Tag: Diamer Bhasha

  • سعودی عرب کا دیامر بھاشا، مہمند ڈیم منصوبوں کیلئے فنڈز دینے کا فیصلہ

    سعودی عرب کا دیامر بھاشا، مہمند ڈیم منصوبوں کیلئے فنڈز دینے کا فیصلہ

    اسلام آباد: سعودی عرب پاکستان کو دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم سمیت بجلی کے 5 منصوبوں کے لئے فنڈز فراہم کرے گا، دیامر بھاشا ڈیم کے لئے37 کروڑ  50 لاکھ اور مہمند ڈیم کیلئے 30 کروڑ ریال دیے جائیں گے، سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان میں ایم او یو پر دستخط ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان کو دیامر بھاشا، مہمند ڈیم منصوبوں کے لئے فنڈز دینے کا فیصلہ کرلیا ، دیامر بھاشا ڈیم کے لئے 37 کروڑ 50 لاکھ سعودی ریال فراہم کئے جائیں گے جبکہ مہمند ڈیم کیلئے 30 کروڑ ریال ملیں گے، سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان میں ایم او یو پر دستخط ہوں گے۔

    سعودی ولی عہد کے دورے میں بجلی کے 5 منصوبوں کیلئے ایک ارب 20کروڑ 75 لاکھ ریال کے ایم او یو پر دستخط ہوں گے، سعودی عرب کی جانب سے جامشورو پاور پراجیکٹ کیلئے 15 کروڑ 37 لاکھ ریال، جاگران ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے 13 کروڑ 12 لاکھ ریال اور شونتر منصوبے کیلئے 24 کروڑ 75 لاکھ ریال فراہم کئے جائیں گے۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کیا ہے ، وفاقی کابینہ میں سعودی فنڈفار ڈویلپمنٹ کے ساتھ ایم او یو کی سمری پیش کی جائے گی۔

    خیال رہے  وزیراعظم عمران خان کی دعوت پرسعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان دو روزہ دورے پر 16 فروری کو پاکستان آئیں گے،   محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان میں آئل ریفائنری سمیت بیس ارب کے معاہدے متوقع ہیں۔

    مزید پڑھیں : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان  16 فروری کو پاکستان آئیں گے

    سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر وزیر اعظم عمران خان اور کابینہ کے اراکین استقبال  کریں گے،  وزیر اعظم ہاؤس آمد پر ولی عہد کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا ، جہاں عمران خان اور شہزادہ محمد بن سلمان کی ون آن ون ملاقات بھی ہوگی جبکہ مہمانوں کو ظہرانہ بھی دیا جائےگا۔

    دورے میں متبادل توانائی، اندرونی سیکیورٹی، میڈیا، ثقافت اور کھیل کے شعبے میں معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔

    دوسری جانب سعودی آرمی اور اسلامی فوجی اتحاد کے 235اراکین پر مشتمل دستہ پاکستان پہنچ گیا ہے، سعودی ولی عہد کے ساتھ ایک سو تیس شاہی گارڈز بھی آئیں گے جبکہ اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈز ان چیف جنرل (ر) راحیل شریف پہلے ہی پاکستان میں ہیں۔

    سعودی ولی عہد کے ہمراہ 40 سعودی کاروباری شخصیات بھی پاکستان آئیں گی، یہ وفد مقامی کاروباری شخصیات سے بالمشافہ ملاقات کرے گا، جس سے دورے کے دوران نجی سطح پر بھی کچھ معاہدے متوقع ہیں۔

    خیال رہے شہزادہ محمد بن سلمان دورہ جہاں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان نئے دورکا آغاز ہے ، وہیں پاکستان کے معاشی مستقبل کے لیے بھی اہم سمجھا جارہا ہے

  • امریکی گلوکار کی پاکستانیوں سے ڈیمز فنڈ میں حصہ لینے کی اپیل

    امریکی گلوکار کی پاکستانیوں سے ڈیمز فنڈ میں حصہ لینے کی اپیل

    نیویارک: نامور امریکی گلوکار ’ایکون‘ نے پاکستانی عوام سے دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیمز فنڈ میں حصہ لینے کی اپیل کردی۔

    تفصیلات کے مطابق معروف امریکی گلوکار، ہدایت کار اور سماجی کارکن ایکون نے اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستان میں ہونے والی خشک سالی سے متعلق اقوام متحدہ کی رپورٹ کا حوالہ دیا۔

    اقوامِ متحدہ کی جانب سے رپورٹ جاری کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں پانی کی کمی ہورہی ہے اگر اسی طرح کی صورتحال رہی تو 2025 پر ملک خوشک سالی کا شکار ہوجائے گا۔

    امریکی گلوکار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پانی کے ذخائر تیزی سے کم ہورہے ہیں، میں پاکستان اور بیرونِ ممالک میں رہنے والے پاکستانیوں سے اپیل کروں گا کہ وہ ڈیم فنڈز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

    مزید پڑھیں: ’میں پاکستان آرہا ہوں‘ امریکی گلوکار کا عمران خان کے نام خصوصی پیغام

    ایکون کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کے لیے عطیات دیں تاکہ پاکستان کو محفوظ مستقبل دے سکیں‘۔

    یاد رہے کہ امریکی گلوکار نے گزشتہ دنوں اپنا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

    پاکستان تحریک انصاف کی آفیشل آئی ڈی سے امریکی گلوکار کے پیغام کا خیر مقدم اور اُن کا شکریہ ادا کیا گیا اور ساتھ میں کہا گیا تھا کہ ’معروف شخصیات کا دورہ پاکستان اب خام خیالی نہیں رہا، ہم ایکون کو پاکستان کی سرزمین پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

    شیڈول کے مطابق امریکی  گلوکار 26 اپریل کو کراچی اور 29 کو لاہور میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ وہ عالمی فٹبال کپ کے حوالے سے پاکستان میں منعقد ہونے والی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل فٹبال کے مقابلے کا انعقاد کیا جائے گا، اس ضمن میں 10 جنوری کو پرتگالی فٹبالر لیوس فیگو اور برازیلین کھلاڑی ریکارڈو کاکا نے کراچی کا دورہ بھی کیا۔