Tag: Director FIA

  • کراچی ایئرپورٹ پر عازمین حج کی سہولت کے لیے خصوصی ہدایات جاری

    کراچی ایئرپورٹ پر عازمین حج کی سہولت کے لیے خصوصی ہدایات جاری

    کراچی: ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کراچی ایئرپورٹ پر عازمین حج کی سہولت کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون عبدالسلام شیخ نے حج آپریشن 2023 کی نگرانی کے لیے کراچی ایئرپورٹ کا دورہ کیا، انھوں نے امیگریشن علاقوں کی روانگی/آمد پر ایف آئی اے کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔

    ایڈیشنل ڈائریکٹر علی مراد نے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے دورے کے دوران امیگریشن کی روانگی/آمد اور کیم سکینر کے حوالے سے ڈائریکٹر کو بریفنگ بھی دی۔

    ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نے پاکستان کسٹمز، سول ایوی ایشن اتھارٹیز، اینٹی نارکوٹک فورس اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے حکام کے ساتھ عازمین حج کی سہولت اور امیگریشن کے عمل کو ہموار کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کے لیے اجلاس کی صدارت بھی کی۔

    ڈائریکٹر ایف آئی اے نے امیگریشن عملے کو عازمین حج کو مؤثر خدمات فراہم کرنے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کیں، اور کہا کہ حج پروازوں کے دوران خصوصی کاوٴنٹرز چلائے جائیں۔

    انھوں نے ہدایت کی کہ عازمین حج کو امیگریشن کلیئرنس کے عمل کو مزید بہتر بنایا جائے، اور کہا کہ ہم نے بزرگ شہریوں کے لیے ان کے مذہبی سفر کے لیے سہولت کو یقینی بنانا ہے۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پرماں بیٹی پرایف آئی اے کا تشدد، اہلکارمعطل

    اسلام آباد ایئرپورٹ پرماں بیٹی پرایف آئی اے کا تشدد، اہلکارمعطل

    اسلام آباد : ایف آئی اے اہلکار کی خواتین مسافروں سے بدتمیزی اورتشدد پر وزیرداخلہ نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر ہونے والے واقعے میں ملوث اہلکاروں کی معطلی کا حکم دیدیا، ڈائریکٹر ایف آئی اے کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئر پورٹ پر ایف آئی اے اہلکار کے ویڈیو بنانے پر خواتین مسافر سراپا احتجاج بن گئیں، جس پر ایف آئی اے اہلکار آپے سے باہر ہوگئی اور ایک خاتون مسافر پر خاتون اہلکار نے بہیمانہ تشدد کیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون مسافر کے شور کرنے پر ایف آئی اے کی خاتون اہلکار غصے سے پاگل ہوگئی اور ماں بیٹی مسافر خواتین کو کو بیدردی سےبالوں سےجکڑ کرتھپڑ مار رہی ہے۔

    بینظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا لاؤنج بےبس و لاچار خواتین مسافروں کی چیخوں سےگونجتارہا، خاتون ایف آئی اے اہلکار کو کسی نے روکنے کی کوشش کی نہیں، سب خاموش تماشائی بنے رہے۔

    میڈیا پر ویڈیو نشر ہونے کے بعد ایف آئی اے حکام حرکت میں آگئے، ڈی جی ایف آئی اے نے ایئرپورٹ پر مسافرخواتین پرتشدد کے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے غزالہ نامی خاتون اہلکار کو معطل کردیا۔

    اس کے علاوہ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے متعلقہ اہلکاروں کی فوری معطلی کاحکم دیتے ہوئے ذمہ داران کیخلاف کارروائی میں تاخیر پر ایف آئی اے حکام کی سرزنش اوران سےجواب طلب کرلیا ہے۔

  • شاہد حیات کینیا کے اسپتال میں داخل، حالت تشویشناک

    شاہد حیات کینیا کے اسپتال میں داخل، حالت تشویشناک

    اسلام آباد: ڈائریکٹر ایف آئی اے شاہد حیات طبیعت ناساز ہونے کے باعث کینیا کے شہر نیروبی کے اسپتال میں داخل ہوگئے، خاندانی ذرائع نے اُن کی حالت بگڑنے کی تصدیق کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک سال کی رخصت لے کر کینیا کے شہر نیروبی ٹریننگ حاصل کرنے جانے والے ڈائریکٹر ایف آئی اے شاہد حیات کی اچانک طبیعت ناساز ہوئی جس کے بعد انہیں کینیا کے شہر نیروبی کے مقامی اسپتال میں داخل کروایا گیا۔

    خاندانی ذرائع نے حالت بگڑنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’‘ڈاکٹرز نےبگڑی طبیعت دیکھ کر مرض کی تشخیص کے لیے کچھ ٹیسٹ لکھ کر دیئے جن کی رپورٹس آنے پر پتہ چلا کہ انہیں پھیپھڑوں کا مرض لاحق ہے‘‘۔

    پڑھیں: ڈائریکٹر ایف آئی اے شاہد حیات نے عہدہ چھوڑ دیا

     خاندانی ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ انہیں ڈاکٹر نے سفر کرنے سے منع کردیا ہے اور وہ اس وقت تشیوشناک حالت میں نیروبی کے نجی اسپتال میں داخل ہیں تاہم جلد اہل خانہ میں سے کوئی فرد کینیا روانہ ہوگا۔

    یاد رہے ڈائریکٹر ایف آئی نے رواں سال جولائی کی 29 تاریخ کو شاہد حیات نے حکومت سے رخصت طلب کی اور وہ چارج نیشنل انسٹیوٹ آف مینجمنٹ کے کورس کی ٹریننگ حاصل کرنے کے لیے روانہ ہوگئے تھے۔ڈائریکٹر کی جگہ آصف قائم خانی کو ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے کا چارج دے دیا گیا تھا۔

    یاد رہے شاہد حیات کو کراچی کے مختلف کیسس کی تحقیقات کی ذمہ داری دی گئی تھی، انہوں نے مصطفیٰ کمال کی واپسی کے بعد اں کی جانب سے بھارتی خفیہ ایجنسی راء اور ایم کیو ایم کے تعلقات کے حوالے سے لگائے جانے والے الزمات تحقیقات شروع کی تھیں۔

    قبل ازیں شاہد حیات نے ایگزیکٹ اسکینڈل سمیت دیگر بڑے کیسوں کی تحقیقات مکمل کی ہیں۔

  • انسانی اسگلنگ میں ملوث ایف آئی اے کے 5 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج

    انسانی اسگلنگ میں ملوث ایف آئی اے کے 5 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج

    اسلام آباد : انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایف آئی اے کے 5 اہلکاروں کے خلاف ڈائریکٹر نے مقدمہ درج کر کے گرفتاری کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایف آئی اے کے 5 اہلکاروں کے خلاف تحقیقات کے بعد ڈائریکٹر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا جس کے بعد ڈائریکٹر ایف آئی اے نے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔

    شہریوں سے پیسے لے کر جعلی دستاویزات پر بیرون ملک بھیجنے والے ایف آئی اے اہلکاروں کی نشاندہی کے بعد اُن کے خلاف تحقیقات کی گئی جس میں یہ معلوم ہوا کہ اہلکاروں نے گزشتہ دنوں 3 شہریوں کو جعلی کاغذات بنا کر لیبیا بھجوایا۔

    ڈائریکٹر ایف آئی اے مظہر کاکا خیل نے تمام ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ ملزمان میں شفٹ سپروائزر انسپکٹر ضیاء الحسن، جنرل چیکر سب انسپکٹر عظمت، ہیڈ کانسٹیبل فیصل اور خاتون انسپکٹر شبانہ شامل ہیں۔ ایف آئی آر میں تین ایجنٹس کو بھی نامزد کیا گیا ہے جن کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

  • ڈائریکٹر ایف آئی اے شاہد حیات نے عہدہ چھوڑ دیا

    ڈائریکٹر ایف آئی اے شاہد حیات نے عہدہ چھوڑ دیا

    کراچی : ڈائریکٹر ایف آئی اے شاہد حیات نے عہدے کا چارج چھوڑ دیا، آصف قائم خانی کو ایڈیشنل ڈائریکٹر کا چارج دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی نے عہدے کا چارج نیشنل انسٹیوٹ آف مینجمنٹ کے کورس ٹریننگ حاصل کرنے کے لیے کیا ہے، ڈائریکٹر ایف آئی اے کورس مکمل کرنے کے لیے لاہور جارہے ہیں۔

    پڑھیں : ڈائریکٹرایف آئی اے سندھ شاہد حیات کی مصطفیٰ کمال سے ملاقات

    شاہد حیات کی جگہ آصف قائم خانی کو ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے کا چارج دے دیا گیا ہے، ذرئع ایف آئی اے کے مطابق شاہد حیات قبل ازیں دو بار اپنی ٹریننگ موخر کرچکے ہیں۔

    مزید پڑھیں : ڈائریکٹرایف آئی اے سندھ شاہد حیات کو تبدیل کرنے کافیصلہ

    یاد رہے شاہد حیات کو کراچی کے مختلف کیسس کی تحقیقات کی ذمہ داری دی گئی تھی، گزشتہ دنوں انہوں نے مصطفیٰ کمال کی واپسی کے بعد بھارتی خفیہ ایجنسی راء اور ایم کیو ایم کے حوالے سے تحقیقات کے لیے ملاقات بھی کی تھی۔

    قبل ازیں شاہد حیات نے ایگزیکٹ اسکینڈل سمیت دیگر بڑے کیسوں کی تحقیقات مکمل کی ہیں۔

  • ڈائریکٹرایف آئی اے سندھ شاہد حیات کو تبدیل کرنے کافیصلہ

    ڈائریکٹرایف آئی اے سندھ شاہد حیات کو تبدیل کرنے کافیصلہ

    کراچی : ڈائریکٹرایف آئی اے سندھ شاہد حیات کو تبدیل کرنے کافیصلہ کرلیا گیا ہے جبکہ انہوں نے 15 روزہ چھٹی کی درخواست بھی دے دی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ شاہد حیات کی جانب سے 15 روزہ چھٹی کی درخواست دیئے جانے کے بعد شاہد حیات کو عمران شیخ کی گرفتاری کے بعد ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    عمران شیخ جے ایس بینک کے چیئرمین جہانگیر صدیق کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں جنہیں حساس اداروں نے حراست میں لیا تھا اور ان سے منی لانڈرنگ سے متعلق پوچھ گچھ کی گئی تھی اور بعد میں انہیں چھوڑدیا گیا تھا۔

    عمران شیخ سے جن لوگوں کے متعلق پوچھ گچھ کی گئی ان میں شاہد حیات کا نام بھی شامل تھا جس کے بعد انہیں ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا تھا۔