Tag: dishes

  • موسم سرما میں کون سے پکوان صحت کیلئے فائدہ مند ہیں؟

    موسم سرما میں کون سے پکوان صحت کیلئے فائدہ مند ہیں؟

    موسم سرما اپنے ساتھ بہت سی خوشیاں تو لاتا ہے لیکن ایسی بے شمار بیماریاں بھی پیدا ہوجاتی ہیں جو ہماری قوت مدافعت کو کمزور کردیتی ہیں۔

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سردی کی شدّت میں اضافہ کے ساتھ ہی آپ اپنی خوراک میں گرم اور صحت بخش غذاؤں کو شامل کرلیں کیونکہ یہ سردی کی عام بیماریوں کے خلاف مزاحمت کا کام کرتی ہیں۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں شوبز انڈسٹری کی معروف اداکاراؤں ندا ممتاز، سعدیہ امام اور ہربلسٹ ڈاکٹر بلقیس نے موسم سرما میں اپنے گھروں میں بنائے جانے والے کھانوں سے متعلق بتایا۔

    ندا ممتاز کا کہنا تھا کہ میری والدہ سردیوں میں خاص اہتمام کرتی تھیں جس میں شلجم کا اچار اور دیگر سبزیوں کا اچار لازمی بنایا کرتی تھیں اس کے علاوہ کھانوں میں پائے مچھلی، پالک گوشت آلو گوشت وغیرہ زیادہ بنتا تھا۔

    سعدیہ امام نے بتایا کہ پہلے میری امی سردیوں میں سب کی دعوت کیا کرتی تھیں اب یہ ذمہ داری میرے پاس ہے اور دعوت میں پائے، گاجر کا حلوہ چندن کباب وغیرہ بنائے جاتے ہیں۔

    ڈاکٹر بلقیس نے کہا کہ ہمارے گاؤں میں سردیوں کے موسم میں بیل کو ذبح کرکے اس کے پکوان بنائے جاتے ہیں، سردی اتنی شدید ہوتی ہے کہ بہت مجبوری میں ہی گھر سے باہر نکلا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا بیل کا گوشت بہت گرم ہوتا ہے تو اس کے گوشت سے مختلف پکوان مثلاً کڑاھی، پائے، سوپ اور دیگر ڈشز بنائی جاتی ہیں اور سب دوستوں رشتہ داروں کی دعوت کی جاتی ہے۔

  • مچھلی کا اسٹو کیسے بنایا جاتا ہے ؟ آسان سی ترکیب

    مچھلی کا اسٹو کیسے بنایا جاتا ہے ؟ آسان سی ترکیب

    آپ نے بیف کا اسٹو تو لازمی کھایا ہوگا، اسی طرح فش اسٹو بھی بنایا جاتا ہے، اور سردیوں کے موسم میں تو مچھلی اور بھی فائدہ مند ہے اور ہماری پسندیدہ بھی۔

    لہٰذا منفرد ذائقے کی حامل یہ ڈش آپ کو اور آپ کے گھر والوں کو بہت پسند آئے گی لہٰذا اس کے بنانے کی ترکیب جانیں۔

    مچھلی کے قتلے آدھا کلو

    نمک حسب ذائقہ

    ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچ

    پیاز دو عدد درمیانی

    آلو دو عدد درمیانے

    شملہ مرچ ایک عدد

    ٹماٹر چار سے چھ عدد درمیانے

    پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچ

    سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ

    پسا ہوا دھنیا ایک چائے کا چمچ

    تیزپات ایک پتہ

    تیار کرنے کی ترکیب

    مچھلی کو صاف دھو کر رکھ لیں، آلو اور شملہ مرچ کے چھوٹے ٹکڑے کر لیں۔ ٹماٹر کو چھیل کر رکھ لیں۔ فرائی پین میں کوکنگ آئل کو گرم کریں اور اس میں تیزپات، زیرہ اور باریک کٹی ہوئی پیاز ڈال کر فرائی کریں۔

    جب پیاز ہلکی سنہری ہونے پر آجائے تو اس میں لال مرچ، دھنیا، آلو کے ٹکڑے اور ٹماٹر ڈال کر ڈھک دیں۔

    ہلکی آنچ پر پکاتے ہوئے جب آلو گلنے پر آجائے تو اچھی طرح بھون کر مچھلی کے قتلے اور شملہ مرچ ڈال کر ڈھک دیں اور آٹھ سے دس منٹ درمیانی آنچ پر پکالیں(درمیان میں ایک سے دو مرتبہ پین کو کپڑے سے پکڑ کر ہلا لیں

    مزیدار فش اسٹو تیار ہے، اب گرما گرم مچھلی رائتے کے ساتھ مہمانوں کو پیش کریں۔

  • عید کی دعوتیں اڑانے سے قبل ان باتوں کا خیال رکھیں

    عید کی دعوتیں اڑانے سے قبل ان باتوں کا خیال رکھیں

    عید الاضحیٰ ایک طرف تو سنت ابراہیمی کی تکمیل کرنے اور غریب و نادار افراد کو اپنے دستر خوان میں شریک کرنے کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی حاصل کرنے کا موقع ہے تو دوسری جانب اس روز دوستوں رشتہ داروں سے مل بیٹھنے کا موقع بھی مل جاتا ہے۔

    جب سب مل بیٹھیں تو مزے مزے کے کھانوں کا اہتمام کیوں نہ ہو، اور عید الاضحیٰ تو ہے بھی مزیدار پکوان بنانے کا نام، تو ایسے موقع پر دستر خوان پر ہاتھ روکنا مشکل ہوجاتا ہے۔ لیکن ایسے میں بے احتیاطی آپ کو نقصان بھی پہنچا سکتی ہے۔

    چونکہ عید کے دنوں میں مرغن اور مصالحہ دار پکوان بہت زیادہ کھانے میں آتے ہیں تو ایسے میں معدے اور پیٹ کی تکلیف میں مبتلا ہوجانا ایک عام بات ہے۔ اسی صورتحال سے بچنے کے لیے ہم آپ کو کچھ مفید تجاویز بتا رہے ہیں جنہیں اپنا کر آپ کسی تکلیف میں مبتلا ہوئے بغیر دعوتیں اڑا سکتے ہیں۔

    صفائی کا خیال رکھیں

    رواں برس عید پر بارشوں کا سیزن ہے، ایسے موسم میں مکھیوں اور مچھروں کی بہتات ہوجاتی ہے جس سے مختلف وبائی امراض پھیلنے لگتے ہیں، لہٰذا نہ صرف گھر کو صاف ستھرا رکھنا ضروری ہے بلکہ کھانا بھی حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق پکایا جائے۔

    اپنے گھر سے باہر گلیوں اور محلوں کی صفائی کرنا بھی نہ بھولیں اور قربانی کے بعد فوری طور پر آلائشوں کو ٹھکانے لگا کر صفائی کریں اور جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کریں۔

    پانی کا استعمال

    دن کے وقت عزیز و اقارب سے ملنے کے لیے یا سیر و تفریح کے لیے نکلتے ہوئے یا پھر قربانی کا فریضہ انجام دیتے ہوئے سخت مصروفیت کے دوران پانی پینا نہ بھولیں۔ دن بھر کی مصروفیت میں پانی کی کمی طبیعت خرابی کا باعث بن سکتی ہے۔

    سلاد ضرور کھائیں

    اگر آپ خاتون خانہ ہیں اور اپنے گھر میں ایک شاندار سی دعوت کا اہتمام کر رہی ہیں تو سلاد کو مینیو کا لازمی جز رکھیں۔ مختلف سبزیوں پر مشتمل سلاد یقیناً کھانے کی تیزی کو کم کرنے میں مدد دے گا۔

    کولڈ ڈرنک سے گریز

    کھانے کے ساتھ کولڈ ڈرنک رکھنے سے گریز کریں۔ اس کی جگہ فریش جوسز رکھے جاسکتے ہیں۔ اگر آپ کسی کے گھر مہمان بن کر گئے ہیں تو کھانے کے بعد کولڈ ڈرنک کی جگہ ٹھنڈا پانی پئیں۔

    پھلوں کا استعمال

    دعوت میں کھانے کے بعد پھلوں سے بنا ہوا میٹھا دعوت کا مزہ دوبالا کردے گا اور طبیعت پر بوجھ بھی نہیں بنے گا۔

    دال اور سبزی بہترین

    عید کی تعطیلات میں جس دن کوئی دعوت نہ ہو اس دن کم مصالحوں کی سبزیاں یا دال چاول بنائیں۔ یہ سادہ کھانا مسلسل کھائے جانے والے مرغن کھانوں کے منفی اثرات سے نمٹنے میں مدد دے گا۔

    دہی بہترین شے

    عید کی تعطیلات میں گھر پر رہتے ہوئے دہی اور لسی کو اپنے کھانے کا حصہ بنا لیں۔ یہ آپ کو گرمی اور مرغن کھانوں کے اثرات سے بچانے میں معاون ثابت ہوگا۔

    ورزش کریں

    دن کے آخر میں سونے سے قبل کھلی ہوا میں چند منٹ کی چہل قدمی نہایت فائدہ مند ثابت ہوگی اور آپ کے جسمانی نظام کو معمول کے مطابق رکھنے میں مدد گار ثابت ہوگی۔

  • بارش کا موسم اور لذیذ کھانے

    بارش کا موسم اور لذیذ کھانے

    پاکستان میں مون سون بارشوں کا آغاز ہوچکا ہے اور بارشوں میں کھانے پینے کا بھی الگ ہی مزہ ہے اور لوگ طرح طرح کے اہتمام کرتے ہیں، جب مٹی کی سوندھی مہک اٹھتی ہے تو اس زمین سے اپنائیت کا احساس اور بڑھ جاتا ہے۔​

    بارش ہو اور مزیدار پکوان تیار نہ کئے جائیں تو بارش کا لطف نہیں آتا، برسات کے موسم کے اپنے رسم و رواج اور اپنے روایتی اور لذیذ پکوان ہوتے ہیں، ان میں بیسن کی روٹی اور سرسوں کا ساگ ، انکی تراکیب ہم آپ کے ساتھ شیئر کررہے ہیں۔

    پالک اور پیاز کے پکوڑے

    اجزاء

    پالک – آدھی گڈی

    بیسن – ایک کپ

    پیاز – 2 درمیانہ سائز کٹی ہوئی

    ہری مرچ- 2 باریک کٹی ہوئی

    ہرا دھنیا – آدھا کپ

    سفید زیرہ – آدھا چائے چمچ

    ہلدی – چوتھائی چائے چمچ

    لال مرچ کٹی ہوئی – آدھا چائے چمچ

    بیکنگ پاؤڈر – آدھا چائے چمچ

    تیل – تلنے کیلئے

    نمک – حسبِ ذائقہ

    ترکیب

    بیسن چھان لیں اور پالک باریک کاٹ لیں دھو کر اور بیسن میں شامل کر دیں تیل کہ علاوہ سب کچھ ڈال دیں اور مکس کر کے 15 منٹ رکھ دیں پھر تیل گرم کریں اور ڈیپ فرائی کرلیں۔

    ​آلو کے پراٹھے

    اجزا

    آلو – ایک کلو

    ہری مرچ – باریک کٹی ہوئی 2 سے 3 عدد

    پسی ہوئی لال مرچ – ایک چمچہ

    نمک – حسب ذائقہ

    بھنا ہوا زیرہ – 2 چمچے

    ہرا دھنیا باریک کٹا ہوا – 6 سے 7 ڈنڈیاں

    لیموں کا رس – 2 چائے چمچ

    آٹا – حسب ضرورت روٹیاں بنانے کے لئے

    تیل – پراٹھوں کے لئے

    ترکیب

    سب سے پہلے ایک پتیلی میں آلو ابالیں، پھر آلوؤں کے چھلکے اتاریں اور اس میں ہری مرچ، لال مرچ، نمک، زیرہ ، ہرا دھنیا اور لیموں کا رس ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔

    ایک تسلے میں آٹا گوندھ کر پیڑے بنا کر الگ رکھ دیں اب آٹے کا پیٹرا رکھیں اس پر آلو کا مصالحہ پچھائیں اور دوسرا پیٹرا رکھ کر روٹی کی طرح بیل دیں۔ توے پر تیل ڈال کر سینک لیں۔

    پلیٹ میں نکالیں اور مکھن کے ساتھ مزے سے پراٹھوں کا لطف اٹھائیں۔

    سرسوں کا ساگ

    اجزاء

    سرسوں کا ساگ – ایک گڈی

    پالک – ایک گڈی

    میتھی کا ساگ – ایک گڈی

    پانی – آدھا کپ​

    گڑ – ایک چائے کا چمچ​

    موٹی ہری مرچ – پانچ سے سات عدد​

    نمک – حسب ذائقہ​

    ادرک -ایک انچ کا ٹکڑا​

    مکئی کا آٹا – دو کھانے کے چمچ، ایک چوتھائی پانی میں حل کرلیں​

    مکھن – حسب ضرورت

    گارنش کے لئے

    دو بڑے پیاز باریک کٹے ہوئے اور ایک چائے کا چمچ لہسن کو ایک چوتھائی کپ تیل میں فرائی کرلیں۔

    ترکیب​

    ایک بڑی دیگچی میں آدھا کپ پانی ڈال کر سرسوں کے پتے پندرہ سے بیس منٹ تک پکائیں، اب اس میں تمام دیگر اجزاء شامل کر کے پندرہ سے بیس منٹ مزید پکائیں پھر بلینڈر میں ڈال کر تھوڑا بلینڈ کریں، اب اس میں مکئی اور پانی کا محلول ڈال کر چند منٹ مزید پکائیں، اوپر سے گارنش کر کے پیش کریں۔

    ​بیسن کی روٹی

    اجزاء​

    بیسن – دو کپ​

    آٹا – ایک کپ​

    نمک – آدھا چائے کا چمچ​

    کُٹی لال مرچ – آدھا چائے کا چمچ​

    زیرہ – آدھا چائے کا چمچ​

    کُٹا ہوا دھنیا – آدھا چائے کا چمچ​

    کٹی ہری مرچ – دو عدد​

    کٹی ہری پیاز ایک عدد​

    کٹا ہرا دھنیا – ایک کھانے کا چمچ​

    زیتون کا تیل – چار کھانے کے چمچ

    ترکیب​

    ایک پیالے میں بیسن، آٹا، نمک، کُٹی لال مرچ، زیرہ، کُٹا ہوا دھنیا، کٹی ہری مرچ، کٹی ہری پیاز، کٹا ہرا دھنیا اور زیتون کو تیل ڈال کر مکس کریں، اب اسے نیم گرم پانی کے ساتھ درمیانہ نرم گوندھ لیں اور پھراسے تیس منٹ کے لیے ڈھک کر رکھ دیں۔​

    آخر میں اس کی روٹیاں بیل کر توے پر دونوں جانب سے سینک لیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔