Tag: DI khan

  • ڈی آئی خان : خوفناک آندھی، درخت اور سولر پینلز ٹوٹ کر گر پڑے

    ڈی آئی خان : خوفناک آندھی، درخت اور سولر پینلز ٹوٹ کر گر پڑے

    ڈی آئی خان : تیز آندھی اور موسلادھار بارش کے باعث ڈیرہ اسماعیل خان میں متعدد درخت اور سولر پینلز اکھڑ گئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر کے دیگر شہروں کی طرح ڈی آئی خان میں بھی تیز آندھی اور موسلادھار باش ہوئی جس کے باعث متعدد اکھڑ گئے۔

    آندھی اور بارش شروع ہونے کے کچھ دیر بعد ہی شہر میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا، بجلی کے تمام فیڈرز ٹرپ ہوگئے اور بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی جس کے باعث شہر تاریکی میں ڈوب گیا۔

    تیز آندھی اور طوفان کے باعث ڈیرہ اسماعیل خان میں متعدد سائن بورڈ اور درخت گرگئے جبکہ پہاڑپور میں آندھی اور بارش سے سولرپینل ٹوٹ گئے۔

    رپورٹ کے مطابق سرائے نورنگ میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، ڈی آئی خان کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس کے باعث ناتظامیہ کو متعدد آپریشن روکنا پڑے۔

  • ڈیرہ اسمٰعیل خان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید

    ڈیرہ اسمٰعیل خان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید

    (26 جولائی 2025) خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کلاچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسمٰعیل خان (ڈی آئی خان) کے علاقے کلاچی میں یادگار چوکی کے قریب نامعلوم  افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار گل محمد اور شہزاد خان شہید ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں اہلکاروں کو قریبی دکان پر جاتے ہوئے نشانہ بنایاگیا، دونوں اہلکار یادگار پولیس چوک پر تعینات تھے, پولیس کا اس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد دہشتگرد موٹرسائیکل  پر فرار ہو گئے، شہید اہلکاروں کی میتیں کلاچی اسپتال منتقل کر دی گئیں ہیں۔

    واقعے کے فوراً بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کر دیا، دہشت گرد فرار ہونے کی کوشش میں تھے تاہم پولیس کی بروقت جوابی کارروائی کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور دو دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

    ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے کلاشنکوف اور ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا ہے، واقعے کے بعد سی ٹی ڈی اور ضلعی پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ دیگر ملوث عناصر کو گرفتار کیا جا سکے۔

    شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ اعجاز شہید پولیس لائن ڈیرہ اسماعیل خان میں ادا کی گئی، جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سجاد احمد صاحبزادہ، ریجنل پولیس آفیسر سید اشفاق انور سمیت بڑی تعداد میں سول و فوجی افسران اور پولیس اہلکاروں نے شرکت کی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    نماز جنازہ کے بعد دونوں شہداء کی میتوں کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیا گیا، پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ واقعہ دہشت گردی کی کارروائی ہو سکتا ہے۔ ضلعی اور ریجنل پولیس افسران نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور حملہ آوروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا

    وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں، خیبرپختونخوا پولیس دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردارادا کررہی ہے۔

  • ویڈیو بیان : بشریٰ بی بی کے خلاف دو مقدمات درج

    ویڈیو بیان : بشریٰ بی بی کے خلاف دو مقدمات درج

    ڈی آئی خان : بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف دو مقدمات درج کرلیے گئے، متن کے مطابق انہوں نے لوگوں کو ورغلانے کے لیے نفرت انگیز بیان دیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ویڈیو بیان کے بعد ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

    بشریٰ بی بی کیخلاف ٹیلی گراف ایکٹ1885کےتحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کیخلاف دفعہ126ٹیلی گراف ایکٹ و دیگر قوانین کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔

    مذکورہ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی نے لوگوں کو ورغلانے کے لئے نفرت انگیز بیان دیا۔ متن کے مطابق بشریٰ بی بی نے سوچی سمجھی سازش کے تحت ویڈیو بیان دیا، سعودی عرب کیخلاف بیان دے کرعوام کے جذبات سے کھیلا گیا۔

    ویڈیوبیان میں ملک کی خارجہ پالیسی اور مفاد عامہ کے خلاف بیان دیا گیا، ڈیرہ غازی خان میں مذکورہ مقدمہ غلام یاسین نامی شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    اس کے علاوہ بشریٰ بی بی کیخلاف دوسرا مقدمہ راجن پور میں حاکم نامی شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ بشریٰ بی بی نے گزشتہ روز اپنے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی جب مدینہ ننگے پاؤں گئے اور واپس آئے تو سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کو کالز آنا شروع ہوگئیں کہ یہ آپ کس شخص کو لے کر آئے ہیں، ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ تب سے ہمارے خلاف گند ڈالنا شروع کردیا گیا اور بانی پی ٹی آئی کو یہودی ایجنٹ کہنا شروع کردیا گیا۔

  • ڈی آئی خان میں مقابلہ : سی ٹی ڈی نے 3 دہشت گرد ہلاک کردیے

    ڈی آئی خان میں مقابلہ : سی ٹی ڈی نے 3 دہشت گرد ہلاک کردیے

    پشاور : خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشن کے دوران سی ٹی ڈی نے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈی آئی خان میں فائرنگ کے تبادلے میں سی ٹی ڈی اہلکاروں کی فائرنگ سے  3دہشت گرد ہلاک ہوگئے،

    تھانہ درابن کی حدود میں سی ٹی ڈی اور دیگراداروں نے مشترکہ کارروائی کی، اس دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

    اس حوالے سے سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) کا کہنا ہے کہ سگو پل پر ناکہ لگائے3دہشت گرد سیکیورٹی اداروں سے مقابلے میں مارے گئے۔

    واضح رہے کہ رواں سال 4 مئی کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کرتے ہوئے6 شدت پسندوں کو ہلاک کردیا تھا۔

    اس سے قبل 29 اپریل کو خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

  • کس ضلع میں کتنی چوری؟ غربت اور تعلیم کی شرح میں فرق کم لیکن بجلی چوری میں فرق نمایاں

    کس ضلع میں کتنی چوری؟ غربت اور تعلیم کی شرح میں فرق کم لیکن بجلی چوری میں فرق نمایاں

    پاکستان کے کس ضلع میں سب سے زیادہ بجلی چوری ہو رہی ہے، اعداد و شمار سامنے آ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے مختلف اضلاع میں بجلی چوری کے موازنے پر ایک رپورٹ سامنے آئی ہے، جس میں مختلف علاقوں کے موازنے سے بچلی چوری کا فرق واضح دیکھا جا سکتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق خیبرپختون خوا کے شہر ڈی آئی خان میں 1 لاکھ 63 ہزار 841 بجلی کے میٹرز استعمال کیے جاتے ہیں اور 16 بلین مالیت کی بجلی فراہم کی جاتی ہے، جس میں سے 10 ارب کا نقصان ہوتا ہے اور محض 6 ارب روپے ہی وصول ہو پاتے ہیں۔

    پنجاب کے شہر بھکر میں 2 لاکھ 92 ہزار 333 بجلی کے میٹرز زیر استعمال ہیں اور 13 ارب مالیت کی بجلی فراہم کی جاتی ہے، جس میں 12 ارب وصول کی جاتی ہے، جب کہ 1 ارب روپوں کے نقصان کا سامنا ہے۔

    ڈی آئی خان اور بھکر دونوں اضلاع میں غربت کی شرح ایک جیسی ہے اور تعلیم یافتہ و شہری آبادی میں بھی معمولی فرق ہے، لیکن بجلی چوری سے ہونے والے نقصان میں نمایاں فرق دیکھا جا سکتا ہے، ڈی آئی خان میں 38 فی صد عوام پڑھی لکھی ہے جب کہ بھکر میں 43 فی صد آبادی تعلیم یافتہ ہے، ڈی آئی خان میں 22 فی صد عوام شہروں میں آباد ہیں جب کہ بھکر میں 16 فی صد آبادی شہر میں مقیم ہے۔

    پختون خوا کے شہر مردان میں 3 لاکھ 59 ہزار 892 بجلی کے میٹرز زیر استعمال ہیں اور 34 ارب مالیت کی 1.04 ارب کلو واٹ بجلی فراہم کی جاتی ہے، مردان میں 23 ارب روپوں کی وصولی کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جب کہ 11 ارب کا نقصان سامنے آیا ہے۔

    سوات میں 3 لاکھ 49 ہزار 298 بجلی کے میٹرز زیر استعمال ہیں، جن میں 16 ارب کی بجلی فراہم کی جاتی ہے، سوات میں 14 ارب کی وصولی کی جا رہی ہے جب کہ 2 ارب کے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

    مردان میں 50 فی صد جب کہ سوات میں 51 فی صد آبادی تعلیم یافتہ ہے اور دونوں اضلاع میں غربت کی شرح بھی ایک جیسی ہے، مردان میں 19 فی صد جب کہ سوات میں 30 فی صد آبادی شہر میں مقیم ہے، ان تمام تخمینوں اور اعداد و شمار سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ سب ہی اضلاع میں آبادی اور غربت کی شرح میں فرق نہ ہونے کے باوجود بجلی چوری کے باعث نقصان میں نمایاں فرق ہے۔

  • جدید انداز میں نقل کرنیوالے طلبہ و طالبات کیخلاف مقدمات درج

    جدید انداز میں نقل کرنیوالے طلبہ و طالبات کیخلاف مقدمات درج

    ڈی آئی خان : ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے دوران خفیہ وی آئی پی پاسز کے ذریعہ موبائل استعمال کرنے والے 10 طلباء گرفتار کرلیے گئے۔

    مذکورہ طلبا و طالبات سے بلیو ٹوتھ ڈیوائس سے نقل کی سہولت کے عوض 30 لاکھ روپے فی طالب علم وصول کیے گئے تھے۔

    پولیس کے مطابق ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں خفیہ طور پر موبائل استعمال کرنے پر 10 طلباء کے خلاف کیسز درج کرلیے گئے ہیں۔

    VIP test

    تمام 10 طلباء کو تھانہ کینٹ منتقل کردیا گیا، پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ تمام طلباء کو خفیہ طور پر وی آئی پی پاسز اور موبائل فون جاری کیے گئے تھے جن کے ذریعہ ان کو باہر سے ٹیسٹ کے جوابات بتائے جارہے تھے۔

    گرفتار ہونے والوں میں، سیف الرحمن محسود، عرفان اللہ، جنید خان وزیر، ابراہیم اکاخیل ٹانک ،تاج محمد ڈیرہ ٹانک، عبد اللہ لکی مروت، اختر رسول خٹک، محمد سدیس کرک ،مبشر کرک اور دیگر شامل ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق ایف آئی آر میں 419 اور 420 کی دفعات شامل ہیں۔ مقدمات تھانہ شرقی فقیر آباد اور پہاڑی پورہ میں درج کیے گئے ہیں، امتحانی ہال میں طلبا سے بلو ٹوتھ ڈیوائس برآمد ہوئی تھیں۔

  • ڈیرہ اسماعیل خان : پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام

    ڈیرہ اسماعیل خان : پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام

    ڈی آئی خان : ڈیرہ اسماعیل خان کی کلاچی روڑی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے ایک بار پھر حملہ کر دیا۔

    حملے کے دوران پولیس اہلکاروں نے ماہرانہ انداز سے بھرپور مزاحمت کا مظاہرہ کیا، پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے تاہم دونوں جانب سے کسی قسم کی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

    واقعے کے بعد پولیس کی مزید نفری نے موقع پر پہنچ کر دہشت گردوں کو آگے بڑھنے سے روک دیا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق پولیس نے کلاچی روڑی چیک پوسٹ کے قریبی علاقوں کی سکیورٹی سخت کر کے دہشت گردوں کے راستے محدود کردیئے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی اسی مقام پر دہشت گردوں نے حمہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا تھا۔

  • ڈی آئی خان میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا تین اطراف سے بھاری ہتھیاروں سے حملہ

    ڈی آئی خان: ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس چیک پوسٹ پر تین اطراف سے دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں مسلح افراد کی جانب سے ٹکواڑہ چیک پوسٹ پر تین اطراف سے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا ہے، جس میں 3 اہل کار زخمی ہو گئے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے مضافاتی علاقہ ٹکواڑہ میں 20 مسلح افراد نے پولیس پوسٹ کے تینوں اطراف کو گھیرے میں لے کر فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ کے ساتھ آر پی جی سیون راکٹ لانچر اور دستی بموں سمیت جدید ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔

    حملے کے نتیجے میں تین پولیس اہل کار شدید زخمی ہو گئے ہیں، جنھیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ڈیرہ منتقل کر دیا گیا۔ ڈی پی او کے مطابق پولیس کی جوابی فائرنگ میں کئی دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے، دہشت گرد اپنے ہلاک ساتھیوں کی لاشیں اور زخمیوں کو لے کر فرار ہو گئے۔

    پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈھائی گھنٹے تک پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ حملے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ڈیرہ محمد شعیب چوکی پر پہنچ گئے اور پولیس دستے کی خود کمانڈ کی۔

    مقابلے میں زخمی ہونے والے تین پولیس جوانوں کو خود ڈی پی او ڈیرہ نے ریسکیو کیا اور اسپتال منتقل کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ طویل عرصے بعد ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں نے یہ سب سے بڑا اور منظم حملہ کیا گیا۔

    واقعے کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان، کلاچی سمیت پورے ضلع کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

  • 46 سال عدالتوں کے دھکے کھانے کے بعد خاتون کو وراثتی حق مل گیا

    46 سال عدالتوں کے دھکے کھانے کے بعد خاتون کو وراثتی حق مل گیا

    اسلام آباد: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان کی رہائشی زيتون بی بی کو 46 سال بعد والد کی جائیداد میں سے وراثتی حق مل گيا، بھائیوں نے 46 سال سے ان کے حصے کی جائیداد پر قبضہ کر رکھا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سپريم کورٹ نے 46 سال بعد زيتون بی بی کا والد کی جائيداد ميں حصہ تسليم کرليا اور ہائیکورٹ کے فيصلے کے خلاف بھائيوں کی اپیل خارج کردی۔

    درخواست گزار بھائیوں کے وکیل نے کہا کہ بہنوں نے اپنا حصہ بھائی کو تحفے میں دے دیا تھا، جسٹس اعجاز الاحسن نے دریافت کیا کہ جب تحفہ دیا گیا اس وقت بہنيں کمسن تھیں، کم عمر بہن کیسے بھائیوں کو جائیداد تحفے میں دے سکتی ہے؟

    جسٹس اعجاز الاحسن کا کہنا تھا کہ ریکارڈ کے مطابق بہن کی جانب سے وکیل نے بیان دیا، کمسن لڑکی کی جانب سے کوئی وکیل کیسے بیان دے سکتا ہے؟

    انہوں نے کہا کہ بھائیوں نے کبھی بہن کو جائیداد گفٹ دی ہے؟ ہر بار بہن ہی کيوں گفٹ دے، گفٹ ڈیڈ میں کہیں آفر قبوليت کا ذکر نہيں تواس کی قانونی حيثيت نہيں رہتی۔

    جسٹس منیب اختر نے کہا کہ جب بہن نابالغ تھی تو بھائیوں نے کیسے بہن سے ساری جائیداد لے لی؟ نابالغ بہن کوئی بھی کنٹریکٹ نہیں کر سکتی۔

    عدالت میں اراضی خریدنے والے افراد نے بھی درخواست گزار بھائیوں کی حمایت کی، خریداروں کے وکیل نے کہا کہ اراضی خریدنے سے پہلے تسلی کی گئی کہ اس میں بہنوں کا حصہ شامل نہیں۔

    جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ خریدار نے تسلی کیسے کی؟ کوئی دستاویز دکھائیں، کیس ریکارڈ سے ثابت نہیں ہوتا کہ خریدار نے ٹھوس تسلی کی ہو۔

    خیال رہے کہ زيتون بی بی نے جائیداد ميں حصے کے لیے 17 سال قبل 2005 میں سول کورٹ میں کیس دائر کیا تھا، زیتون بی بی کا کہنا تھا کہ ان کے بھائی والد کی وفات کے بعد سے سنہ 1976 سے بہنوں کی جائيداد پر قابض ہیں۔

    7 سال بعد 2012 ميں سيشن عدالت اور پھر 2017 ميں پشاور ہائیکورٹ نے خاتون کے حق ميں فيصلہ ديا، خاتون کے بھائيوں نے 2018 ميں سپريم کورٹ ميں اپیل کی جو آج 4 سال بعد خارج کردی گئی۔

  • سیلاب سے متاثر ڈیرہ اسماعیل خان اور چترال آفت زدہ قرار

    سیلاب سے متاثر ڈیرہ اسماعیل خان اور چترال آفت زدہ قرار

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان اور چترال کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان اور چترال کو آفت زدہ قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو ضروری کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیاں تیز کی جائیں، متعلقہ ضلعی انتظامیہ ہر متاثرہ فرد تک رسائی یقینی بنائیں۔

    انہوں نے کہا کہ موسم کی صورتحال بہتر ہوتے ہی ڈیرہ اسماعیل خان اور چترال کا دورہ کروں گا، متاثرہ علاقوں کی بحالی کے خصوصی پیکج کا اعلان کروں گا، متاثرہ خاندانوں کے تمام نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ سمیت ملک بھر میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کے باعث 15 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ اب تک 700 اموات ہوچکی ہیں۔