Tag: DG nab

  • ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کوایک بار پھرعہدے سے ہٹادیا گیا، نوٹی فکیشن جاری

    ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کوایک بار پھرعہدے سے ہٹادیا گیا، نوٹی فکیشن جاری

    اسلام آباد: لیگی رہنماؤں کے خلاف کرپشن کیسز کی پیروی کرنے والے ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم اور پاناما کیس کی جےآئی ٹی کے اہم رکن عرفان نعیم منگی کو تبدیل کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کو ایک بار پھر عہدے سےہٹا کر ڈی جی آگاہی نیب ہیڈکوارٹر تعینات کیا گیا ہے، جس کا نوٹی فیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    قائم مقام چیئرمین نیب نے تبادلوں کی منظوری دے دی ہے، جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق مرزا سلطان کو نیا ڈی جی نیب لاہور تعینات کیا گیا ہے اس سے قبل وہ نیب سکھر کےعہدے پر کام کررہےتھے ان کی جگہ ڈی جی آپریشن مسعود عالم خان کو ڈی جی نیب سکھر تعینات کردیا گیا ہے۔

    ساتھ ہی جعلی اکاؤنٹ کیس کی سربراہی کرنیوالے ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی کو تبدیل کردیا گیا، عرفان نعیم منگی ٹریننگ اینڈریسرچ ڈویژن نیب ہیڈکوارٹر تعینات کردئیے گئے وہ پاناماکیس میں جےآئی ٹی کاحصہ تھے۔

    اسی طرح فرمان اللہ ڈی جی نیب راولپنڈی تعینات کئے گئے ہیں جبکہ ڈی جی نیب ملتان نعمان اسلم کو ڈی جی بلوچستان تعینات کیا گیا ہے، فیاض احمدقریشی ڈی جی نیب ملتان تعینات،جمیل احمدڈی جی ہیومن ریسورس اور مرزا محمدعرفان بیگ ڈی جی آپریشن نیب ہیڈکوارٹر تعینات کئے گئے ہیں۔

    یہ دوسری بار ہے کہ جب شہزاد سلیم کو ڈی جی نیب لاہور کے عہدے سے ہٹایا گیا ہے، اس سے قبل گریڈ 21 کے افسر شہزاد سلیم کو گزشتہ برس تئیس دسمبر کو تبادلہ کر کے اویئرنیس اینڈ پریونشن (اے اینڈ پی) ڈویژن نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں تعینات کیا گیا تھا۔

    ان کی جگہ گریڈ اکیس کے ہی جمیل احمد کو ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور تعینات کیا گیا تھا جو اس سے قبل وفاقی سیکریٹری سمیت اہم ذمہ داریاں ادا کرچکے تھے، تاہم سابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال جمیل احمد کی کارکردگی سے ناخوش تھے، جس کے باعث چار ماہ بعد ہی سلیم شہزاد کا دوبارہ نیب لاہور جبکہ جمیل احمد کا نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد تبادلہ کردیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: ڈی جی نیب لاہور کو اچانک تبدیل کردیا گیا

    یاد رہے کہ شہزاد سلیم حالیہ برسوں میں سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، ان کے بھائی اور موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے اہلِ خانہ کی مبینہ بدعنوانی کے مقدمات کی بھرپور پیروی کی وجہ سے سرخیوں میں بھی رہے۔

    ان کے دور میں ہی مسلم لیگ (ق) کے قائدین چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الہٰی اور مونس الہٰی اور ان کے اہلِ خانہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور غیر قانونی تعیناتیوں کی انکوائریز بند کی گئی تھیں۔

  • اثاثہ جات کی موجودگی ، رانا ثناءاللہ نئی مشکل میں پھنس گئے

    اثاثہ جات کی موجودگی ، رانا ثناءاللہ نئی مشکل میں پھنس گئے

    لاہور : ڈی جی نیب کے زیر صدارت اجلاس میں مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ کیخلاف جاری انکوائری کو انویسٹی گیشن میں منتقل کرنے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق نیب لاہور میں ڈی جی نیب کے زیر صدارت ریجنل بورڈ کے اجلاس کا انعقاد ہوا، بورڈ میٹنگ میں تمام ڈائریکٹرز نے بھی شرکت کی، اجلاس میں میگا کرپشن کے مقدمات میں اہم پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

    ریجنل بورڈ نے رانا ثناءاللہ کیخلاف جاری انکوائری کو انویسٹی گیشن میں منتقل کرنے کی منظوری دے دی، فیصلہ کمبائینڈ انویسٹی گیشن ٹیم کی رانا ثناءاللہ کیخلاف مبینہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس پر جامع بریفنگ کے بعد کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق لاہورٹیم نے اب تک رانا ثناءاللہ کیخلاف جاری انکوائری کے دوران 40 کروڑ سے زائد مالیت کے اثاثہ جات کی موجودگی کے شواہد اکھٹے کئے ہیں۔

    بورڈ اجلاس کے دوران رانا ثناءاللہ کے اثاثہ جات کی وصولی کی تفصیلات اور ان کے بیانات پر جامع بریفنگ دی گئی، انویسٹی گیشن کے دوران رانا ثناءاللہ اور اہل خانہ کے نام مزید پراپرٹیوں اور اثاثہ جات کی موجودگی کے حوالے سے انکشافات ہونے کا امکان ہے۔

  • راجہ پرویز اشرف کے خلاف جلد ریفرنس دائر کیا جائے گا، ڈی جی نیب

    راجہ پرویز اشرف کے خلاف جلد ریفرنس دائر کیا جائے گا، ڈی جی نیب

    لاہور: ڈی جی نیب نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف بے ضابطگیوں کی تحقیقات مکمل کرلی گئیں ہیں‘ اس ضمن میں جلد ریفرنس دائر کیا جائے گا۔

    نیب آفس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی نیب لاہور نے کہا کہ کرکٹ سابق وزیر اعظم کے خلاف رینٹل پاور کیس میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات مکمل ہوگئیں ہیں تاہم جلد ہی شواہد کی بنیاد پر ریفرنس دائر کروایا جائے گا۔

    انہوں نے  انکشاف کیا کہ کرکٹ بورڈ اور ہاکی فیڈریشن میں بھی کروڑوں روپے کی بے ضابطگیوں کی شکایات موصول ہوئیں ہیں جن کے خلاف تحقیقات جاری ہیں جبکہ پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر سمیت چار یونیورسٹیوں میں بدعنوانیوں کی تحقیقات جاری ہیں۔


    پڑھیں: ’’ سندھ میں احتساب ہوسکتا ہے توپنجاب میں کیوں نہیں، راجہ پرویز اشرف ‘‘


    ڈی جی نیب نے کہا کہ اس سال نیب نے پنجاب حکومت کو 2 ارب روپے کی ریکوری کر کے دی ہے۔

    خیال رہے کہ پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف پر رینٹل پاؤر میں بے ضابطگیوں اور کرپشن کے حوالے سے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کی گئیں تھیں تاہم اس دوران انہیں عدالت میں بھی طلب کیا تھا، راجہ پرویز اشرف بطور وزیر اعظم کئی بار عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

  • وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود کیخلاف تحقیقات شروع کردی ہیں، ڈی جی نیب

    وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود کیخلاف تحقیقات شروع کردی ہیں، ڈی جی نیب

    لاہور : ڈی جی نیب پنجاب سید برہان علی نے کہا ہے کہ وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود کے خلاف تحقیقات شروع کرچکے ہیں۔ رانا مشہود سے میرے تعصب کی باتیں درست نہیں ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں انسداد بدعنوانی کی آگاہی مہم کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    ڈی جی نیب پنجاب برہان علی کا کہنا تھا کہ کسی کی خواہش پر مقدمہ درج نہیں ہوتا شواہد کی بنیاد پر ریفرنس دائر کیا جاتا ہے۔

    سید برہان علی نے بتایا کہ آصف ہاشمی کے خلاف کرپشن کے پانچ مقدمات میں تحقیقات مکمل ہوچکی ہیں۔آصف ہاشمی کو متعدد نوٹسز بھجوائے گئے ہیں مگر ان نوٹسز کا جواب موصول نہیں ہو ا۔

    انہوں نے کہا کہا اگر آصف ہاشمی شامل تفتیش نہ ہوئے تو انہیں اشتہاری قرار دے کر ریڈ وارنٹ جاری کئے جائیں گے۔

    ڈی جی نیب سید برہان علی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف ہی نہیں حکمران جماعت کے بھی چھ سے زائد افراد کے خلاف کرپشن کی تحقیقات ہورہی ہیں۔

  • صوبائی وزیرِ تعلیم رانا مشہود کے خلاف بدعنوانی کی تحقیقات کی جارہی ہیں، ڈی جی نیب

    صوبائی وزیرِ تعلیم رانا مشہود کے خلاف بدعنوانی کی تحقیقات کی جارہی ہیں، ڈی جی نیب

    لاہور: ڈی جی نیب برہان علی نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود کے خلاف بدعنوانی کی تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ دو اور حکومتی ارکان کے خلاف بھی بدعنوانی کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔

    نیب آفس لاہور میں کرمانوالہ ہاؤسنگ اسکیم فراڈ کے متاثرین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے سٹی میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور کسی سے بھی کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔

    ڈی جی نیب نے کہا کہ سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک آصف ہاشمی متعدد مقدمات میں مطلوب ہیں، انھوں نے کہا کہ ڈبل شاہ جیسے لوگ پھر متحرک ہوگئے ہیں، عوام ان سے ہوشیار رہیں ۔

    انھوں نے بتایا کہ ڈبل شاہ کی ایک ارب کی پراپرٹی نیب کے پاس ہے، جسے فروخت کرکے متاثرین کی رقم واپس کی جائے گی۔

  • کسی پرحملہ کیا نہ کوئی سیاسی انتقام لیاجارہاہے، ڈائریکٹر جنرل نیب

    کسی پرحملہ کیا نہ کوئی سیاسی انتقام لیاجارہاہے، ڈائریکٹر جنرل نیب

    کراچی : ڈائریکٹر جنرل نیب سراج النعیم نے کہا ہے کہ ادارے نے کسی پرحملہ کیاہے نہ کوئی سیاسی انتقام لیاجارہا ہے۔بیس ایکڑ زمینوں کی منسوخی کے لئے اداروں کو لکھ دیاہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریجنل ہیڈ کواٹرمیں متاثرین میں امداد کی تقسیم سے متعلق تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ نیب نےکسی پرحملہ کیانہ کوئی سیاسی انتقام لیاجارہاہے۔

    سراج النعیم نےکہا کہ نیب کسی حکومت کےخلاف نہیں۔ مینڈیٹ لینے والوں کی پگڑی اچھالنےکاحق نہیں، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پی پی رہنمااوررکن سندھ اسمبلی علی نواز شاہ اوردیگرکو ہم نےنہیں پکڑا۔پچیس کھرب روپے سےزائد کرپشن کےکیسز نیب کےپاس موجودہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سارالوٹاہواپیسہ حکومت سندھ کوہی واپس جائےگا،ہم کسی حکومت کیخلاف نہیں چل رہے بلکہ سندھ حکومت کی سپورٹ اب بھی ہمارے ساتھ ہے۔

    سراج النعیم نے کہا کہ چائناکٹنگ سےمتعلق دوجے آئی ٹیزتیارہوچکی ہیں۔ سندھ پولیس کیلئےسامان کی خریدوفروخت کی تحقیقات کررہے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ بیس ایکڑزمینوں کی منسوخی کیلئےاداروں کولکھ دیاہے۔ ڈی جی نیب نےبتایا کہ اسٹیل مل کاکوئی کیس نیب میں التواءکاشکارنہیں۔ریجنل ہیڈ کوارٹر کی تقریب میں چار اداروں کورقم واپس کی گئی۔