Tag: Digital system

  • سعودی عرب : اونٹوں کی حفاظت کیلئے حکومت کا مؤثر اقدام

    سعودی عرب : اونٹوں کی حفاظت کیلئے حکومت کا مؤثر اقدام

    وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت نے سعودی عرب میں اونٹوں کی نمبرنگ کے ڈیجیٹل سسٹم کو ہائی وے پولیس کے نظام سے جوڑ دیا ہے، نمبرنگ سسٹم کے ذریعے اونٹوں میں مخصوص چپ لگائی جاتی ہے تاکہ ان کی ٹریکنگ آسان ہوسکے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق اونٹوں کی نمبرنگ کے ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے اب تک 15 لاکھ سے زائد اونٹوں میں الیکٹرانک چپ لگائی جاچکی ہے۔

    ہائی وے پولیس کے سسٹم سے اونٹوں کی چپ کو جوڑنے کا مقصد شاہراہوں پر آنے والے اونٹ اور ان کے مالکان کے بارے میں آسانی سے معلوم ہوسکے گا۔

    وزارت ماحولیات کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اونٹوں میں چپ لگانے کا بنیادی مقصد ان کی ٹریکنگ اور اونٹوں کا ریکارڈ رکھنا ہے جس کے ذریعے ہر علاقے کے اونٹ اور ان کی نسل کے بارے میں مکمل ڈیٹا محفوظ کیاجاسکتا ہے۔ علاوہ ازیں اونٹوں کی صحت اور بیماری کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں عالمی سطح کی اونٹ دوڑ کے مقابلے بڑے پیمانے پر منعقد کیے جاتے ہیں، اس دوڑ میں شریک اونٹوں کی نسل سے ان کی قدرو قیمت کا تعین کیا جاتا ہے۔

    ہائی وے پولیس کے قانون کے مطابق شاہراہوں پر نکل آنے والے اونٹوں کے مالکان پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہےـ شاہراہوں پراونٹوں کی وجہ سے سنگین حادثات کا خدشہ ہوتا ہے، اسی لیے ہائی وے پولیس نے اونٹوں کے مالکان کو اس امر کا پابند کیا ہے کہ وہ اپنے اونٹوں کو شاہراہوں سے دور رکھیں۔

    اونٹوں کی چپ کے سسٹم کو ہائی وے پولیس کے نظام سے جوڑنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ کسی بھی حادثے کی صورت میں فوری طورپر اونٹ کے جسم میں چسپاں چپ کے ذریعے اس کے مالک کو ٹریس کیا جاسکے۔

  • اسٹیٹ بینک : بینکوں کو کارپوریٹ ادائیگیاں ڈیجیٹائز کرنے کی ہدایت

    اسٹیٹ بینک : بینکوں کو کارپوریٹ ادائیگیاں ڈیجیٹائز کرنے کی ہدایت

    کراچی : بینک دولت پاکستان نے کارپوریٹ شعبے میں ادائیگیوں اور وصولیوں کی ڈجیٹائزیشن کے لیے اہم ہدایات جاری کردیں۔

    اسٹیٹ بینک نے اپنے دائرہ کار میں آنے والے اداروں بشمول بینکوں، مائیکرو فنانس بینکوں، پیمنٹ سسٹم آپریٹرز اور پیمنٹ سسٹم پرووائیڈرز کے لیے لازمی قرار دے دیا ہے کہ وہ کاروباری اداروں کو اپنی رقوم بھیجنے اور وصول کرنے کے لیے اپنے کارپوریٹ کلائنٹس کو ادائیگیوں کا ڈیجیٹل طریقہ فراہم کریں۔

    اپنے حالیہ سرکلر میں اسٹیٹ بینک نے اپنے دائرہ کار میں آنے والے اداروں سے کہا ہے کہ وہ کارپوریشنز، کمپنیوں اور شراکت داریوں سمیت اپنے ادارہ جاتی کلائنٹس کو ڈیجیٹل طریقوں کے ذریعے بڑی رقوم کی ادائیگی کی سہولت مہیا کریں۔

    اب اسٹیٹ بینک کے دائرہ کار میں آنے والے تمام اداروں پر لازم ہے کہ وہ کارپوریٹس کے لیے ڈیجیٹل ادائیگیوں اور وصولیوں کے آن لائن پورٹلز پلیٹ فارمز فراہم کریں۔

    جن میں آن لائن انٹربینک فنڈ ٹرانسفر سروسز، آن لائن بل؍انوائس شیئرنگ اور ادائیگی کی سہولتیں جیسے اوور دی کاؤنٹر ڈیجیٹل پیمنٹس سروسز، سہولتیں، پوائنٹ آف سیلز ٹرمنلز کے استعمال کے ذریعے کارڈ کی ادائیگیاں، کیو آر کوڈز، موبائل آلات، اے ٹی ایمز، کیوسک یا کوئی اور ڈجیٹل ادائیگی کرنے والے آلات شامل ہیں۔

    ان ہدایات پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اسٹیٹ بینک نے بینکوں سے کہا ہے کہ وہ 30 دن کے اندر ان اقدامات پر عملدرآمد کا روڈ میپ جمع کرائیں۔

    بینکوں کے لیے یہ بھی لازم ہے کہ وہ اس بارے میں اسٹیٹ بینک کو سہ ماہی رپورٹیں جمع کرائیں کہ کاروباری اداروں کی کتنی تعداد کو انہوں نے ادائیگیوں اور وصولیوں کی ڈیجیٹائزیشن کی سہولت فراہم کی۔

    اسٹیٹ بینک کو توقع ہے کہ ان اقدامات سے ویلیو چینز کی دستاویزیت بڑھے گی اور کاروباری اداروں کو اپنی بڑی رقوم کی لین دین کا انتظام کرنے میں مدد ملے گی۔

    اس اقدام سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے کاروباری اداروں کو ایف بی آر سسٹم سے منسلک کرنے اور ڈجیٹل ذرائع سے کارپوریٹ ادائیگیوں سے متعلق حالیہ متعارف کردہ اقدامات کے نفاذ میں بھی سہولت ملے گی۔

    اسٹیٹ بینک کے دائرہ کار میں آنے والے اداروں کے لیے یہ بھی لازم ہے کہ وہ ڈجیٹل ادائیگیوں کو ممکن بنانے کے لیے نان کارپوریٹ اداروں بشمول سول پروپرائیٹرز، ایس ایم ایز اور ایم ایس ایم ایز کو آن بورڈ لینے کی بھرپور کوشش کریں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن کو فروغ دینے کے اسٹیٹ بینک کے دیگر حالیہ اقدامات کے بعد کیا گیا ہے۔

  • سعودی حکومت نے مملکت کا نیا نقشہ جاری کردیا

    سعودی حکومت نے مملکت کا نیا نقشہ جاری کردیا

    ریاض : سعودی حکومت نے مملکت کا نیا سرکاری نقشہ جاری کردیا، دو زبانوں میں جاری کیے گئے ڈیجیٹل نظام کے تحت تیار کیے گئے اس نقشے میں قدرتی اور پرفضا مقامات کو اجاگر کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی سروے جنرل اتھارٹی نے سعودی عرب کا نیا سرکاری نقشہ عربی اور انگریزی زبانوں میں جاری کیا ہے۔ سرکاری و نجی اداروں اورعام لوگوں کو نیا نقشہ استعمال کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سروے جنرل اتھارٹی نے نقشے میں مملکت کی شاہراہوں، ریلوے لائن، صنعتی اداروں اور معروف زرعی فارموں کا تعارف پیش کیا ہے جبکہ مملکت کے سبزہ زاروں اور قدرتی مناظر کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔

    سعودی عرب کے نئے نقشے میں وادیوں، پہاڑوں، پہاڑیوں، قابل دید مقامات اور قدرتی مناظر اجاگر کیے گئے ہیں جبکہ سعودی عرب کی بین الاقوامی سرحدوں کی علامتیں بھی دکھائی گئی ہیں۔

    سروے جنرل اتھارٹی نے نیا نقشہ عربی اور انگریزی دونوں زبانوں میں تیار کیا ہے۔ اس میں ڈیجیٹل سسٹم استعمال کیا گیا ہے۔
    سروےجنرل اتھارٹی کی ویب سائٹ سے نیا نقشہ ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔