Tag: different cities

  • آزاد کشمیر سمیت مختلف شہروں میں زلزلہ، 23 افراد جاں بحق، 300 سے زائد زخمی

    آزاد کشمیر سمیت مختلف شہروں میں زلزلہ، 23 افراد جاں بحق، 300 سے زائد زخمی

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، اور آزاد کشمیر سمیت صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے بیش تر شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، شہری خوف زدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث 23 افراد جاں بحق جب کہ  سے 300 سے زائد زخمی ہو گئے۔

    جاتلاں میں زلزلے نے شدید تباہی مچائی جہاں 11 افراد ہلاک ہوئے، مرکزی سڑک تباہ ہو گئی۔

    زلزلہ راولپنڈی، لاہور، کالا باغ، سانگلہ ہل، گجرات، چنیوٹ، سرگودھا، ظفر وال، شاہ کوٹ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، صوابی، پھالیہ، سرائے عالمگیر، شکر گڑھ، نور پور تھل، پشاور، پنڈی بھٹیاں، نارووال، پسرور، شیخو پورہ، سمندری، قصور، جہلم، مری، کوٹ مومن، خیبر، ایبٹ آباد، سکھیکی، سوات، مردان، اوکاڑہ اور بونیر میں محسوس کیا گیا۔

    ننکانہ صاحب، قائد آباد، ڈسکہ، جڑانوالہ، شانگلہ، باجوڑ، مظفر آباد، اسکردو، میرپور آزاد کشمیر اور مضافات میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے جھٹکے 10 سیکنڈ تک محسوس کیے گئے۔

    فرانسیسی زلزلہ پیما ادارے کے مطابق زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز جہلم کے 5 کلومیٹر شمال میں تھا اور گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔

    زلزلہ محسوس ہوتے ہی لوگ خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

    زلزلہ محسوس ہوتے ہی لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر پروازوں کو روک دیا گیا، ایئرپورٹ عملہ اور مسافر ایئرپورٹ ٹرمینل سے باہر آگئے۔

    اس سے قبل 12 ستمبر کو بھی اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال، مردان، اور میر پور آزاد کشمیر سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

    12 ستمبر کو آنے والے زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ زلزلے کی زیر زمین گہرائی 251 کلو میٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش ریجن تھا۔

  • ملک کے مختلف شہروں میں دھرنے و مظاہرے، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا

    ملک کے مختلف شہروں میں دھرنے و مظاہرے، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا

    اسلام آباد / لاہور / کراچی : ملک کے مختلف شہروں میں جاری پرتشدد احتجاج کے موقع پر جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کی گئیں جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    جلاؤ گھیراؤ کے باعث ملک بھر میں اہم شاہراہیں بند ہیں، اسلام آباد، کراچی، لاہور سمیت مختلف شہروں کی سڑکوں اور گلیوں میں رکاوٹیں کھڑی کرکے مظاہرے کیے جا رہے ہیں اور مشتعل مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کرہے ہیں۔

    پنجاب میں دھرنوں کے باعث موٹر وے کے مختلف مقامات پر ٹریفک بند ہے جس کی وجہ سے بعض مقامات پر ٹریفک جام کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، اس کے علاوہ ریلوے شیڈول متاثر ہونے سے کئی ٹرینیں اپنے وقت پر روانہ نہ ہوسکیں، مسافروں کے ایئر پورٹ نہ پہنچنے کی وجہ سے پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔

    احتجاج کے باعث روزانہ کی دہاڑی کمانے والے مزدوروں کے اہل خانہ فاقہ کشی پر مجبور ہوگئے، احتجاج اور دھرنوں سے معیشت کا پہیہ جام ہوگیا۔ صنعتی اور کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہیں۔

    اب تک کراچی کے تاجروں کو تین دن میں پندرہ ارب کا نقصان ہو چکا ہے جبکہ تیس لاکھ افراد اس صورتحال سے شدید متاثر ہوئے۔ گڈز ٹرانسپورٹرز کو ساڑھے تیرہ ارب کا جھٹکا لگا اور سبزی منڈی میں پھل اورسبزیاں سڑنے لگیں، اس کے علاوہ گزشتہ دو روز میں دو لاکھ لیٹر دودھ بھی ضائع ہوگیا۔

    تاہم تازہ اطلاعات کے مطابق اسلام آباد، لاہوراور گوجرانوالہ میں موبائل فون سروس بتدریج بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ کراچی کے مختلف علاقوں میں احتجاج ختم ہونے اور مظاہرین کے منتشر ہونے پر سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں کافی بہتری آئی ہے۔

  • کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موبائل سروس بند

    کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موبائل سروس بند

    کراچی :  کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آٹھ محرم الحرام کے دوران موبائل سروس بند کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق 8 محرم الحرام کے جلوس میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کراچی، سکھر ،حیدر آباد ،شکار پورمیں موبائل فون سروس بند کردی گئی جبکہ چکوال، فیصل آباد اور بھکر میں بھی موبائل فون خاموش ہوگئے، غیر اعلانیہ موبائل سروس کی بندش سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

    دوسری جانب موبائل فون کے ساتھ ٹریکروالی گاڑیاں بھی جام ہوگئیں ، جس کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں سے ٹریکر کمپنیوں میں شکایاتوں کی لائن لگ گئی، ٹریکر کمپنی کا کہنا ہے کہ گاڑیاں جام ہونے پر صارفین کے فون آرہے ہیں، ٹریکر میں بھی سم استعمال ہوتی ہے، ہمیں نہیں بتایا گیا تھا آج بھی سروس بند کی جائے گی۔

    ٹریکر کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ آج صرف جلوس کے راستوں پر موبائل جام ہونا تھی، متعلقہ حکام سے رابطہ کر کے ٹریکرسم کھلوانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    محکمہ داخلہ سندھ نے کراچی میں آٹھ سے دس محرم تک موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی عائدکردی ہے جبکہ جلوس کے راستے کنٹینر لگا کر بند کر دئیے گئے ہیں۔


    مزید پڑھیں : یوم عاشور: کراچی میں موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ


    یاد رہے کہ صوبائی وزیر اطلاعات ونشریات ناصر حسین شاہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ سیکیورٹی کے پیش نظر8اور9محرم الحرام کو سندھ میں جلوسوں کی گزرگاہوں پرموبائل سروس بند رہے گی، جبکہ دس محرم کو کراچی میں موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اس دوران انٹرنیٹ ڈیوائسز اور وی وائرلیس سروس بھی معطل رہے گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ٹرمپ کے بیان کاردعمل‘ شہرشہراحتجاج‘ پتلا نظرِآتش

    ٹرمپ کے بیان کاردعمل‘ شہرشہراحتجاج‘ پتلا نظرِآتش

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان پر پاکستانی شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، شہر شہر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، مظاہرین نے امریکہ کے خلاف نعرے لگائے اور ٹرمپ کا پتلا جلایا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدرڈونلڈٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان پر مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، بلوچستان کے شہروں چمن پنجگور اور کوہلو میں امریکی صدر کے بیان کے خلاف احتجاج جاری ہے، قبائلی عوام ،انجمن تاجران ، مذہبی وسیاسی جماعتٰیں سڑکوں پر نکل آئیں۔

    ژوب سمیت سبی ڈیرہ مراد جمالی، سوات، ڈیرہ بگٹی اور چاغی میں امریکی صدر کیخلاف احتجاجی ریلیاں نکالیں، مظاہرین نے سڑکیں بند کردیں، مظاہرین نے امریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور امریکہ مردہ باد کے نعرے لگائے۔

    مظاہرین نے امریکی پرچم پر جوتے مارے اور پرچم نذر آتش بھی کیا۔

    کشمورمیں امریکی صدر کیخلاف اور پاک فوج کی حمایت میں ریلی نکالی گئی، شکار پورمیں طلبا امریکی صدر اور بھارت کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے ، کبیر والا میں بھی جماعت اہلسنت پاکستان نے احتجاج کیا، مظاہرین کا کہنا تھا حکومت امریکی امداد لینا فوری بند کر دے

    ٹنڈو محمد خان میں پاکستان تحریک انصاف اور سول سوسائٹی کی جانب سے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف انصاف ہاوٴس سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی اور پھلیلی پل پر دھرنا دیا، اس موقع پر مظاہرین نے امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ کا پتلا اور امریکی پرچم نذرآتش کیا اور سخت نعرے بازی کی۔

    اس موقع پر حسن نظامانی آفتاب نظامانی اسحاق سومرو خداداد نظامانی شعیب خان انصار شر اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ افغانستان میں امریکی اور نیٹو فوج کی ناکامی کا سارا ملبہ پاکستان پر ڈالنا چاہتاہے لیکن  اگر امریکہ نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے بھی دیکھا تو پاکستان کو امریکہ کا قبرستان بنادینگے۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس  وال پر شیئر کریں۔

  • مختلف شہروں میں11قاتلوں کوپھانسی دے دی گئی

    مختلف شہروں میں11قاتلوں کوپھانسی دے دی گئی

    لاہور: ملک بھر میں گیارہ مجرمان کو پھانسی دیدی گئی، لاہور میں دو ، فیصل آباد میں دو جبکہ ملتان، ساہیوال ،سرگودھا،جہلم ،ٹوبہ ٹیک سنگھ ،گوجرانولہ اور مچھ میں ایک ،ایک مجرم کو تختہ دار پر لٹکادیا گیا۔

    قتل کے مجرمان کو ان کے منطقی انجام تک پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے، لاہور میں دو مجرمان کو کوٹ لکھپت جیل میں پھانسی دیدی گئی، مجرم شیرعلی نے دوہزار دو میں دو افراد کو قتل کیا تھا، مجرم شکیل انیس سو ستانوے میں ایک شخص کے قتل میں ملوث تھا۔

    فیصل آباد سینٹرل جیل میں افتخار عرف پاشی اور آصف زیب کوتختہ دار پر لٹکا دیا گیا، افتخار عرف پاشی نے دوہزار ایک میں دو بھائی اور ان کے بہنوئی کوقتل کیا تھا ، مجرم آصف زیب نے انیس سو چھیانوے میں اپنے مخالف کو نشانہ بنایا تھا۔

    ساہیوال میں مجرم اسحاق اور گوجرانولہ میں محمد نواز کو پھانسی دیدی گئی۔

    ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مجرم نور احمد اپنے انجام کو پہنچا، مجرم نے دوہزار چھ میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد کو قتل کیا تھا، سرگودھا جیل میں تہرے قتل کے مجرم امجد کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔

    ملتان میں قتل کے مجرم محمد فریاد بھی اپنے منتطقی انجام کو پہنچ گیا جبکہ مچھ جیل میں بھی سزائے موت کے منتظر قیدی ابراہیم جوگیزئی کو پھانسی دیدی گئی، جہلم میں محمد افضل کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔

  • راولپنڈی، سرگودھا، میانوالی اور اٹک میں 4مجرموں کو پھانسی دیدی گئی

    راولپنڈی، سرگودھا، میانوالی اور اٹک میں 4مجرموں کو پھانسی دیدی گئی

    راولپنڈی: ملک کے مختلف شہروں میں سزائےموت پانے والوں چار مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔

    ملک میں سزائے موت کی سزاؤں پرعمل درآمد کا سلسلہ جاری ہے، ملک بھر میں سزائے موت پانے والے چار مزید مجرمان اپنے انجام کو پہنچ گئے، ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں اغوا برائے تاوان کے مجرم اکرام الحق کو پھانسی دیدی گئی، مجرم اکرام الحق نے سن دو ہزار دو میں تین سالہ بچی کو تاوان کےلیے اغوا کیا تھا۔

    میانوالی سینٹرل جیل میں سزائے موت کے قیدی حب دار شاہ کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا، مجرم حب دار شاہ نے سن دو ہزار میں معمولی تنازع پردو افراد کو قتل کیا تھا۔

    سرگودھا جیل میں سزائے موت کے منتظر محمد ریاض کو صبح سویرے پھانسی گھاٹ پر لٹکا دیا گیا، مجرم محمد ریاض نے سن دو ہزارمیں دوران ڈکیتی دو افراد کو قتل کیا تھا۔

    راولپنڈی اڈیالہ جیل میں سزائے موت کے قیدی کو پھانسی دیدی گئی، مجرم امین نے سن انیس سو اٹھانوے میں ایک شخص کو قتل کیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں سزائے موت پر عملدرآمد کی بحالی کے بعد سے اب تک سزائے موت پانے والے مجرموں کی تعداد پینسٹھ ہوگئی ہے۔

  • ملک بھر میں 12مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا

    ملک بھر میں 12مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا

    پنجاب/سندھ: کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آج بارہ مجرموں کو تختہ دار پر لٹکایا گیا جبکہ دو مجرموں کی سزا چند لمحے قبل موخر کر دی گئی۔

    ملک بھر میں مجر موں کو ان کے گناہوں کی سزا دینے کا سلسلہ جاری ہے، ملک بھر کی مختلف جیلوں میں آج صبح بارہ افراد کو تختہ دار پرلٹکا دیا گیا، ڈسٹرکٹ جیل جھنگ میں تین مجرموں مبشر، شریف اور ریاض کی سزائے موت پر عمل درآمد کیا گیا۔

    مجرم ریاض نے انیس سو پچانوے میں گھریلو جھگڑے پر ایک شخص کو قتل کیا تھا جبکہ مبشر اور شریف نے انیس سو اٹھانوے میں ٹیکسی ڈرائیور کو اغواء کے بعد مار دیا تھا۔

    بدبخت ظفر اقبال کو اپنے باپ کے قتل اور مجرم رب نواز کو ایک خاتون کو قتل کرنے پر ڈسٹرکٹ جیل میانوالی میں سولی پرچڑھایا گیا۔

    سینٹرل جیل کراچی میں محمد افضل اورمحمد فیصل کو تختہ دار پر لٹکایا گیا، مجرموں نے کورنگی میں دوران ڈکیتی ایک شخص عبدالجبار کوقتل کیا تھا۔

    اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قتل کے دو مجرموں کوملک ندیم اورمحمد جاویدکو پھانسی دی گئی، سینٹرل جیل ملتان میں بھی ایک مجرم کے گلے میں پھانسی کا پھندا ڈالا گیا۔

    درندہ صفت ظفراقبال نے بچی کو زیادتی کے بعد موت کے گھاٹ اتارا تھا، سینٹرل جیل فیصل آباد میں مجرم محمد نواز کو تختہ دار پر لٹکایاگیا۔

    مجرم نواز نےانیس سو بانوے میں معمولی تنازعے پرایک شخص کو قتل کردیا تھا، گوجرانوالہ کی سینٹرل جیل میں ایک شخص کےقاتل محمداقبال کو پھانسی دی گئی جبکہ ڈیرہ غازی خان اورملتان میں سزائے موت کے منتظر قیدیوں کو مقتول کے ورثاء نےعین پھانسی کے وقت معاف کردیا، جس کے بعد دونوں مجرموں کی پھانسی موخر کردی گئی ہے۔