Tag: DFT

  • برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کا پی آئی اے اور پاکستان پر پابندی ختم کرنے سے انکار

    برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کا پی آئی اے اور پاکستان پر پابندی ختم کرنے سے انکار

    کراچی: برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ (ڈی ایف ٹی) نے پی آئی اے اور پاکستان پر پابندی ختم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی ایف ٹی نے پاکستانی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی تیاری اور فلائٹ سیفٹی کے مؤثر ہونے پر 8 ستمبر 2022 کو بھیجے گئے ایک مراسلے میں خدشات کا اظہار کیا ہے۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں لائسنسنگ کے معاملات اور ہوا بازی پر قانون سازی کے باوجود پیش رفت نہ ہونے کی وجہ سے پابندی ختم نہیں کی جا سکتی۔

    یہ مراسلہ برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ (ڈی ایف ٹی) کے ایئر سیفٹی یونٹ نے سول ایوایشن اتھارٹی کو لکھا تھا۔

    مراسلے کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن نے اکاؤ کا آڈٹ کلیئر تو کیا مگر اس کا اسکور 2011 کے آڈٹ کے مقابلے میں کم تھا، جس کا مطلب ہے کہ ریگولیشن کا معیار گرا ہوا ہے۔

    مراسلے میں کہا گیا کہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کوئی ایسا ثبوت نہیں مہیا کیا، جس سے معلوم ہو کہ ان کا نظام 2020 کے مسئلے کے بعد بہتر ہوا ہے، سی اے اے ابھی تک کوئی مربوط فلائٹ سیفٹی نظام بھی نہیں قائم کر پائی۔

    ادھر سی اے اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی UK اور EC کے ساتھ جلد از جلد مسائل کے حل کے بارے میں پر امید ہے۔

    ترجمان نے کہا یورپی کمیشن نے 2023 کی پہلی سہ ماہی میں اپنے مجوزہ دورہ پاکستان کے بارے میں آگاہ کیا ہے، جو کہ پاکستانی ایئر لائنز کے آپریشنز کو بحال کرنے کے لیے مسائل کے حل کی طرف آخری قدم ہے۔

  • برطانوی سیکیورٹی ٹیم کا کراچی ایئرپورٹ کا دورہ

    برطانوی سیکیورٹی ٹیم کا کراچی ایئرپورٹ کا دورہ

    کراچی: برطانوی ڈپارٹمنٹ فار ٹرانسپورٹ (ڈی ایف ٹی) کی ٹیم نے کراچی ایئرپورٹ کا دورہ کیا، اس دوران ٹیم نے کراچی سے لندن جانے والے بوئنگ 777 طیارے کا معائنہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی ڈپارٹمنٹ فار ٹرانسپورٹ (ڈی ایف ٹی) کی ٹیم نے دوسرے دن بھی کراچی ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔ ٹیم نے کراچی سے لندن جانے والے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے بوئنگ 777 طیارے کا معائنہ کیا۔

    برطانوی ٹیم نے بوئنگ 777 طیارے کی مکمل جانچ کی، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پی آئی اے کے عملے نے برطانوی ٹیم کو طیارے کی سرچنگ اور کارگو کے حصوں کی بھی جانچ کروائی۔

    اسکریننگ کے بعد پی آئی اے کے عملے نے برطانوی ٹیم کو جہاز میں سامان لوڈ کرنے کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے کراچی سے لندن جانے والے مسافروں کی امیگریشن کے عمل اور اس سے متعلقہ امور پر بھی بریفنگ دی۔

    برطانوی ٹیم نے کراچی ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کو تسلی بخش قرار دیا اور کراچی سے براہ راست لندن کی پرواز پر عالمی سیکیورٹی معیار کو بھی سراہا۔

    خیال رہے کہ مذکورہ ٹیم نے گزشتہ روز بھی کراچی ایئر پورٹ کا دورہ کیا تھا اور سیکیورٹی امور کا جائزہ لیا تھا۔

  • براہ راست پروازیں : برطانوی سیکیورٹی ایجنسی کے وفد نے کراچی ایئر پورٹ کا دورہ کیا

    براہ راست پروازیں : برطانوی سیکیورٹی ایجنسی کے وفد نے کراچی ایئر پورٹ کا دورہ کیا

    کراچی : برطانوی سیکیورٹی ایجنسی کا وفد تین روزہ دورے پر کراچی پہنچ گیا، برطانوی ڈیپارٹمنٹ فار ٹرانسپورٹ کے وفد کے دورے کا مقصد کراچی سے براہ راست برطانیہ جانے والی پروازوں کی سیکیورٹی کو جانچنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی سیکیورٹی ڈی ایف ٹی نے کراچی ایئرپورٹ کا دورہ کیا، برطانوی سیکیورٹی ڈی ایف ٹی نے کراچی ایئرپورٹ پر سی اے اے کی جانب سے قائم کردہ جوائنٹ سرچ بیگجز کاؤنٹر کا بھی دورہ کیا۔

    اس موقع پر سی اے اے حکام نے برطانوی وفد کو ایئرپورٹ سے متعلق بریفنگ بھی دی، برطانوی وفد نے مسافروں کے سامان، اسکریننگ اور دیگر سیکیورٹی آلات کی جانچ پڑتال کی۔

    برطانوی وفد کو اے ایس ایف حکام نے مسافروں کے سامان اور ان کی اسکریننگ کے حوالے سے بھی آگاہ کیا،اس کے علاوہ برطانوی سیکیورٹی وفد نے ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے حوالے سے نصب آلات کا جائزہ بھی لیا۔

    بعد ازاں اے ایس ایف نے برطانوی سیکیورٹی وفد کو ایئرپورٹ پر فل باڈی اسکینر مشین کے بارے میں بھی بریفنگ دی، اے ایس ایف نے وفد کو بتایا کہ بیرون ملک جانے والے مسافروں کی فل باڈی اسکریننگ بھی کی جاتی ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانوی سیکیورٹی ٹیم کے دورے کا مقصد مستقبل میں برٹش ایئرویز کی کراچی سے براہ راست پروازیں شروع کرنے کے حوالے سے بھی جانچ کرنا ہے۔