Tag: dharna

  • اگرناگزیرہوا تو دھرنے میں خود شرکت کروں گا، ڈاکٹرطاہرالقادری

    اگرناگزیرہوا تو دھرنے میں خود شرکت کروں گا، ڈاکٹرطاہرالقادری

    اسلام آباد : پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان اسلام آباد دھرنے میں شرکت کریں گے۔ اگر ناگزیر ہوا تو میں خود بھی پاکستان آجاؤں گا، حکمرانوں نے جسٹس باقر کی رپورٹ جاری نہیں ہونے دی، آج بادشاہت کا بدترین مظاہرہ کیا گیا۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے اے آر وائی کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹرطاہرالقادری نے کہا کہ موجودہ حکومت جمہوریت اور سیاسی آزادی پر یقین نہیں رکھتی۔

    شریف برادران آئین پاکستان پر بھی یقین نہیں رکھتے، لوگ سڑکوں پر نکلتے ہیں تو انہیں روک لیا جاتا ہے، حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے کارکنان کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ وہ اسلام آباد دھرنے میں شرکت کریں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر ناگزیر ہوا تو میں خود بھی دھرنے میں شرکت کروں گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم پی ٹی آئی کے ان کارکنان کے ساتھ ہیں جو احتساب کے مطالبے کو پورا کرنے اپنے گھروں سے نکلے ہیں، انہوں نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ شریف برادران خود کو احتساب کے لیے پیش کردیں۔

  • شیخ رشید لال حویلی خالی کریں‘ عدالت کا حکم

    شیخ رشید لال حویلی خالی کریں‘ عدالت کا حکم

    راولپنڈی :مقامی عدالت نےلال حویلی پر رہائش کو ناجائز قبضہ قراردیتے ہوئے شیخ رشید کو 15 دن میں حوایلی خالی کرنے کا نوٹس جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق شیخ رشید کی رہائش کو غیر قانونی قبضہ قرار دے کر مترکہ وقف املاک بورڈ نے انہیں 15 دن میں حویلی خالی کرنے کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔

    شیخ رشید نے نوٹس ملنے کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ ان کی رہائش کو ناجائز قبضہ قرار دیا جا رہا ہے اور متروکہ وقف املاک بورڈ نے 15دن میں اپیل کا حق بھی دیا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت دھرنے سے خوفزدہ ہوکر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے لال حویلی میری ملکیت ہے اور اسے کوئی مجھ سے خالی نہیں کراسکتا۔

    واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان 2 نومبر کو حکومت کے خلاف اسلام آباد میں دھرنا دینے جارہے ہیں اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید ان کے قریبی اتحادی ہیں۔

  • پی ٹی آئی دھرنا ناکام بنانے کیلئے حکومت نے پیپلزپارٹی سے مدد مانگ لی

    پی ٹی آئی دھرنا ناکام بنانے کیلئے حکومت نے پیپلزپارٹی سے مدد مانگ لی

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کا دھرنا ناکام بنانے کیلئے حکومت نے پیپلزپارٹی سے مدد مانگ لی، اسحاق ڈار کی قیادت میں تین رکنی وفد نے خورشید شاہ کی رہائش گاہ پرآمد ملاقات کی، پاناما لیکس اور پی ٹی آئی کے دھرنے پرتبادلہ خیال کیا گیا، پیپلزپارٹی کے وفد نے حکومت کی حمایت کو بلاول بھٹو کے چار مطالبات کی منظوری سے مشروط کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر سنیٹر حاصل بزنجو پر مشتمل وفد نے قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی، اس موقع پرسنیٹر چوہدری اعتزاز احسن اور قمر زمان کائرہ بھی موجود تھے۔

    مزید پڑھیں دھرنا روکنے کیلئے، وزیر داخلہ کا پولیس کو انتظامات کرنے کا حکم

     ملاقات میں پانامہ لیکس کی تحقیقات، پی ٹی ائی کا دو نومبرکو اسلام آباد میں ہونے والا دھرنا اور اپوزیشن کے ٹی او ارز اور دیگر اہم ملکی اورسیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    مزید پڑھیں : پی ٹی آئی کا دھرنا رکوانے کی درخواست پر فل بینچ تشکیل

     پیپلز پارٹی رہنماؤں نے حکومتی وفد کو دو ٹوک الفاظ میں بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جو چار نکات حکومت کے سامنے رکھے ہیں اور یہی ہمارا روڈ میپ ہے اور اسی روڈ میپ کے ذریعے اگے بڑھا جا سکتا ہے۔

     

  • دھرنا دینے والے سی پیک اور ملکی ترقی کیخلاف ہیں، شہباز شریف

    دھرنا دینے والے سی پیک اور ملکی ترقی کیخلاف ہیں، شہباز شریف

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہروں کو بند کرنے والے سی پیک، توانائی منصوبوں، موٹرویز اور صنعت و حرفت کے منصوبوں کے خلاف ہیں، تبدیلی کی باتیں کرنیوالوں نے منفی سیاست کے سوا کچھ نہیں کیا۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر کو ملکی ترقی اورعوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ یہ عناصر غیر جمہوری اقدام کے درپے ہیں اور شہروں کو بند کرکے ترقی کے سفر کو روکنا چاہتے ہیں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ یہ لوگ نہیں چاہتے کہ سی پیک، توانائی منصوبے مکمل ہونے سے اندھیر دور ہوں، صنعت و حرفت کا پہیہ چلے اور بیروزگاری کا خاتمہ ہو، اگر آئندہ 18 ماہ میں یہ منصوبے مکمل ہو گئے تو انہیں ایک مرتبہ پھر شکست کی دھول چاٹنی پڑے گی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملک کی ترقی کو روکنے والے ایک بار پھر اپنے عزائم میں ناکام ہوں گے، پاکستان کے 18 کروڑ عوام کبھی بھی ان کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ان کا ایجنڈا صرف اور صرف ملک میں افراتفری اور منفی سیاست کو فروغ دینا ہے۔

    انہوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر ان پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ دھرنا سیاست والوں کے پاس نہ تو ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا کوئی ایجنڈا ہے اور نہ ہی وہ سیاسی اقدار پر یقین رکھتے ہیں۔

    منفی سیاست کرنے والے اپنے طرز سیاست پر نظرثانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر جگ ہنسائی، ترقی دشمن عناصر کا اصل ایجنڈا ہے۔

     

  • دھرنے سے حکومت جاسکتی ہے، جمہوریت نہیں، خورشید شاہ

    دھرنے سے حکومت جاسکتی ہے، جمہوریت نہیں، خورشید شاہ

    خیر پور : قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرسید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ دھرنوں سے حکومت کوخطرہ ہوسکتا ہے، جمہوریت کونہیں، انہوں نے دعویٰ کیا کہ عید کے بعد دکھا دیں گے کہ پنجاب کی عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیر پورمیں میڈیا سےبات کرتےہوئے کیا، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وہ وعدہ کرتے ہیں کہ عید کے بعد دکھا دیں گے کہ پنجاب کے لوگ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں اربوں، کھربوں روپے کی کرپشن ہے جس سے ملکی معیشت کو نقصان ہورہا ہے۔طاہرالقادری کے دستاویزات بالکل درست ہیں، ہم نے بھی پاناما لیکس پردستاویزات دیے ہیں اور اگران دستاویزات کو کوئی غلط کہتا ہے تو سپریم کورٹ میں پٹیشن داخل کرے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان جوان تھے تو نوجوان ان کے ساتھ تھے اب پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ جوان ہے اس لیے نوجوان ہمارے ساتھ ہیں اور بہت جلد پنجاب میں اپنی جگہ واپس حاصل کرلیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان نئے نئے آئے تھے تو ان کے ساتھ نوجوان تھے۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ان کی لیڈرشپ ستائیس سالہ جوان ہے جبکہ عمران خان پینسٹھ سال کےہیں۔

    خورشید شاہ نے کہا کہ ہمارے دور میں کسان خوشحال تھا ہم نے زراعت پر سیل ٹیکس زیرو کردیا تھااپنی 5سال کی حکومت میں تنخواہیں بڑھائیں۔

    موجودہ دور میں ہمارے دور سے زیادہ بجلی مہنگی کی گئی غریب طبقہ مزید غریب ہورہا ہے جس کی وجہ سے کسان سڑکوں پر آگئے ہیں۔

     

  • ڈاکٹرطاہرالقادری نے ڈیڑھ سو شہروں میں دھرنوں کا اعلان کردیا

    ڈاکٹرطاہرالقادری نے ڈیڑھ سو شہروں میں دھرنوں کا اعلان کردیا

    لاہور : پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے 20 اگست کو 150 شہروں میں دھرنے دینے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے احتجاج روکنے کی اپیل مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں آزادی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمرانوں کا اقتدار پاکستان کیلئے خطرہ ہے۔

    لاہور میں آزادی کنونشن سے خطاب میں ڈاکٹر طاہرالقادری نے فوج کے کامبنگ آپریشن کو سراہتے ہوئے پنجاب کو دہشت گردی کا مرکز قراردے دیا۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب دہشت گردی کا مرکز اور وزیرستان کا خالق ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہر پنجاب کے ہر شہر میں کامبنگ آپریشن کیا جائے۔ جب تک ہم کرپشن اور دہشت گردی کا گٹھ جوڑ ختم نہیں کر تے اس وقت تک پاکستان میں انصاف کا راج ہوسکتا ہے اور نہ ہی قانون کی حکمرانی ہو سکتی ہے۔

    سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ 20۔ اگست کی تحریک قصاص درحقیقت تحریک سالمیت پاکستان ہے، تحریک قصاص کو روکنے کے لئے وزیر اعظم منت سماجت پر اتر آئے ہیں۔

    ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہ کرنے پر فوج نے حکومت کے خلاف چارج شیٹ جاری کردی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اور شہباز شریف کو ملک سے فرار ہونے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے ایک بار پھر آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں انصاف دلانے کا مطالبہ بھی کیا۔

     

  • حیدرآباد : بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف جیالے سڑکوں پرنکل آئے

    حیدرآباد : بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف جیالے سڑکوں پرنکل آئے

    حیدرآباد : بجلی کی طویل بندش کے خلاف پیپلز پارٹی کی جانب سے سپر ہائی وے حیدرآباد پر جاری دھرنا حیسکو چیف سے کامیاب مذاکرات کے بعد بعد ختم کردیا گیا ،مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں بجلی کی عدم فراہمی کیخلاف پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت میں جیالوں سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرے کے باعث سپر ہائی وے پر سات گھنٹے تک اندرون ملک چلنے والے ٹریفک کی آمدورفت معطل رہی۔

    PPP1

    پیپلز پارٹی کی جانب سے حیدرآباد بائی پاس پر جاری دھرنے میں پارٹی کے کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی، دھرنے کے دوران کارکنان نے حیسکو اور وفاقی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

    دھرنے کے باعث سپر ہائی وے پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی کئی کلو میٹر طویل قطاریں لگ گیئں۔

    PPP2

    دھرنے میں شریک پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤ ں کا کہنا تھا کہ گزشتہ چھ ماہ سے حیدرآباد اور اندرون سندھ میں بجلی کی طویل بندش اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سا منا کرنا پڑ رہا ہے اورعوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

    PPP3

    دوسری جانب پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤں اور حیسکو چیف کے مابین کمشنر ہاؤس میں مذاکرات کئے گئے، مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد دھرنا پر امن طو رپرختم کردیا گیا اور مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے جس کے بعد سپر ہائی وے پر ٹریفک بھی بحا ل ہوگئی۔

     

  • عمران خان نے طاہر القادری کے دھرنے میں شرکت سے معذرت کرلی، شیخ رشید

    عمران خان نے طاہر القادری کے دھرنے میں شرکت سے معذرت کرلی، شیخ رشید

    لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ملاقات کی اور انہیں طاہر القادری کے دھرنے میں شرکت کی دعوت دی جس پر عمران خان نے معذرت کرلی، دونوں رہنماؤں نے عید کے بعد حکومت مخالف تحریک چلانے پر اتفاق کیا۔

    بنی گالا میں ہونے والی ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفت گو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے اور انہیں طاہر القادری کے دھرنے میں شرکت کی دعوت دی ہے تاہم عمران خان طاہر القادری کے دھرنے میں شرکت نہیں کررہے البتہ میں دھرنے میں شرکت ضرور کروں گا۔

    شیخ رشید نے مزید کہا کہ عمران خان سے ملاقات میں ٹی او آرز کمیٹی کے ڈیڈ لاک پر بھی بات ہوئی ہے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا پانامہ لیکس کے معاملے پر کہنا تھا کہ حکومت کبھی بھی وزیراعظم اور اہل خانہ سے متعلق تحقیقات نہیں کرے گی۔

    دریں اثنا ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان عید کے بعد حکومت مخالف تحریک چلانے پر اتفاق کیا گیا۔

    واضح رہے کہ طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹائون کی برسی پر حکومت کے خلاف دھرنے کے اعلان کیا ہے۔

  • دھرنے والے خود پانامہ لیکس کی فہرست میں شامل ہیں، مولانا فضل الرحمن

    دھرنے والے خود پانامہ لیکس کی فہرست میں شامل ہیں، مولانا فضل الرحمن

    سوات : جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ہمارا پانامہ لیکس سے کوئی سرو کار نہیں، ہم اس ملک میں اللہ کا قانون اور امن چاہتے ہیں، دھرنا دینے والے خود پانامہ لیکس کی فہرست میں شامل ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گراسی گراؤنڈ مینگورہ میں دستار فضیلت جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اسلام کو انتہاپسندی اور دہشت گردی کے نام پر بدنام کیا جارہا ہے حالانکہ اسلام اعتدال پسند اور امن پسند مذہب ہے۔

    اسلام کی اصولوں کے مطابق زندگی گزار نے والوں کو انتہا پسند جبکہ جہالت کی زندگی گزارنے والوں کو روشن خیال کہا جاتا ہے، لیکن جمعیت علمائے اسلام نے ہمیشہ کفری اور لادینی قوتوں کا مقابلہ کیا ہے۔

    اس موقع پر جے یو آئی کے صوبائی امیر مولانا گل نصیب خان ،مفتی غلام الرحمن ، مولانا شجاع الملک ، ایم پی اے مفتی فضل غفور ، مولانا محمد عزیز الرحمن ہزار وی ، ضلعی امیر قاری محمود ، جنرل سیکرٹری اسحاق زاہد اور دیگر علماء کرام نے بھی خطاب کیا ۔

    جلسہ کے دوران سوات کے مختلف دینی مدارس سے فارغ التحصیل 500 طالب علموں کو اسناد سے نوازا گیا ، مولانا فضل الرحمن نے خود سٹیج کی فرش پر بیٹھ کر اسناد حاصل کرنے والے علمائے کرام کو داد دی ، مولا نا فضل الرحمن نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں مذہب اسلام کی مضبوط جڑے کاٹنے کیلئے صوبے کی عوام پر یہودی لابی کو مسلط کردیا گیا ہے ، لیکن جے یو آئی کے ہوتے ہوئے یہودی لابی کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتی۔

    انہوں نے کہا کہ دھرنا دینے والے برطانیہ میں پاکستانی نژاد مسلمان کی بجائے اپنے یہودی سالے کی مئیر شپ پر کامیابی کیلئے کمپین چلا رہے ہیں جس پرہم نے دھرنے کے وقت کہا تھا کہ یہ یہودیوں کے ایجنٹ ہیں اور آج بھی انہیں یہودیوں کا ایجنٹ کہتے ہیں ۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے نام پر جنگ شروع کرکے مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا، اسلام کو بے حد نقصان پہنچایا گیا ، انہوں نے کہا کہ آج یوم مزدور ہے اور ہم نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے ، انہوں نے کہا کہ دنیا بدل رہی ہے آج امریکہ کے عوام بھی اسلام معیشت اور اسلامی انصاف چاہتے ہیں۔

    سرمایہ دار طبقہ اپنی مرضی کے مطابق پاکستانی عوام پر حکمران مسلط کرتے ہیں ، معین قریشی جیسے لوگوں کو پاکستان لاکر حکمران بنا یا جا تا ہے ، جے یو آئی کے کارکن سرمایہ دار طبقے سے نجات دلانے کیلئے جے یو آئی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔

    جلسہ کے دوران عریانی و فحاشی ختم کرنے ، کسٹم ایکٹ واپس لینے ، سوات کو ٹورازم زون قرار دینے ، سڑکوں اور سوات جیل کو تعمیر کرنے سمیت 50 بستروں پر مشتمل ہسپتال کو جلد از جلد مکمل کرانے کی قرار دادیں متفقہ طور پر منظور کرلی گئیں ۔

     

  • ایم کیوایم کے زیراہتمام کراچی پریس کلب کے باہراحتجاجی دھرنا

    ایم کیوایم کے زیراہتمام کراچی پریس کلب کے باہراحتجاجی دھرنا

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان کی گرفتاری، شہداء کے قاتلوں کی عدم گرفتاری اور لاپتہ افراد کی عدم بازیابی کے خلاف ایم کیو ایم نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی دھرنا دیا۔

    متحدہ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ انصاف فراہم نہ کیا گیا تو اسمبلیوں سے مستعفی ہونے اور احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے کا آپشن بھی موجود ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب پر کارکنان کی گرفتاریوں اور لاپتہ و اسیر کارکنان کی بازیابی اور رہائی کیلئے ایم کیو ایم نے علامتی دھرنا دیا ۔

    دھرنے میں گرفتار، لاپتہ کارکنان اور شہداء کے اہل خانہ نے اپنے پیاروں کی تصاویر اٹھائے گرفتار شدگان کی رہائی اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔

    متحدہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اگر انصاف فراہم نہ کیا گیا تو اسمبلیوں سے مستعفی ہونے اور احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے کا آپشن بھی موجود ہے۔

    کنورنوید جمیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب تک ایک سو پینسٹھ افراد کو گرفتار اور اکہتر کو لاپتہ کر دیا گیا ہے۔

    انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیا کہ ہمیں انصاف دلائیں، واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ نے اتوار کے روز بھی پریس کلب کے سامنے علامتی دھرنا دینے اور مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔