Tag: destroy

  • ڈیلیوری کے دوران لاکھوں روپے مالیت کا فریج گر کر چکنا چور

    ڈیلیوری کے دوران لاکھوں روپے مالیت کا فریج گر کر چکنا چور

    امریکا میں ایک فریج کی ڈیلیوری کے دوران فریج زمین پر گر کر چکنا چور ہوگیا اور خریدنے والے کو ہزاروں ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑ گیا۔

    امریکی ریاست اوہائیو کے رہائشی جونز نامی شخص نے اپنے پرانے فریج کی جگہ نیا فریج خریدا، لیکن جب اس کا فریج اسے موصول ہوا تو وہ بری طرح تباہ شدہ تھا۔

    بعد ازاں ڈرائیو وے میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج سے پتہ چلا کہ کس طرح ڈیلیوری کرنے والے اسے غیر ذمہ دارانہ انداز میں ڈیلیور کر رہے تھے۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ڈیلیوری بوائے نہایت غیر محفوظ انداز میں صرف ٹرالی پر فریج کو رکھ کر گھر کی جانب لے کر جارہا ہے، اس دوران اس نے ٹرالی کو سیدھا کیا تو فریج پھسل کر زمین پر گر گیا اور اس کا سامنے کا حصہ چکنا چور ہوگیا۔

    دوسرا ڈیلیوری بوائے گاڑی کے پاس سے بھاگتا ہوا آیا، اس دوران وہ چیختا رہا کہ تم نے میرا انتظار کیوں نہیں کیا، تم کچھ دیر رک نہیں سکتے تھے؟

    بعد ازاں ڈیلیوری کرنے والوں نے اسے اسی طرح مالک تک پہنچایا اور کہا کہ یہ مینو فیکچرر سے اسی طرح ٹوٹا ہوا موصول ہوا، تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج نے ان دونوں کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

    فریج خریدنے والے کا کہنا تھا کہ اس نے نیا فریج 4 ہزار 200 ڈالرز (6 لاکھ 61 ہزار سے زائد پاکستانی روپے) میں خریدا تھا، شکر ہے کہ ابھی اس کا پرانا فریج موجود ہے اور وہ فریج سے مکمل طور پر محروم نہیں ہوا۔

    جونز کمپنی کو سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج بھجوانے کے بعد اب دوسرے فریج کا انتظار کر رہا ہے۔

  • امریکی بحری بیڑے کو ایران ایک میزائل سے تباہ کرسکتا ہے

    امریکی بحری بیڑے کو ایران ایک میزائل سے تباہ کرسکتا ہے

    تہران : ایرانی عالم دین نے خطبہ جمعہ کے دوران دعویٰ کیا ہے کہ ایران امریکی بحری بیرے کو ایک میزائل سے تباہ کرسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں اس وقت اضافہ ہوا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سنہ 2015 میں عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان ہونے والے جوہری معاہدے سے دستبرداری کے بعد ایران پر نئی پابندیوں کا اعلان کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایرانی عالم دین یوسف طبا طبائی نژاد کی جانب سے یہ دعویٰ بحری بیڑے ابراہام لنکن کی مشرق وسطیٰ آمد کے کیا گیا ہے۔

    مولانا یوسف طباطبائی نے اصفھان میں جمعے کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’اربوں ڈالر مالیت کے طیارہ بردار بیڑے کو صرف ایک میزائل سے تباہ کرسکتے ہیں‘۔

    دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ اگر ایران نے کسی بھی قسم کا کوئی حملہ کیا تو اس کا رد عمل بہت شدید و فوری آئے گا، ایرانی حکومت کو یہ بات سمجھنا ہوگی اگر امریکا یا اس کے شہریوں کے خلاف اس نے یا اس کے کسی گروپ نے حملے کی کوشش کی تو فوری اور فیصلہ کن ردعمل آئے گا۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ نے ایران دھمکیوں کے بعد امریکی بحری بیڑا مشرق وسطیٰ میں بھیجا تھا، دو روز قبل مصر کی نہر سویز سے گزرا تھا۔

  • عراقی فوج نے داعش کے میڈیا سینٹر سمیت 15 ٹھکانوں کو تباہ کردیا

    عراقی فوج نے داعش کے میڈیا سینٹر سمیت 15 ٹھکانوں کو تباہ کردیا

    بغداد : عراق کی انسداد دہشت گردی فورسز نے شمالی حصے ہمرین میں داعش کے میڈیا سینٹر سمیت متعدد ٹھکانوں کو تباہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق عراقی ملٹری کے ترجمان جنرل یحیحیٰ رسول کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے خصوصی احکامات کی روشنی میں انسداد دہشت گردی فورس نے ہمرین کے پہاڑوں میں موجود داعش کے باقی ماندہ دہشت گردوں پر حملہ کیا۔

    انہوں نے تسلیم کیا کہ داعش کے خلاف آپریشن میں عراق سمیت امریکی اتحادی فضائیہ کے طیاروں نے بھی حصہ لیا۔

    سی ٹی ایس کے ترجمان شباب الننان نے بتایا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن چار دن تک جاری رہا اور اس دوران داعش کے 15 ٹھکانے تباہ کیے گئے۔

    خیال رہے کہ داعش نے 2014 کے سرما میں عراق کے شمال مغرب میں ملک دوسرے بڑے شہر موصل کا قبضہ حاصل کرنے کے بعد دارالحکومت بغداد کی جانب پیش قدمی کی تھی۔

    بعدازاں امریکا نے فضائی کارروائی کے ذریعے عراق کی سرحدوں پر قبضہ کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف مسلح مہم شروع کردی گئی تھی اور طویل جدوجہد کے بعد فوج نے رواں سال جولائی میں موصل کا قبضہ دوبارہ حاصل کرلیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراقی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ داعش کے میڈیا سینٹر، جہاں سے ہفتہ وار میگزین الناب شائع ہوتا تھا تباہ کردیا گیا جبکہ خصوصی ٹیم قبضے میں لیے گئے کمپیوٹر اور دستاویزات کا جائزہ لے رہی ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ عراق کے دیگر حصوں میں اسی طرز کے دیگر انسداد دہشت گردی پر مشتمل حملے کیے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ 2017 کے اواخر میں عراق کی فوج نے امریکی سربراہی میں اتحادیوں کی حمایت سے داعش سے تین سال سے بھی زائد عرصے تک قبضے میں رہنے والے قصبے راوہ کا کنٹرول حاصل کیا تھا۔

    عراق کی وزارت دفاع کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ رسول نے کہا تھا کہ فوج اور مقامی قبائلی جنگجو نے مغربی صوبے انبار کے علاقے راوہ میں پانچ گھنٹے کی لڑائی کے بعد داعش کو پیچھے دھکیل دیا گیا اور علاقے کا قبضہ دوبارہ حاصل کرلیا گیا۔

    عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے راوہ کا قبضہ دوبارہ حاصل کرنے پر فوج کو مبارک باد دی تھی، حیدرالعبادی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ عراقی فورسز نے رواہ کو ریکارڈ وقت میں آزاد کروا دیا ہے اور عراق کے مغربی صحرا اور شام کے ساتھ سرحد پر دوبارہ قبضہ حاصل کرنے کے لیے آپریشن جاری رکھا۔

  • حزب اللہ کی ایک اور سرنگ تباہ کردی، اسرائیل فورسز کا دعویٰ

    حزب اللہ کی ایک اور سرنگ تباہ کردی، اسرائیل فورسز کا دعویٰ

    تل ابیب : غاصب اسرائیلی فورسز نے لبنان کی سرحد سے متعصل صیہونی علاقے میں اسلامی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی ایک اور سرنگ تباہ کرنے کا دعویٰ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین پر قابض صیہونی ریاست اسرائیل کی فورسز نے ناجائز ریاست کے سرحدی علاقے میں حزب اللہ کی جانب سے مسلح کارروائیاں کرنے کے لیے کھودی گئی سرنگوں کا دریافت کرنے کا انکشاف کیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ صیہونی فورسز نے لبنان کی سرحد سے منسلک اسرائیلی حدود میں ایک اور سرنگ کا پتہ لگاکر تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کے جنگجوؤ اس سرنگ کے ذریعے اسرائیل میں داخل ہوکر مسلح کارروائیاں کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔

    اسرائیلی فورسز کے ترجمان نے بتایا کہ دھماکا خیز مواد نصب کرکے ایک ہفتے میں یہ دوسری سرنگ مسمار کیا گیا ہے، جس نے حزب اللہ کے افراد اسرائیل میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان بنائی گئیں دوسری سرنگ دو سو میٹر لمبی اور دو میٹر چوڑی تھی۔

    اسرائیلی افواج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ علاقے میں حزب اللہ کی بنائی گئی مزید سرنگیں دریافت ہونے کا امکان ہے۔

    ترجمان اسرائیلی افواج کا کہنا تھا کہ صیہونی فورسز مسلح کارروائیوں کے بنائی حزب اللہ کی سرنگوں تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ فلسطین کی مزاحمتی تنظیموں کے ٹھکانوں کو بھی نقصان پہنچا رہی ہے۔

    ایک ہفتہ قبل اسرائیلی حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ صیہونی افواج نے اسرائیل پر حملوں کے لیے کھودی گئی سرنگوں کو منہدم کرنے کے لیے 4 دسمبر کی رات کام کا آغاز کردیا تھا۔

    خیال رہے کہ صیہونی ریاست کے حکام نے کہا تھا کہ ایرانی حمایت یافتہ لبنانی تنظیم اس سے قبل بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کو پس پشت ڈالتے ہوئے سنگین خلاف ورزیاں انجام دے چکی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کی سنگین خلاف ورزیوں میں اقوام متحدہ کی قرار داد 1701 نمایاں ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکام نے شمالی سرحد کے قریبی علاقوں کو عسکری زون میں تبدیل کرتے ہوئے بند کردیا ہے۔

  • پشاور میں تیز آواز سے ماحول کو متاثر کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاون شروع

    پشاور میں تیز آواز سے ماحول کو متاثر کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاون شروع

    پشاور : خیبر پختونخواہ میں ٹریفک پولیس بھی کلین اینڈ گرین پاکستان بنانے میں حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہوگئی، پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے فضائی آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں سمیت تیز آواز سے ماحول کو متاثر کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاون شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ کے دارلحکومت پشاور میں ٹریفک پولیس نے خوفناک ہارن کے خلاف جاری مہم تیز کردی، گرین اینڈ کلین پاکستان مہم کے تحت تیز ہارن اور ماحول آلودہ کرنے والی گاڑیوں کے 801 ڈرائیوروں سے پریشر ہارن،فلیش لائٹس سمیت دیگر سامان قبضے میں لے کر بلڈوزر سے مسمار کردیا گیا۔

    ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 5300 افراد کو جرمانہ بھی کیا گیا۔

    وی او ایس ایس پی ٹریفک کاشف ذوالفقار کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس بھی حکومت کی کلین اینڈ گرین کمپین کو مزید بہتر بنائے گی، اس کے علاوہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو چالان کرکے13لاکھ روپے بھی قومی خزانے میں جمع کروائے گئے۔

    ٹریفک حکام کے مطابق عام شہراہوں کے ساتھ ساتھ سکول کالجز اور ہسپتالوں کے اطراف بھی تیز ہارن سے شہریوں کو پریشان کرنے والوں کے خلاف خوفناک ہارن کی روک تھام مہم جاری رہے گی۔

    یاد رہے چند روز قبل پشاور پولیس نے وزیراعظم کے کلین اینڈ گرین پاکستان کے تحت فضائی آلودگی کے خاتمہ کیلئے منظم کاروائی کا فیصلہ کیا تھا، اس ضمن میں پہلے مرحلے میں شہر کو فضائی آلودگی اور شور سے بچانے کی خاطر زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور پریشر ہارن کے خلاف خصوصی آگاہی مہم چلائے گی اور اس دوران ڈرائیورز کو اس سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا جائے گا۔

    دوسرے مرحلے میں خصوصی مہم کے بعد ایسی گاڑیوں کے خلاف بھر پور کاروائیاں کی جائیں گی۔

  • یو اے ای کے اسکول میں طلباء کی توڑ پھوڑ، وزارت تعلیم نے نوٹس لے لیا

    یو اے ای کے اسکول میں طلباء کی توڑ پھوڑ، وزارت تعلیم نے نوٹس لے لیا

    ابو ظہبی : متحدہ عرب امارات کے اسکول میں  توڑ پھوڑ  کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی،  وزارت تعلیم نے واقعے میں ملوث طلباء کے والدین کو نقصان کی تلافی کا نوٹس جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت تعلیم نے سوشل میڈیا پر طالب علموں کی جانب سے اسکول میں توڑ پھوڑ کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد نوٹس لیتے ہوئے اسکول کی املاک کو نقصان پہنچانے والے طلباء کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    متحدہ عرب امارت کی وزارت تعلیم کا جاری بیان میں اسکول میں توڑ پھوڑ کرنے والے طالب علموں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طلباء کا نامناسب اور پُر تشدد رویہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے۔

    وزارت تعلیم کا کہنا تھا کہ اسکول میں زیر تعلیم بچوں کا غلط رویہ متحدہ عرب امارات کی روایات اور اقدار کے برعکس ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کچھ طالب علم کلاس روم کے اندر رکھی ہوئی کرسیاں، میز، کمپیوٹر اور اوپر لگا پروجیکٹر توڑ رہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی وزارت تعلیم نے جاری بیان میں کہا ہے کہ ’اسکول میں موجود املاک کو نقصان پہنچانے والے طلباء کے والدین اور سرپرستوں کو قوانین کے تحت نقصان کی تلافی کرنی ہوگی‘۔

    یو اے ای وزارت تعلیم نے اسکول میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعے کے بعد طالب علموں سے ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے اسکول کے سامان کو نہ توڑنے کی گذارش کی گئی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔