Tag: Diamond Princess

  • کرونا وائرس: وہ بحری جہاز جس کے مسافروں کو بغیر کھڑکی والے کیبنز میں محصور کردیا گیا

    کرونا وائرس: وہ بحری جہاز جس کے مسافروں کو بغیر کھڑکی والے کیبنز میں محصور کردیا گیا

    دنیا بھر میں جہاں کرونا وائرس نے سب کو خوفزدہ کردیا، وہیں سب سے زیادہ اذیت ناک صورتحال میں برطانیہ کے اس بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسز پر سوار مسافر آگئے جنہیں وائرس کے پیش نظر جہاز سے اترنے سے روک دیا گیا اور اندر ہی محصور کردیا گیا۔

    ڈائمنڈ پرنسسز نامی یہ کروز شپ تین فروری کو ہانگ کانگ سے جاپان پہنچا تھا اور یہیں اس میں سوار ایک مسافر میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔

    اس کے بعد اس جہاز پر موجود 3 ہزار سے زائد افراد کو جہاز میں ہی محصور کردیا گیا، بعد ازاں جہاز کے 600 مسافروں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔

    کئی دن بعد سخت اسکریننگ کے بعد جہاز کے مسافروں کو باہر نکالا گیا اور کرونا وائرس کی علامات نہ رکھنے والے افراد کو ان کے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

    جہاز کے مسافروں میں شامل 63 سالہ کارلن رائٹ کے لیے اس جہاز پر گزارے گئے دن ایک بھیانک خواب کی مانند ہیں۔

    جہاز سے اترنے کے بعد بین الاقوامی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جہاز کا کپتان روز ہمیں امید دلاتا تھا کہ ہم بہت جلد جہاز سے اتر سکیں گے، لیکن وہ وقت آنے میں بہت سے دن لگ گئے۔

    ان کا کہنا ہے کہ حکام ہمارے بارے میں پریشان تھے کہ جہاز کے مسافروں اور عملے کے ساتھ کیا کیا جائے، ’ہم سے ایسا سلوک کیا جارہا تھا جیسے ہم طاعون کے مریض ہیں‘۔

    کارلن بتاتی ہیں کہ مسافروں کو جہاز میں ان کے کیبنز تک محدود کردیا گیا تھا، ’میں خوش قسمت تھی کہ میرے کیبن میں ایک کھڑکی موجود تھی، بے شمار مسافر تو اس سے بھی محروم تھے‘۔

    ان کے مطابق جہاز کے عملے نے مسافروں کو مفت انٹرنیٹ، فلمیں اور ورزش کی ویڈیوز فراہم کیے رکھیں تاکہ وہ اپنا وقت گزار سکیں۔

    کارلن کا کہنا ہے کہ یہ تعطیلات ان کی زندگی کی بدترین تعطیلات تھیں، اب مستقبل میں ان کے کسی بھی بحری جہاز کے سفر کا امکان نہیں ہے۔

  • کرونا وائرس سے متاثرہ جہاز ڈائمنڈ پرنسز کے 2 مسافر ہلاک

    کرونا وائرس سے متاثرہ جہاز ڈائمنڈ پرنسز کے 2 مسافر ہلاک

    ٹوکیو: جاپانی ٹی وی نے سرکاری ذرایع سے خبر دی ہے کہ مہلک کرونا وائرس سے متاثرہ کروز شپ ڈائمنڈ پرنسز کے 2 مسافر دم توڑ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے شکار بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسز، جسے وبا کی وجہ سے الگ تھلگ رکھا گیا ہے، کے دو مسافر ہلاک ہو گئے ہیں، گزشتہ روز اس جہاز کو جاپان کے شہر یوکوہاما میں ڈیکوکو پیئر پر لنگر انداز کر دیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق نئے وائرس کا شکار ہو کر مرنے والے مسافروں میں ایک خاتون اور ایک مرد شامل ہیں جن کی عمریں 80 کے قریب تھیں۔

    کروز شپ میں پھنسے مسافروں کا جزوی انخلا

    خیال رہے کہ ڈائمنڈ پرنسز 3 فروری سے ٹوکیو کے قریب یوکوہاما میں لنگر انداز ہے۔ ابتدائی طور پر قرنطینے (الگ تھلگ) میں رکھے گئے اس جہاز پر 3700 مسافر سوار تھے، تب سے 600 سے زائد مریضوں میں وائرس کی تصدیق کی جا چکی ہے، اس شپ سے مسافر رواں ہفتے ہی اترنا شروع ہوئے ہیں۔

    ڈائمنڈ پرنسز پر انڈونیشیا کے 74 شہری بھی سوار ہیں، حکومت چاہتی ہے کہ اپنے شہریوں کو جہاز سے نکالے، تاہم یہ فیصلہ ہونا ہے کہ ان شہریوں کو طیارے کے ذریعے یا بحری جہاز کے ذریعے واپس لایا جائے، جہاز کے عملے میں شامل انڈونیشیوں میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق کی جا چکی ہے۔

    واضح رہے کہ چین میں کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 2118 تک پہنچ گئی ہے، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 74576 ہو چکی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مہلک وائرس سے مزید 114 اموات ہوئی ہیں۔