مراسلہ سی ای او ڈریپ، این آئی ایچ، تمام اسپتالوں اور لیبارٹریز کو بھی بھیجا گیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد ہیلتھ ریگولیشن 2018 کے تحت سی بی سی ٹیسٹ فیس مقرر ہوئی ہے، مقررہ فیس کا اطلاق 31 دسمبر 2022 تک ہوگا، فیس مقرر کرنے کے لیے اسپتالوں اور لیبارٹریز سے بھی مشاورت کی گئی ہے۔

    اسپتال اور لیبارٹریاں سی بی سی ٹیسٹ فیس کی فہرست آویزاں کرنے کی پابند ہوں گی، اس ٹیسٹ رپورٹ میں مشین، کٹ، بیچ نمبر کا اندراج لازم ہوگا، مقررہ سے زائد فیس وصولی پر کارروائی ہوگی۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد میں لیبارٹریاں سی بی سی کی 1 ہزار فیس وصول کر رہی تھیں۔

  • اسلام آباد میں ایک روز میں ڈینگی کے درجنوں کیسز رپورٹ

    اسلام آباد میں ایک روز میں ڈینگی کے درجنوں کیسز رپورٹ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس کے درجنوں کیسز رپورٹ کیے گئے، رواں سیزن میں اب تک 17 سو سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر زعیم رضا کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران شہر میں 77 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے، 41 کیسز دیہی اور 36 شہری علاقوں سے رپورٹ ہوئے۔

    ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ رواں سیزن میں 17 سو 34 ڈینگی کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 5 اموات ہوچکی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 17 مریض پمز اسپتال، 9 پولی کلینک اور 2 نجی اسپتالوں میں داخل کیے گئے ہیں۔

    علاوہ ازیں راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال میں 11 اور ڈی ایچ کیو راولپنڈی میں 2 ڈینگی مریض داخل کیے گئے ہیں۔

    ڈی ایچ او کے مطابق 24 گھنٹے میں نجی لیبارٹریز سے 30 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

  • ملک کے مختلف شہروں میں ڈینگی بے قابو، کراچی میں مزید 2 افراد جان کی بازی ہار گئے

    ملک کے مختلف شہروں میں ڈینگی بے قابو، کراچی میں مزید 2 افراد جان کی بازی ہار گئے

    کراچی: ملک کے مختلف شہروں میں ڈینگی بے قابو ہو گیا ہے، قاتل مچھر نے کراچی میں مزید 2 افراد کی جان لے لی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں ڈینگی کے مریضوں سے اسپتال بھر گئے ہیں، کراچی میں بھی کیسز میں اضافہ جاری ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ضلع جنوبی اور ملیر میں زہریلا مچھر دو زندگیاں نگل گیا۔

    محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں ڈینگی کا پھیلاؤ تیزی سے ہو رہا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 324 نئے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، رواں ماہ اب تک ڈھائی ہزار ڈینگی کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

    محکمہ صحت سندھ کے مطابق ستمبر میں ڈینگی کے اب تک 2 ہزار 469 کیسز سامنے آ چکے ہیں، جب کہ ڈینگی سے اب تک انتقال کرنے والوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔

    اسلام آباد میں مزید 179 افراد ڈینگی مچھر کا نشانہ بنے، لاہور سمیت پنجاب میں بھی ڈینگی کے حملے بڑھنے لگے ہیں، راولپنڈی، لاہور اور گوجرانوالہ میں مزید 191 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔

    سیکریٹری صحت کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران پنجاب سے ڈینگی کے 191 کیسز رپورٹ ہوئے، راولپنڈی سے 84، لاہور سے 60، گوجرانولہ سے 10کیسز رپورٹ ہوئے۔

    رواں سال کے دوران پنجاب میں ڈینگی کے 3288 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں، رواں سال کے دوران لاہور سے ڈینگی کے 1337 کیسز سامنے آئے، جب کہ رواں سال ڈینگی بخار سے 4 افراد انتقال کر چکے ہیں۔

    خیبر پختون خوا میں ڈینگی سے اموات کی تعداد 5 ہو گئی ہے، دوسری طرف بخار کی دوا مارکیٹ سے غائب کر دی گئی ہے اور بلیک میں فروخت ہو رہی ہے، لیبارٹریوں میں بھی ٹیسٹ کرانے والوں کا رش بڑھ گیا ہے۔

  • پنجاب میں ڈینگی کا پھیلاؤ زوروں پر

    پنجاب میں ڈینگی کا پھیلاؤ زوروں پر

    لاہور: مون سون کی بارشوں کے بعد صوبہ پنجاب میں ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ زوروں پر ہے، اب تک صوبے میں 3 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے 188 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    سیکریٹری صحت کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی سے 80، لاہور سے 62، گوجرانولہ سے 14 جبکہ قصور، چکوال، مظفر گڑھ اور بہاولپور سے 4 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

    سیکریٹری صحت کے ممطابق رواں سال پنجاب میں ڈینگی کے 3 ہزار 101 مریض رپورٹ ہوچکے ہیں، صرف لاہور سے ڈینگی کے کل 12 سو 77 کیسز سامنے آئے۔

  • کراچی میں ڈینگی وائرس نے وبائی صورت اختیار کر لی، اسپتال میں حبس سے مریض بے ہوش

    کراچی میں ڈینگی وائرس نے وبائی صورت اختیار کر لی، اسپتال میں حبس سے مریض بے ہوش

    کراچی: شہر قائد میں ڈینگی وائرس نے وبائی صورت اختیار کر لی ہے، سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی میں شدید گرمی اور حبس سے ڈینگی مریض بے ہوش ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں ڈینگی کے کیسز سامنے آ رہے ہیں تاہم کراچی میں صورت حال تشویش ناک ہو گئی ہے، مریضوں کی بھرمار کی وجہ سے اسپتالوں میں بستر کم پڑ گئے ہیں۔

    سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی میں ڈینگی بخار میں مبتلا مریض رل گئے، شدید گرمی اور حبس میں ڈینگی کے مریض بے ہوش ہونے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔

    معلوم ہوا ہے کہ سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی میں جنریٹر ہونے کے باوجود انتظامیہ نہیں چلا رہی، جس پر ڈینگی کے شکار مریض اور تیمار داروں نے شدیدغم و غصے کا اظہار کیا۔

    مریضوں نے اسپتال انتظامیہ پر جنریٹر نہ چلانے اور فیول فنڈز میں خود برد کا الزام لگایا، دوسری طرف اسپتال انتظامیہ نے مؤقف دینے سے انکار کر دیا ہے۔

    صوبائی محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کراچی میں ڈینگی کے مزید 192 کیسز رپورٹ ہوئے، ضلع شرقی سے 45، وسطی سے 26، کورنگی سے 63 کیسز سامنے آئے۔

    رواں ماہ اب تک کراچی میں 1620 ڈینگی کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جب کہ سندھ بھر میں رواں سال اب تک ڈینگی کیسز کی تعداد 4230 ہو گئی ہے۔

    ادھر اسلام آباد میں بھی ڈینگی کے مزید 72 کیس رپورٹ ہوئے ہیں، وفاقی دارالحکومت میں کیسزکی مجموعی تعداد 943 ہو گئی، پنجاب میں ڈینگی کے 164نئے کیس سامنے آئے۔

  • اسلام آباد میں ایک روز میں درجنوں ڈینگی کیسز رپورٹ

    اسلام آباد میں ایک روز میں درجنوں ڈینگی کیسز رپورٹ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈینگی کیسز میں نمایاں اضافہ ہوگیا، رواں سیزن میں اسلام آباد میں 214 ڈینگی کیسز سامنے آچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ڈینگی کیسز میں نمایاں اضافہ ہونے لگا، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 22 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ 17 ڈینگی کیسز دیہی اور 5 شہری علاقوں سے رپورٹ ہوئے۔

    ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ رواں سیزن میں اسلام آباد میں 214 ڈینگی کیسز سامنے آچکے ہیں، دیہی علاقوں سے 163 اور شہری علاقوں سے 51 ڈینگی کیسز سامنے آئے۔

    رواں سیزن میں اب تک ڈینگی سے ایک مریض انتقال کر چکا ہے۔

  • سیلابی پانی میں ڈینگی وائرس پنپنے لگا، پنجاب میں کیسز رپورٹ

    سیلابی پانی میں ڈینگی وائرس پنپنے لگا، پنجاب میں کیسز رپورٹ

    لاہور: صوبہ پنجاب میں سیلابی پانی میں ڈینگی وائرس سر اٹھانے لگا، صوبے بھر میں ایک روز میں 20 سے زائد ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے 32 مریض رپورٹ کیے گئے، راولپنڈی سے 15، لاہور سے 11، ملتان، خانیوال، بہاولپور، میانوالی، راجن پور اور جہلم سے 1، 1 کیس رپورٹ کیا گیا۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ صوبے میں انسداد ڈینگی کی کوششیں جاری ہیں، گزشتہ روز لاہور میں 283 مقامات سے ڈینگی لاروا تلف کیا گیا۔

    سیکریٹری صحت کے مطابق رواں سال پنجاب میں ڈینگی کے 1 ہزار 34 مریض رپورٹ ہوچکے ہیں، صرف لاہور سے ڈینگی کے کل 441 کیسز سامنے آئے۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ رواں سال صوبے میں ڈینگی سے 3 اموات ہوچکی ہیں۔