Tag: deputy speaker punjab assembly

  • عدم اعتماد پر ووٹنگ کل کرائیں گے، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی

    عدم اعتماد پر ووٹنگ کل کرائیں گے، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی

    لاہور : ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم نے کہا ہے کہ ہمارا نمبر پورا ہے تسلی ہے، ہم نے186کا نمبر کراس کرلیا ہے، عدم اعتماد پر ووٹنگ کل کرائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    واثق قیوم نے کہا کہ اعتماد کے ووٹ کیلئے اسے ایجنڈے پر لانا ضروری ہے، کل ہی کہ دیا تھا کہ ہمارے پاس سرپرائز ہے، بس سرپرائزکے لیے ایک موقع چاہیے تھا وہ موقع ہمیں مل گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے نمبرز پورے ہیں ہمیں تسلی ہے کہ ہم نے186کا نمبر کراس کرلیا ہے، ہمارا مقصد نمبر پورے کرنا تھا اور ہم نے اسے شو کرادیا ہے، ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ اعتماد کے ووٹ کیلئے تیار ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ کل اپنی تیاری کے ساتھ عدالت جائیں گے،
    ہم نے کہا تھا ہمارے لوگ مائنس نہیں پلس میں جارہے ہیں، سوال کیا جاتا تھا کہ ہماری تعداد پوری نہیں آج اس کا جواب بھی دے دیا۔

    انہوں نے کہا کہ ہاؤس کی کارروائی ایجنڈے کے مطابق چلے گی، نمبرز پورے کرکے دکھا دیئے اب اپوزیشن دوسرا راستہ تلاش کرے گی۔

    واثق قیوم کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری نے نمبرز سے متعلق جو کہا تھا میں بھی تصدیق کرتا ہوں، کل وزیراعلیٰ پنجاب پر اعتماد کے لیے قرارداد بھی پیش کی جاسکتی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ عدم اعتماد پر ہم ووٹنگ کل کرائیں گے، ابھی ایک اور سرپرائز بھی باقی ہے حکمران اس وقت کا انتظارکریں۔

  • سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کو طلب کرلیا

    سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کو طلب کرلیا

    لاہور: ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کےخلاف پی ٹی آئی اور ق لیگ کی درخواست پر عدالت عظمیٰ نے دوست محمد مزاری کو طلب کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی اور ق لیگ کی درخواست پر چیف جسٹس سپریم کورٹ ،جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔

    سماعت کے آغاز پر کمرہ عدالت میں تحریک انصاف کےوکلابیرسٹر علی ظفر ،عامر سعید راں روسٹرم پرموجود رہے جبکہ اسد عمر،فواد چوہدری،حسین الٰہی سمیت دیگرپی ٹی آئی اور ق لیگ
    کی قیادت عدالت میں موجود تھی۔

    تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹرعلی ظفر نے دلائل کے آغاز میں بتایا کہ کل پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کےانتخاب کےلیےدوسرا راؤنڈ ہوا، جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ اسمبلی میں کتنے ارکان موجود تھے؟پی ٹی آئی وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایوان میں 370 ارکان تھے، پرویز الہی کو 186 ووٹ، حمزہ شہبازکو 179 ووٹ ملے،آئینی طور پر پرویزالہٰی وزیراعلیٰ کا الیکشن جیت گئے تھے تاہم ڈپٹی اسپیکر نے ان کے10 ووٹ مسترد کردئیے۔

    تحریک انصاف کے وکیل کے دلائل کی بنیاد پر سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا
    اور انہیں اسمبلی کےالیکشن کاریکارڈ بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی۔

    اس کے علاوہ سپریم کورٹ نےحمزہ شہبازکو بھی طلب کرلیا جبکہ اٹارنی جنرل اورایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو عدالتی معاونت کے لئے طلب کیا۔

    چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ہمارے فیصلے میں ایسا کچھ نہیں جو ڈپٹی اسپیکرنے کہا، ہم ہمیشہ سیکھتے ہیں، ڈپٹی اسپیکربتادیں کس پیرا میں وہ لکھا ہے؟ جو انہوں نے حوالہ دیا، ڈپٹی سپیکر آکر ہمیں گائیڈ کریں کہ کس پیرا گراف میں یہ کہا ہے؟

    جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دئیے کہ پارٹی سربراہ صرف پارلیمانی پارٹی کی ڈائریکشن کی خلاف ورزی پر رپورٹ کرسکتا ہے، جمہوری روایات یہی ہیں کہ پارلیمانی پارٹی ہی کہتی ہے کہ کس کوووٹ ڈالنا ہے؟۔

    سپریم کورٹ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ حمزہ شہبازکےحلف لینےسےکچھ نہیں ہوتا، آئین کی روح کے مطابق عمل ہوناچاہیے، ہم ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کو ذاتی طورپرسننا چاہتے ہیں۔

    بعد ازاں ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کےخلاف پی ٹی آئی اور ق لیگ کی درخواست پرسماعت دن دو بجے تک ملتوی کردی گئی۔

    کیس کی سماعت کے موقع پر پولیس کی اضافی نفری سپریم کورٹ رجسٹری کے باہر تعینات رہی، لاہور رجسٹری میں عام افراد کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا۔

    دوسری جانب تحریک انصاف کے وکیل فیصل چوہدری نے بذریعہ ویڈیو لنک سماعت کی درخواست بھی دائر کردی ہے، درخواست ڈپٹی رجسٹرارجوڈیشل کو تحریری طور پر جمع کرادی گئی ہے۔

    فیصل چوہدری نے استدعا کی کہ لاہور رجسٹری میں سماعت کی ویڈیو لنک سہولت پرنسپل سیٹ اسلام آباد پربھی فراہم کیاجائے۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی، ق لیگ کا ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو چیلنج کرنےکا فیصلہ

    واضح رہے کہ رات گئے پرویزالٰہی کے وکیل عامرسعید ایڈووکیٹ نے ڈپٹی اسپیکرپنجاب اسمبلی کی رولنگ کےخلاف پٹیشن تیار کی تھی

    جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ آج وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کےلیےووٹنگ کرائی گئی چوہدری پرویزالٰہی نے186 ووٹ حاصل کئے لیکن ڈپٹی اسپیکر نے غیرقانونی اورغیرآئینی طورپررولنگ دی۔

    درخواست میں کہا گیا تھا کہ ڈپٹی اسپیکر نے غیرقانونی غیرآئینی رولنگ دےکر10 ووٹ شمار نہیں کیے ڈپٹی اسپیکرکی رولنگ سپریم کورٹ کےفیصلےکی خلاف ورزی ہے رولنگ آئین کےآرٹیکل63اےکی بھی خلاف ورزی ہے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت ڈپٹی اسپیکرپنجاب اسمبلی کے ووٹ پر رولنگ کالعدم قرار دے۔

  • الیکشن آج ہی ہوں گے نتیجہ آج ہی ہوگا، دوست مزاری

    الیکشن آج ہی ہوں گے نتیجہ آج ہی ہوگا، دوست مزاری

    ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلیے الیکشن آج ہی ہوں گے اور نتیجہ بھی آج ہی ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے اجلاس کے آغاز سے قبل میڈیا سے گفتگو کی جس میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کیلیے ووٹنگ آج ہی ہوگی اور نتیجہ بھی آج ہی ہوگا۔

    ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ کل عدالت نے فیصلہ دیا ہے کہ الیکشن فری اینڈ فیئر کرانا ہے میں فری اینڈ فیئر الیکشن کرانے کی کوشش کرونگا اور یہ الیکشن ہر لحاظ سے صاف وشفاف ہوگا۔

    دوست محمد مزاری نے کہا کہ میں نے اسمبلی میں پریشر دینا ہے لینا نہیں ہے، پوری کوشش ہوگی کہ خوش اسلوبی سے یہ عمل مکمل کریں۔

    انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ دونوں طرف سے ماحول ایسا بنے کہ اجلاس ملتوی ہوجائے لیکن واضح کردوں کہ وزیراعلیٰ پنجاب کیلیے ووٹنگ آج ہی ہوگی اور نتیجہ بھی آج ہی ہوگا۔

    ڈپٹی اسپیکر دوست محمد نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میری حمزہ سےملاقات کا کوئی ثبوت ہے تو مجھے دکھا دیں۔

    اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر نے میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے پچھلے کئی دنوں سے مثبت کردار ادا کیا ہے میڈیا کے نمائندوں کو اسمبلی الیکشن دیکھنے کا موقع ملے گا۔