Tag: DHANDLI

  • کے پی کے بلدیاتی انتخابات کو فی الفور کالعدم قراردیا جائے، الطاف حسین

    کے پی کے بلدیاتی انتخابات کو فی الفور کالعدم قراردیا جائے، الطاف حسین

    لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوران متعدد علاقوں میں خواتین کو ووٹنگ سے روکا گیا ہے اور جبروتشدد اوربندوق کے زورپرعوام کے جمہوری حق پر ڈاکہ ڈالاگیا ہے۔

    لہٰذا صوبہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کو فی الفور کالعدم قراردیا جائے اوروہاں غیرجانبدار مبصرین کی زیرنگرانی ازسرنوانتخابات کروائے جائیں ۔

    ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ملک کی بیشتر سیاسی ومذہبی جماعتوں کی جانب سے ایم کیوایم کے خلاف بہتان تراشی کی گئی اور ہرواقعہ میں ایم کیوایم کو ملوث کرکے اس کامیڈیا ٹرائل کیاگیا لیکن آج صوبہ خیبرپختونخوا میں مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اورکارکنوں کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے دوران کھلی دھاندلی کی گئی۔

    عوام کے سامنے بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگائے گئے ، جدید ترین اسلحہ کی آزادانہ نمائش واستعمال کیا گیا،پولنگ اسٹیشنوں پر حملے کئے گئے ،مخالف امیدواروں اورسیاسی کارکنوں کو ہلاک وزخمی کیا گیااوریہ مناظر پاکستان کے تقریباً تمام ٹی وی چینلز نے نمایاں انداز میں نشر کئے ہیں ۔

    الطاف حسین نے کہاکہ ذرائع ابلاغ اور حقوق نسواں کی تنظیموں کی جانب سے مسلسل اس بات کی نشاندہی کی جارہی ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی، جماعت اسلامی ، مسلم لیگ(ن) اور اے این پی نے خواتین کو ووٹنگ سے روکنے کیلئے باقاعدہ اتفاق رائے سے معاہدہ کیا ہے اور اسی وجہ سے لوئردیر کے بعد اب پختونخوا کے متعدد علاقوں میں بلدیاتی الیکشن میں بھی خواتین کو ووٹ کے حق سے روکاگیا ہے ۔

    الطاف حسین نے خواتین کوووٹ دینے سے روکے جانے پر شدیداحتجاج کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنرآف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں خواتین کوووٹنگ سے روکے جانے اور وسیع پیمانے پر دھاندلی کی شکایات کی بنیاد پر ان بلدیاتی انتخابات کو کالعدم قراردیکر وہاں غیرجانبدار مبصرین کی زیرنگرانی ازسرنو انتخابات کروائے جائیں۔

    الطاف حسین نے کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا میں بدنظمی، بدانتظامی، بدامنی اور کھلی دھاندلی کے بدترین واقعات سے ثابت ہوگیا ہے کہ جعلی مینڈیٹ رکھنے والی کون کون سی جماعتیں اسلحہ کی سیاست ،دہشت گردی، قتل وغارتگری، بیلٹ پیپرز پرٹھپے لگاکر عوام کے جمہوری حق پرڈاکہ ڈالنے اور خواتین کوووٹ کے حق سے محروم رکھنے میں ملوث ہیں۔

    الطاف حسین نے کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوران آج آئین ، قانون اور ضابطہ اخلاق کی دھجیاں بکھیردی گئیں۔

    پورے صوبے میں خوف ودہشت کا ماحول گرم کردیا گیااور متعدد افراد کو ہلاک وزخمی کردیا گیا لیکن ان المناک واقعات میں ملوث کسی ایک بھی جماعت کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کی گئی ۔

    الطاف حسین نے کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا کی سیاسی ومذہبی جماعتوں کے غیرجمہوری ، غیرآئینی اور غیراخلاقی طرزعمل نے صوبہ خیبرپختونخوا کے پورے بلدیاتی انتخابات پر سوالیہ نشان کھڑادیا ہے اوراب بندوق کے زورپر حاصل کیے جانے والے نتائج اپنی اہمیت وافادیت کھوچکے ہیں۔

    الطاف حسین نے صدرپاکستان ممنون حسین، وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف ، چیف جسٹس آف پاکستان اورچیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوران کھلی دھاندلی، بدامنی، دہشت گردی اور قتل وغارتگری کا فوری نوٹس لیاجائے اور صوبہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کو فی الفور کالعدم قراردیا جائے۔

  • تحریک انصاف ایک بار پھر دھرنےکیلئے تیار

    تحریک انصاف ایک بار پھر دھرنےکیلئے تیار

    اسلام آباد : تحریک انصاف پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنے کاپروگرام فائنل کررہی ہے۔ تحریک انصاف نے ایک بار پھر دھرنے کا اعلان کردیاہے۔

    اس بار تحریک انصاف انتخابی دھاندلی نہیں بلکہ خیبر پختونخواہ  میں لوڈشیڈنگ اور مختلف معاملات پر وفاق کی جانب سے حقوق نہ دینے پر پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔

      چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے دھرنےپر مشاورت کیلئے اتحادی جماعتوں کو آج شام عشایئے پر مدعو کیا ہے۔ عشائیہ خیبر پختو نخوا ہاؤس اسلام آباد میں دیا جا ئےگا۔

    عشایئے کے موقع پر سینیٹ کے ضمنی انتخابات اور کل پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنے کے حوا لے سے لا ئحہ عمل تیار کیا جا ئےگا۔

  • حلقہ این اے125 کا تفصیلی فیصلہ جاری، سعد رفیق بے گناہ قرار

    حلقہ این اے125 کا تفصیلی فیصلہ جاری، سعد رفیق بے گناہ قرار

    اسلام آباد : جوڈیشل کمیشن نے لاہور کے حلقہ این اے ایک سو پچیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا، اسّی صفحات کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ این اے ایک سو پچیس میں کوتاہیوں کاعمل ہر مرحلے پرموجود تھا۔

    فیصلےمیں کہا گیا ہےکہ این اےایک سو پچیس کے بیشترپولنگ اسٹیشنزکی کاونٹرز فائل اور ووٹر لسٹیں غائب تھیں، ایک ہزار تین سو باون ووٹوں کی انگوٹھوں کے نشانات کے ذریعے تصدیق کروائی گئی جس میں سےایک ہزار دو سو چون کی تصدیق ہوئی۔

    چوراسی ووٹوں سے متعلق انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق نہ ہوسکی جبکہ چودہ کاؤنٹرز فائلز پر انگوٹھوں کےنشانات جعلی نکلے۔

    پولنگ اسٹیشن نمبر ایک سو پچانوےکے بیلٹ پیپرز اور کاونٹرفائلزکا کوئی ریکارڈ نہیں ملا۔ خواجہ سعد رفیق اور الیکشن کے عملے کے خلاف این اےایک سو پچیس میں سازش، دھوکہ دہی کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

  • عوامی فیصلےپرعمران دھاندلی کےالزامات واپس لیں،سعدرفیق

    عوامی فیصلےپرعمران دھاندلی کےالزامات واپس لیں،سعدرفیق

    لاہور : وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابی نتائج کے بعد عمران خان کو اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے دھاندلی کے الزامات واپس لے لینے چاہئیں۔

    یہ باتیں انہوں نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے  جوڈیشل کمیشن میں دھاندلی کے کوئی ثبوت جمع نہیں کرائے۔

    ان کا مسئلہ یہ ہے کہ کسی کے ووٹ کو تسلیم ہی نہیں کرتے، عمران خان نے ہمارے خلاف قتل کے جھوٹے مقدمات بنوائے، خواجہ سعدرفیق کا کہنا تھاکہ عمران خان نے اسمبلی کو جھوٹا اور جعلی کہا اور آج وہ خود اسمبلی میں آکر بیٹھ گئے۔

    عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو پارلیمانی زبان سیکھنی چاہئیے،ان کو سمجھنا چاہئیے کہ سیاست میں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سیاست سکھانا ہماری ذمہ داری ہے، اور ہم اس ذمہ داری کو پورا کرتے رہیں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ این اے 246 کراچی میں عمران خان کو پتہ چل گیا کہ تبدیلی ووٹ سے ہی آتی ہے، کراچی میں عوامی عدالت کا نتیجہ سامنے آگیا۔

  • جوڈیشل کمیشن میں دھاندلی کے شواہد جمع کرانے کاسلسلہ جاری

    جوڈیشل کمیشن میں دھاندلی کے شواہد جمع کرانے کاسلسلہ جاری

    اسلام آباد : دوہزار تیرہ کے الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے کمیشن میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے شواہد جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔

    پی ٹی آئی نے مزیدتجاویز اوردستاویزات جمع کرادیں۔ الیکشن دوہزار تیرہ کی تحقیقات کیلئے بنائے گئے جیوڈیشل کمیشن میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے شواہد جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف نے جوڈیشل کمیشن میں مزیدتجاویز اوردستاویزات جمع کرادیں۔ پی ٹی آئی کا جاری کردہ وائٹ پیپربھی جوڈیشل کمیشن میں جمع کرایا گیا۔

    پیپلز پارٹی نے سسی پلیجوکے حلقے میں دھاندلی کے شواہد کمیشن میں جمع کرائے۔ مہاجر قومی موومنٹ نے بھی جیوڈیشل کمیشن میں انتخابی دھاندلی کے شواہد جمع کرائے۔

    ادھر انتخابی اصلاحات پر بھی کام جاری ہے۔ اصلاحات کی کمیٹی کے سربراہ زاہد حامد کہتے ہیں عوامی نمائندگی ایکٹ کا جائزہ مکمل کر لیا گیا ہے۔

    پی ٹی آئی کے ساتھ مشاورت کے بعد مسودے کو حتمی شکل دی جائے گی ۔ انتخابی اصلاحات کمیٹی کے اجلاس میں تحریک انصاف کی شیریں مزاری اور شفقت محمود نے بھی شرکت کی۔

    شفقت محمود کا کہنا تھا سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد پی ٹی آئی اپنی تجاویز دے گی۔ کمیٹی نے الیکشن کمیشن کو توہین عدالت کے اختیارات دینے کی سفارش کر دی۔ الیکشن کمیشن انتخابات کے دوران سرکاری تبادلے اور تقرریاں روک سکے گا۔

  • انتخابی دھاندلی: الیکشن کمیشن نے تمام الزامات مسترد کردئیے

    انتخابی دھاندلی: الیکشن کمیشن نے تمام الزامات مسترد کردئیے

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے انتخابی دھاندلی سے متعلق جوڈیشل کمیشن میں پیش کرنے کے لئے جواب تیار کرلیا۔

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے ابتدائی طور پر گیارہ صفحات پر مشتمل جواب تیار کیا ہے۔ کمیشن کی طرف سے مسودے کی منظوری کے بعد جوڈیشل کمیشن میں یہ جواب داخل کیا جائے گا۔

    جواب میں الیکشن کمیشن نے عام انتخابات دوہزار تیرہ میں دھاندلی سے متعلق تمام الزامات مسترد کردئیے ہیں اور کہا ہے کہ عالمی مبصرین نے عام انتخابات کو شفاف قرار دیا۔الیکشن کمیشن نے عالمی مبصرین کی رپورٹس بھی جواب کا حصہ بنائی ہے۔

    الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ عام انتخابات کیلئے بیلٹ پیپر زمارکیٹ سے نہیں چھپوائے گئے اور یہ یہ بیلٹ پیپرز خصوصی فیچرز کے حامل تھے ۔

    بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور ترسیل فوج کی نگرانی میں کی گئی۔الیکشن کمیشن کے مطابق مقناطیسی سیاہی پی سی ایس آئی آر سے تیار کرائی گئی اور نادہ نے اس سیاہی کی باقاعدہ منظوری دی۔

    اس حوالے سے جو الزامات عائد کیے گئے ہیں بے بنیاد ہیں۔ڈی جی الیکشن کی سربراہی میں الیکشن کمیشن حکام آج دن بھر بند کمرے میں مشاورت کرتے رہے اور جوڈیشل کمیشن میں پیش کرنے کے لئے مواد اکٹھا کرتے رہے۔

    الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق کمیشن کی منظوری کے بعد یہ جواب جوڈیشل کمیشن میں پیش کردیا جائے گا۔ڈی جی الیکشن شیر افگن پر پی ٹی آئی نے عام انتخابات میں دھاندلی میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کئے تھے۔

  • دھاندلی کے ثبوت کے حصول کیلئے ٹاسک فورس کام کررہی ہے، اسحاق خاکوانی

    دھاندلی کے ثبوت کے حصول کیلئے ٹاسک فورس کام کررہی ہے، اسحاق خاکوانی

    اسلام آباد : پی ٹی آئی کے رہنما اسحاق خان خاکوانی نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کے معاہدے میں تین نکات ہیں۔ ایک بھی ثابت ہوا تو حکومت اخلاقی قدر کھو دے گی، اسٹیٹ بینک کے کردار پر بھی تشویش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی ٹاسک فورس کے کوآرڈینیٹر اسحاق خاکوانی نے اے آروائی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھاندلی کے ثبوت حاصل کرنے کے لئے پی ٹی آئی ٹاسک فورس کا کام جاری ہے۔

    جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لئے کئے گئے معاہدے میں تین نکات ہیں۔ ایک بھی نقطہ ثابت ہوا تو حکومت اخلاقی قدر کھو دے گی۔

    انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن بننے کےبعد دھاندلی کے ثبوتوں کے لئے مختلف سیاسی جماعتیں تعاون کر رہی ہیں۔ مسلم لیگ ن کے رکن نے بھی ٹاسک فورس سے رابطہ کیا ہے۔

    اسحاق خاکوانی نے کہا کہ بینک ڈیفالٹرزاورکرمنل کیسزمیں ملوث افرادانتخاب نہیں لڑسکتےتھے۔ بینک ڈیفالٹرز کے انتخاب لڑنے پر اسٹیٹ بینک ذمہ دار ہے۔ سپریم کورٹ کی دی گئی مہلت سے ایک دن قبل شواہد جمع کروا دیں گے۔

  • انتخابی قوانین پر سختی سے عمل کیا جائے، سیکریٹری الیکشن کمیشن

    انتخابی قوانین پر سختی سے عمل کیا جائے، سیکریٹری الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی قوانین پر سختی سے عمل کیا جائے، رینجرز اہلکار پولنگ اسٹیشن کے اندر بھی تعینات ہونگے۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن یعقوب بابر کی صدارت میں کراچی میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں حلقہ این اے دو سو چھیالیس میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے مشاورت اور الیکشن قوانین پر عملدر آمد کا جائزہ لیا گیا۔

     سیکریٹری الیکشن کمیشن یعقوب بابر کا کہنا تھا کہ الیکشن قوانین پر سختی سے عمل کیا جائے،الیکشن کے دن انتخابی عملہ اور مٹیریل جلد فراہم کیا جائے، پولنگ مقررہ وقت شروع اور ختم کی جائے۔

     اجلاس کے دوران آئی جی سندھ نے کہا کہ تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے،ضمنی انتخاب کے موقع پر پولیس سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

    حلقے میں تین ہزار اور شہر بھر میں سات ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے جائینگے،ضمنی انتخاب پرامن ماحول میں ہوگا، اجلاس میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے عارضی چوکیاں قائم رکھنے کی بھی تجویز دی گئی۔

  • این اے 246 میں بایومیٹرک تصدیق نہیں کی جا سکتی، الیکشن کمیشن

    این اے 246 میں بایومیٹرک تصدیق نہیں کی جا سکتی، الیکشن کمیشن

    الیکشن کمیشن نے این اے دوسو چھیالیس میں ووٹرزکی بایو میٹرک تصدیق سے معذرت کر لی،سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عمران اسماعیل نےگھوسٹ پولنگ سٹیشنزکی شکایت کی ہے جس کی تحقیقات کی جائے گی۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں بایومیٹرک تصدیق کی تجویز رینجرز نے دی تھی ، لیکن وقت کی کمی اور تکنیکی مسائل کے باعث اس پر عمل ممکن نہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ الیکشن کے دن رینجرز اہلکار سیکورٹی مقاصد کیلئے پولنگ اسٹیشن کے اندر ہوں گے اور موبائل فون صرف پریزائڈنگ افسر ساتھ لے جاسکیں گے۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ رینجرز اور فوج کی نگرانی میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی جاری ہے۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن کے مطابق این اے دو سو چھیالیس میں ڈھائی ہزار انتخابی عملہ ، سات ہزارتین سو پولیس اہلکارتعینات یےجائیں گے،رینجرزکوفرسٹ کلاس مجسٹریٹ کےاختیارات دیئےگئےہیں،جبکہ نو ایس پیز الیکشن ڈیوٹی دیں گے۔

  • انتخاب بائیومیٹرک سسٹم کے تحت کرایا جائے، رینجرز کا مطالبہ

    انتخاب بائیومیٹرک سسٹم کے تحت کرایا جائے، رینجرز کا مطالبہ

    کراچی: شہر قائد میں ہونیو الے این اے 246 کے الیکشن کے دوران کیمرے اور بائیومیٹرک سسٹم لگانے کی تجویز ،ڈی جی رینجرز نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے ۔

    کراچی کے حلقے این دو سو چھیالیس میں ضمنی انتخاب جہاں سیاسی جماعتوں کے لیے امتحان بنا ہوا ہے وہیں قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی اپنی حکمت عملی طے کر رہے ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق رینجرز حکام نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے جس میں این اے دوسو چھیالیس میں انتخاب بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کرانے کا کہا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کو ڈی جی رینجرز کا خط موصول ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کے دوران تمام پولنگ اسٹیشنز اور قریب کی حساس عمارتوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں جبکہ الیکشن سینٹرز پر بائیو میٹرک سسٹم لگائے جائیں تاکہ الیکشن میں دھاندلی نہ ہوسکے۔