Tag: Disabled rickshaw driver

  • ماسٹرز کی ڈگری رکھنے والا معذور رکشہ ڈرائیور! عز م و ہمت کی مثال

    ماسٹرز کی ڈگری رکھنے والا معذور رکشہ ڈرائیور! عز م و ہمت کی مثال

    کراچی : پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کی سڑکوں پر یوں تو سینکڑوں رکشہ ڈرائیور مل جاتے ہیں لیکن ان میں سے ایک رضوان خان  بھی ہیں جو اپنی ذات میں انوکھی شخصیت کے مالک ہیں۔

    رضوان خان ایسے خود دار انسان ہیں جنہوں نے اپنی معذوری کو کبھی اپنی مجبوری نہیں بننے دیا، سخت اور نامساعد حالات میں بھی محنت اور ہمت سے کام لیا۔

    بہت سے لوگوں کو یہ دیکھ اور سن کر تعجب ہوتا ہے کہ وہ تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود بھی رکشہ کیوں چلاتے ہیں۔ اس سلسلے میں اے آر وائی نیوز کی نمائندہ بینش سویرا نے رضوان خان سے خصوصی گفتگو کی۔

    پولیو کے باعث زندگی بھر کیلئے معذور ہونے والے رکشہ ڈرائیور رضوان خان کوئی عام شخص نہیں بلکہ ماسٹرز کی ڈگری رکھنے والے ایک پڑھے لکھے شہری ہیں۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وہ ایک طرف تو اپنی زندگی سے کچھ مطمئن تو نظر آئے لیکن بات کرتے ہوئے  رضوان ارباب اختیار سے شکوہ کیے بغیر بھی نہ رہ سکے۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے بچپن سے یہ امید دلائی گئی تھی کہ پڑھ لکھ لو اچھی نوکری ہوگی اچھا مستقبل ہوگا، اب میں نے اپنی تعلیم مکمل تو کرلی لیکن نوکری آج تک نہ مل سکی۔

    رضوان کا کہنا تھا کہ معذوری کوٹے پر کئی بار امتحانات بھی دیئے لیکن ناکامی پر حالات نے دلبرداشتہ کردیا کیونکہ وہاں بھی خانہ پری ہورہی تھی، ان لوگوں نے ان کو ستایا جو خود زندگی کے ستائے ہوئے ہیں۔

    انہیں ایک کمپیوٹر سینٹر میں ملازمت ملی لیکن بد قسمتی سے وہ سینٹر کورونا وائرس کی وجہ سے بند ہوگیا لیکن رضوان نے ہمت نہ ہاری اور ایک فلاحی ادارے کی جانب سے دیا گیا ہاتھ سے چلانے والا رکشہ چلانا شروع کردیا۔

  • بھارت : پولیس کا معذور شخص سے انسانیت سوز سلوک، کمزور دل والے ویڈیو نہ دیکھیں

    بھارت : پولیس کا معذور شخص سے انسانیت سوز سلوک، کمزور دل والے ویڈیو نہ دیکھیں

    نئی دہلی : بھارت میں پولیس بربریت کی ایک اور مثال سامنے آگئی، اہلکار معذور رکشہ ڈرائیور کو گھسیٹتا ہوا تھانے لے آیا اور دھکا دے کر گرا دیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق اتر پردیش کے قنوج ضلع میں ایک پولیس اہلکار کی طرف سے معذور شخص کے ساتھ مار پیٹ کرنے کا شرمناک واقعہ منظر عام پر آیا ہے۔ اس واقعہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس کارروائی پر ایک بار پھر سوالیہ نشان کھڑے ہو گئے ہیں۔

    ویڈیو میں ایک پولیس والا معذور شخص کو گھسیٹ کر پولیس چوکی لاتے ہوئے نظر آ رہا ہے۔ معذور شخص کے ساتھ پولیس زیادتی کی، یہ ویڈیو جمعہ کے روز کی بتائی جا رہی ہے۔ واقعہ کی ویڈیو ٹوئٹر پر وائرل ہو رہی ہے اور اس کے حوالہ سے سوشل میڈیا پر خوب تنقید کی جا رہی ہے۔

    معذور شخص ای رکشہ چلاتا ہے، متاثرہ معذور شخص نے بتایا کہ وہ سڑک کے کنارے سواریوں کو بٹھا رہا تھا، تبھی کانسٹیبل نے اسے وہاں سے روانہ ہونے کو کہا، اس نے ایک منٹ ٹھہرنے کی گزارش کی۔

    اس پر بقول معذور شخص پولیس کانسٹیبل کرن پال نے اس کے ساتھ بدسلوکی کی اور اسے پیٹا، پھر پولیس چوکی تک گھسیٹ کر لے گیا جبکہ ملزم کانسٹیبل کا کہنا ہے کہ اس نے سڑک کے کنارے سے سواری لینے والے معذور شخص سے جانے کے لئے کہا تو وہ بدسلوکی سے پیش آیا۔

    اس واقعہ پر قنوج پولیس سپرنٹنڈنٹ نے میڈیا کو بتایا کہ معذور رکشہ ڈرائیور کا کانسٹیبل کرن پال سے جھگڑا ہوا تھا، ہمیں معلوم ہوا ہے کہ معذور شخص چوراہے پر رکشہ کھڑا کرکے سواری لے رہا تھا اسے ٹوکا گیا تو اس نے ملزم کانسٹیبل کو گالی دی اور دھکا بھی دیا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ افسوسناک ہے، ملزم کانسٹیبل کو اپنا غصہ کنٹرول کرنا چایئے تھا، ملزم کو لائن حاضر کیا گیا ہے اور معاملہ کو تفتیشی افسر کے حوالے کردیا گیا ہے۔