Tag: Digital Payment System

  • سعودی حکومت کی تجارتی اداروں اور دکان مالکان کو سخت تنبیہہ

    سعودی حکومت کی تجارتی اداروں اور دکان مالکان کو سخت تنبیہہ

    ریاض : سعودی حکومت نے مملکت کے تمام کاروباری افراد کو اس بات کا پابند کیا ہے کہ وہ اپنی دکانوں یا تجارتی اداروں میں رقوم کی ادائیگی کیلیے ڈیجٹل پیمنٹ سسٹم نصب کروائیں، بصورت دیگر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمن الحسین نے کہا ہے کہ ایسے تجارتی ادارے اور دکانیں جہاں ڈیجیٹل ادائیگی کا سسٹم نصب نہیں کرایا گیا ان کے مالکان کو تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    خلاف ورزی کے مرتکب دکانوں اور تجارتی اداروں کو سیل کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے، ترجمان وزارت تجارت نے مقامی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ وزارت کی جانب سے مختلف تجارتی شعبوں کو مرحلہ وار وقت دیا گیا تھا تاکہ وہ اپنی سہولت کے مطابق ادائیگی کا ڈیجیٹل سسٹم نصب کرالیں۔

    وزارت کی تفتیشی ٹیموں کو احکامات صادر کردیئے گئے ہیں کہ ایسی دکانیں یا تجارتی ادارے جہاں ڈیجیٹل پے منٹ سسٹم کی سہولت فراہم نہیں کی گئی ان کے خلاف تحقیقات کریں اگر سسٹم کی تنصیب فنی وجوہات کی بنیاد پر ممکن نہیں ہو سکی تو اس بارے میں سعودی مانٹری اتھارٹی ساما سے معلومات حاصل کی جائیں گی۔

    فنی رکاوٹ نہ ہونے پر ایسی دکانوں اور تجارتی اداروں کے خلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے انہیں سیل کردیاجائے گا، ترجمان وزارت تجارت عبدالرحمن الحسین نے مزید کہا کہ ایسے تجارتی شعبے جہاں بغیر کسی فنی رکاوٹ کے ڈیجیٹل ادائیگی سسٹم پرعمل درآمد نہیں کیا گیا ان کے مالکان درحیقیت تجارتی پردہ پوشی میں ملوث ہیں۔

  • وفاقی حکومت کا ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کروانے کا فیصلہ

    وفاقی حکومت کا ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کروانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملکی معیشت سے متعلق ایک اور بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معیشت کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لیے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کروانے پر غور شروع کردیا گیا ہے۔ ا س سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان نے ڈیجٹیل پیمنٹ سسٹم کی منظوری دے دی۔

    سنگاپور میں گوگل کمپنی کی سینئر ایگزیکٹو سے معاملات طے پاگئے ہیں، گوگل سے وابستہ پاکستانی خاتون حکومتی اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن پر آمادہ ہیں۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ مذکورہ ایگزیکٹو نے گوگل کو خیر آباد کہہ دیا ہے اور جلد پاکستان آرہی ہیں۔

    جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ خاتون وزیر اعظم آفس سے ڈیجیٹلائزیشن سسٹم کی سربراہی کریں گی، وزیر اعظم آفس میں اسٹریٹجک ریفارمز یونٹ قائم کر دیا گیا ہے۔ پروفیشنل ٹیم ریفارمز پر عملدرآمد اور ڈیٹا بیس کو مانیٹر کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ کاروبار کے لیے رقوم کی ادائیگی کا نظام ڈیجیٹلائز اور آسان کریں گے، ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم ٹھیک نہ کیا تو ہم کچھ نہیں کر سکیں گے۔

    جہانگیر ترین کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹلائزیشن کا خیال وزیر اعظم عمران خان کا تھا، گورنر اسٹیٹ بینک سمیت اہم اداروں کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔