Tag: Dispute

  • حیدرآباد : جھگڑے میں صلح کرانے والا اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا

    حیدرآباد : جھگڑے میں صلح کرانے والا اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا

    حیدرآباد میں مالک مکان اور کرایہ دار میں جھگڑے کے دوران صلح کروانے والا شخص گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا، ملزم واقعے کے بعد فرار ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق حیدرآباد کے تھانہ حالی روڈ کی حدود میں تین ماہ سے کرایہ کی عدم ادائیگی پر مالک مکان اور کرایہ دار کے درمیان ہونے والے جھگڑے میں تیسرا شخص جان کی بازی ہار گیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملک مالک مکان چینا ولد شوکت گدی اور کرایہ دار فیصل کے درمیان کرائے کی عدم ادائیگی پر شدید تلخ کلامی ہوگئی۔

    اس موقع پر جھگڑا ختم کروانے کیلیے آنے والے چالیس سالہ شخص سنی گدی کو ملزم شوکت گدی نے گولی مار کر قتل کر دیا۔

    پولیس کے مطابق مقتول صلح کروانے کے لیے پہنچا تھا جس کو مالک مکان شوکت گدی نے غصے میں آکر گردن میں گولی مار دی۔

    مقتول سنی کی لاش کو قانونی کارروائی کیلیے سول اسپتال حیدرآباد منتقل کر دیا گیا جب کہ ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جارہے ہیں، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

    حیدرآباد : سیاسی جماعت کے اہم عہدیدار کو قتل کردیا گیا

    واضح رہے کہ حیدرآباد کی یوسی ہٹڑی میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سابق یوسی چیئرمین کامل علی شاہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق کامل علی کو نواحی گوٹھ میں نامعلوم افراد نے گھرکے باہراس وقت نشانہ بنایا جب وہ اپنی گاڑی میں بیٹھ رہے تھے۔

  • بھارت: بھینس نے خود ہی اپنے مالک کا فیصلہ کر لیا

    بھارت: بھینس نے خود ہی اپنے مالک کا فیصلہ کر لیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک بھینس نے خود ہی اپنے مالک کا فیصلہ کر کے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا، بھینس کی ملکیت پر 2 افراد آپس میں بحث و تکرار کر رہے تھے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش میں پیش آئے اس واقعے نے سوشل میڈیا پر لوگوں کو حیرت میں مبتلا کردیا۔ ریاست کے ایک گاؤں میں ایک بھینس کے مالکانہ حقوق کی وجہ سے دو افراد میں بحث و تکرار ہوگئی۔

    گوپال نامی فریق کی بھینس چوری ہوگئی تھی، اسے علم ہوا کہ مقامی تھانے میں ایک چوری شدہ بھینس لائی گئی ہے۔ جب وہ وہاں پہنچا تو بھینس پہلے ہی کوئی اور لے جاچکا تھا۔

    گوپال مذکورہ شخص کمل کے گھر پہنچا اور اس کی بھینس پر اپنی بھینس ہونے کا دعویٰ کردیا۔ کمل کا کہنا تھا کہ وہ یہ بھینس تھانے سے خرید کر لایا ہے لیکن گوپال نہ مانا۔

    اس بات پر دونوں میں خاصی بحث و تکرار ہوئی، معاملہ بڑھتا دیکھ کر بھینس کو کھلا چھوڑ دیا گیا۔ بھینس گوپال کے گھر جانے کے بجائے کہیں اور چلی گئی جس کے بعد کمل کو بھینس کا مالک قرار دیا گیا۔

    سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ بھینس نے خود ہی بتا دیا کہ اس کا مالک کون ہے۔

  • جائیداد کا تنازعہ: چچا نے بھتیجے کے جسم میں کیلیں ٹھونک دیں

    جائیداد کا تنازعہ: چچا نے بھتیجے کے جسم میں کیلیں ٹھونک دیں

    اٹک: صوبہ پنجاب کے شہر اٹک میں جائیداد کے تنازعہ پر چچا نے بھتیجے پر انسانیت سوز ظلم کرتے ہوئے اس کے جسم میں کیلیں ٹھونک دیں۔

    تفصیلات کے مطابق اٹک کے علاقے جنڈ میں چچا نے جائیداد کی خاطر بھتیجے پر تشدد کیا اور اس کے جسم میں کیلیں ٹھوک دیں، 28 سالہ مظہر حسین والدین کے انتقال کے بعد چچا کے ساتھ رہا تھا۔

    متاثرہ نوجوان کو ڈی ایچ کیو اسپتال داخل کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹر نے آپریشن کے ذریعے نوجوان کے جسم سے کیلیں نکالیں۔

    پولیس کو بیان دیتے ہوئے مظہر حسین کا کہنا تھا کہ ملزم حبیب (چچا) نے اپنے داماد کے ساتھ مل کر تشدد کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکو لیگل افسر کے دستخط کے ساتھ ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے جس کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • لاڑکانہ: پی ٹی آئی سینیٹر کے بھائی اور پروونشل بلڈنگز کے انجینئر کے درمیان جھگڑا

    لاڑکانہ: پی ٹی آئی سینیٹر کے بھائی اور پروونشل بلڈنگز کے انجینئر کے درمیان جھگڑا

    لاڑکانہ: پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے بھائی اورپروونشل بلڈنگز کے انجینئر کے درمیان جھگڑا ہوا ہے، صوبائی مشیر ورکس سروسزنثارکھوڑو نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں حال ہی میں منتخب ہونے والے پی ٹی آئی سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے بھائی اورپروونشل  بلڈنگز کے انجینئر اور عملے کے درمیان جھگڑا ہوا۔

    سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے بھائی رحمت اللہ ابڑو نے الزام عائد کیا کہ پروونشل بلڈنگز انجینئر آفتاب ابڑو اور علی حسن نے نازیبا الفاظ کا استعمال کیا، ہمیں پی ٹی آئی کی وجہ سےانتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    پروونشل بلڈنگز انجینئر کا مؤقف ہے کہ رحمت الله ابڑو نے عملے اور بیٹے کو زدو کوب کیا، سرکاری کام میں مداخلت کی، قانونی کارروائی کیلئے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کردیا ہے۔

    صوبائی مشیر ورکس سروسز کا نوٹس

    صوبائی مشیر ورکس سروسز نثار کھوڑو نے پروونشل بلڈنگز انجینئر سے ہاتھاپائی اور بدکلامی کا نوٹس لے لیا ہے، نثار کھوڑو کی سیکریٹری ورکس سروسز کو رحمت ابڑو کیخلاف مقدمے کے اندراج کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رحمت اللہ ابڑو غنڈہ گردی کےذریعے سرکاری افسران پر دباؤ ڈالناچاہتےہیں ہم کسی بھی شخص کو غنڈہ گردی ، سرکاری افسران پر دباؤ ڈالنےکی اجازت نہیں دینگے۔

    پی ٹی آئی سینیٹر کا گورنر سندھ سے رابطہ

    دوسری جانب پی ٹی آئی سینیٹر کےبھائی اور ایکس ای این میں جھگڑے کے معاملے پر سینیٹر سیف اللہ ابڑو بھی میدان میں آگئے اور انہوں نے فوری طور پر گورنر سندھ کو صورتحال سے آگاہ کردیا ہے۔

    سینیٹرسیف اللہ ابڑو نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو بتایا کہ لاڑکانہ میں بدمعاشوں کی حکومت ہے، حملہ میرے بھائی پر کیا گیا، ایف آئی آربھی بھائی پر کرنےکا حکم دیا گیا ہے۔

    پی ٹی آئی سینیٹر نے الزام عائد کیا کہ ہر ترقیاتی کام کا ٹینڈر فریال تالپور اور دیگر کی مرضی سےکھولا جارہا ہے، نثارکھوڑو کو پتہ ہی نہیں لاڑکانہ میں کیا ہورہا ہے؟ وہ یوسی کا ممبرنہیں ہوسکتا وزیراعلیٰ کامشیربنادیاہے، سپریم کورٹ اور چیئرمین نیب معاملےکی تحقیقات کریں۔

  • بریگزٹ تنازعے کو اب ختم ہونا چاہیے، فرانسیسی وزیر خارجہ

    بریگزٹ تنازعے کو اب ختم ہونا چاہیے، فرانسیسی وزیر خارجہ

    پیرس : فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں ایو لیدریاں نے یورپی یونین سے برطانوی انخلاء پر کہا ہے کہ بریگزٹ سے منسلک تنازعے کو اب ختم ہونا چاہیے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی فرانسیسی شہر دینارد میں جی سیون کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کے بعد لیدریاں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ یہ صورتحال تبدیل ہو اور یہ موضوع یورپی یونین کے معاملات پر مزید حاوی نہیں ہو۔

    انہوں نے برطانیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ جلد سے جلد اس مسئلے کا حل پیش کرے۔

    یورپی یونین کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک کی جانب سے تجویز دی گئی تھی کہ یورپی ممالک کے سربراہان بریگزٹ کی تاریخ میں ایک برس کی لچکدار توسیع کردیں لیکن یورپی ممالک برطانیہ کو مزید وقت دینے کےلیے تیار نہیں۔

    یورپی یونین کے رکن ممالک کا کہنا ہے کہ اگر بریگزٹ کی تاریخ میں 30 جون تک توسیع کی گئی تو برطانیہ یورپی یونین کے الیکشن میں اپنا حق رائے دہی بحیثیت رکن ملک استعمال کرسکتا ہے۔

    یورپی ممالک کی جانب سے برطانیہ کو عندیہ دیا گیا ہے کہ اگر 12 اپریل تک بریگزٹ معاہدہ منظور ہوگیا تو ٹھیک ورنہ برطانیہ کو بغیر ڈیل کے یورپی یونین سے علیحدہ ہونا پڑے گا۔

    خیال رہے کہ یورپ کی سب سے مضبوط معیشت جرمنی کو بھی کسی باقاعدہ ڈیل کے بغیر برطانیہ کے یونین سے اخراج کے صورت میں شدید معاشی نقصان پہنچنے کے خدشات ہیں۔

    بریگزٹ ڈیل: یورپی کمیشن کے صدر کی برطانیہ کو تنبیہ

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں تھریسامے نے تیسری مرتبہ بریگزٹ ڈیل کے مسودے کو اراکین پارلیمنٹ سے منظور کروانے کی کوشش کی تھی تاہم انہیں تیسری مرتبہ بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    برطانوی وزیر اعظم کے تیار کردہ مسودے کے حق میں 286 اور مخالفت میں 344 ووٹ پڑے تھے جس کے بعد جیریمی کوربن نے تھریسامے سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔

  • کینیڈا سعودیہ تنازعہ، جسٹن ٹروڈو نے معاملہ حل کرنے کے لیے کوششیں تیز کردی

    کینیڈا سعودیہ تنازعہ، جسٹن ٹروڈو نے معاملہ حل کرنے کے لیے کوششیں تیز کردی

    ریاض/اوٹاوا : کینیڈا نے سعودی عرب کے ساتھ سفارت تنازعے کو ختم کرنے کے لیے اتحادی ممالک کے ساتھ رابطے شروع کر دیئے ہیں، تاہم سعودی عرب نےکینیڈا کے ساتھ اسکالر شپ پرواگرامز سمیت تمام معاہدوں کو منسوخ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب اور براعظم امریکا کے ملک کینیڈا میں جاری کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے کینیڈین حکومت نے اتحادی ممالک سے رابطے شروع کردیئے ہیں اور تعاون کی درخواست کی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کینیڈین حکومت کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ جاری سفارتی تعلقات میں تنازعے کے حل کے لیے متحدہ عرب امارت اور برطانوی حکومت سے رابطہ کیا گیا ہے تاکہ وہ سعودی عرب کے ساتھ جاری سفارتی تنازعہ کو دوستی میں بدلنے کے لیے کردار ادا کرے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے جاری سفارتی تنازعہ میں کمی لانے کے لیے کینیڈا کے صدر جسٹن ٹوراڈو خود متحدہ عرب امارات سے رابطے میں ہیں۔

    العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق کینیڈین صدر جسٹن ٹروڈو نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات سمیت دیگر اتحادی ممالک ریاست سعودی عرب کے ساتھ جاری تنازعے کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔

    دوسری جانب سے سعودی عرب نے کینیڈا کے ساتھ گندم اور چاول کی خریداری پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے اور کینیڈا جانے والی تمام پروازیں منسوخ کرتے ہوئے کینیڈا میں زیر تعلیم طلبہ کی اسکالر شپ پروگرامز کو ختم کرتے ہوئے سعودی طلبہ کو دیگر ممالک میں منتقل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے اگر کینیڈا سے تمام معاہدے ختم کردیئے تو کینیڈا کو ایک بڑے معاشی بحران کا سامانہ کرنا پڑسکتا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق کینیڈین وزیر خارجہ فری لینڈ کا کہنا تھا کہ ’کینیڈا ہمیشہ انسانی حقوق اور خواتین کی آزادی کے لیے آواز اٹھاتا رہے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کینیڈین وزیر خارجہ کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی حکام نے کینیڈا کے سفیر کو ملک سے بے دخل کرنے کا حکم دیا اور ساتھ ساتھ تمام معاہدے ختم کرنے کا بھی اعلان کردیا۔

  • عامر کے اہل خانہ مجھے مائیکل جیکسن کہتے تھے، اہلیہ

    عامر کے اہل خانہ مجھے مائیکل جیکسن کہتے تھے، اہلیہ

    ٹورنٹو: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کی اہلیہ فریال مخدوم نے کہا ہے کہ سسرال والے مجھے مائیکل جیکسن کہہ کر پکارتے تھے جبکہ عامر کی والدہ مجھے اپنا غلام بنانا چاہتی ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’ڈیلی میل‘‘ کو دیئے جانے والے انٹرویو میں کیا۔ فریال مخدوم نے کہا کہ گھر کی باتیں باہر لانا میری عادت نہیں مگر مجبوری کی حالت میں یہ بات کہنا پڑ رہی ہے کہ عامر کے گھر والوں نے میرے ساتھ ہتھک آمیز رویہ رکھا اور مجھے مائیکل جیکسن کہہ کر پکارا جاتا تھا۔


    پڑھیں: ’’ جھگڑاختم کریں ایسانہ ہو والدین بیٹا اور اہلیہ شوہر کھو دے، باکسر عامرخان ‘‘


    انہوں نے کہا کہ ’’جب عامر کے گھر والے رشتے کے لیے آئے تھے تو اُس وقت میں آدھی آستین کے کپڑوں میں تھیں اُس وقت انہوں نے کوئی اعتراض نہیں کیا مگر بعد میں مجھ پر شراب نوشی سمیت دیگر الزامات عائد کیے گئے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ میں جو بھی کروں مگر اپنے مذہب کا بہت زیادہ احترام کرتی ہوں۔

    فریال مخدوم کا کہنا تھا کہ میں نے فیشن شو میں کیٹ واک کی جس کی وجہ سے داد ملی تاہم یہ بات سسرال والوں کو ناگوار گزری اور انہوں نے میرے حوالے سے غلط باتیں کیں، جب میں نے اپنے چہرے کی پلاسٹک سرجری کروائی تو عامر کے گھر والوں نے حسد میں مجھے مائیکل جیکسن کہہ کر پکارا جو میرے لیے تکلیف کا باعث تھا۔

    باکسرعامر خان کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ میری عادت نہیں کہ سسرال کی باتیں منظر عام پر لاؤں تاہم اب ساری باتیں برداشت سے باہر ہوچکی ہیں اور اب سارے حقائق سامنے لاؤں گی۔

  • چارسدہ میں رشتے اور جائیداد کے تنازعے پر 3 افراد قتل

    چارسدہ میں رشتے اور جائیداد کے تنازعے پر 3 افراد قتل

    چارسدہ: عمرزئی میں جائیداد اور رشتے کے تنازعے پر دو مسلح گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق چارسدہ کے علاقے عمرزئی میں رشتے اور جائیداد کے تنازعے میں دو گروپوں کے درمیاں مسلح  تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوا۔

    ذرائع کے مطابق تنازعہ اُس وقت پیش آیا کہ جب جرگے کے عمائدین دونوں فریقین کو بٹھا کر مسئلے کا حل نکالنے کی کوشش کررہے تھے تو اسی اثناء ایک گروپ نے اس فیصلے کو ماننے سے انکار کیا جس پر دوسرے گروپ کی جانب سے اسلحے کا استعمال کیا گیا۔

    پڑھیں:   اورنگی ٹاؤن میں رشتہ نہ دینے پرتنازعہ، دوخواتین کا قتل

     فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے تاہم مقامی پولیس کی جانب سے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق مقامی عمائدین کی جانب سے مسئلے کو حل کرنے کے لیے قبائلی رسومات کے تحت جرگے کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس دوران دونوں فریقین میں تلخ کلامی ہوئی  جس کے بعد تنازعہ شدت اختیار کر گیا اور ایک دوسرے پر اسلحہ تان لیا جس کے بعد دونوں میں فائرنگ کا بھی تبادلہ ہوا۔