Tag: Direct flights to US

  • وزیر اعظم کے دورہ امریکا کے ثمرات آنا شروع

    وزیر اعظم کے دورہ امریکا کے ثمرات آنا شروع

    کراچی: وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے ثمرات آنا شروع ہوگئے، پی آئی اے کی امریکا کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشل ایئر لائن پی آئی اے کی امریکا کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔

    پی آئی اے آئندہ سال 2020 کے ماہ اپریل سے امریکا کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرے گی، پی آئی اے انتظامیہ نے امریکا کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کے لیے باقاعدہ طور پر اجازت بھی طلب کرلی۔

    مذکورہ پروازوں کو اسلام آباد، لاہور اور کراچی سے آپریٹ کرنے کے لیے اجازت مانگی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے مذکورہ پروازوں کے لیے اپنے لانگ رینج بوئنگ 777 طیارے آپریٹ کرے گا۔

    پروازیں شروع کرنے سے قبل پی آئی اے کے سی ای او نے اپنے دورہ امریکا کے دوران امریکی ایوی ایشن، ایئرپورٹ اتھارٹی اور ٹی ایس اے سمیت دیگر اعلیٰ عہدوں پر فائز انتظامیہ سے ملاقاتیں کی تھیں۔

    بعد ازاں امریکا کی ہوم لینڈ سیکیورٹی نے بھی پاکستان کا دورہ کیا، امریکی ٹرانسپورٹ سیکیورٹی اتھارٹی نے اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹ پر سیکیورٹی اور طیاروں سے متعلق آڈٹ بھی کیا تھا۔

    امریکی سیکیورٹی ایجنسی نے پاکستانی ایئرپورٹ پر سیکیورٹی انتظامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

    پی آئی اے امریکا کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کے حوالے سے امریکی سیکیورٹی اداروں کو مطلوبہ دستاویز اور پلان بھی فراہم کرچکی ہے۔

  • امریکا کے لئے براہ راست پروازیں جلد شروع کی جائیں گی، ایئر مارشل ارشد ملک

    امریکا کے لئے براہ راست پروازیں جلد شروع کی جائیں گی، ایئر مارشل ارشد ملک

    کراچی : پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ امریکی سیکیورٹی ایجنسی کی کلیئرنس ملتے ہی پی آئی اے امریکا کے لئے براہ راست پروازیں شروع کردے گا، ادارے سے کسی ملازم کو نہیں نکالا جارہا۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میں پی آئی اے کے جدید ریزرویشن سسٹم (ہٹ اٹ) کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ پاکستان سے امریکا کے لئے براہ راست پروازیں شروع کرنے کے لئے امریکی سیکیورٹی کلیئرنس کا انتظار ہے۔

     تقریب سے خطاب میں سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ امریکی سیکیورٹی ایجنسی ٹی ایس اے کا دورہ پاکستان کامیاب تھا، پی آئی اے میں نئے جدید ہٹ اٹ ریزرویشن سسٹم سے ادارے کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے۔

    امریکی ٹرانسپورٹ سیکیورٹی کا وفد جلد پاکستان کا دوسرا دورہ کرے گا، سیکیورٹی کلیئرنس ملتے ہی پی آئی اے امریکا کے لئے براہ راست پروازیں شروع کردے گا۔

    ایئرمارشل ارشد ملک کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں ادارے کو کافی حد تک مالی نقصان پہنچایا گیا، کرپشن میں ملوث عناصر کا کڑا احتساب کیا جارہا ہے، پی آئی اے ہیڈ آفس اسلام آباد منتقل نہیں ہورہا اور نہ ہی ڈاون سائزنگ ہورہی ہے۔

    بعد ازاں پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کا مالی خسارہ اربوں روپے کا ہے مسائل کو حل کرنے کے لیے وقت لگے گا۔ ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی اور پی ایس او کو تیل سپلائی کی مد میں ادائیگی تاخیر کا شکار ہو رہی ہے، قومی ائیر لائن کو خسارے سے نکالنے کے لیے نئے جہاز درکار ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ نئے جہازوں کی خریداری کے لیے حکومت کی مدد درکار ہے لیکن معاشی صورت حال میں حکومت مدد کرنے سے قاصر ہے، قومی ائیر لائن کا فضائی آپریشن کا 70 فیصد حصہ اسلام آباد منتقل ہو جانے کے باعث درکار تعداد میں ملازمین کو اسلام آباد منتقل کیا گیا ہے، تاہم پی آئی اے ہیڈ آفس اسلام آباد شفٹ نہیں ہو رہا۔

    انہوں نے واضح کیا کہ قومی ائیر لائن کے کسی بھی ملازم کو نکالا نہیں جا رہا لیکن کرپٹ عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، پی آئی اے کی گزشتہ منجمنٹ نے سالانہ مالی نتائج کی رپورٹ بھی نہیں بنائی۔

  • وزیراعظم کے دورے کے بعد امریکا کیلئے براہ راست پروازیں شروع ہو جائیں گی، غلام سرور

    وزیراعظم کے دورے کے بعد امریکا کیلئے براہ راست پروازیں شروع ہو جائیں گی، غلام سرور

    کراچی : وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے واشنگٹن کے دورے کے بعد امریکا کیلئے براہ راست پروازیں شروع ہو جائیں گی، اے ایس ایف کے جوانوں کو جدید ہتھیاروں اور گاڑیوں سے لیس کیا جارہا ہے۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے۔ ایئرپورٹس پر سیکیورٹی کے حوالے سے جدید ترین سرچنگ سسٹم بھی نصب کئے جائیں گے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تمام بڑے ایئرپورٹس پر اے ایس ایف کے جوانوں کو جدید ہتھیاروں اور گاڑیوں سے لیس کیا جارہا ہے جس کی مدد سے اسٹیٹ آف آرٹ سیکیورٹی سسٹم کو فعال کرنے میں مزید مدد ملے گی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ محفوظ ہوائی سفر کیلئے ایئرپورٹس کی سیکیورٹی پر مبنی جدید ہتھیاروں اور آلات کا حصول جدید تقاضوں کیلئے انتہائی ضروری ہے۔

    یاد رہے کہ امریکا کی ٹرانسپورٹ سیکیورٹی اتھارٹی نے اسلام آباد کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کے سامان کی اسکریننگ اور دیگر سیکیورٹی آلات کی جانچ کی، جانچ کا مقصد پاکستان سے امریکا تک براہ راست پروازوں کے لیےسیکیورٹی امور کا جائزہ لینا تھا۔

    اس موقع پر اے ایس ایف اہلکاروں نے امریکی وفد کو مسافروں کی اسکریننگ کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔ امریکی سیکیورٹی اتھارٹی نے کراچی ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے حوالے سے نصب آلات کا جائزہ بھی لیا،امریکی وفد نے ایف آئی اے امیگریشن کے کاونٹر کا بھی دورہ کیا۔