Tag: digital census

  • ملک بھر میں ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز ہو گیا

    ملک بھر میں ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز ہو گیا

    اسلام آباد: ملک بھر میں ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز ہو گیا، چیف مردم شماری کمشنر ڈاکٹر نعیم الظفر نے مردم شماری کا افتتاح کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج ملک بھر میں ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز ہو گیا ہے، چیف شماریات نے افتتاح کے موقع پر کہا کہ مردم شماری کے حوالے سے تمام صوبوں کو آن بورڈ لے لیا گیا، ایک ماہ بعد قوم کو مردم شماری کے اعداد و شمار کے نتائج دے دیں گے۔

    ڈاکٹر نعیم الظفر نے بتایا کہ 13 جنوری 2022 کو مشترکہ مفادات کونسل نے ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے حکم دیا تھا، آج سے ملک بھر میں عمارتوں اور افراد کا شمار کیا جائے گا۔

    چیف شماریات کے مطابق ایک لاکھ 15 ہزار افراد پر مشتمل عملہ مردم شماری کرے گا، اس عمل سے جیو ٹیگ اور معاشی شماری میں مدد ملے گی، اور بہتر منصوبہ بندی بھی کی جا سکے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ پالیسی سازی اور منصوبہ بندی کے لیے خانہ و مردم شماری اہم ہے، یہ مردم شماری پاکستان کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ہے۔

    چیف شماریات کے مطابق فیلڈ میں گنتی یکم اپریل 2023 کو مکمل ہوگی، فیلڈ شمار کنندگان الیکٹرانک ڈیوائسز کے ذریعے ڈیجیٹل طور پر ڈیٹا جمع کریں گے۔

    واضح رہے کہ مردم شماری کے محکمے نے پاکستان کے شہریوں کو خود شماری کی سہولت بھی فراہم کی ہے، خود شماری پورٹل 3 مارچ 2023 تک دستیاب رہے گا۔

  • ڈیجیٹل مردم شماری کے پائلٹ مرحلے کا آغاز ہو گیا

    ڈیجیٹل مردم شماری کے پائلٹ مرحلے کا آغاز ہو گیا

    اسلام آباد: ڈیجیٹل مردم شماری کے پائلٹ مرحلے کا آغاز ہو گیا، ڈیجیٹل نظام کا بنیادی مقصد کم سے کم وقت میں آبادی اور گھروں کے اعداد و شمار کی درستگی کو یقینی بنانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ادراۂ شماریات پاکستان کے لیے ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری کا مکمل ڈیجیٹل نظام تیاری کے بعد عملاً شروع کر دیا۔

    نادرا کے تیار کردہ ڈیجیٹل نظام میں خانہ شماری اور مردم شماری کے الگ الگ سافٹ ویئر ہیں، گھر شماری اور گنتی پر مبنی ڈیجیٹل ایپ اور ویب پورٹل بھی اس نظام میں شامل ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈیجیٹل مردم شماری کے پائلٹ مرحلے کا آغاز 20 جولائی سے ملک بھر کی 83 تحصلیوں کے 429 بلاکس میں کیا گیا، جو 3 اگست کو مکمل ہوگا۔

    نادرا کے تیار کردہ ڈیجیٹل مردم شماری کے نظام کی وجہ سے غلطیوں کی گنجائش نہیں رہے گی اور خود احتسابی اور شفافیت کے عمل کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔

    وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی زیر صدارت پائلٹ مرحلے کی پیش رفت سے متعلق دوسری مردم شماری مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ نادرا کا قلیل عرصہ میں ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری کا مفصل ڈیجیٹل نظام تیار کرنا اور اس نظام کا اطلاق ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔

    طارق ملک نے بتایا کہ ڈیجیٹل مردم شماری کے جاری پائلٹ مرحلے کے دوران اب تک 59,569 عمارتوں، 58,882 خانہ شماری اور 74,536 مردم شماری جا چکی ہے۔

    یہ ڈیجیٹل نظام اینڈرائڈ پر مبنی ہے، یہ گلوبل پوزیشننگ سسٹم اور جغرافیائی انفارمیشن سسٹم کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔