Tag: Disclosures

  • درسی کتب کے بحران کی بڑی وجہ کیا ہے؟ اہم انکشافات

    درسی کتب کے بحران کی بڑی وجہ کیا ہے؟ اہم انکشافات

    اسکولوں کی دو ماہ کی چھٹیاں ختم ہوگئیں لیکن ہر سال کی طرح اس سال بھی سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کی کتابوں کی چھپائی میں تاخیر کے سبب طلبہ کیلیے درسی کتب مارکیٹ میں دستیاب نہیں۔

    والدین اپنے بچوں کا کورس پورا کرنے کیلیے بازاروں میں مارے مارے پھر رہے ہیں اور مہنگے داموں کتابیں خریدنے پر مجبور ہیں۔

    اس حوالے سے اردو بازار ٹریڈز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ساجد یوسف نے درسی کتب کے اس خود ساختہ بحران کی اہم وجوہات بیان کیں۔

    انہوں نے بتایا کہ بد قسمتی سے سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ پر مافیا کا راج برقرار ہے، اس ادارے میں چند من پسند پرائیویٹ پبلشرز ہیں جن کو کتابیں چھاپنے کا ٹھیکہ دیا جاتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ یہ طاقتور مافیا گزشتہ 54 سال سے یہی کرتا چلا آرہا ہے یہ لوگ جان بوجھ کر وقت پر کتابیں مارکیٹ میں نہیں لاتے، ان کیخلاف آواز اٹھانے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔

    ساجد یوسف کا کہنا تھا کہ یہ مافیا کرپشن کرنے کیلیے سرکاری کتب کی چھپائی میں تاخیر اور نجی پبلشرز کو فائدہ پہنچانے کے لیے کم معیار والا کاغذ استعمال کرنے کے علاوہ کئی حربے استعمال کرتا ہے۔

    کتابوں کی مہنگے داموں فروخت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خریدار کتابوں پر درج قیمت سے زیادہ پیسے ادا نہ کریں اگر کوئی دکاندار اس قمیت کو مٹا کر نئے ٹیگ کے ساتھ فروخت کر رہا ہے تو اس کی شکایت اردو بازار میں قائم ایسوسی ایشن کے دفتر میں کریں۔

  • مقابلے کے بعد زخمی ملزم کو دیکھ کر پولیس کو بڑی کامیابی مل گئی

    مقابلے کے بعد زخمی ملزم کو دیکھ کر پولیس کو بڑی کامیابی مل گئی

    کراچی : پولیس مقابلے میں زخمی ہونے والا ملزم کئی سنگین وارداتوں میں ملوث نکلا، دوران تفتیش اہم انکشافات نے پولیس حکام کو بھی چکرا دیا۔

    کراچی کے علاقے سچل تھانے کی حدود میں ہونے والے پولیس سے مقابلے کے بعد گرفتار ہونے والا زخمی ملزم دیگر مقدمات میں انتہائی مطلوب نکلا۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم خضر نے دوران تفتیش بہت سے اہم انکشافات کیے ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق راجن پور کے بدنام زمانہ بوسن گینگ نامی گروپ سے ہے، ملزمان راجن پور سے وارداتیں کرنے کراچی آتے ہیں۔

    ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ ملزمان ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کا بین الصوبائی منظم نیٹ ورک چلاتے ہیں، ملزمان دوران واردات کسی کو بھی زخمی یا قتل کرنے سے نہیں کتراتے۔

    گزشتہ13مارچ کو محمدخان گوٹھ میں ایک پکوان سینٹر میں ڈکیتی کی واردات کی گئی، مزاحمت پر مسلح ڈاکوؤں نے دکاندار کے سر پر گولی ماردی تھی۔،

    پولیس کے مطابق اندھادھند فائرنگ کے دوران ملزم کا ایک ساتھی بھی زخمی ہوا، زخمی ملزم کی لوکل سہولت کار نے گھر پر مرہم پٹی کی۔

    عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ مزید طبی امداد کے لیے ملزم کو راجن پور منتقل کیا گیا، دیگرملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

  • کالعدم تنظیم کے خطرناک دہشت گرد کے دوران تفتیش لرزہ خیز انکشافات

    کالعدم تنظیم کے خطرناک دہشت گرد کے دوران تفتیش لرزہ خیز انکشافات

    کراچی : کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی )کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے کالعدم تنظیم کے خطرناک دہشت گرد نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سی ٹی ڈی کےہاتھوں گرفتار دہشت گرد سرکش عرف سنی نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ اس نے رینجرز اور پولیس سمیت دیگر پر کیے جانے والے حملوں میں ایس آر اے کی معاونت کی تھی۔

    گرفتار ملزم نے بتایا کہ دستی بم حملے اندرون سندھ اور کراچی میں کرنے کے احکامات اصغر شاہ سے ملا کرتے تھے، احکامات ملنے کے بعد ساتھیوں کے ہمراہ مطلوبہ لوگوں کی ریکی کی اور ٹارگٹ میپ تیار کیے۔

    ملزم نے اپنے اعترافی بیان میں کہا کہ میں نے افغانستان اور بلوچستان میں لڑنے اور جدید اسلحے کے استعمال کی باقاعدہ تربیت حاصل کی ہے، سندھ اور کراچی سے تعلق رکھنے والے 12 سے زائد ساتھی کالعدم تنظیم کے لیے کام کرچکے ہیں۔

    ملزم کا کہنا ہے کہ چار ساتھیوں کو سی ٹی ڈی پہلے ہی گرفتار کرچکی ہے، ہم نے مختلف مقامات پر تعینات پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں پر دستی بم حملے کئے تھے، اس کے علاوہ میں کم عمر لڑکوں کا برین واش کرکے بلوچستان تربیت کے لیے بھیجتا تھا۔

    ملزم سرکش عرف سنی نے انکشاف کیا کہ کالعدم تنظیم کا سوشل میڈیا ونگ بھی بہت فعال ہے، ان کو جو بھی ملک مخالف مواد دیاجاتا ہے وہ اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیا کرتے تھے۔