Tag: device

  • وزن کم کرنے کے لیے کیا یہ انوکھا ترین طریقہ کارآمد ہوگا؟

    وزن کم کرنے کے لیے کیا یہ انوکھا ترین طریقہ کارآمد ہوگا؟

    وزن کم کرنے کے لیے ڈائٹنگ سے لے کر جمنگ تک بے شمار طریقے اپنائے جاتے ہیں، تاہم حال ہی میں ماہرین نے اس کا ایک انوکھا اور منفرد طریقہ ایجاد کیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق نیوزی لینڈ اور برطانیہ کے ماہرین نے ڈینٹل سلم نامی ایک ڈیوائس تیار کی ہے، یہ ڈیوائس جبڑوں کو 2 ملی میٹر سے زیادہ کھلنے نہیں دیتی، جس سے سانس لینے میں تو کوئی مشکل نہیں ہوتی مگر ٹھوس غذا کو کھانا ممکن نہیں ہوتا۔

    نیوزی لینڈ کے اوٹاگو یونیورسٹی کے محقق پال برنٹن اس تحقیقی ٹیم کے سربراہ تھے اور ان کا کہنا تھا کہ اس ڈیوائس کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ لوگ محض سیال غذا تک محدود ہوجائیں۔

    انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ جسمانی وزن میں لوگوں کی ناکامی میں بنیادی رکاوٹ نئی عادات کو قائم رکھنے میں ناکامی ہے۔

    اس ڈیوائس کی آزمائش 7 صحت مند افراد پر کی گئی جو موٹاپے کے شکار تھے اور انہیں ایک دن میں سیال غذا کے ذریعے 12 سو کیلوریز استعمال کروائی گئیں۔

    برٹش ڈینٹل جرنل میں اس تحقیق کے نتائج جاری ہوئے جس میں بتایا گیا کہ 2 ہفتے کے دوران ان افراد کے جسمانی وزن میں اوسطاً 6 کلو سے زیادہ کمی آئی۔

    تحقیق میں شامل افراد نے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ اس ڈیوائس سے بولنے یا سانس لینے میں کسی قسم کی مشکل نہیں ہوتی۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ 2 سے 3 ہفتے کے اس سخت معمول کے بعد ڈیوائس کے مقناطیسی حصے کھلنے لگتے ہیں اور لوگ کچھ حد تک ٹھوس غذا استعمال کرسکتے ہیں۔

    اس ڈیوائس کی تیاری کے پیچھے یہ خیال ہے کہ مہنگی سرجری سے وزن کم کروانے کی بجائے مخصوص وقت تک ڈیوائس کی مدد سے اسے بہتر کیا جائے۔

  • فالج کے مریضوں کے لیے امید کی کرن

    فالج کے مریضوں کے لیے امید کی کرن

    امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا نے ایسی ڈیوائس بنا لی جو فالج کے مریضوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہوسکتی ہے، اس ڈیوائس کا جلد انسانوں پر تجربہ کیا جائے گا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ٹیسلا کے بانی ایلن مسک کی کمپنی نیورا لنک نے فالج کے مریضوں کے لیے ایک مددگار ایجاد کی ہے، یہ نئی ٹیکنالوجی دماغ کے لیے بلو ٹوتھ سے آراستہ ایک چپ ہے جسے دماغ کے دونوں جانب نصب کیا جاتا ہے۔

    ایلن مسک کی ٹیکنالوجی کمپنی کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں بندر کو دماغ کا استعمال کرتے ہوئے کمپیوٹر گیم پونگ کھیلتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو میں 9 سالہ مکاؤ بندر کمپیوٹر میں گیم کھیلتے دیکھا جاسکتا ہے، کمپنی کے مطابق بندر کے دماغ کے دونوں اطراف ڈیوائسز لگائی گئیں۔

    نیورا لنک نے مختصر ریسیور کے ذریعے کمپیوٹر سے ابلاغ کرنے والی اور دماغ میں نصب کی جانے والی چپ متعارف کروائی ہے جو اس سے قبل بھی جانوروں میں متعارف کروائی جاچکی ہے۔

    ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ جانور نے نلکی کے ذریعے بنانا اسموتھی کے لیے کمپیوٹر چلانا سیکھ لیا، ویڈیو میں بندر کو جوائے اسٹک کے ذریعے آن اسکرین کرسر چلاتے بھی دکھایا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق نیورا لنک ڈیوائسز بندر کے برین موٹر کارٹیکس میں نصب کیے گئے 2000 الیکٹروڈ کے ذریعے دماغ کی نقل و حرکت کا ریکارڈ رکھتے ہوئے بازو کو منظم کرتا ہے۔

    ایلن مسک کا کہنا ہے کہ جلد انسانوں میں بھی اس کے تجربات کا اعلان کیا جائے گا، کامیاب تجربات کے بعد ایسی پروڈکٹ بھی جلد لائی جائیں گی جو فالج سے متاثرہ افراد کے لیے اسمارٹ فون استعمال کرنا ممکن بناسکیں گی۔

  • سمندروں کی صفائی کرنے والا منفرد آلہ تیار

    سمندروں کی صفائی کرنے والا منفرد آلہ تیار

    آٹو موبائل کمپنی سوزوکی نے سمندری آلودگی میں کمی کے لیے ایک ایسا آلہ تیار کیا ہے جو سمندر سے پلاسٹک کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے صاف کرسکے گا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق جاپان کی سوزوکی موٹرز نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایک آلہ تیار کیا ہے جو کشتیوں کے باہر نصب موٹر کو مائیکرو پلاسٹک جمع کرنے کے قابل بناتا ہے۔

    مائیکرو پلاسٹک، پلاسٹک کے ننھے ننھے ٹکڑے ہوتے ہیں، چونکہ یہ بہت چھوٹے ہوتے ہیں لہٰذا یہ ہر قسم کے فلٹر پلانٹ سے باآسانی گزر جاتے ہیں اور جھیلوں اور دریاؤں میں شامل ہو جاتے ہیں جہاں سے یہ سمندری حیات کے لیے خطرہ بن جاتے ہیں۔

    سوزوکی کمپنی پلاسٹک کے کوڑے سے ہونے والی آبی آلودگی کے مسئلے کے حل کے لیے کئی سال سے تحقیق کر رہی تھی۔

    موٹر گاڑیاں بنانے والی اس کمپنی کے مطابق اس نے کشتیوں اور بحری جہازوں کے باہر لگی ہوئی ان موٹروں پر توجہ مرکوز کی جو انجن کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے ٹنوں کے حساب سے پانی پمپ کرتی ہیں۔

    سوزوکی کا بنایا جانے والا یہ نیا آلہ ان پمپس سے خارج ہونے والے پانی کو فلٹر کرے گا اور پانی میں موجود کچرے کو جمع کرے گا۔ کمپنی کے مطابق، محض کشتی چلانے سے ارد گرد پانی کی سطح پر موجود مائیکرو پلاسٹک جمع کیا جا سکے گا۔

    منگل کے روز سوزوکی کے عملے نے شزواوکا پریفیکچر میں واقع جھیل ہامانا میں نئے آلے کی آزمائش کی۔ آلے نے مائیکرو پلاسٹک باور کیے جانے والے اجزا کے علاوہ کائی اور ریت بھی جمع کی۔

    سوزوکی کمپنی، اس نئے آلے کو اگلے سال کے اندر اندر فروخت کے لیے پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

  • وہ ڈیوائس جو کھوئی ہوئی بینائی بحال کردے گی

    وہ ڈیوائس جو کھوئی ہوئی بینائی بحال کردے گی

    جدید ٹیکنالوجی نے مختلف معذریوں کا شکار افراد کی زندگی کو بے حد آسان بنا دیا ہے، اب حال ہی میں ماہرین نے ایسی ڈیوائس تیار کی ہے جو نابینا افراد کی بینائی بحال کرسکتی ہے۔

    بین الاقوامی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کی موناش یونیورسٹی کے ماہرین نے ایک دہائی سے زائد عرصے تک کام کر کے اس ڈیوائس کو تیار کیا ہے جس میں اسمارٹ فون اسٹائل کے الیکٹرونکس اور دماغ میں نصب کرنے والی مائیکرو الیکٹروڈز کا امتزاج استعمال کیا گیا ہے۔

    یہ نظام ابتدائی کلینیکل تحقیق میں بھیڑوں پر مؤثر ثابت ہوا تھا اور اب محققین انسانوں پر پہلے ٹرائل کی تیاری کر رہے ہیں۔

    یہ نئی ٹیکنالوجی بصری اعصاب کو پہنچنے والے اس نقصان کو بائی پاس کرجاتی ہے جس کو اندھے پن کا باعث قرار دیا جاتا ہے۔

    یہ ڈیوائس ایک کیمرے کی جانب سے اکٹھی کی جانے والی تفصیلات کا ترجمہ کرتی ہے اور اسے ایک وژن پراسیسر یونٹی اور کاسٹیوم سافٹ ویئر کے ذریعے وائر لیس طریقے سے دماغ میں نصب ٹائلز تک پہنچا دیتی ہے۔

    یہ ٹائلز تصویر ڈیٹا کو الیکٹریکل لہروں میں بدلتی ہیں جو دماغی نیورونز تک ایسے مائیکرو الیکٹروڈز کے ذریعے پہنچتی ہیں جو انسانی بال سے بھی پتلی ہوتی ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ طریقہ کار مفلوج مریضوں کے ساتھ ساتھ دیگر دماغی امراض کے شکار مریضوں کے لیے بھی مفید ثابت ہوسکے گا۔

    فی الحال اس ڈیوائس کو تجرباتی طور پر بنایا گیا ہے، سرمائے کی فراہمی ہوتے ہی اسے کمرشل بنیادوں پر بنانا شروع کردیا جائے گا۔

  • ترکی، اپوزیشن کے حامی ازمیر کے میئر کے دفتر سے آلہ جاسوسی برآمد

    ترکی، اپوزیشن کے حامی ازمیر کے میئر کے دفتر سے آلہ جاسوسی برآمد

    انقرہ:ترکی کی موجودہ مرکزی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری سیاسی تناﺅ کے جلو میں ایک نیا اسکینڈل سامنے آیا ہے۔ حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والے ازمیرشہر کے میئر کے دفتر سے جاسوسی کا آلہ برآمد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز ری پبلیکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے ازمیر شہر کے میئر سردارصندل کے دفتر سے جاسوسی کا آلہ برآمد کیا گیا ہے۔ سردار سندل 31 مارچ 2019ءکو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ازمیر کے میئر منتخب ہوئے تھے۔

    مقامی ذرائع اور پولیس کا کہنا تھا کہ جاسوسی کا آلہ ازمیر شہر کے میئر سردار صندل کے بیرقلی کالونی میں واقع دفتر سے ملا ہے۔صندل نے جاسوسی کے لیے دفتر میں نصب کردہ ڈیوائس کے بارے میں ازمیر کے گورنر اور پولیس چیف کو مطلع کیا۔

    ماہرین کا کہنا تھا کہ ازمیر کے میئر کے دفتر سے برآمد ہونے والا آلہ 40 میٹر کی مسافت سے آواز منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے تاہم اس میں آواز ریکارڈ نہیں کی گئی۔

    ازمیر کی پولیس نے اس جاسوسی آلے کا باریکی کے ساتھ جائزہ لیا ہے۔جاسوسی کے آلے کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے سردار صندل نے کہا کہ ہمارے پاس ایسی کوئی چیز نہیں جس سے دوسرے خوف زدہ ہوں۔ ہمارے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔ ہم نے اپنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے ہیں۔

    اس جاسوسی آلے سے لگتا ہے کہ بعض لوگ ہم سے ناراض ہیں مگرمیں یہ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ کوئی شخص ہمیں ہمارے راستے سے نہیں ہٹا سکتا۔

    صندل کا کہنا تھا کہ جاسوسی آلہ نصب کرنے کے حوالے سے انہوں نے عدالت میں ایک کیس دائر کردہا ہے۔ ہم جاننا چاہتے ہیں کہ کون ہماری جاسوسی کررہا ہے۔

    پولیس نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں تاہم فی الحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آیا ترک عہدیدار کے دفتر میں جاسوسی آلا کس نے اور کس مقصد کے تحت نصب کیا تھا؟

  • چینی سائنسدانوں کا کارنامہ، جنیاتی سرجری میں استعمال کیلئے نیا آلہ ایجاد کرلیا

    چینی سائنسدانوں کا کارنامہ، جنیاتی سرجری میں استعمال کیلئے نیا آلہ ایجاد کرلیا

    شنگھائی : چینی سائنس دانوں نے جین کی درستگی اور ترمیم کے استعمال کے لیے نیا آلہ ایجاد کرلیا جسے جین ایڈیٹنگ ٹول قرار دیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے سائنسدانوں کی ٹیم نے جین کی درستگی اور ترمیم کے استعمال کے لئے نیا آلہ ایجاد کیا ہے جسے پہلے سے موجود آلات سے زیادہ محفوظ اور بااعتماد ”جین ایڈیٹنگ ٹول“قرار دیا جا رہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس کی مدد سے جینیاتی سرجریز کے دورانیہ کو مزید کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ سائنسدان اس سے قبل جینوم انجینرنگ کے لئے جنیاتی قینچی یا جنیٹک سیزر استعمال کی جا رہی ہے لیکن پہلے سے استعمال ہونے والی قینچی سے جین کا رینونکل ایسڈ یا آر این اے کے متاثر ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق شنگھائی انسٹی ٹیوٹ فار بائیولوجیکل سائنسز کی تحقیقاتی ٹیم جو چائینز اکیڈمی آف سائنسز کے زیر انتظام کام کرتی ہیں کی نئی جنیاتی قینچی نما آلے جس کو اے بی اے (ایف 148۔اے) کا نام دیا گیا ہے،جینز کو زیادہ احتیاط سے کاٹ سکتی ہے اور اس سے آر این اے بھی متاثر نہیں ہوگا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ نیا ایجاد کیا جانے والا آلہ مخصوص جنیاتی بیماریوں کے علاج میں بھی استعمال ہو سکے گا جیسے کہ تھلیسیمیا نیو کلئیر ڈی جنریشن اور بہرہ پن وغیرہ وغیرہ۔

  • موبائل فون چارج کرنے کے لیے ذاتی بجلی تیار کریں

    موبائل فون چارج کرنے کے لیے ذاتی بجلی تیار کریں

    حرکت اور دباؤ سے بجلی بنانے والے آلات تو موجود ہیں لیکن اب ماہرین نے ایسا آلہ تیار کر لیا ہے جو صرف چھونے سے معمولی مقدار میں ذاتی استعمال کے لیے بجلی پیدا کرسکتا ہے۔

    امریکی ریاست ٹینیسی میں تیار کیا جانے والا یہ ننھا آلہ نہایت باریک ہے جس کو چھونے سے بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔

    اس آلے کو سیاہ فاسفورس کی انتہائی باریک پرتوں سے تیار کیا گیا ہے اور یہ بیٹری کے ذریعے کام کرتا ہے۔

    ٹینیسی کی ونڈر بلٹ یونیورسٹی کے پروفیسر کارل زیلک کے مطابق یہ ایجاد خطرناک مشن پر جانے والوں اور مشکل کام سر انجام دینے والوں کے لیے نہایت کارآمد ثابت ہوگی جس کے دوران اسے کپڑوں سے منسلک کرلینا آسان ہوگا۔

    لباس سے منسلک ہونے کے بعد یہ آلہ نہ تو دکھائی دے گا اور نہ ہی یہ لباس کی ساخت یا شکل میں کوئی تبدیلی لائے گا۔

    اس سے پیدا ہونے والی بجلی سے اسمارٹ فونز، فٹنس ٹریکر اور ذاتی استعمال کے دیگر چھوٹے برقی آلات چارج کیے جاسکیں گے۔

    سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس آلے کے استعمال کا مطلب ہے کہ آپ اپنی ذاتی بجلی پیدا کر رہے ہیں۔

    اس آلہ پر فی الحال مزید کام کیا جارہا ہے اور مزید بہتری کے بعد یہ انسانی حرکت اور ارد گرد کے ماحول سے بجلی بنانے کے قابل ہوجائے گا۔


     

  • بیجنگ میں امریکی سفارت خانے کے باہر کریکر حملہ

    بیجنگ میں امریکی سفارت خانے کے باہر کریکر حملہ

    بیجنگ : چین کے دارالحکومت میں واقع امریکی سفارت خانے کے باہر کریکر حملہ ہوا ہے، دھماکے کے نتیجے میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے دارالحکومت بیجنگ میں واقع امریکی سفارت خانے کے باہر کریکر حملہ ہوا ہے، کریکر دھماکے کے نتیجے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ چین کے قلب بیجنگ میں واقع امریکی سفارت خانے باہر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیو اور تصاویر سفارت خانے کے اردگرد دھواں اٹھتے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ پولیس کی بھی متعدد گاڑیاں بھی نظر آرہی ہیں۔

    چین میں واقع امریکی سفارت خانے کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1 بجے کے قریب جنوب مشرقی کمپاؤنڈ میں ہوا ہے۔

    بیجنگ پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے امریکی سفارت خانے پر کریکر حملہ کرنے والے شخص کو حراست میں لے لیا ہے، دھماکے کے باعث حملہ کا بازو زخمی ہوا ہے جسے فوری اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

    چینی پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ حملہ آور کی شناخت جیانگ کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق چین کے صوبے انّر مونگولیا صوبے کا شہری ہے۔

    واقعے کے عینی شاہد کا کہنا تھا کہ سفارت خانے میں معمول کے مطابق امور کی انجام دہی جاری تھی جبکہ امریکا کا ویزہ حاصل کرنے والے مقامی افراد قطار بنائے کھڑے کہ اچانک زور دار دھماکا ہوا جس کے باعث ارد گرد دھواں پھیل گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ چینی پولیس نے مقامی وقت کے مطابق 11 بجے سفارت خانے کے باہر سے ایک خاتون کو گرفتار کیا تھا جو خود کو آگ لگانا چاہتی تھی تاہم دونوں واقعات کا آپس میں جڑے ہوئے ہیں یا نہیں، اس حوالے سے ابھی واضح نہیں ہوسکا ہے۔

    تاہم جب پولیس سے اس حوالے سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس حوالے سے اپنا ردِ عمل دینے سے انکار کردیا۔

    خیال رہے کہ سفر، تعلیم اور نقل مکانی کے لیے چینی شہریوں کے لیے امریکا ایک معروف جگہ ہے۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ 3 مئی کو چین کی حکومت نے واضح کیا تھا کہ وہ امریکا کے ساتھ تجارتی امور  پر مذاکرات کا خیر مقدم کرتی ہے تاہم چین کے مفادات سے متضادم نکات پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    رواں برس امریکا اور چین کے اعلیٰ اقتصادی حکام نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی کشیدگی کے حوالے سے روابط جاری رکھنے پر اتفاق کرلیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • دماغی الفاظ کو بیان کرنے والا آلہ

    دماغی الفاظ کو بیان کرنے والا آلہ

    کیمبرج: امریکی اور میسا جیوسیٹس (نیو انگلینڈ) کے ماہرین نے ایسا آلہ تیار کیا ہے جو دماغ میں پیدا ہونے والے الفاظ کو ہدایت کی صورت میں پیش کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیوسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) کے ماہرین نے ایسا سر پر پہننے والا آلہ تیار کیا جسے پہن کر آپ کو بولنے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ یہ دماغ میں اٹھنے والے الفاظوں کو ہدایت کی صورت میں خود پیش کرے گا۔

    ایم آئی ٹی کی جانب سے گذشتہ ہفتے اعلان کیا گیا تھا کہ انہوں نے ‘آلٹر ایگو‘ نامی ایک آلہ تیار کیا جو کان اور جبڑے سے جڑا رہتا ہے اور یہ بغیر بولے دماغ میں اٹھنے والی آواز کو ہدایت کی صورت میں ایسے سامنے لاتا ہے کہ اسے دوسرا شخص آسانی سے سمجھ سکتا ہے۔

    ایم آئی ٹی لیب سے گریجوٹ اور آلٹر ایگو تیار کرنے والے ارناو کپور کا کہنا ہے کہ ’کیا ہم ایسا پلیٹ فارم اور مشین تیار کرسکتے ہیں جو انسان کے اندر پیدا ہونے والی آوازوں کو سنجیدگی سے پیش کرے؟’۔

    اُن کا کہنا تھا کہ یہ آلہ ہڈی سے جڑا ہیڈ فون ہے جو کانوں اور جبڑے سے لگتا ہے، ہیڈ فون صارف کی معلومات کو بغیر بولے منتقل کرتا ہے اور پھر یہ آواز کی صورت میں سامنے آتی ہے۔

    ارناو کپور کا کہنا ہے کہ ہم نے اس آلے کا کامیاب تجربہ کیا تاہم اب اس کو مزید کامیاب بنانے کے لیے شطرنج مقابلے کے وقت آزمایا جائے گا تاکہ معلوم ہوسکے اس آلے میں کتنی صلاحیت ہے۔

    سائنسی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس آلے کی ایجاد گونگے بہر ے افراد کے لیے ایک بڑا کارنامہ ثابت ہوسکتی ہے اسی طرح جہاز اڑانے یا اس کی تربیت لینے والے افراد کے لیے بھی آلٹر ایگو بہت مدد گار ثابت ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • دس سالہ بچے کی حیرت انگیز ایجاد

    دس سالہ بچے کی حیرت انگیز ایجاد

    کیا آپ جانتے ہیں کسی بند گاڑی میں چھوٹے بچے یا جانور کو چھوڑ دینا ایک نہایت خطرناک عمل ہے جو اس بچے یا جانور کی جان بھی لے سکتا ہے؟

    یہ رجحان زیادہ تر مغربی ممالک میں پایا جاتا ہے جہاں اکیلے رہنے والے افراد شاپنگ یا دیگر ضروری کاموں کے لیے نکلتے ہوئے مجبوراً چھوٹے بچے یا پالتو جانور کو بھی ساتھ لے لیتے ہیں، اور کام سے جاتے ہوئے انہیں لاکڈ گاڑی میں ہی چھوڑ جاتے ہیں۔

    لیکن جب وہ واپس لوٹتے ہیں تب تک گاڑی کا درجہ حرارت اس قدر گرم ہوچکا ہوتا ہے کہ اندر موجود بچہ یا جانور ہیٹ اسٹروک کا شکار ہو کر ہلاک ہوچکا ہوتا ہے۔

    سنہ 1998 سے لے کر اب تک صرف امریکا میں اس قسم کے واقعات میں 712 بچے ہلاک ہوچکے ہیں۔

    تاہم اب ایک 10 سالہ بچے نے اس درد ناک حادثے سے بچوں اور والدین کو بچانے کے لیے ایک انوکھی ایجاد کرلی ہے۔

    امریکی ریاست ٹیکسس سے تعلق رکھنے والے بچے بشپ کیوری نے اپنی اس ایجاد کو اوسس یعنی نخلستان کا نام دیا ہے۔

    اس کا بنایا ہوا یہ ننھا سا گیجٹ کار کے اندر کے درجہ حرات کو مانیٹر کرتا ہے۔

    جب درجہ حرارت اس حد سے بڑھ جائے جو اندر موجود بچے کے لیے مکنہ طور پر جان لیوا ثابت ہوسکتا ہو تو یہ آلہ معمولی مقدار میں ٹھنڈی ہوا کا اخراج شروع کردیتا ہے۔

    اس کے ساتھ ساتھ یہ ایک اینٹینا کے ذریعے والدین کو بھی خبردار کرتا ہے۔

    بشپ کو اس ایجاد کا خیال اس وقت آیا جب اس کے پڑوس میں ایک 6 ماہ کا بچہ اسی نوعیت کے حادثے میں ہلاک ہوگیا۔

    فی الحال بشپ کے پاس اس ایجاد کا چکنی مٹی سے بنایا گیا تھری ڈی ماڈل موجود ہے، اور اس کے والد اس ڈیوائس کی باقاعدہ تیاری کے لیے متعلقہ کمپنیوں سے رابطے میں ہیں۔

    بشپ کو امید ہے کہ اس کی ایجاد کئی معصوم بچوں اور جانوروں کی جانیں بچانے میں معاون ثابت ہوگی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔