Tag: died

  • ایک وزیر اعظم کے انتقال کے بعد دوسرے وزیر اعظم بھی چل بسے

    ایک وزیر اعظم کے انتقال کے بعد دوسرے وزیر اعظم بھی چل بسے

    مغربی افریقی ملک آئیوری کوسٹ میں ایک وزیر اعظم کے انتقال کے بعد عہدہ سنبھالنے والے دوسرے وزیر اعظم بھی 8 ماہ بعد انتقال کر گئے جس سے ملک میں بے چینی کی کیفیت پھیل گئی۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق آئیوری کوسٹ کے صدر الاسن اوتارا کے قریبی سمجھے جانے والے وزیر اعظم حامد بیکا یوکو اپنی 56 ویں سالگرہ کے کچھ دن بعد ہی کینسر کے باعث انتقال کر گئے۔

    رپورٹ کے مطابق حامد بیکا یوکو جولائی 2020 میں اس وقت کے وزیر اعظم عمادو غون کولیبالے کے انتقال کے بعد وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے۔

    صدر نے حامد بیکا یوکو کی علالت کے دوران ہی چیف آف اسٹاف پیٹرک آچی کو قائم مقام وزیر اعظم نامزد کیا تھا، تاہم اب حامد کے انتقال کے بعد ان کے مضبوط جانشین کی تقرری کے لیے ایک خلا پیدا ہوگیا ہے۔

    تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ان کا متبادل لانا بہت مشکل ہے کیونکہ ان کا کام کرنے کا انداز مختلف تھا، یہاں تک کہ جو سیاسی طور پر ان کے ساتھ نہیں ہوتا تب بھی وہ ان کے معاملات سدھارتے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق حامد بیکا یوکو تنازعات اور علیحدگی کا شکار رہنے والے مغربی افریقی ملک میں میڈیا سے مربوط رشتہ رکھنے والے رہنما کے طور پر ابھرے اور تنازعات کے تمام فریقین کے درمیان ثالث بن کر سامنے آئے تھے۔

    تجزیہ کاروں نے بتایا کہ آئیوری کوسٹ کے سابق علیحدگی پسند جنگجوؤں کو بھی ان پر اعتماد تھا، وہ سنہ 2017 میں وزیر دفاع بنے تھے اور وزیر اعظم بننے کے بعد بھی یہ وزارت اپنے پاس رکھی۔

    مقامی تاریخ دان آرتھر بنگا کا کہنا تھا کہ انہوں نے تنازعات ختم کر کے اصلاحات نافذ کیں جس کے نتیجے میں فوجیوں کو بھی سنہ 2020 کے صدارتی انتخاب میں سیاسی مداخلت سے دور ہونا پڑا۔

    ان کا کہنا تھا کہ وہ فوجیوں، اعلیٰ عسکری قیادت اور حکومت کے درمیان اعتماد بڑھانے میں بھی کامیاب ہوئے تھے جس کے نتیجے میں سنہ 2017 سے اب تک بڑے پیمانے پر استحکام رہا۔

  • سوڈان کے سابق وزیر اعظم صادق المہدی کورونا کے باعث انتقال کرگئے

    سوڈان کے سابق وزیر اعظم صادق المہدی کورونا کے باعث انتقال کرگئے

    خرطوم : سوڈان کے سابق وزیر اعظم صادق المہدی کورونا وائرس میں مبتلا ہوکر انتقال کرگئے، وہ گزشتہ تین ہفتے سے متحدہ عرب امارات کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے۔

    سوڈان میں جمہوری طور پر منتخب آخری وزیر اعظم 84 سالہ صادق المہدی انتقال کرگئے، ان کے اہل خانہ اور جماعت کی طرف سے جاری بیان کے مطابق کورونا وائرس کے انفیکشن سے متاثر ہونے کے بعد تین ہفتے قبل انہیں متحدہ عرب امارات میں ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

    فوج نے 1989میں وزیر اعظم صادق المہدی کا تختہ پلٹ دیا تھا اور ان کی جگہ سابق صدر عمر البشیر کو اقتدار پر بٹھا دیا تھا۔ اقتدار سے معزول کر دیے جانے کے باوجود مہدی سوڈان کی سیاست میں کافی مؤثر شخصیت رہے۔

    عمر البشیر کے دور میں مہدی کی اعتدال پسند امّہ پارٹی سب سے بڑی اپوزیشن سیاسی جماعت رہی۔

    صادق المہدی کے گھر والوں نے گزشتہ ماہ بتایا تھا کہ کوویڈ۔19 کے ٹیسٹ میں ان کی رپورٹ مثبت آئی تھی اور انہیں سوڈان میں چند دنوں ہسپتال میں رکھنے کے بعد بہتر علاج کے لیے متحدہ عرب امارات منتقل کردیا گیا تھا۔

    امّہ پارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ مہدی کی تدفین جمعے کے روز سوڈان کے عمد رمان شہر میں کی جائے گی۔

    اطلاع کے مطابق صادق المہدی مسلسل 65 سال سے زیادہ عرصے تک سوڈانی سیاست اور عوامی زندگی میں ایک انوکھی شخصیت  تھے۔ المہدی نے سوڈان میں اہم تبدیلیوں اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے ضمن میں بہت اہم کردار ادا کیا

    المہدی ایک برس طویل خود ساختہ جلاوطنی کے بعد دسمبر 2018 میں سوڈان واپس لوٹ آئے تھے۔

  • کراچی میں کورونا کے ایک اور مریض کا انتقال،سندھ میں مجموعی تعداد7ہوگئی

    کراچی میں کورونا کے ایک اور مریض کا انتقال،سندھ میں مجموعی تعداد7ہوگئی

    کراچی: شہر قائد میں کورونا وائرس سے ایک اور شہری انتقال کرگیا،جس کے بعد سندھ میں کوروناوائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد7ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو نے کراچی میں کرونا وائرس میں مبتلا شہری کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا 70 سالہ شہری کو گزشتہ روز اسپتال لایاگیا تھا۔

    عذراپیچوہو کا کہنا تھا کہ مریض مختلف بیماریاں لاحق تھیں ،کوروناوائرس لوکل ٹرانسمٹ ہوا، مریض کے انتقال کے بعد رپورٹ سےکوروناوائرس کی تصدیق ہوئی۔

    وزیر صحت نے مزید کہا کہ کراچی سمیت سندھ میں کوروناوائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد7ہوگئی ہے۔

    دوسری جانب وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے مطابق سندھ میں 61 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کرونا وائرس سے متاثرہ کیسز کی تعداد 627 ہو گئی ہے جب کہ 42 مریض بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں 45 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد تعداد 294 اور حیدرآباد میں 14 نئے کیسز کے بعد تعداد 57 ہوگئی ہے۔

    وزیر صحت نے بتایا کہ حیدرآباد میں کرونا متاثرین کو مکمل انتظامات کے ساتھ قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، جنھیں رپورٹ منفی آنے تک زیر علاج رکھا جائے گا، اب تک سندھ میں 41 کرونا متاثرہ افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    گذشتہ روز کراچی میں کورونا وائرس کے باعث 3 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1865 ہو گئی ہے، جب کہ وائرس سے اموات 25 تک پہنچ گئیں۔

  • کرونا وائرس کی مریضہ ٹیسٹ کی رپورٹ آنے سے قبل ہی ہلاک

    کرونا وائرس کی مریضہ ٹیسٹ کی رپورٹ آنے سے قبل ہی ہلاک

    امریکی شہر نیو اورلینز کی رہائشی 39 سالہ خاتون نے کرونا وائرس کے شبے میں اپنا ٹیسٹ کروایا لیکن ٹیسٹ کی رپورٹ آنے سے قبل ہی وہ ہلاک ہوگئیں۔

    نتاشا اوٹ نامی یہ خاتون ایک مقامی اسپتال میں کام کرتی تھیں، 10 مارچ کو انہیں وائرس کی پہلی علامت ظاہر ہوئی۔ انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو اس سے آگاہ کیا تاہم انہیں کہا گیا کہ ان کی علامات بے حد معمولی ہیں۔

    اس کے بعد اگلے ہفتے سوموار تک انہیں نزلہ اور بخار بھی شروع ہوگیا جس کے بعد انہوں نے اپنا ٹیسٹ کروایا۔

    جمعرات کے روز انہیں پھیپھڑوں میں معمولی سی چبھن کا احساس ہوا لیکن انہوں نے کوئی خاص توجہ نہیں دی۔ تاہم اگلے روز ان کے پارٹنر نے کچن میں انہیں مردہ حالت میں پایا۔

    پارٹنر کے مطابق ایک روز قبل وہ معمول کے مطابق ان کے ساتھ واک کرنے کے لیے نکلی تھیں۔ نتاشا کے ٹیسٹ کا زرلٹ آنے تک اسپتال ان کی موت کو کرونا وائرس کا نتیجہ قرار دینے میں تذبذب کا شکار ہے۔

    نتاشا کی موت کے بعد ان کے پارٹنر نے اپنی فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ جیسے ماہرین کہتے ہیں کہ یہ وائرس جان لیوا نہیں ہے، تو ایسا ہرگز نہیں۔

    انہوں نے شہر نیو اورلینز میں ناقص طبی سہولیات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست لوزیانا میں اب تک 600 سے زائد افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 16 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں، اس کے باوجود اسپتال اس سے نمٹنے کے لیے تیار نہیں۔

    ریاست لوزیانا میں فی الحال مقامی انتظامیہ نے صرف بیرون ملک سے سفر کر کے آنے والے ان افراد کا ٹیسٹ کرنے کی ہدایت کی ہے جو سانس کی تکلیف یا بخار کے شکار ہیں تاہم انہوں نے ڈاکٹرز کو بھی صوابدیدی اختیار دے دیا ہے کہ وہ اس کے علاوہ بھی کسی کا ٹیسٹ ضروری سمجھیں تو کرسکتے ہیں۔

    نیو اورلینز میں 2 ڈرائیو تھرو ٹیسٹنگ سائٹس بھی کھولی جارہی ہیں تاہم یہ صرف واضح علامات رکھنے والوں کا ٹیسٹ کریں گی، اسی نوعیت کی تیسری سائٹ بھی کھولی جارہی ہے جو ہر مشتبہ شخص کا ٹیسٹ کرے گی۔

  • پانچ برس کے دوران 16 سو مہاجر بچے ہلاک ہوئے، رپورٹ

    پانچ برس کے دوران 16 سو مہاجر بچے ہلاک ہوئے، رپورٹ

    واشنگٹن :اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ 2014سے لے کر اب تک گمشدہ یا ہلاک ہونے والے بتیس ہزار افراد میں سے قریب سولہ سو بچے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرین (آئی او ایم )نے انکشاف کیا ہے کہ پچھلے پانچ برسوں کے دوران یومیہ بنیادوں پر کم از کم ایک مہاجر بچہ گم یا ہلاک ہوتا آیا ہے۔

    بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرین کا کہنا ہے کہ پناہ کی تلاش میں خطرناک راستوں سے گزرنے والے سن 2014 سے لے کر اب تک گمشدہ یا ہلاک ہونے والے بتیس ہزار افراد میں سے قریب سولہ سو بچے ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرین (آئی او ایم )نے گزشتہ روز جاری کردہ رپورٹ فیٹل جرنیز میں یہ انکشاف کیا ۔

    رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پناہ کی تلاش میں خطرناک راستوں سے گزرنے والے سن 2014 سے لے کر اب تک گمشدہ یا ہلاک ہونے والے بتیس ہزار افراد میں سے قریب سولہ سو بچے ہیں۔ بحیرہ روم سب سے خطرناک روٹ ہے، جس پر اس عرصے میں قریب اٹھارہ ہزار اموات یا گمشدگیاں ریکارڈ کی گئیں۔

    مزید پڑھیں : پناہ گزینوں کا عالمی دن

    اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی میں پناہ گزینوں کی تعداد میں 65 فیصد اضافہ ہوا ہے،گزشتہ برس کے اختتام تک پناہ گزینوں کی تعداد 70.8 ملین تھی جبکہ 2017 میں پناہ گزینوں کی تعداد 68.5 ملین تھی۔

    گزشتہ ایک دہائی کے دوران ہر پانچ میں سے تین افراد یا 4 کروڑ 10 لاکھ سے زائد افراد کو کسی نہ کسی مجبوری کے باعث اپنے آبائی وطن کو ترک کرکے کسی دوسرے ملک میں پناہ لینے پر مجبور ہوا ہے۔

  • امریکا میں‌ طیارہ حادثے کا شکار، 11 کرتب باز ہلاک

    امریکا میں‌ طیارہ حادثے کا شکار، 11 کرتب باز ہلاک

    واشنگٹن : امریکا میں فضائی کرتب بازوں کو لے جانے والا طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہوگئے۔

    عالمی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست ہوائی میں فضائی کرتب بازوں کو لے جانے والے ہوائی جہاز میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پورے طیارے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے بعد طیارہ ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا۔

    طیارہ ہوائی کے ایک جزیرے پر گرا اور زمین پر گرتے ہی ملبے کا ڈھیر بن گیا، اس میں سوار تمام مسافر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جن کی لاشیں ناقابل شناخت ہوگئی ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں پائلٹ کے سوا تمام مسافر فضائی کرتب باز تھے۔

    چلی میں چھوٹا طیارہ گھر پر گِر کر تباہ، چھ افراد ہلاک

    خیال رہے کہ رواں برس اپریل میں امریکی شہر چلی میں چھوٹا طیارہ برقی تاروں سے ٹکرانے کے باعث ایک گھر پر گر کر تباہ ہوگیا تھا ، حادثے کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    حادثے کا شکار ہونے والا چھوٹا طیارہ چلی کے دارالحکومت سین تیاگو کے نزدیکی علاقے کے ایئرپورٹ سے اڑا اور ٹیک آف کے کچھ دیر بعد ہی بجلی کی طیاروں سے ٹکرا کر ایک گھر پر گرگیا۔

    امریکا: مسافر بردار طیارہ حادثے کا شکار، 1 مسافر ہلاک، 7 زخمی

    یاد رہے کہ گزشتہ برس امریکی فضائی کمپنی کے مسافر بردار طیارے کی امریکی شہر فلاڈیلیفیا میں انجن پھٹنے کے باعث ہنگامی لینڈنگ ہوئی تھی جس کے نتیجے میں ایک مسافر خاتون ہلاک جبکہ سات مسافر زخمی ہوگئے تھے۔

  • اپنی  مالک کو کروڑ پتی بنانے والی ’منحوس بلی‘ مرگئی

    اپنی مالک کو کروڑ پتی بنانے والی ’منحوس بلی‘ مرگئی

    انٹرنیٹ کی دنی پر ’گرمپی کیٹ‘ کے نام سے مشہور منحوس بلی انتقال کرگئی ، اس بلی کے دو ملین سے زائد مداح تھے اور انٹرنیٹ استعمال کرنے والے ہر شخص نے کم از کم ایک مرتبہ اس کی تصویر ضروردیکھی ہوگی۔

    گزشتہ روز جاری ہونے والے ایک بیانے میں منحوس بلی کے مالک نے کہا ہے کہ اس کی ہر دلعزیز کیٹ سات سال کی عمر میں پیشاب کے انفیکشن کے سبب چل بسی۔

    اس بلی کا آبائی وطن ایری زونا تھااور یقیناً اس کے سبب لاکھوں لوگ مسکراتے تھے۔ بلی کا اصل نام ’ٹارٹر ساس‘ تھا اور سنہ 2012 میں اس کی پہلی تصویر بطور میم وائرل ہوئی تھی۔

    بلی کی وجہ شہرت اس کے چہرے کےمخصوص تاثرات بنے جن کا سبب اس کا پستہ قد اور منہ میں اضافی دانت تھے ، جو اسے ایک ناراض سی شکل عطا کرتے تھے ، اور یہی چہرہ اس کی وجہ شہرت بنا۔

    بلی نے اپنی مالک تابیتھا بندیسن کےساتھ پوری دنیا کا سفر کیا تھا۔ سنہ 2014 سے اس نے دنیا کے مختلف ممالک کے ٹی وی شو ز میں شرکت کرنا شروع کی تھی اور اس نے اپنی ایک ایسی فلم میں بھی کام کیا جس کا مرکزی کردار یہ خود تھی۔

    سنہ 2015 میں سان فرانسسکو کے مادام تساؤ میوزیم میں اس کا مومی مجسمہ بھی رکھا گیا ، جو کہ یقیناً ایک ریکارڈ ہے۔ اس کے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر فالوورز کی تعداد 20 لاکھ سے زائد ہے۔

    سنہ 2018 میں اس کی مالکن کو کاپی رائٹ کے مد میں سات لاکھ دس ہزار ڈالر کی خطیر رقم ملی تھی ، اس کے علاوہ بھی اسی منحوس بلی کے سبب اس کی مالک بے پناہ دولت حاصل کرچکی ہے۔

    بلی کی خاتون مالک کا کہنا ہے کہ اس سے قبل وہ ویٹرس کا کام کرتی تھی ، تاہم بلی کو شہرت ملنے کے چند ہفتے بعد ہی انہوں نے اپنا کام چھوڑدیا تھا اور بلی کو مزید شہرت دلانے پر توجہ مرکوز کردی تھی۔ وہ اپنی اس ’منحوس بلی‘ کے لیے بے حد اداس ہیں جس نے نہ صرف ان کے دن پھیر دیے بلکہ خود بھی دنیا بھر میں لاکھوں مداحوں کے دل میں جگہ بنا گئی۔

  • دوران پرواز سعودی بچی کی طبیعت خراب، ڈاکٹرز نے مردہ قرار دے دیا

    دوران پرواز سعودی بچی کی طبیعت خراب، ڈاکٹرز نے مردہ قرار دے دیا

    کوالامپور/ریاض : نیپال سے آسٹریلیا کا سفیر اختیار کرنے والی سعودی جوڑے کی کمسن بچی دوران پرواز اچانک انتقال کرگئی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب سے تعلق رکھنے والا جوڑا اپنی دو ماہ کی بچی کے ہمراہ ایئر ایشیاء کے طیارے ڈی 7236 کے ذریعے نیپالی دارالحکومت کوالالمپور سے آسٹریلیا جارہے تھے کہ اچانک بچی کی طبیعت بگڑ گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ آسڑیلیا کے شہر پرتھ پہنچے کے بعد ایئرپورٹ پر ہی ڈاکٹر نے بچی کے طبی معائنے کے بعد فرح کو مردہ قرار دے دیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کہنا تھا کہ دوران پرواز بھی عملے نے بچی کو بچانے کی بہت کوشش کی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی، پولیس نے والدین سمیت اسٹاف کے بیانات بھی قلمبند کرلیے جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے دوران پرواز بچی کی ہلاکت کی تحقیقات کےلیے کمیٹی تشکیل دے دی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق والدین نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ طیارے میں سوار ہونے پہلے بچی کی طبیعت بلکل ٹھیک تھی۔ دوسری جانب مذکورہ ہوائی کمپنی نے تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے تحقیقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایسا ہی واقعہ تین سال قبل بھارتی جورے کے ساتھ پیش آیا تھا کہ دوران بحرین جاتے ہوئے دوران پرواز ایک سالہ بچی اچانک طبیعت خراب ہونے کے باعث ہلاک ہوگئی تھی۔

    واضح رہے کہ عالمی ہوائی اڈوں کی ایسوسی ایشن کے قوانین کے مطابق جہاز میں کسی کی ہلاکت کی صورت میں اسے خالی سیٹ یا چند مسافروں کے ساتھ والی سیٹ پر منتقل کر دیا جاتا ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے پہلے بھی دوران پرواز متعدد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

  • امریکا میں برفانی طوفان نے تباہی مچادی، سات افراد ہلاک

    امریکا میں برفانی طوفان نے تباہی مچادی، سات افراد ہلاک

    نیویارک : امریکا کی مختلف ریاستوں میں برفباری نے معمولات زندگی درہم برہم کردیا، امریکا کی وسط مغربی ریاستوں میں برفانی طوفان کے باعث مختلف حادثات میں سات افرادہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی مختلف ریاستوں میں گزشتہ ایک ماہ سے مسلسل ہونے والے برفباری نے موسم مزید سرحد کردیا ہے، اب تک برفباری سے ہونے والے حادثات میں سات افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ نیویارک میں میں درجہ حرارت منفی ایک تک گرگیا۔

    شدید برفباری سے سڑکوں، گھروں اور درختوں نے برف کی چادر اوڑھ لی اور شہری گھروں میں محصور ہوگئے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق دارالحکومت واشنگٹن، شکاگو اور نیویارک میں درجہ حرارت منفی ایک تک گر گیا ہے جبکہ میسوری، کنساس سمیت دیگر ریاستوں میں نظام زندگی مفلوج اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔

    مقامی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ شکاگو میں شدید برفباری کے باعث متعدد پروازیں بھی منسوخ ہوگئی ہیں، جس کے باعث ہزاروں مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ برس نومبر میں امریکا کے جنوب مشرقی علاقوں میں دس روز قبل شروع ہونے والی موسم کی پہلی برفباری نے موسم کی شدت میں اضافہ کردیا تھا، جس کے باعث رونما ہونے والے مختلف حادثات میں متعدد افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    خیال رہے کہ 2017 بھی امریکا کے لیے قدرتی آفات کے حوالے سے بدترین ثابت ہوا تھا، یکے بعد دیگرے 4 طوفانوں نے امریکی ریاستوں کو تباہی سے دو چار کیا جبکہ درجنوں ہلاکتیں بھی ہوئی تھیں۔

  • مضر صحت کھانے سے جاں بحق بچوں کا کیس، عدالت نے ملزمان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا

    مضر صحت کھانے سے جاں بحق بچوں کا کیس، عدالت نے ملزمان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا

    کراچی : کلفٹن میں مضر صحت کھانے سے بچوں کی اموات کے کیس میں عدالت نے ملزمان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے کلفٹن میں گزشتہ ماہ 10 نومبر کو ایریزونا گرل نامی ریسٹورنٹ میں مضر صحت کھانا کھانے کرنے سے دو بچے جاں بحق ہوگئے تھے جس کے الزام میں گرفتار مینجر عدنان اور عامر شیخ کو عدالت میں پیش کردیا گیا۔

    تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ریسٹورنٹ کا مالک ندیم ممتاز راجہ ضمانت قبل از گرفتاری پر ہے، ملزمان سے تفتیش کرکے دیگر ملزمان کو گرفتار کرنا ہے۔

    تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ گرفتار ملزمان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے تاہم عدالت نے ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

    تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ایریزونا ریسٹورنٹ کے مینجر اور سسٹر کمپنی اسٹریم ٹریڈنگ کے جنرل مینجر ملزمان ہیں۔

    مضر صحت کھانا کھانے سے 4 سالہ محمد اور ڈیڑھ سالہ احمد کی موت ہوئی تھی۔

    عدالت نے تفتیشی افسر کا بیان قلم بند کرنے کے بعد آئندہ سماعت پرپیش رفت رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ بچوں کی موت گردے فیل ہونے سے ہوئی تھی، مضر صحت کھانے میں خطرناک بیکٹریا پائے گئے ہیں۔

    مزید پڑھیں : کراچی: کلفٹن میں مضر صحت کھانا کھانے سے 2 بچے جاں بحق، ریسٹورنٹ سیل. 4 افراد زیر حراست

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے کلفٹن کی زمزمہ اسٹریٹ پر واقع ریسٹورنٹ میں 2 بچے مضر صحت کھانا کھانے سے جاں بحق ہوگئے تھے، بچوں کی والدہ کو بھی تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی ابرار شیخ نے کہا تھا کہ ریسٹورنٹ میں بچا ہوا کھانا فریزر میں رکھا ہوا تھا، ریسٹورنٹ کا کچن بدبو دار نکلا، سندھ فوڈ اتھارٹی نے 2 لیبارٹریز سے ٹیسٹنگ کنٹریکٹ کیا ہوا ہے۔

    ابرار شیخ کے مطابق ریسٹورنٹ اور پلے لینڈ کو سیل کرکے کھانے اور ٹافیوں کے نمونے ٹیسٹنگ کے لیے بھجوا دئیے تھے۔