کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی میں نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی میں نامعلوم مسلح شرپسندوں نے ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں پولیس اہلکار شدید زخمی ہوئے۔
فائرنگ کے بعد ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچی اور دونوں اہلکاروں کو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔ پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کردی ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سنیئر پولیس اہلکاروں سے رپورٹ طلب کی اور واقعے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کی ہدایات کیں۔
یاد رہے بلوچستان مسلسل دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے، رواں سال اکتوبر کے ماہ میں مسلح افراد نے گوادر کے علاقے جیونی بازار میں کوسٹ گارڈ کی گاڑی پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 2 کوسٹ گارڈ سمیت تین افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
علاوہ ازیں جیونی بازار واقعے سے دو روز قبل مستونگ میں فائرنگ کا واقع پیش آیا جس میں ایک شخص دہشت گردوں کی گولیوں کا نشانہ بنا جبکہ اکتوبر کے ماہ میں سریاب روڈ سے 12 کلومیٹر دور پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملہ کر کے 63 کیڈیٹرز کو شہید کردیا تھا بعد ازاں سیکیورٹی اداروں نے آپریشن کا آغاز کیا جس میں تین دہشت گردوں کو بھی نشانہ ہلاک کیا گیا تھا۔