Tag: DI khan

  • ڈی آئی خان: اکرام اللہ گنڈاپورکی نمازجنازہ ادا کردی گئی

    ڈی آئی خان: اکرام اللہ گنڈاپورکی نمازجنازہ ادا کردی گئی

    ڈی آئی خان : ڈیرہ اسماعیل خان میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اکرام اللہ گنڈاپور کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما اکرام اللہ گنڈا پور کی نماز جنازہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں میں ادا کی گئی۔

    نمازجنازہ میں ضلعی، عسکری حکام اورسیاسی شخصیات سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

    ڈی آئی خان خودکش حملے میں پی ٹی آئی کے امیدوار اکرام اللہ گنڈاپور کے جاں بحق ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے پی کے 99 ڈی آئی خان میں انتخابات ملتوی کردیے۔

    پی ٹی آئی کے امیدوار اکرام خان گنڈاپورجاں بحق

    پی ٹی آئی کے امیدوار اکرام اللہ گنڈاپور انتخابی مہم کے دوران دہشت گردی کا نشانہ بننے والے تیسرے سیاست دان ہیں، ان سے قبل بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوارنوابزادہ سراج رئیسانی اور عوامی نیشنل پارٹی کے ہارون بلور خودکش حملوں میں شہید ہوچکے ہیں۔

    یاد رہے کہ اکرام اللہ گنڈاپور پی کے 99 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار تھےاور پانچ سال قبل ان کے بھائی اسراراللہ گنڈاپور بھی دہشت گردی کے حملے میں شہید ہوئے تھے۔

    سانحہ مستونگ کے مزید زخمی دم توڑ گئے‘ شہدا کی تعداد 149 ہوگئی

    واضح رہے کہ 16 جولائی کو بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے درینگڑھ میں بلوچستان عوامی پارٹی کی کارنر میٹنگ میں خوفناک خودکش دھماکہ ہوا تھا جس میں انتخابی امیدوار سراج رئیسانی سمیت 149افراد شہید ہوئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ڈی آئی خان دھماکہ: پی ٹی آئی کے امیدوار اکرام خان گنڈاپورجاں بحق

    ڈی آئی خان دھماکہ: پی ٹی آئی کے امیدوار اکرام خان گنڈاپورجاں بحق

    ڈی آئی خان : ڈیرہ اسماعیل خان میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدواراکرام خان گنڈا پور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج جاں بحق ہوگئے۔ 

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کولاچی میں پی ٹی آئی امیدوار اکرام خان گنڈا پورکی گاڑی پرخودکش حملہ ہوا جس کے نتیجے میں ان کا ڈرائیورموقع پرہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ اکرام خان گنڈا پور  ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال پشاور میں دوران علاج  زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے تھے۔

    ڈی پی او کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے دیگر افراد جن میں دو پولیس اہلکاراور ایک عام شہری شامل کا علاج جاری ہے۔

    ڈی پی او کا کہنا تھا کہ اکرام خان گنڈاپور، 2 پولیس اہلکاراور ایک شخص زخمی ہوا ہے جنہیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں انہیں طبی امداد دینے کے بعد پشاور منتقل کردیا گیا تھا۔

    کولاچی دھماکے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا تھا اور جائے وقوعہ پر حصار  بناتے ہوئے وہاں عام شہریوں کو  جائے وقوعہ پر جانے سے روک دیا تھا۔

    پی ٹی آئی امیدوار اکرام خان گنڈاپورکولاچی میں جلسہ گاہ سے واپس آرہے تھے کہ ان کی گاڑی پرخودکش حملہ ہوا تھا۔

    اکرام خان گنڈاپور صوبائی اسمبلی کی نشست پی کے 99 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار تھے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع لکی مروت میں مکان میں دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے تھے۔


    سانحہ مستونگ کے مزید زخمی دم توڑ گئے‘ شہدا کی تعداد 149 ہوگئی


     16 جولائی کو بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے درینگڑھ میں بلوچستان عوامی پارٹی کی کارنر میٹنگ میں خوفناک خودکش دھماکہ ہوا تھا جس میں انتخابی امیدوار سراج رئیسانی سمیت 149افراد شہید ہوئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سراج الحق نے پی ٹی آئی کا سارا بھانڈا پھوڑ دیا ہے، مولانا فضل الرحمان

    سراج الحق نے پی ٹی آئی کا سارا بھانڈا پھوڑ دیا ہے، مولانا فضل الرحمان

    ڈی  آئی خان : جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سراج الحق نے سینیٹ الیکشن کے حوالے  سے  پی ٹی آئی کا سارا بھانڈا پھوڑ دیا ہے، یہ کیساانصاف ہے کہ وزیراعظم کو گریبان سے پکڑ کر عدالتوں میں گھسیٹا جاتا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک کے وزیراعظم کو ایک دو کمپنیوں کی وجہ سے اقتدار سے نکالا گیا جبکہ لکی مروت کے پی ٹی آئی کے رہنما کی پاناما میں34کمپنیاں ہیں۔

    نواز شریف کو گریبان سے پکڑ کرعدالتوں میں گھسیٹا جاتا ہے، یہ کیساانصاف ہے، کیا یہ انصاف ہے؟ کہاں ہیں ادارے؟ احتساب کیا صرف دوسروں کیلئے تمہارے لیے کچھ نہیں؟ انہوں نے کہا کہ قوم کے ساتھ مذاق کیا جارہا ہے، ادارے بھی تو کچھ انصاف سے کام لیں، صرف سیاست دانوں کا پیچھا کیا جارہا ہے، پاکستان میں عجیب سا انصاف چل رہا ہے۔

    مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے صوبوں میں مخالفین حکومت پر کرپشن کا الزام لگاتے ہیں جبکہ ہمارے کے پی میں وزیر ہی اپنے وزیراعلیٰ پر کرپشن کا الزام لگا رہے ہیں اور ان سے کوئی پوچھنے والا ہی نہیں ہے، اپنا دامن گندگی سے بھرا ہوا ہے اور تم دوسروں کی بات کرتے ہو، تبدیلی کی بات کرتے ہیں صوبے میں ایک کام بھی ٹھیک سے نہیں کروا سکے۔

    ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے حکمران کہتے ہیں کہ خیبرپختونخوا میں ایک ارب درخت لگائے گئے، بتائیں تو صحیح کہ وہ ایک ارب درخت کہاں لگے ہیں؟ کمیشن کھانے کے لئے پورے پشاور کو اکھاڑ دیا گیا۔

    احتساب کے ادارے صرف ایک پارٹی کو تحفظ دے رہے ہیں، آپ کی اےٹی ایمز آپ کےجیب میں ہیں،فضل الرحمان نے کہا کہ تم لوگ20ارکان کو پارٹی سے نکال کر عوام کو دھوکا دے رہے ہو، سراج الحق نے ان کا سارا بھانڈا پھوڑ دیا ہے، یہ تو بتاؤ سینیٹ الیکشن میں کس کے کہنے پرووٹ دیا تھا؟ ایسےلوگ اقتدار میں دوبارہ آگئے تو پھرکہیں گے انہیں لایا گیا ہے۔

    سربراہ جے یو پی نے کہا کہ ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے تمام دینی جماعتیں اکھٹی ہوئی ہیں جو انتخابی معرکہ بھرپور طریقے سے جیتیں گی، ہوائی غباروں کی ہوا ایک سوئی چبھو کرنکالی جاسکتی ہے، ہم ان ہی ہوائی غباروں کی فرعونیت کو زمین بوس کرنے آئے ہیں۔

  • ڈی آئی خان، ڈی پی او کے قافلے پر بم حملہ، تین اہلکار شہید

    ڈی آئی خان، ڈی پی او کے قافلے پر بم حملہ، تین اہلکار شہید

    ڈیرہ اسماعیل خان: خیبر پختونخوا کے علاقے ڈی آئی خان میں ڈی پی او کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ، تین پولیس اہلکار شہید ہوگئے، ڈی پی او زاہد اللہ محفوظ رہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈپی او اے کے قافلے کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا جبکہ ڈی پی او زاہد اللہ محفوظ رہے۔

    سیکیورٹی فورسز کلاچی میں آپریشن کے بعد ڈیرہ آرہے تھے کہ ہتھالی کے مقام پر آئی ڈی دھماکہ کیا گیا جو کہ سڑک کنارے نصب تھا، حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

    زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمی اہلکاروں کو طبی امداد دی جارہی ہے جبکہ بیشتر کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

    واضح رہے کہ تحصیل کلاچی کے علاقہ کوٹ ظفر بالا دستی میں خطرناک دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے وہاں آپریشن کیا اس دوران سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ دیگر فرار ہوگئے تھے۔

    ہلاک دہشت گرد کی شناخت عدنان عرف عدو ولد غلام شبیر قوم راجپوت سکنہ محلہ مجاہد نگر سٹی ڈیڑہ سے کی گئی، پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا دہشت گرد ڈیرہ پولیس کو گزشتہ ماہ 2 فروری کو محلہ شاہین میں متولی امام بارگاہ مطیع اللہ عرف موتی، ٹانک اڈہ پر تیمور بلوچ کی ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں انتہائی مطلوب تھا۔

    سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور شہید اہلکاروں کے ورثاء سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا ہے، بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اہلکاروں نے جان قربان کرکے سینئر افسر کو محفوظ رکھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • نقیب اللہ محسود کا دوست ڈی آئی خان میں قتل

    نقیب اللہ محسود کا دوست ڈی آئی خان میں قتل

    ڈی آئی خان : ڈیرہ اسماعیل خان میں نقیب اللہ محسود کے قریبی دوست آفتاب محسود کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نقیب اللہ محسود کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والے دھرنے میں متحرک نوجوان آفتاب محسود کی گولیوں سے چھلنی لاش ڈئی آئی خان میں ایک زیرِ تعمیر گھر سے برآمد ہوئی۔

    پولیس کے مطابق آفتاب محسود کو4 گولیاں ماری گئی ہیں جن میں 3 سینے جبکہ ایک گولی بازو میں لگی ہے۔

    آفتاب محسود ڈیرہ اسماعیل خان کی گومل یونیورسٹی کا طالب علم تھا اور وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے فاٹا کی ایجنسی جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین کا رہائشی تھا۔

    ڈیرہ اسماعیل خان کی پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف آفتاب محسود کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز نقیب اللہ کیس میں نامزد ملزمان کو مدد فراہم کرنے والے سہولت کار کو گرفتار کرلیا گیا تھا، سابق پولیس اہلکار نے ملزمان کو فرار کرانے میں مدد فراہم کی تھی۔

    یاد رہے کہ سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے نوجوان نقیب اللہ محسود کو لطیف ٹاؤن میں مقابلے میں ہلاک کرنے کا دعوی کیا تھا اور اس کا تعلق تحریک طالبان سے بتایا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ڈی آئی خان میں لڑکی کو برہنہ گھمانےکا افسوس ناک واقعہ

    ڈی آئی خان میں لڑکی کو برہنہ گھمانےکا افسوس ناک واقعہ

    ڈی آئی خان : ڈیرہ اسمٰعیل خان میں ظلم کی انتہا کر دی گئی، لڑکےکی لڑکی سے دوستی کی سزابہن کو دی گئی اور حوا کی بیٹی کو سربازاربرہنہ کرکے گھمایا گیا، واقعے میں ملوث نو میں سے سات ملزمان گرفتار کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درابن کلاں کے علاقہ گرہ مٹ میں حوا کی بیٹی کا تقدس پامال، زمانہ جاہلیت کی یاد تازہ ہوگئی، لڑکے کی لڑکی سے دوستی کی سزا لڑکے کی بہن کو دے دی گئی۔

    مخالفین نے پانی بھرنے جانے والی لڑکے کی سولہ سالہ بہن کو زبردستی اٹھا لے گئے اور قینچی کے ذریعے کپڑے پھاڑکر شریفاں بی بی کو برہنہ کرکے گاؤں میں گھمایا اور تشدد کیا ، شریفاں روتی اور چلاتی رہی ۔۔ مظلوم بچی کی آہ و بکا پر کوئی مدد کو نہ آیا، واقعہ نے پورے علاقہ پر سکتہ طاری کر دیا ہے۔

    شریفاں بی بی کا کہنا ہے کہ وہ دیگر دو لڑکیوں کے ہمراہ تالاب سے پانی بھر کر وآپس گھر جارہی تھی کہ سجاول نامی شخص نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے مجھے زبردستی اٹھاکر ملزم سیدو کے گھر لے گئے ۔اس دوران ملزم شاہجہان نے میرکے کپڑے پھاڑ دیئے اور مجھے گھسیٹا جس سے میں پورے جسم میں درد محسوس کرتی ہوں ۔بعدازاں ملزم چلے گئے۔

    عینی شاہدین اورمقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ لڑکی بالکل برہنہ ہمارے گھر میں پناہ کیلئے داخل ہوئی لیکن ہم اس کی مدد نہ کر سکے اور ملزمان دوبارہ اس کو اٹھا کر لے گئے۔

    آئی جی کےپی کے نے واقعےکا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو فوری ایکشن کا حکم دیدیا جس کے بعد پولیس اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں، پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعہ میں ملوث نامزد 9 میں سے سات ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ دیگر نامزد دو ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔


    مزید پڑھیں : بھائی کی پسند کی شادی کی سزا، معصوم بہن کو پنچائت کے حکم پر ونی کردیا گیا


    صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ ملزمان کو بخشا نہیں جائے گا واقعےمیں ملوث بقیہ 2ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا جبکہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ پرویز خٹک نے آئی جی پولیس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    ڈی ایس پی ثناء اللہ اس واقعہ سے پورے علاقہ میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی اور بعض سماجی تنظیمیں بھی اس بچی کے پاس یکجہتی کے لئے پہنچ رہی ہیں تاہم تاحال متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کے خلاف کسی قسم کی کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔

    دوسری جانب یرہ اسماعیل خان میں لڑکی کو برہنہ گھمانے کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی، قرار داد میں کہا گیا ہے کہ واقعہ قابل مذمت اور شرمندگی کا باعث ہے، خیبرپختونخوا حکومت بچی اور اہل خانہ کو تحفظ دینے میں ناکام ثابت ہوئی۔

    قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت ملزمان کو جلدگرفتار کر کے عبرت کا نشان بنائے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ہزاروں لیٹر غیر معیاری دودھ پکڑا گیا

    ہزاروں لیٹر غیر معیاری دودھ پکڑا گیا

    ڈی آئی خان: پنجاب سے ڈیرہ اسماعیل خان ‘ ٹینکروں کے ذریعے منتقل کیا جانے والا 15ہزار لیٹر غیر معیاری دودھ قبضے میں لے کر دریائے سندھ میں بہاکر تلف کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ اور پنجاب کو ملانے والے ڈیرہ دریا خان پل پر اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ کیپٹن (ر) زبیر نیازی نے کارروائی کرتے ہوئے 15 ہزار لیٹر غیر معیاری دودھ قبضے میں لے لیا۔،

    اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ کے مطابق تلف کیا جانے والا دودھ مختلف کیمیکلز اور مضر صحت اجزاءکی بدولت انسانی استعمال کے قابل نہیں تھا جس کی تصدیق موقع پر موجود طبی عملہ نے جدید ٹیسٹوں کے ذریعے کی ہے۔

    دنیا کا سب سے مفید مشروب دودھ*

    انہوں نے کہا کہ مسلسل شکایات موصول ہوتی رہتی ہیں کہ دریا پل کے راستے پنجاب سے مضر صحت دودھ اکثر ڈیرہ اسماعیل خان اور اس سے آگے خیبر پختونخواہ کے دیگر اضلاع کو سمگل کیا جاتا ہے۔

    اس سلسلے میں ڈیرہ اسماعیل خان کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گاہے گاہے کاروائیاں کرتے ہوئے اب تک پچاسیوں ہزار دودھ تلف کرنے کے ساتھ ساتھ اس قبیح فعل کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کاروائیاں کی گئی ہیں لیکن اس غیر انسانی اقدام میں ملوث عناصر کی تعداد اس قدر زیادہ ہے کہ ہر کارروائی میں ایک نیا کردار سامنے آجاتا ہے۔

    ڈیرہ اسماعیل خان کے اسسٹنٹ کمشنر نے عزم کا اظہار کیا کہ ایسی کاروائیوں میں تیزی لانے کے ساتھ ساتھ ایک ایسا مکینزم تیار کیا جا رہا ہے کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے ان عناصر کو مکمل طور پر ڈیرہ دریا خان پل کے راستے سے ڈیرہ اسماعیل خان میں داخل ہونے سے روکا جا سکے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کراچی سے اغوا ہونے والا بچہ ڈی آئی خان سے بازیاب

    کراچی سے اغوا ہونے والا بچہ ڈی آئی خان سے بازیاب

    ڈیرہ اسماعیل خان : کراچی کے تھانہ فیڈرل بی ایریا سے اغوا ہونے والا بارہ سالہ عبدالوہاب ڈیرہ کے ٹانک اڈا سے بازیاب کروا لیا گیا‘ اغوا کار زربادشاہ کو بھی حراست میں لےلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سٹی ایس ایچ او سلیم پرویزکی سربراہی میں پولیس کی جانب سے کی جانے والی کاروائی اس وقت عمل میں آئی جب زربادشاہ نامی اغوکار اس معصوم بچے کو جنوبی وزیرستان منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

    کراچی سے اغوا ہونے والا بچہ بازیاب*

    Karachi child

    پولیس ذرائع کے مطابق ڈیرہ پولیس کے حکام کو اطلاع ملی تھی کہ کراچی کے تھانہ فیڈرل بی ایریا کی حدود سے ایک بارہ سالہ بچہ اغوا کیا گیا تھا جو کہ ممکنہ طور پر ڈیرہ میں موجود ہے۔ ڈیرہ پولیس نے اس حوالے سے ٹھوس حکمت عملی مرتب کرتے ہوئے پولیس کی مختلف پارٹیاں تشکیل دی تھیں جن کا مقصد مذکورہ اطلاع کے مطابق اغوا شدہ بچے کا سراغ لانا تھا۔

    نامعلوم عورت جناح اسپتال سے نومولود بچہ اغواء کرکے فرار*

    Karachi child

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چھاپہ مار کارروائی کے لئے بنائی جانے والی پولیس پارٹیوں میں سے ایک ، جس کی سربراہی تھانہ سٹی کے ایس ایچ او سلیم پرویز کر رہے تھے، نے ٹانک اڈا پر کاروائی کرتے ہوئے ننھے عبدالوہاب ولد شیر پاؤ جس کا تعلق محسود قبیلے سے ہے‘ اسے بازیاب کرانے کے ساتھ ساتھ اغوا کر کے جنوبی وزیرستان منتقل کرنے کی کوشش کرنے والے ایک شخص زر بادشاہ کو گرفتار کر لیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ چند روز میں ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کی یہ دوسری ایک جیسی کاروائی ہے۔ اس سے قبل پشاور سے اغواکی گئی دس سالہ اقرا کو بھی تھانہ ٹاون کے ایس ایچ او کاشف ستار نے ڈی ایس پی صدر ساجد ممتاز دوسہرہ کی نگرانی میں بازیاب کرواتے ہوئے بچی کے ورثا ءتک پہنچایا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • ڈی آئی خان میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، متاثرین سراپا احتجاج

    ڈی آئی خان میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، متاثرین سراپا احتجاج

    ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ : محمد عرفان مغل) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان میاں عادل جاوید کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ زبیر نیازی کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ کا تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

    اس سلسلے میں آج دریائے سندھ کی جانب جانے والے قاسم روڈ پر واقع ان مکانوں کو مسمار کر دیا گیا جو انتظامیہ کے مطابق اپنی حدود سے متجاوز قرار دئیے گئے تھے۔

    اس موقع پرعلاقہ مکینوں اور متاثرہ مکانات کے رہائشیوں کی جانب سے بھرپور احتجاج بھی دیکھنے میں آیا، تاہم پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی کی وجہ سے کسی قسم کی رکاوٹ یا تصادم کی صورتحال سامنے نہ آسکی۔

    اے آر وائی نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ زبیرنیازی کا کہنا تھا کہ سرکاری اراضی جو کہ دراصل سڑک کا حصہ ہے اس پر مقامی آبادی کے کچھ مکانات اپنی حدود سے تجاوز کرتے ہوئے اس سڑک تک پھیل چکے تھے۔

    ان مکانات کو متعدد بار نوٹسز جاری کئے گئے لیکن ان کا کوئی اثر دیکھنے میں نہیں آیا جس پر آخری نوٹس کے بعد آج ان کے خلاف آپریشن کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب متاثرین کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے دئیے جانے والے نوٹس میں نہ تو کسی قسم کی نشاندہی کی گئی تھی اورنہ ہی نوٹس میں درج مدت کے پورا ہونے کا انتظار کیا گیا۔

    متاثرین کا یہ بھی دعویٰ تھا کہ مسمار کئے جانے والے مکانات میں سے اکثرگزشتہ بیسیوں سالوں سے ان کی ملکیت چلے آرہے ہیں جس کے دستاویزی ثبوت ان کے پاس موجود ہیں۔

  • ڈی آئی خان: عید سے پہلے سخت سیکیورٹی‘ گرفتاریاں

    ڈی آئی خان: عید سے پہلے سخت سیکیورٹی‘ گرفتاریاں

    ڈیرہ اسماعیل خان : ڈیرہ پولیس کاجرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن‘23مشکوک افراد گرفتار بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گرفتار ہونےو الے ملزمان سے 02کلاشنکوف،01بندوق،03پستول،232عدد کارتوس برآمد کیے گئے ہیں، جبکہ 07غیر رجسٹرڈ کرایہ دار وں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان عبدالصبور خان کی جانب سے جاری ہونیوالے ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ رمضان کے آخری عشرہ و عید الفطر کے تحت ملک دشمن عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے ضلع میں سرچ اینڈ سٹرائیک اپریشن کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے۔

    پروآ اور پہاڑپور سرکلز میں سرچ اینڈ سٹرائیک اپریشن کے دوران 120گھروں کو چیک کرکے 07مکانوں کی رجسٹریشن نہ ہونے کی وجہ سے مقدمات درج کیے گئے۔جبکہ 23مشکوک افرادکے قبضہ سے غیر قانونی اسلحہ و ایمونیشن 02کلاشنکوف ، 01بندوق، 03پستول،232عدد کارتوس برآمد کرکے مقدمات درج رجسٹر کیے گئے۔

    علاوہ ازیں پہاڑپور سرکل میں منشیات فروخت کرنے والے تین نامی گرامی سمگلران کو بھی گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضہ سے 4270گرام چرس برآمد کرکے مقدمات درج کیے گئے۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفسیر کی ہدایت پر ڈیرہ اسماعیل خان میں رمضان المبارک کے آخری عشرے اور عید الفطر کے لئے سیکورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ۔اہم حساس مقامات ،مساجد ،تجارتی مراکز اور بازاروں میں سیکورٹی کے لئے پولیس افسران واہلکار وں کے علاوہ لیڈیز پولیس تعینات کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ۔

    ٹریفک کی روانی کے لئے سپیشل روٹس بھی مقر رکیے گئے ہیں ۔پولیس افسران و اہلکاروں کی چھٹیا ں منسوخ کردی گئی ہیں ۔تجارتی مراکز اور بازاروں میں غیر معمولی رش کو کنٹرول کرنے کے لئے سپشل روٹس مقرر کردیئے گئے جبکہ ٹریفک پولیس اہلکاروں کی اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی ۔

    تمام سرکل ڈی ایس پیز اورایس ایچ او کو اضافی گشت کے علاوہ اہم مقامات ،شاہرائوں اور مساجد کے لئے اضافی نفری تعینات کرنے کی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔اہم مقامات بازاروں مارکیٹوں میں مرد وخواتین پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگادی گئیں ہیں جبکہ پولیس موبائل پیٹرولنگ میں اضافہ کردیاگیا جبکہ ضلع بھر کے داخلی وخارجی راستوں پر ناکہ بندیاں سخت کردی گئیں ۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔