Tag: diego-maradona

  • فٹ بال کے عظیم کھلاڑی میرا ڈونا اور ’ہینڈ آف گاڈ‘!

    فٹ بال کے عظیم کھلاڑی میرا ڈونا اور ’ہینڈ آف گاڈ‘!

    فٹ بال کی تاریخ میں میرا ڈونا ایسے غیر معمولی باصلاحیت اور جوشیلے کھلاڑی کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے، جس نے اپنے مداحوں کو حیران اور حریف ٹیم کے کھلاڑیوں کو پریشان رکھا جب کہ خود ان کی ذات اور نجی زندگی کو مسائل اور مشکلات نے گھیرے رکھا۔

    فٹ بال کے بے مثال کھلاڑی میرا ڈونا کھیل کے میدان میں اپنی شان دار کارکردگی، اپنے حیرت انگیز اور پُرجوش انداز کے سبب شائقین میں‌ بے حد مقبول ہوئے، لیکن ان کی شخصیت اور کیریئر بدنامی اور تنازع سے بھی دوچار ہوا۔

    اس عظیم کھلاڑی نے زندگی کی 60 بہاریں دیکھیں‌۔ وہ 25 نومبر 2020ء کو ارجنٹائن کے دارُالحکومت بیونس آئرس میں واقع اپنی رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑنے سے وفات پا گئے تھے۔ تاہم بعد میں اس موت کو اُن کے معالج کی کوتاہی کا نتیجہ بتایا گیا۔ ایک خاتون نے اس عظیم کھلاڑی پر جنسی زیادتی کا الزام بھی عائد کردیا۔ یوں اپنی زندگی میں دنیا کے سب سے زیادہ زیرِ بحث رہنے والے کھلاڑی میرا ڈونا اپنی موت کے بعد بھی زیرِ بحث رہے۔

    فٹ بال کی تاریخ میں ان کا ایک متنازع گول ’ہینڈ آف گاڈ‘ کے نام سے مشہور ہے۔ بعد میں وہ نشے کی لت میں‌ پڑ گئے اور ذاتی زندگی بھی بحران کی زد میں‌ رہی۔

    میرا ڈونا 1960ء میں ارجنٹینا، بیونس آئرس کے ایک قصبے میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کا نام ڈی ایگو ارمانڈو میرا ڈونا تھا جو اپنی جسمانی پُھرتی اور کھیلوں میں دل چسپی کے سبب فٹ بال کے سپر اسٹار بنے۔

    میرا ڈونا نے کم عمری ہی سے فٹ بال کے کھیل میں حیرت انگیز صلاحیت اور مہارت کا مظاہرہ کرکے لاس سیبلیوٹاس کی یوتھ ٹیم کی کپتانی کا اعزاز اپنے نام کر لیا تھا۔ انھوں نے اپنی ٹیم کو لگاتار مقابلوں میں ناقابلِ شکست بنائے رکھا اور محض‌ 16 سال کے تھے جب بین الاقوامی سطح کے مقابلوں میں اپنی جگہ بنانے میں کام یاب ہوگئے۔

    فٹ بال کی دنیا کا یہ عظیم کھلاڑی دوسرے کھلاڑیوں کی طرح لمبا چوڑا نہیں تھا بلکہ ان کا قد صرف پانچ فٹ، پانچ انچ تھا۔ میرا ڈونا کو فٹ بال سے عشق تھا جس نے وہ پھرتی، تیز رفتاری، گیند پر کنٹرول اور اسے خوبی سے پاس کرنے کے ساتھ موقع پاتے ہی گول کرنے کی صلاحیت نے کام یاب ترین کھلاڑی بنا دیا تھا۔

    1986ء میں وہ اپنے ملک کے لیے میکسیکو میں منعقدہ فٹبال ورلڈ کپ سے حریف ٹیم سے فتح چھین کر لائے تھے اور اس کے چار برس بعد دوبارہ اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچایا تھا۔ اسی عظیم مقابلے کے کوارٹر فائنل میں ایک ایسا تنازع بھی سامنے آیا جس نے ان کی زندگی کو متاثر کیا۔ انھوں نے انگلینڈ کے گول کے قریب حریف گول کیپر کے ساتھ ہوا میں اچھل کر فٹبال کو مکّا مارا اور گول کر دیا۔ یہی وہ مشہور متنازع گول ہے جس کا ذکر ہم نے اوپر کیا تھا۔ لیکن کے چند منٹ بعد ہی انھوں نے ایک حیران کُن گول بھی کیا جسے ’صدی کا سب سے شان دار گول‘ قرار دیا گیا۔

    میرا ڈونا کو شراب اور کوکین کے بہت زیادہ استعمال کے باعث دماغی اور جسمانی صحّت کے متعدد مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان کا وزن بھی بڑھ گیا تھا اور 2004ء میں بھی انھیں دل کا دورہ پڑا تھا۔ میرا ڈونا نے مٹاپے سے نجات کے لیے گیسٹرک بائی پاس سرجری کروانے کے بعد نشّے کی لت سے چھٹکارا حاصل کرنے کی کوشش بھی کی اور اس کے لیے کیوبا میں وقت گزارتے رہے۔

    2008ء میں انھیں ارجنٹائن کی قومی ٹیم کا منیجر نام زد کیا گیا، لیکن ایک مقابلے میں جرمنی سے شکست کے بعد انھوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

    انھوں نے ارجنٹائن کے لیے 91 میچ کھیلے۔ اپنے کیریئر میں301 گول کیے تھے۔

  • ڈیاگو میرا ڈونا کی زندگی پر بنائی گئی دستاویزی فلم ریلیز

    ڈیاگو میرا ڈونا کی زندگی پر بنائی گئی دستاویزی فلم ریلیز

    ارجنٹائن کے عظیم آنجہانی فٹبالر ڈیاگو میرا ڈونا کی زندگی پر بنائی گئی دستاویزی فلم جاری کردی گئی، فلم میں ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں بتایا گیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق لاطینی امریکہ کے ملک ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے دنیائے فٹ بال کے لیجنڈ ڈیگو میراڈونا کی زندگی پر بنائی گئی دستاویزی فلم ریلیز کردی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ وہ کس طرح مشکل حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے ایک کھیل کا پانسہ پلٹنے والے کھلاڑی بنے۔

    فلم کے مطابق میرا ڈونا کا بچپن بیونس آئرس کے مضافات میں ایک چھوٹے سے قصبے ولا فیوریتو میں گزرا۔ ان کے انکل نے انہیں بچپن میں ایک فٹ بال کا تحفہ دیا جس کے بعد ان کے اندر فٹ بال کھیلنے کا شوق پیدا ہوا جو ان کی زندگی کا حصہ بن گیا۔

    میرا ڈونا کو کس چیز نے مارا کے عنوان سے بنائی گئی یہ ڈاکومنٹری ڈسکوری پلس پر چلائی جا رہی ہے، جس میں عظیم کھلاڑی کی زندگی کا 45 منٹوں میں احاطہ کیا گیا ہے، اس ڈاکومنٹری میں ان تمام لوگوں کو شامل کیا گیا ہے جو ان کے قریب رہے۔

    ڈاکومنٹری میں میراڈونا کے فٹ بال کیریئر پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے لیکن اس کا مرکزی خیال زیادہ تر ان کی ذاتی زندگی کے گرد گھومتا ہے۔

    اس میں میراڈونا کا بچپن دکھایا گیا ہے جب وہ گلیوں میں اپنے دوستوں کے ساتھ فٹ بال کھیلتے تھے، اس میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ ان کا بچپن غربت میں گزرا جس کی وجہ سے ان کی صحت مندانہ پرورش نہ ہو سکی اور ان کو جسمانی طور پر مضبوط بننے میں کئی برس لگے۔

    میرا ڈونا کے قریب رہنے والے لوگوں کے انٹرویوز سے پتا چلتا ہے کہ وہ ایسی مضر صحت اشیا کا استعمال کرتے تھے جس کی وجہ سے ان کی صحت خراب ہوئی۔ اس فلم میں 30 منٹ ان کی اس عادت پر صرف کیے گئے ہیں۔

    دستاویزی فلم میں دکھایا گیا ہے کہ اس دوران کس طرح ان کے مخالف میدان میں ان کو زخمی کرتے رہے، انہیں بہت گہری چوٹیں بھی آئیں اور وہ درد ختم کرنے والی ادویات استعمال کرتے رہے۔

    یاد رہے کہ میرا ڈونا کا گزشتہ برس 25 نومبر کو دل کا دورہ پڑنے سے 60 برس کی عمر میں چل بسے تھے۔

  • میراڈونا کی تصویر کرنسی نوٹ پر چھاپی جائے گی

    میراڈونا کی تصویر کرنسی نوٹ پر چھاپی جائے گی

    ارجنٹائن کے عظیم آنجہانی فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کا نام متوقع طور پر ملکی کرنسی نوٹ پر چھپنے کا امکان ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ارجنٹائن کے ایک سینیٹر نے ارجنٹائن کانگریس میں ایک بل پیش کیا ہے، جس میں عظیم فٹبالر کی خدمات کو یاد رکھتے ہوئے ان کی تصویر کو کرنسی نوٹس پر لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    سینیٹر نے اپنے بل میں کہا ہے کہ کرنسی نوٹ پر ایک جانب میراڈونا کی تصویر اور دوسری جانب فٹبال کی تاریخ کے یادگار ترین گول ہینڈ آف گاڈ کی تصویر لگانے کی تجویز دی۔

    اگر بل منظور ہوگیا تو ارجنٹائن کے کسی ایک کرنسی نوٹ پر میراڈونا کی تصویر چھاپی جائے گی۔

    ڈیاگو میراڈونا گزشتہ ماہ 25 نومبر کو دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے تھے۔

    اپنی موت سے چند روز قبل ہی انہوں نے اپنے دماغ کی سرجری کروائی تھی جبکہ منشیات کی عادت سے چھٹکارے کے لیے وہ ری ہیب سینٹر بھی چلے گئے تھے۔

    میراڈونا نے سنہ 1986 کے فیفا ورلڈکپ میں انگلینڈ کے خلاف کوارٹر فائنل میں ہینڈ آف گاڈ کا گول کیا تھا، اس عالمی کپ میں جرمنی کو فائنل میں شکست دے کر ارجنٹائن دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بنا تھا۔

  • ڈیگو میراڈونا: ایک فسوں گر کے عروج و زوال کی حیران کن داستان

    ڈیگو میراڈونا: ایک فسوں گر کے عروج و زوال کی حیران کن داستان

    کانز: فرانس کے شہر کانز  میں ہونے والے 72 ویں فیسٹیول میں جن فلموں‌ کا چرچا ہے، ان میں سے ایک فٹ بال کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑی ڈیگو میراڈونا کی زندگی کے گرد گھومتی ہے.

    تفصیلات کے مطابق 72 واں کانز فلم فیسٹیول منگل کو شروع  ہوا، جس میں معروف فلمی ہستیوں کے ساتھ نئے اداکار بھی دکھائی دیے. ایک جانب جہاں بڑے بینرز کی فلمیں پیش کی گئیں، وہیں کم بجٹ کی فلموں نے بھی توجہ حاصل کی.

    برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق کانز  فیسٹول میں پیش کی جانے والی جن فلموں کو خصوصی توجہ دی جارہی ہے،  ان میں سے ایک ارجنٹینا کو 86 کا ورلڈ کپ جتوانے والے ڈیگو میراڈونا کی زندگی کے گرد گھومتی ہے.

    یہ فلم اتوار کے روز ڈاکومینڑی کانز میں بڑی اسکرین کی زینت بنے گی۔ البتہ یہ پہلے ہی دنیا بھر کے ناقدین سے داد بٹور چکی ہے.

    ڈیگو میراڈونا کا شمار دنیا کے مقبول اور متنازع ترین کھلاڑیوں‌ میں ہوتا ہے، ایک جانب جہاں وہ مقبولیت کے عروج پر پہنچے، وہیں انھیں  منشیات کے استعمال اور پرتشدد رویوں کی وجہ سے تنقید اور مقدمات کا بھی سامنا کرنا پڑا.

    یہ ڈاکومینڑی آصف کپاڈیا کی پیش کش ہے، جنھوں نے سنہ 2016 میں گلوکارہ ایمی وائن ہاؤس پر فلم بنائی تھی، اس فلم کو آسکر کا حق دار قرار دیا گیا تھا. آصف کپاڈیا برازیل کے مشہور فارمولا ون کار ریسر ائرٹن سینا کی زندگی پر بھی فلم بنا چکے ہیں.

  • کوپا کپ جیت کر لائیں ورنہ وطن واپس آنے کی ضرورت نہیں، میراڈونا کا میسی کو پیغام

    کوپا کپ جیت کر لائیں ورنہ وطن واپس آنے کی ضرورت نہیں، میراڈونا کا میسی کو پیغام

    بیونس آئرس: لیجنڈ فٹبالر اورارجنٹینا کے سابق کوچ ڈیاگو میراڈونا نے میسی الیون کو خبردار کر دیا ہے کہ کوپا امریکہ کپ جیت کر لائیں ورنہ وطن واپس نہ آئیں۔

    کوپا امریکہ کے سیمی فائنل میں میسی کی ارجنٹینا نے امریکہ کے فائنل میں پہنچنے کے ارمان ٹھنڈے کیے تھے، میسی نے سیمی فائنل میں دوگول کیے اور ارجنٹینا کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔

    بیونس آئرس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق فٹبالر ڈیاگو میراڈونا نے کہا کہ اتوار کو ہونے والا فائنل ہم ہی جیتیں گے اور اگر ہم نہیں جیتے تو ٹیم کو وطن واپس آنے کی زحمت نہ کریں۔

    عظیم فٹبالر ڈیاگو میراڈونا نے اسٹارفٹبالر لائنل میسی کو پیغام دیا کہ کوپا امریکہ کپ کے بغیر وطن واپس آنے کی ضرورت نہیں۔

    بے شمار ایوارڈ جیتنے والے میسی آج تک ارجنٹینا کو کوئی ٹرافی جیتوانے میں کامیاب نہیں ہوئے ہیں، فائنل میں ارجنٹینا کا مقابلہ دفاعی چیمپیئن چلی سے ہوگا، میسی الیون کے پاس پچھلی شکست کا بدلا لینے کا موقع ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ سال چلی نے پینالٹی ککس پر ارجنٹینا کو شکست دی تھی۔