Tag: Disappear

  • امریکا میں نمودار ہونے والا تیسرا پراسرار دھاتی ستون بھی غائب ہوگیا

    امریکا میں نمودار ہونے والا تیسرا پراسرار دھاتی ستون بھی غائب ہوگیا

    واشنگٹن: امریکی ریاست یوٹاہ اور رومانیہ کے بعد ریاست کیلی فورنیا میں اچانک نمودار ہونے والا پراسرار دھاتی ستون بھی پہلے 2 ستونوں کی طرح غائب ہوگیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق اچانک نمودار ہونے والے یہ ستون دنیا بھر کے لیے الجھن اور خوف کا باعث بنے ہوئے ہیں، حالیہ ستون امریکی ریاست کیلی فورنیا میں نمودار ہوا تھا اور اب وہ بھی وہاں سے غائب ہوچکا ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ ستون پائن پہاڑ پر بدھ کو اچانک نمودار ہوا تھا جس کے ساتھ مقامی سیاح تصاویر بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر رہے تھے۔

    یہ آہنی ستون تکون تھا جس کی اونچائی 10 فٹ جبکہ چوڑائی 18 انچ تھی، یہ ستون ریاست یوٹاہ میں نظر آنے والے ستون سے الگ تھا اور یہ زمین سے بھی منسلک نہیں تھا جبکہ اس کا وزن 200 پاؤنڈ تھا جسے باآسانی ہلایا جاسکتا تھا۔

    اب یہ ستون بھی پہلے 2 ستونوں کی طرح غائب ہوچکا ہے۔

    یاد رہے کہ سب سے پہلا دھاتی ستون امریکی ریاست یوٹاہ کے صحرا میں نمودار ہونے کے بعد غائب ہوا تھا، بعد ازاں یورپی ملک رومانیہ میں بھی ایسا ہی ستون اچانک نمودار ہوا اور غائب ہوگیا۔

    اب کیلی فورنیا میں نمودار ہونے والا ستون تیسرا تھا۔

    اکثر افراد یہ کہتے دکھائی دے رہے ہیں کہ یہ ستون خلائی مخلوق یہاں نصب کر گئی ہے اور اب ان کی موجودگی کا خیال انہیں خوفزدہ کیے ہوئے ہے۔

    امریکا اور رومانیہ میں نظر آنے والی یہ انوکھی چیز 1968 کی مشہور سائنس فکشن فلم 2001 اے اسپیس اوڈیسے کی یاد دلاتی ہے۔ اس فلم میں بھی اسی طرح کا خلائی ستون دکھایا گیا تھا۔

  • مسافروں کا سامان گم کرنے والی ائیر لائنز جرمانہ ادا کریں گی، کیرج ائیر ایکٹ نافذ

    مسافروں کا سامان گم کرنے والی ائیر لائنز جرمانہ ادا کریں گی، کیرج ائیر ایکٹ نافذ

    کراچی : مسافروں کا سامان گم کرنے والی ائیر لائنز مسافروں کو اس جرمانہ ادا کریں گی، سول ایویشن اتھارٹی نے کیرج ائیر ایکٹ نافذ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے مسافروں کے سامان گم ہونے کی مسلسل شکایات پر کیرج ائیر ایکٹ نافذ کیا گیا ہے جس کے تحت مسافروں کا سامان گم کرنے یا ضائع ہو نے پر متعلقہ ائیر لائن ایک لاکھ 35 ہزار روپے جرمانہ کی مد میں مسافروں کو ادا کرے گی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے، ائیر بلیو، شاہین ایئر ، امارات ایئر لائن، اتحاد ایئر، گلف اور قطر سمیت دیگر ائیر لائنز ہر سال مسافروں کا کروڑوں روپے کا سامان گم یا ضائع کر دیتی ہیں۔

    مذکورہ مسافروں نے سامان گم یونے کے بارے میں وزیر اعظم عمران خان کے شکایت سیل کو درخواست دی تھی، جس پر ایکشن لیتے ہوئے سی اے اے نے مسلسل سامان گم ہونے کی شکایات پر ائیر لائنز پر جرمانہ عائد کردیا۔

    مسافروں کو یہ حق کیریج ائیر ایکٹ کے تحت دیا گیا ہے، سول ایویشن اتھارٹی نے مسافروں کی آگاہی کیلئے کراچی سمیت ملک بھر کے تمام آپریشنل ائیرپورٹس پر اشتہارات آویزاں کر دیئے ہیں۔

  • سعودی صحافی کی گمشدگی کا معاملہ، تحقیقات کے لیے ترک سعودی مشترکہ ٹیم تشکیل

    سعودی صحافی کی گمشدگی کا معاملہ، تحقیقات کے لیے ترک سعودی مشترکہ ٹیم تشکیل

    ریاض: سعودی صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی سے متعلق تحقیقات کے لیے ترکی اور سعودی عرب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق دونوں ممالک کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم جمال خاشقجی کی کمشدگی کے معاملے پر جانچ پرتال کرے گی اور حقائق سامنے لائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تحقیقاتی ٹیم سعودی عرب کی تجویز پر ترک حکام نے تشکیل دی ہے، یہ مشترکہ ٹیم اب اس معاملے کی چھان بین کرے گی۔

    سعودی صحافی رواں ماہ 2 اکتوبر کو ترک شہر استنبول سے اچانک لاپتہ ہوگئے تھے، اس حوالے سے یہ بھی کہا جارہا ہے کہ جمال خاشقجی کو ترکی میں سعودی قونصل خانے میں حراست میں رکھا گیا ہے۔

    بعض طقبوں کی جانب سے یہ بھی کہا جارہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پالیسیوں کو ہدف تنقید بنانے کے جرم میں سعودیہ کے معروف صحافی جمال خاشقجی کو سعودی حکام نے مبینہ طور پر ترکی میں گرفتار کیا ہے۔

    سعودی صحافی کے اغوا اور قتل سے متعلق رپورٹیں من گھڑت ہیں، خالد بن سلمان

    واضح رہے کہ ولی عہد محمد بن سلمان کی پالیسیوں پر تنقید کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع ہونے کے بعد جمال خاشقجی خود ساختہ جلا وطنی ہوکر امریکا منتقل ہوگئے تھے جہاں وہ مشہور اخبار واشنگٹن پوسٹ میں صحافتی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔

    دو روز قبل واشنگٹن میں سعودی عرب کے سفیر شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا تھا کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے اغوا اور قتل سے متعلق رپورٹیں من گھڑت ہیں۔

    خیال رہے کہ ترک پولیس نے سعودی صحافی کی گمشدگی کے حوالے سے کی جانے والی ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا ہے کہ جمال خاشقجی مبینہ طور پر قتل ہوچکے ہیں۔