Tag: dharna

  • نیوزچینل بندکرنے کا اقدام لاہورہائی کورٹ میں چیلنج

    نیوزچینل بندکرنے کا اقدام لاہورہائی کورٹ میں چیلنج

     

    لاہور: فیض آباد آپریشن کے دوران نیوز چینلز کو آف ائیر کرنے کا حکومتی اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا‘ جبکہ ہائی کورٹ بار نے حکومت سے فیض آباد آپریشن اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہری آمنہ ملک کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں وفاقی حکومت اور پیمرا کو فریق بنایا گیا ہے ‘ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ حکومت نے فیض آباد آپریشن کے دوران تمام نیوز چینلز کو آف ایئر کر دیا جبکہ تمام چینلز لائیسنس کے تحت کام کر رہے ہیں۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ بغیر کسی وجہ کہ لائسنس یافتہ چینلز کو آف ایئر نہیں کیا جا سکتا‘ کسی بھی چینل کو آف ایئر کرنے کے لیے قوانین اور طریقہ کار موجود ہے ‘جس پر عمل کیے بغیر ایسا اقدام قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔

    درخواست گزار کےمطابق بغیر کسی وجہ کے چیئرمین پیمرا نے تمام چینلز کو آف ایئر کر دیا‘ جس سے کروڑوں عوام کو ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا اور چینلز بند ہونے سے ملک میں غیر یقینی صورت حال پیدا ہوئی ۔

    آمنہ ملک نے موقف اختیار کیا کہ اطلاعات تک رسائی پاکستان کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور چینلز بند کر کے اس حق کی نفی کی گئی لہذا عدالت ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کرے اور مستقبل میں ایسے اقدام سے روکنے کا حکم دے۔

    دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ بار نے فیض آباد دھرنے کے شرکا ءپر تشدد اور ملک میں حالات خراب کرنے پر حکومت سے معافی مانگنے کامطالبہ کر دیا۔

    ہائی کورٹ بارنے یہ بھی مطالبہ کیا کہ حکومت اس فعل پر پوری قوم سے معافی مانگے اور مقدمات واپس لے کر قیدیوں کو رہا کرے ۔ بار نے قرارداد منظور کی کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو مالی امداد دی جائے جبکہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سپریم کورٹ نے دھرنے کا ازخود نوٹس لے لیا، اداروں سے جواب طلب

    سپریم کورٹ نے دھرنے کا ازخود نوٹس لے لیا، اداروں سے جواب طلب

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے فیض آباد دھرنے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے وزارت دفاع، وزارت داخلہ، انٹیلی جنس بیورو اور آئی ایس آئی کو جواب داخل کرانے کا حکم دے دیا، مذہبی جماعت کے دھرنے کے حوالے سے تحریری حکم نامہ جاری کردیاہے۔

    تفصیلات کے مطابق عدالت عظمیٰ نے فیض آباد دھرنے کو ختم نہ کرانے پر سیکرٹری دفاع و داخلہ سے تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بتایا جائے کہ عوام کے بنیادی حقوق کےلئے کیا اقدامات کئے گئے؟

    سپریم کورٹ کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی چند شرپسندوں کے ہاتھوں یرغمال ہے، ریاستی ادارے مفلوج ہوچکےہیں، عوام کو دفاتر، اسکول اورعدالتوں میں جانے میں شدید مشکلات کا سامناہے۔

    ایمبولینس اور مریضوں کو اسپتال جانے کی بھی اجازت نہیں، دھرنے کے باعث آرٹیکل14،15 اور19کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔


    مزید پڑھیں: ختم نبوت سے متعلق تحفظات پر سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، پیر نظام الدین جامی


    حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ دھرنے کے شرکاء گالم گلوچ اورگندی زبان استعمال کر رہےہیں، دھرنے میں استعمال کی گئی زبان کی کون سی شریعت اجازت دیتی ہے، موجودہ صورتحال عوامی اہمیت اورانسانی حقوق کا معاملہ ہے، آرٹیکل15،9اور25اے کے تحت دیئے گئےحقوق سلب کیے جارہے ہیں۔

    عدالت موجودہ صورتحال کے پیش نظر آرٹیکل184(3)کے تحت از خود نوٹس لے رہی ہے۔ عدالت نے وزارت دفاع، وزارت داخلہ انٹیلی جنس بیورو، آئی ایس آئی کو بھی جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

  • شرم کی بات ہے میرا مقابلہ منی لانڈرنگ والوں سے کیا جارہا ہے، عمران خان

    شرم کی بات ہے میرا مقابلہ منی لانڈرنگ والوں سے کیا جارہا ہے، عمران خان

    اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ شرم کی بات ہے کہ ایک میڈیا گروپ میرے محنت سے کمائے گئے پیسوں کا مقابلہ منی لانڈرنگ کرنے والوں سے کررہاہے۔

    یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی،  انہوں نے کہا کہ میں نے آج تک جو بھی پیسہ کمایا اس کی تمام تفصیلات اور حساب بینکنگ چینلز میں موجود ہے، میں نے کرکٹ سے کمائے ہوئے پیسوں کو پاکستان بھیجا۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے قانونی بینکنگ ذرائع سے اپنی آمدن پاکستان منتقل کی اور رقم منتقلی کی تمام دستاویزات سپریم کورٹ کے سامنےپیش کرچکا ہوں۔

    عمران خان نے کہا کہ نااہل سابق وزیر اعظم نوازشریف نے منی لانڈرنگ کے300ارب روپے کی ایک بھی رسید پیش نہیں کی، نوازشریف نے سچ بولنے کےبجائے سپریم کورٹ میں جعلی قطری خط پیش کیا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانی خون پسینہ ایک کرکے سالانہ 20ارب ڈالر پاکستان بھیجتے ہیں جبکہ کرپٹ مافیا سالانہ دس ارب چوری کرکے منی لانڈرنگ سے باہربھیجتا ہے، جس کا نتیجہ یہ ہے کہ آج پاکستان قرضوں کی دلدل میں بری طرح ڈوبا ہوا ہے اور ملک کا ہر شہری مقروض ہے۔

    عمران خان کی یقین دہانی پر استذہ نے دھرنا ختم کردیا

    علاوہ ازیں بنی گالہ اسلام آباد میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر دیا جانے والا پروفیسرز اور ٹیچرز کا دھرنا چیئرمین پی ٹی آئی کی یقین دہانی پر ختم کردیا گیا۔

    مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ خوشی ہے کہ آپ لوگ ادھر آئےاور اپنے حق کیلئےاحتجاج کیا، آپ کےارادے اور سوچ ٹھیک تھی، آپ کے مسائل کا ایسا حل نکالیں گے کہ جس سے سب خوش ہوں، انہوں نے کہا کہ دھرنا دینا آسان کام نہیں ہے، ہم نےبھی126دن دھرنا دیا تھا۔

    چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ بلوچستان کے پشتون اور بلوچوں کو پی ٹی آئی میں اکٹھا کریں، پاکستان کےدشمن چاہتےہیں کہ بلو چستان ٹوٹے، بلوچستان میں بہت وسائل ہیں کہ وہاں کوئی غریب نہیں ہوناچاہیے۔

    انہوں نے بتایا کہ اتوارکو سیہون شریف سندھ میں جلسہ کرینگے، آصف زرداری نے سیہون میں اسٹیڈیم بند کرانےکی کوشش کی ہے۔

    عمران خان کے دورہ سندھ کے شیڈول کا اعلان

    پی ٹی آئی نے عمران خان کے دورہ سندھ کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف سندھ کا4روزہ دورہ کریں گے، وہ 22اکتوبر کو سیہون شریف میں خطاب کرینگے، جبکہ23 ،24 اور25اکتوبر کو کراچی میں قیام کریں گے۔

    عمران خان کے دورے کے موقع پر سندھ کی ایک اہم شخصیت کی پی ٹی آئی میں شمولیت کا بھی امکان ہے، شیڈول کے مطابق عمران خان 23اکتوبر کو تاجروں،یونین نمائندوں سے ملاقات اور پارٹی کی رکنیت سازی مہم شروع کرینگے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی24اکتوبر کو کراچی یونیورسٹی میں خطاب اور بعد ازاں کراچی میں پارٹی اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔وہ 25اکتوبر کو اہم پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے جس کے بعد وہ دوپہرکو واپس اسلام آباد کیلئے روانہ ہو جائیں گے۔

  • کرایوں میں اضافہ نہ کرنے پرآئل ٹینکرزمالکان کی دھرنے کی دھمکی

    کرایوں میں اضافہ نہ کرنے پرآئل ٹینکرزمالکان کی دھرنے کی دھمکی

    کراچی: پاکستان آئل ٹینکر اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اسلم نیازی نے اوگرا کے خاتمے کا مطالبہ کردیا،انہوں نے کہا کہ کرایوں میں 50 فیصد اضافے کا اعلان نہ کیا گیا تو احتاجاً دھرنا دینگے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، پریس کانفرنس میں اسلم خان نیازی کا مزید کہنا تھا کہ آئل ٹینکر کا کرایہ بہت قلیل دیا جاتا ہے اور معیار نمبر ون مانگتے ہیں۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئل ٹینکروں کے کرایوں میں اضافہ اور اربوں روپے کی کٹوتی واپس کی جائے، حکومت نے کرایوں میں 50 فیصد اضافے کا اعلان نہ کیا گیا تو اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاؤس کے سامنے ہزاروں آئل ٹینکرز کے ساتھ دھرنا دیا جائیگا۔

    اسلم خان نیازی نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور آئل ٹینکرز کے کرایوں میں کمی کی وجہ سے15ہزار آئل ٹینکرز مالکان کاروبار بند کر کے بے روز گار ہو گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اوگرا کی جانب سے لگائی گئیں پابندیاں سیکورٹی رسک ہیں، مسائل کے حل کےلیے اوگرا کو ختم کرکے اس کی ذمہ داریاں منسٹری آف پیٹرولیم کے حوالے جائیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • عوامی تحریک کو مال روڈ پر دھرنے کے انتظامات سے روک دیا گیا

    عوامی تحریک کو مال روڈ پر دھرنے کے انتظامات سے روک دیا گیا

    لاہور: ہائی کورٹ نے عوامی تحریک کے وکیل کو قیادت سے دھرنے کے بارے میں تفصیلی ہدایات لے کر پیش ہونے کا حکم دے دیا اور کہا ہے کہ قانون پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، تفصیلات دیے بغیر صبح تک دھرنے کے انتظامات نہ کیے جائیں۔

    لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مامون الرشید نے تاجر نعیم میر کی درخواست پر سماعت کی جس میں عوامی تحریک کے مال روڈ پر دھرنے   کے اعلان کو چیلنج کیا گیا ہے۔

    سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے واضح کیا کہ مال روڈ پر دفعہ 144 کا نفاذ ہے اور عدالت بھی مال روڈ پر احتجاج کے خلاف حکم دے چکی ہے۔

    ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ عوامی تحریک کی جانب سے ابھی تک احتجاج کے لیے کوئی باضابطہ درخواست نہیں دی گئی۔

    عوامی تحریک کے وکیل اشتیاق چوہدری نے بتایا کہ احتجاج کا مقام پنجاب اسمبلی سے  تبدیل کر کے استنبول  چوک کردیا گیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل اسد منظور بٹ نے نشاندہی کی  مال روڈ پر احتجاج کرنا عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی ہے اور عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کروانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    درخواست گزار کے وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ  دھرنے کے لیے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں جس پر عدالت نے حکم دیا کہ قانون پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے جب کہ عوامی تحریک کے وکیل اپنے رہنماؤں سے ہدایات لے کر پیش ہوں۔

     درخواست پر  مزید سماعت صبح نو بجے دوبارہ ہوگی۔

     


    مزید پڑھیں  : سانحہ ماڈل ٹاؤن: 16 اگست کوخواتین کا دھرنا ہوگا: ڈاکٹرطاہرالقادری


    پاکستان عوامی تحریک کا ردِ عمل

    ترجمان پاکستان عومی تحریک نے کہا ہے کہ قانون اور عدالتی فیصلہ کا احترام کرتے ہیں، ہم سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے لیے تین سال سے انصاف مانگ رہے ہیں مگر ابھی تک کہیں شنوائی نہیں ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ دھرنے سے متعلق عدالت نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا تاہم کل ہمارے رہنماء عدالت میں پیش ہوکر اپنا مؤقف ضرور پیش کریں گے اُس کے بعد عدالت کوئی فیصلہ جاری کرے گی۔

    پی اے ٹی کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مال روڈ پر دھرنا پاکستان عوامی تحریک یا پھر طاہر القادری کی طرف سے نہیں تھا بلکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین سے اس کا اعلان خود کیا تھا تاہم ڈاکٹر صاحب اُن سے اظہار ہمدردی کے لیے ضرور جاتے۔

    یاد رہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے بیرونِ ملک سے واپسی پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کو انصاف دلانے کے لیے لاہور میں دھرنے کا اعلان کیا تھا۔

    تازہ اطلاعات کے مطابق عوامی تحریک نے دھرنا لاہور میں واقع استنبول چوک پر منتقل کردیا ہے اور وہاں ہنگامی طور پر انتظامات شروع کردیے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • شاہ محمود قریشی کو جیل میں جمشید دستی سے نہیں ملنے دیا گیا

    شاہ محمود قریشی کو جیل میں جمشید دستی سے نہیں ملنے دیا گیا

    ڈی جی خان : شاہ محمودقریشی کو جیل میں اسیر جمشید دستی سے ملاقات سے روک دیا گیا، تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نے ساتھیوں کے ہمراہ سینٹرل جیل کےباہر دھرنا دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے وائس چیئرمیں مخدوم شاہ محمود قریشی سینٹرل جیل میں قید عوامی راج پارٹی کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی جمشید دستی سے عید ملنے کیلئے پہنچے تو جیل انتظامیہ نے انہیں ملاقات کرنے سے روک دیا۔

    اس موقع پر ان کے ہمراہ کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، شاہ محمود قریشی نے جیل انتظامیہ کے نامناسب رویے کیخلاف جیل کے باہردھرنا دیدیا۔

    کارکنان نے حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں  ہرصورت جمشید دستی سے مل کرجاؤں گا، ریاستی ہتھکنڈوں سےمظلوموں کی آوازدبائی نہیں جاسکتی۔ آخری اطلاعات تک دھرنا جاری تھا۔


    مزید پڑھیں : رکن قومی اسمبلی جمشید دستی گرفتار


    واضح رہے کہ جمشید دستی کو گزشتہ دنوں ہیڈ کالو پر واقع ڈنگا کینال کو زبردستی کھولنے پرمقدمہ درج کرکے  گرفتارکیا گیا۔

    بعد ازاں عید الفطر سے ایک روز قبل ضمانت پر رہائی کے حکم کے باوجود چند نامعلوم مقدمات میں جیل کے گیٹ سے دوبارہ گرفتار کر لیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ جمشید دستی مظفر گڑھ کے حلقہ این اے 178 سے گزشتہ دو انتخابات سے کامیاب ہوتے آرہے ہیں ، انہوں نے 2010 میں بی اے کی جعلی ڈگری کا الزام لگنے پر قومی اسمبلی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

  • پی ایس پی کسی مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے گی، مصطفیٰ کمال

    پی ایس پی کسی مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے گی، مصطفیٰ کمال

    پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ الٹی میٹم دے کر بھولنے والے نہیں، کسی مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، انہوں نے کہا کہ ہم مظلوم طبقے کی آواز بنے ہوئے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب کے سامنے پی ایس پی کے دھرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ حکام سے اب صرف اس بات پر گفتگو ہوگی کہ ہمارے مطالبات پر کب اور کیسے عمل کرنا ہے؟

    مصطفیٰ کمال نےبتایا کہ صوبائی حکومت کاوفد دو باران کے پاس آیا مگر بات چیت میں کوئی پیشرفت نہ ہوسکی کیو نکہ ہم اپنے کسی مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

    مزید پڑھیں : ہمیں ہمارے حقوق ہرحال میں چاہئیں، مصطفیٰ کمال

    واضح رہے کہ پاک سرزمین پارٹی کا دھرنا دس ویں روز میں داخل ہوگیا ہے، دھرنےمیں مختلف سماجی اداروں کےافراد کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    لوگوں نے پی ایس پی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں پھولوں کے ہار بھی پہنائے، پاکستان سنی تحریک کے وفد نے شاہد غوری کی زیر قیادت دھرا کیمپ کا دورہ کیااور چیئرمین پی ایس پی کے مؤقف کی تائید کی۔

  • ہمیں ہمارے حقوق ہرحال میں چاہئیں، مصطفیٰ کمال

    ہمیں ہمارے حقوق ہرحال میں چاہئیں، مصطفیٰ کمال

    کراچی : پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہمیں ہمارے حقوق ہرحال میں چاہئیں، کراچی کے عوام اب باہر نکلیں، آئندہ نسل کوہم بہترین پاکستان دیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی دھرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، پی ایس پی کے زیر اہتمام دھرنے کا آج ساتواں روز ہے۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہماری جدوجہد سے کراچی کے عوام کو امید نظر آرہی ہے، آئندہ نسل کوہم بہترین پاکستان دیں گے۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ میں حکمرانوں سے صرف کراچی کیلئے پینے کا پانی مانگ رہا ہوں، مجھے پانی دینے کیلئے کون سے مذاکرات ہوں گے؟

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے باسیوں کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں ہے۔ حکمرانوں نے کراچی میں تفرقہ ڈال کرپیسہ بنایا۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی تمام جماعتوں نے اس شہرکو لوٹا ہے، حکمرانوں نے ہمیں آپس میں لڑایا، انہوں نے کہا کہ پی ایس پی کے جھنڈے کےنیچے آج ہم سب ایک ہیں، ملک میں اب انصاف کا نظام آئے گا۔

  • ربر کی گولیاں‘ رہنماؤں کی گرفتاری شرمناک ہے: عمران خان

    ربر کی گولیاں‘ رہنماؤں کی گرفتاری شرمناک ہے: عمران خان

    بنی گالہ/اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے پولیس کی جانب سے شیلنگ ‘ ربر کی گولیوں کے استعمال کو شرمناک قرار دے دیا ۔

    تفصیلات کے مطابق عمران خان نے اپنے تازہ ترین ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ ’’پولیس نے ہماری لاہور کی قیادت پر آنسو گیس اور ربر کے کی گولیا ں استعمال کی جو کہ ایک شرمناک عمل ہے‘‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عندلیب عباس ‘ ولید اقبال ‘ حماد اظہر اور دیگر کو گرفتار کیا گیا ہے جو کہ قابلِ مذمت ہے۔

    واضح رہے کہ کچھ دیر قبل تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس کو پولیس نے حراست میں لیا تھا اور کچھ دیر بعد ان کو رہا کردیا گیا۔

    تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنان کو گزشتہ دنوں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ پاکستان عوامی تحریک کے بھی 50 کے لگ بھگ کارکنان پولیس کی حراست میں ہیں۔

    پولیس نے برہان انٹرچینج کو بھی کنٹنیر لگا کر بند کیا ہوا ہے اور خیبرپختونخواہ سے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی قیادت میں آنے والے قافلے پر شدید شیلنگ کی گئی ہے جس کے بعد عمران خان نے قافلے کو عارضی طور پرپیچھے ہٹنے کا حکم دیا تھا۔

    دوسری جانب سپریم کورٹ نے پنامہ لیکس سے متعلق آج ہونے والی سماعت میں فریقین کو جمعرات تک جواب داخل کرانے کا حکم دیا ہے۔

  • رشوت کےعوض پولیس پی ٹی آئی کارکنان کو رستہ دینے لگی

    رشوت کےعوض پولیس پی ٹی آئی کارکنان کو رستہ دینے لگی

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے اتنے کارکنان اتنی رکاوٹوں کے باوجود کیسے بنی گالہ پہنچ گئے؟ اے آر وائی نیوز نے اس راز پتہ لگالیا کہ کارکنان کی اتنی بڑی تعداد بنی گالہ کیسے پہنچی؟ تحریک انصاف کے کارکنان نے پولیس کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کنٹینر نہ ہٹائیں مٹھی گرم فرمائیں، کپتان کا احتجاج پولیس اہلکاروں کی کمائی کا ذریعہ بن گیا، اہلکارجم کر جیب گرم کرنے میں مصروف ہیں۔

    پولیس اہلکاروں نے بنی گالہ جانے کا ریٹ مقرر کردیا۔ جگہ جگہ ناکے رکاوٹیں اور پولیس کی بھاری نفری کے باوجود اتنے پی ٹی آئی کارکنان بنی گالہ کیسے پہنچے ؟

    رکاوٹوں پر کھڑے اہلکاروں نے کارکنان کو کہا کہ نہ کنٹینر ہٹائیں نہ ہی تلخ کلامی کریں بس ہماری مٹھی گرم کریں اور جہاں جانا چاہیں آرام سے جائیں۔

    پولیس اہلکاروں کی رشوت لینے کی فوٹیج بھی اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی، رہی سہی کسر تحریک انصاف کے کارکنان نے اس بات کا ثبوت دے کر پوری کردی کہ اہلکار پیسے لے کر آگے جانے دیتے ہیں۔

    تحریک انصاف کے کارکنان نے پولیس کا بھانڈا پھوڑ دیا تحریک انصاف کے کارکن نے اے آروائی نیوز کی خصوصی گفتگو میں انکشاف کیا کہ پولیس والوں کو 100سے پانچ سو روپیہ تھما دیں تو وہ چھوڑ دیتے ہیں۔