Tag: Digital Facilities

  • سعودی عرب: بحرین تک جانے والے شاہ فہد پل پر مسافروں کے لیے جدید سہولیات

    سعودی عرب: بحرین تک جانے والے شاہ فہد پل پر مسافروں کے لیے جدید سہولیات

    ریاض: سعودی عرب میں بحرین تک جانے والے شاہ فہد پل پر سفر کرنے والوں کے لیے ڈیجیٹل سہولیات کا آغاز کردیا گیا۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کو بحرین سے جوڑنے والے شاہ فہد پل کی انتظامیہ نے سفری فیس کی ادائیگی کے لیے جسر ایپ جاری کردی ہے۔

    مسافر جسر ایپ کے ذریعے بحرین آمد و رفت کی سفری فیس خود کار سسٹم کے ذریعے ادا کرسکتے ہیں۔

    کنگ فہد سمندری پل انتظامیہ نے ایک اور سہولت بھی مہیا کی ہے جس کی بدولت گاڑیوں کی شناخت نمبر پلیٹ ٹیکنالوجی برق کے ذریعے کرلی جاتی ہے۔

    برق اسکینرز کے سامنے سے گزرنے والی گاڑی کی نمبر پلیٹ کے ذریعے تمام معلومات امیگریشن کاؤنٹر پر موجود اہلکار کے کمپیوٹر پر آجاتی ہیں۔

    بحرین جانے والے شاہ فہد پل انتظامیہ نے آن لائن ادائیگی کی سہولیات میں ایک اضافہ یہ بھی کیا ہے کہ مسافر کی شناخت تسہیل کے ذریعے اسکیننگ کیمرہ سسٹم کے ذریعے کی جاتی ہے۔

    مخصوص چپ اسکینر گاڑی کے سامنے والے شیشے پر رکھ دیا جاتا ہے، گاڑی گیٹ پر پہنچتی ہے تو خود بخود تمام کارروائی انجام پا جاتی ہے اور گاڑی کو گزرنے کی اجازت مل جاتی ہے۔

    علاوہ ازیں کیو آر کوڈ کے ذریعے ایپ خود کار ادائیگی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جسے بار بار سفر کرنے والے ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے چارج کر لیتے ہیں۔

  • حج اور عمرہ سے متعلق مزید سہولیات فراہمی کا منصوبہ

    حج اور عمرہ سے متعلق مزید سہولیات فراہمی کا منصوبہ

    ریاض: سعودی عرب میں حج اور عمرہ سے متعلق تمام سہولیات ڈیجیٹلی فراہم کرنے کے لیے کام جاری ہے، عازمین حج ای ویزا کے لیے درخواست دینے سے لے کر ہوٹلوں اور پروازوں کی بکنگ تک آسانی سے پورے دورے کا انتظام کر سکتے ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق برطانوی حجاج کی کونسل کے سی ای او راشد موگرادیا کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں حج اور عمرہ شعبے کی تمام سطحوں پر بڑی ڈیجیٹل تبدیلی، خدمات کی فراہمی کو ہموار اور عازمین حج کے تجربات میں اضافہ کرے گی۔

    جدہ میں حج ایکسپو 2023 سے خطاب کرتے ہوئے راشد موگرادیا کا کہنا تھا کہ یہ دیکھ کر بہت اچھا محسوس ہوا کہ خدمت فراہم کرنے والے ایسی مصنوعات اور خدمات تخلیق کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں جو عازمین حج کے تجربات کو بڑھاتی ہیں۔

    یاد رہے کہ عازمین کے لیے حج کو آسان بنانے کے لیے مفت اسمارٹ کارڈ شروع کرنے کے منصوبے کی رونمائی حج ایکسپو میں کی گئی، کارڈ میں عازمین حج کی ذاتی معلومات ہوں گی اور اسے الیکٹرانک ایپلی کیشن سے منسلک کیا جائے گا۔

    کارڈ کی ڈویلمپنٹ وزارت حج و عمرہ اور اوقاف کی جنرل اتھارٹی کے درمیان ایک معاہدے کے بعد ہوئی ہے۔

    راشد موگرادیا کا کہنا تھا کہ ایکسپو میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ ملنا اور نئے لوگوں کے ساتھ جڑنا بہت اچھا رہا، نسک کا انٹر ایکٹو پویلین خاص طور پر متاثر کن تھا۔

    واضح رہے کہ نسک عمرہ زائرین کی منصوبہ بندی اور بکنگ کا باضابطہ پلیٹ فارم ہے جسے گزشتہ سال وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ نے شروع کیا تھا۔

    نسک کے ساتھ دنیا بھر کے عازمین حج ای ویزا کے لیے درخواست دینے سے لے کر ہوٹلوں اور پروازوں کی بکنگ تک آسانی سے پورے دورے کا انتظام کر سکتے ہیں۔

    راشد موگرادیا کا کہنا تھا کہ نسک بہت جلد بین الاقوامی عازمینِ حج کے لیے ایک آن لائن حج پورٹل کے لیے تیار ہے جس سے لوگ براہ راست پیکجز کا انتخاب اور بکنگ کر سکیں گے۔