ڈی جی خان : پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رہنما سابق وفاقی وزیر زرتاج گل کیخلاف مقدمے کے اندراج کے بعد ان کی گرفتاری کیلئے گھر پر چھاپہ مارا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن، کک بیکس اور خورد برد کے الزامات پر پی ٹی آئی کی سابق وفاقی وزیر زرتاج گل کیخلاف اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم نے زرتاج گل کی گرفتاری کیلئے ڈی جی خان میں ان کے گھر پر چھاپہ مارا۔
چھاپے کے وقت خاتون رہنما پی ٹی آئی زرتاج گل اپنے گھرپر موجود نہیں تھیں، زرتاج گل کو کرپشن، کمیشن، کک بیکس کے الزامات کی انکوائری کیلئے متعدد بار طلب کیا گیا تھا۔
اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ زرتاج گل متعدد بار طلب کرنے کےباوجود پیش نہ ہوئیں، ان کیخلاف مقدمے میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ افسران ،ٹھیکیداروں کو بطور ملزم نامزد کیا گیا ہے۔
ڈی جی خان: ڈیرہ غازی خان میں زائرین سے بھری ایک ٹریکٹر ٹرالی نہر میں گرنے کے باعث 23 افراد ڈوب گئے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈیرہ غازی خان میں سخی سرور جانے والے زائرین کی ٹریکٹر ٹرالی کو حادثہ پیش آیا ہے، ٹریکٹر بے قابو ہو کر نہر میں جا گری، جس کے باعث تئیس افراد ڈوب گئے ہیں۔
ٹریکٹر ٹرالی میں 47 افراد سوار تھے، نہر میں گرنے والے 26 افراد کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا، تاہم باقی افراد ڈوب گئے، جن میں سے 6 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
گزشتہ روز ڈوبنے والے افراد کی تلاش کے لیے آج ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے، نہر میں ڈوبنے والوں کی لاشوں کی تلاش جاری ہے۔
اس افسوس ناک واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے جس میں ٹریکٹر ٹرالی کو نہر میں بے قابو ہو کر گرتے دیکھا جا سکتا ہے، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرالی میں خواتین اور بچے بھی سوار تھے۔
لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان میں ڈی ایچ کیو اسپتال کی تعمیر میں بدعنوانی کا انکشاف ہوا ہے، 4 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر اسپتال میں ناقص مٹیریل استعمال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال کی تعمیر میں ناقص مٹیریل کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔
ڈی جی خان کے ایکس ای این، ایس ڈی او اور سب انجینیئر سمیت کنسٹرکشن کمپنیز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
محکمہ اینٹی کرپشن نے تحقیقات کے بعد ملزمان کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا، ادارے نے محکمہ بلڈنگ کے افسران سے 80 لاکھ روپے برآمد کرلیے، وصول کی گئی رقم سرکاری خزانے میں جمع کروا دی گئی۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ 370 بستروں کے اسپتال کی تعمیر پر 4 ارب روپے کی لاگت آئی، اسپتال کی تعمیر کے دوران بے ضابطگیاں اور ناقص مٹیریل دیکھنے میں آیا۔
حکام کے مطابق محکمہ بلڈنگ کے افسران کی ملی بھگت سے ناقص مٹیریل کا استعمال کیا گیا۔
لاہور : وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے مسترد شدہ عناصر کو ڈیرہ غازی خان کے غیور عوام نے بھی رد کر دیا، اپوزیشن کو نازک موقع پر منفی سیاست زیب نہیں دیتی۔
عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اتحاد، بھائی چارے اور یکجہتی کے وقت پی ڈی ایم کی قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش ناقابل فہم ہے۔ قوم کا قیمتی وقت ضائع کرنے والوں کو ملک کا احساس ہے نہ عام آدمی کا۔
انہوں نے کہا کہ جتنی جماعتیں اس اپوزیشن کے اتحاد میں ہیں، کاش وہ جلسے میں اتنے لوگ بھی جمع کرلیتں، بندگلی میں جلسہ ان کی پتلی سیاسی حالت زار پر مہرتصدیق ثبت کرتا ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ غیر فطری اتحاد کا چھوٹی سڑک پر مختصر سا جلسہ قوم نے دیکھا، پی ڈی ایم نے تسلسل کے ساتھ منفی سیاست کر کے اپنی رہی سہی ساکھ ختم کر لی، ان کا نہ پہلے کوئی مستقبل تھا نہ آئندہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، سب سے پہلے ہم سب کے لئے پاکستان کا مفاد مقدم ہے اور یہ مقدم رہے گا۔
ڈی جی خان: آج صبح ڈیرہ غازی خان میں مسافربس اور ٹریلر کے درمیان ہونے والے خونریز تصادم ہوا، بدقسمت بس سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار بس تکنیکی اعتبار سے مس فٹ نکلی، اڑتالیس مسافر وں کی گنجائش تھی ،بس میں اٹہتر افراد سوار تھے، ٹیکنیکل اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ پر متاثرہ بس کا معائنہ کرنے کے بعد یہ انکشاف کیا۔
آرپی او ڈیرہ غازی خان فیصل رانا نے میڈیا کو بتایا کہ واقعے کا خطرناک پہلو یہ ہے کہ بس کا ایکسلیٹر ناکارہ تھا، ڈرائیور ریس کی تار ہاتھ سے پکڑ کر گاڑی چلارہا تھا سنگین انسانی غفلت کے باعث سیالکوٹ سے ڈی جی خان تک بس کو کہیں نہیں روکا گیا ، اور نہ ہی اس کا چالان ہوا۔
دوسری جانب حادثے میں جاں بحق مسافروں کی تعداد چونتیس تک جاپہنچی ہے، ٹیچنگ اسپتال میں زیر علاج مزید سات مسافر دوران علاج دم توڑ گئے جبکہ چالیس سے زائد زخمی تاحال زیر علاج ہیں، جن میں بیشتر کی حالت نازک ہے۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق بیشتر افراد مزدور تھےجو سیالکوٹ میں کام کرتے تھے اور عید منانے گھروں کو واپس آرہے تھے، سانحے میں جاں بحق افراد میں چار سگے بھائی بھی شامل ہیں۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ چھبیس افراد کی میتیں آبائی علاقوں کو منتقل کی جاچکی ہیں۔
لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ڈیرہ غازی خان میں 3 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور 4 منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اپنے دورہ ڈیرہ غازی خان کے دوران 3 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور 4 منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
وزیر اعلی ٰ جناح فیملی پارک کی بحالی کے منصوبے کا افتتاح کریں گے، جناح پارک کی بحالی پر 2 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ ہوئی۔ وزیر اعلی آفیسر کلب میں نئی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے کا بھی افتتاح کریں گے۔ آفیسر کلب میں سہولیات کی فراہمی پر 4 کروڑ 72 لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔
عثمان بزدار ملٹری پولیس سرائے کی بحالی کے منصوبے کا بھی افتتاح کریں گے۔
اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب زچہ و بچہ اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے، مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کے قیام پر 2 ارب سے زائد کی لاگت آئے گی۔ عثمان بزدار وقار کینٹین تاگدائی 2 رویہ سڑک کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ سڑک کی تعمیر پر 26 کروڑ 17 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔
عثمان بزدار 371 واٹر فلٹریشن پلانٹ اور 31 ہینڈ پمپس کی تنصیب کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔ صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پر 46 کروڑ 59 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔
ڈی جی خان: جنوبی پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں جرائم پیشہ افراد نے حملہ کرتے ہوئے چار افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا ہے۔
ڈی جی خان پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پل شیخانی کے قریب مسلح افراد نے دیہی علاقےکی مارکیٹ میں گھس کر وہاں موجود افراد پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی، مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ پندرہ سے زائد شدید زخمی ہوئے۔
پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق جرائم پیشہ لادی گینگ نے شہریوں پر حملہ کیا، حملہ آور دو تھے، جن میں سے ایک پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں مارا جاچکا ہے جبکہ دوسرا ملزم ایک اسکول میں جاگھسا ہے ، جہاں سے ملزم پولیس پارٹی پر فائرنگ کررہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پولیس اور ملزم کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ تاحال جاری ہے، ملزم کو زندہ گرفتار کرنے کی حکمت عملی کے تحت پولیس نے علاقے کو مکمل طور پر سیل کردیا ہے۔
دوسری جانب ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
آئی جی پنجاب نے ڈی جی خان میں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او ڈی جی خان سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی ڈی جی خان میں شرپسندوں کی فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے، اپنے بیان میں عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی واظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابرکے شریک ہیں، لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائےگی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں، شرپسندوں کو قانون کی گرفت میں لاکر کارروائی کی جائے، فائرنگ کرنےوالے شرپسند کسی رعایت کےمستحق نہیں ہے۔
لاہور: محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کی کرپٹ سرکاری افسران کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، ڈیرہ غازی خان اور دیپالپور میں کی جانے والی کارروائیوں میں 5 راشی افسران کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے کرپٹ سرکاری افسران کی گرفتاریاں جاری ہیں، سابق رجسٹری محرر اور میٹرو پولیٹن آرکیٹکٹ سمیت 5 افسران کو گرفتار کرلیا گیا۔
محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان نے 3 سرکاری ملازمین کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا، ملزمان سے رشوت کی رقم برآمد کر لی گئی۔
محکمے کا کہنا ہے کہ ملزمان میں ہیڈ ڈرافٹس مین اصغر علی، جونئیر کلرک محمد فرحان شامل اور میٹرو پولیٹن آرکیٹکٹ محمد عثمان شامل ہیں۔
اسی طرح اینٹی کرپشن دیپالپور نے سابق رجسٹری محرر برکت علی کو گرفتارکر لیا گیا جبکہ محکمہ آبپاشی کے ہیڈ ڈرافٹس مین محمد طارق کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
لاہور: پولیس نے ڈیرہ غازی خان میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو ہائی پروفائل ملزمان کو گرفتار کرلیا ، حراست میں لیے گئے مشتبہ افراد دو خواتین کیساتھ رہائش پذیر تھے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے ڈیرہ غازی خان کے علاقے مدنی ٹاؤن میں کارروائی کی اور کارروائی کے دوران مبینہ ہائی پروفائل دو ملزمان کوحراست میں لے لیا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مشتبہ افراد مدنی ٹاؤن میں چھ روزپہلے کرائے کےمکان منتقل ہوئےتھے، گرفتارافراد نے محمدعمران کےنام سے گھر کرایے پر حاصل کیا تھا۔
لاہورپولیس کی کارروائی کی اطلاع ڈسٹرکٹ پولیس کونہیں دی گئی، پولیس حکام کا کہنا ہے دو افراد کو حراست میں لینے کی اطلاعات اہل علاقہ سے ملی ہیں ، حراست میں لیے گئے مشتبہ افراد دو خواتین کیساتھ رہائش پذیر تھے۔
لاہور پولیس نے دونوں ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا یے اور گرفتار ملزمان کی شناخت اظہر اور عثمان کے نام سے ہوئی ہے۔
لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان میں ٹرک کار پر چڑھ گیا، حادثے میں کمسن بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان میں فورٹ منرو میں ٹرک کار پر چڑھ گیا، افسوسناک واقعے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں ایک کم سن بچہ شدید زخمی ہوا۔
ذرائع کے مطابق کار میں سوار خاندان سخی سرور کا رہائشی تھا جو سیاحت کے لیے فورٹ منرو جا رہا تھا، جاں بحق افراد میں پروفیسر اللہ وسایا، ان کا بیٹا ابراہیم اور 2 پوتے شامل ہیں۔
خیال رہے کہ دو روز قبل صوبہ سندھ کے شہر نوری آباد کے قریب موٹر وے پر اندوہناک حادثہ پیش آیا تھا جس میں 18 افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے تھے۔
حادثے کا شکار وین میں بچوں اور خواتین سمیت 25 مسافر سوار تھے، وین سے دوسری گاڑی کا بونٹ اڑ کر ٹکرایا تھا جس کے بعد وین کو آگ لگ گئی تھی۔
حادثے کے بعد گزشتہ روز ایک بچی کی لاش بھی برآمد ہوئی تھی جو پہلے ریسکیو آپریشن کے دوران نظر نہیں آئی تھی۔
اس حوالے سے ریسکیو ذرایع نے بتایا تھا کہ بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ آگ سے بچانے کے لیے ماں نے بچی کو چادر میں لپیٹ لیا تھا، جب خاتون کی جھلسی ہوئی لاش سے چادر ہٹائی گئی تو اس میں سے بچی کی لاش برآمد ہوئی۔