Tag: Disqualification

  • عمران خان کو کرپٹ پریکٹس کا مجرم قرار دیا گیا ہے: بلاول بھٹو

    عمران خان کو کرپٹ پریکٹس کا مجرم قرار دیا گیا ہے: بلاول بھٹو

    اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی نااہلی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نااہل ہیں، سیاسی مخالفین کی مبینہ کرپشن کا جھوٹ پھیلانے والے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو کرپٹ پریکٹس کا مجرم قرار دیا ہے، اب عمران خان نااہل ہیں۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین کی مبینہ کرپشن کا جھوٹ پھیلانے والے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔

    دوسری جانب مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان کا پہلا سرٹیفائڈ جھوٹا اور سند یافتہ چور جو چوری کے نا قابل تردید ثبوتوں کے ساتھ نااہل ہوا۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ جتنی بڑی چوری ہے اس کی سزا صرف نااہلی پر ختم نہیں ہونی چاہیئے، اس کو گرفتار کر کے قانون کے سامنے پیش کرنا چاہیئے اور لوٹا پیسہ واپس لینا چاہیئے۔

    خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو نااہل قرار دے دیا ہے۔

    الیکشن کمیشن بینچ نے فیصلہ دیا کہ عمران خان کرپٹ پریکٹس کے مرتکب ہوئے، عمران خان کی قومی اسمبلی کی نشست خالی قرار دی جاتی ہے۔

    الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کے لئے نئی مشکل کھڑی ہوگئی

    وزیراعلیٰ سندھ کے لئے نئی مشکل کھڑی ہوگئی

    اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی نااہلی سے متعلق نظرِثانی کی درخواست سماعت کے لیے مقررکردی۔

    تفصیلات کے مطابق عدالتِ عظمیٰ کے جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ دو اگست کو وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی نااہلی سے متعلق نظرِثانی کی درخواست کی سماعت کرے گا۔

    جسٹس منصورعلی شاہ اور جسٹس منیب اختر بینچ میں شامل ہونگے، سپریم کورٹ نے نظرِ ثانی کی درخواست پر وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کردئیے ہیں۔

    روشن علی بڑورو نامی شہری نے اقامے اور دہری شہریت پر مراد علی شاہ کی نااہلی کی استدعا کررکھی ہے، اس سے قبل عدالتِ عظمیٰ نے مراد علی شاہ کی نااہلی کی مرکزی درخواست خارج کر دی تھی۔

    دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ میں وزیراعظم شہباز شریف کی نااہلی کیلئےدرخواست سماعت کے لئے مقرر کردی گئی ہے۔

    لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس شجاعت علی خان یکم اگست کو سماعت کریں گے، درخواست پی ٹی آئی رہنماؤں عندلیب عباس اورحسان نیازی کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شہباز شریف نے بطور وزیراعظم قانون، دستور کے مطابق ملک چلانے کا حلف لیا، شہباز شریف نے حلف اٹھایا کہ ملکی امورپر خاندانی معاملات کو اثرانداز نہیں ہونے دیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: نااہلی کی درخواست : شہباز شریف نئی مشکل میں پھنس گئے

    درخواست میں کہا گیا کہ وزیراعظم لندن میں سزا یافتہ نواز شریف ،سلیمان شہباز اور اسحاق ڈار سے ملے، شہباز شریف سلیمان شہباز کوسرکاری وفد میں شامل کرکے یو اے ای ،ترکی لے گئے۔

    درخواست گزار کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے سزا یافتہ افراد سے ملاقات کرکے حلف کی پاسداری نہیں کی ، میاں شہباز شریف نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کی ، استدعا ہے کہ عدالت وزیراعظم شہباز شریف کو نااہل قرار دے۔

  • عمر امین گنڈا پور کی نااہلی کا فیصلہ معطل

    عمر امین گنڈا پور کی نااہلی کا فیصلہ معطل

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عمر امین گنڈا پور کی ڈیرہ اسماعیل خان کی سٹی میئر کے لیے نااہلی معطل کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عمر امین گنڈا پور کی، ڈیرہ اسماعیل خان کی سٹی میئر کے لیے نااہلی کے فیصلے کے خلاف درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست کی سماعت کی۔

    عمر امین گنڈا پور کے وکیل بیرسٹر علی ظفر اور آصف گجر عدالت میں پیش ہوئے۔

    دوران سماعت بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے عمر امین گنڈا پور کو نااہل کیا ہے، الیکشن کمیشن نے پروسیجر کے بغیر آرڈر جاری کیا۔ سمری انکوائری کے بعد 50 ہزار جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جرمانے کے بعد پھر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہو تو ایکشن ہو سکتا ہے، نہ انکوائری ہوئی، نہ رپورٹ کمیشن کو دی گئی۔ عمر امین نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہوتی تو پہلے نوٹس دینا چاہیئے تھا۔

    دوران سماعت عدالت کی ہدایت پر الیکشن کمیشن کا آرڈر پڑھا گیا، عدالت نے استفسار کیا کہ عمر امین کیسے فریق بن گیا؟ کیا نوٹس جاری نہیں کیا گیا؟

    بعد ازاں ہائی کورٹ نے عمر امین گنڈا پور کی نااہلی کا حکم معطل کردیا، ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا حکم آئندہ سماعت تک معطل کرتے ہوئے حکم امتناع جاری کردیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین کو نااہل قرار دیا تھا۔

    عمر امین ڈیرہ اسماعیل خان کے میئر کے امیدوار تھے۔

    بعد ازاں عمر امین گنڈا پور نے الیکشن کمیشن سے نااہلی کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔

    دائر کردہ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن شفافیت کے تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہا، قانون کے مطابق شک کا فائدہ امیدوار کو ملنا چاہیئے تھا، سمری انکوائری کے بغیر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار نہیں دیا جا سکتا۔

    عمر امین کی جانب سے کہا گیا کہ لگائے گئے الزامات مبہم، عمومی نوعیت کے اور بغیر کسی خاص تفصیل کے ہیں، الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 234 کی دفعات کو غلط استعمال کیا گیا۔

    درخواست میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔

  • کیپٹل ہل حملے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ بڑی مشکل میں پڑ گئے

    کیپٹل ہل حملے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ بڑی مشکل میں پڑ گئے

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نااہل قرار دینے کے لیے ایوان میں قرارداد پیش کردی گئی، مواخذے کی قرارداد ڈیموکریٹس نے پیش کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی قرارداد پیش کردی گئی، مذکورہ قرارداد ڈیموکریٹس نے پیش کی ہے۔

    قرارداد میں نائب صدر مائیک پینس سے ٹرمپ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے، قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ نے اپنے حامیوں کو کیپیٹل ہل حملے پراکسایا۔

    قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ کیپیٹل ہل حملے میں 5افراد اپنی جانوں سے گئے، صدر ٹرمپ فوری طور پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوں ورنہ ان کا مواخذہ کیا جائے۔

    ا س سے قبل ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کی جانب سے جاری کیے گئے ایک خط کے مطابق مائیک پینس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ امریکی آئین کی 25 ویں ترمیم کا اطلاق کریں۔

    واضح رہے کہ واشنگٹن میں کیپیٹل ہل پر اپنے حامیوں کی جانب سے دھاوا بولنے کے بعد صدر ٹرمپ پر مستعفی ہونے کا دباؤ بڑھ گیا ہے، ایوانِ نمائندگان میں صدر ٹرمپ کے خلاف اگر مواخذے کی قرارداد منظور ہو جاتی ہے تو ایسا ان کے ساتھ دوسری مرتبہ ہوگا۔

    اس سے قبل صدر ٹرمپ کے خلاف دسمبر 2019 میں اختیارات کے ناجائز استعمال اور کانگریس کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات کے تحت ایوانِ نمائندگان نے ان کا مواخذہ کیا تھا البتہ سینیٹ میں ٹرائل کے بعد فروری 2020 میں ری پبلکن اکثریتی سینیٹ نے صدر کو ان الزامات سے بری کر دیا تھا۔

  • آصف زرداری کی نااہلی کے لیے پی ٹی آئی کی درخواست پر بینچ تشکیل، سماعت کل ہوگی

    آصف زرداری کی نااہلی کے لیے پی ٹی آئی کی درخواست پر بینچ تشکیل، سماعت کل ہوگی

    اسلام آباد: پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی نااہلی کے لئے  پی ٹی آئی کی درخواست پر بینچ تشکیل دے دیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کی درخواست پر  سابق صدر  آصف زرداری کی نااہلی کی درخواست پر کل سماعت ہوگی.

    درخواست پر ابتدائی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کریں گے، رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ کل سماعت کی جائے گی.

    رجسٹرار آفس کی جانب سے عثمان ڈار کے وکلا کو آگاہ کر دیا گیا، عثمان ڈار کی درخواست پر کل ہائیکورٹ میں سماعت صبح 9 بجے ہوگی، رجسٹرار آفس نے عثمان ڈار کی درخواست پر 1551 نمبر الاٹ کیا.

    خیال رہے کہ پیپلز  پارٹی کے شریک چیئرمین کے خلاف اثاثے چھپانےاور غیرقانونی بلٹ پروف گاڑی رکھنے کے الزام پر نااہلی کے لئے درخواست دائر کی گئی تھی۔

    مزید پڑھیں: اسلام آباد ہائی کورٹ میں آصف زرداری کی نااہلی کیلئے درخواست دائر

    پی ٹی آئی رہنماؤں نے موقف اختیار کیا تھا کہ آصف زرداری پارٹی چیئرمین شپ اور پارٹی عہدے کے لیے اہل نہیں، قومی اسمبلی کی نشست کے لیے بھی تاحیات نااہل قرار دیا جائے۔

    درخواست میں آصف زرداری، الیکشن کمیشن اورسیکریٹری قومی اسمبلی کوفریق بنایا گیا.

  • طلال چوہدری نے نااہلی کا فیصلہ چیلنج کر دیا

    طلال چوہدری نے نااہلی کا فیصلہ چیلنج کر دیا

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے اپنی نااہلی کے فیصلے کو چیلنج کر دیا، ان کا مؤقف ہے کہ ان پر الزام ثابت کیے بغیر سزا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے توہین عدالت کیس کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی۔ اپیل ایڈووکیٹ کامران مرتضیٰ کے ذریعے دائر کی گئی۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالتی فیصلہ قانون کی نظر میں درست نہیں کالعدم قرار دیا جائے، شواہد کا درست انداز میں جائزہ نہیں لیا گیا۔ استغاثہ کے مؤقف کو اہمیت دی گئی لیکن دفاع کو نظر انداز کیا گیا۔

    درخواست میں مزید کہا گیا کہ استغاثہ کے خلاف مواد کے باوجود درخواست گزار کو شک کا فائدہ نہیں دیا گیا، الزام ثابت کیے بغیر سزا دی گئی۔ فیصلے کو کالعدم قرار دینے کے لیے بے قاعدگیاں اور خلاف قانون پہلو موجود ہے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ سزا کے خلاف اپیل منظور کر کے فیصلہ کالعدم قرار دے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ طلال چوہدری کو آرٹیکل 204 کے تحت توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے عدالت برخاست ہونے تک کی سزا سنائی گئی جبکہ ان پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔

    عدالت نے انہیں کسی بھی عوامی عہدے کے لیے 5 سال کے لیے نااہل بھی قرار دیا تھا۔

    سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کی 24 اور 27 جنوری 2018 کی تقاریر میں عدلیہ مخالف جملوں پر نوٹس لیا تھا۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما نے جڑانوالہ کے جلسے میں عدلیہ کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی تھی۔

    بعد ازاں سابق وزیر مملکت برائے داخلہ کو یکم فروری کو عدلیہ مخالف تقریر پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔

    سپریم کورٹ میں 14 مارچ کو ہونے والی سماعت کے دوران طلال چوہدری پرفرد جرم عائد نہیں کی جاسکی تھی۔ بعد ازاں 15 مارچ کو ان پر توہین عدالت کے مقدمے میں فرد جرم عائد کی گئی۔

  • منظوروسان کے کاغذات نامزدگی فارم بحال نہ ہوسکے، اپیل مسترد کردی گئی

    منظوروسان کے کاغذات نامزدگی فارم بحال نہ ہوسکے، اپیل مسترد کردی گئی

    سکھر : سندھ ہائی کورٹ نے پیپلزپارٹی رہنما منظور وسان کے کاغذات نامزدگی فارم بحال کرنے کی اپیل مسترد کردی، دیگر امیدواروں کو بھی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا، منظور وسان نے سپریم کورٹ جانے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق خواب دیکھ کر پیش گوئیاں کرنے کے حوالے سے سندھ کے مشہور سیاستدان اور سابق صوبائی وزیر منظور وسان کے اپنے خواب چکنا چُور ہوگئے، سندھ ہائی کورٹ نے ان کا انتخابی فارم بحال کرنے کی اپیل مسترد کردی۔

    اس کے علاوہ پی پی امیدوار سردارمحمد بخش خان اور جی ڈی اے کے امیدوار میر شاہنواز تالپور کا فارم بحال کرنے کی اپیلیں مسترد کردی گئیں، سندھ ہائی کورٹ نے پی پی امیدوار مراد علی شاہ کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

    اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جاؤں گا، الیکشن میں پتہ چل جائے گا کہ سندھ کے عوام کسے پسند کرتےہیں؟

    علاوہ ازیں اپیلٹ کورٹ نے پی پی امیدوار سردار خالد خان اور جی ڈی اے امیدوار عبدالستار راجپر کے کاغذات نامزدگی فارم مسترد کرنے کیلئے دائر کی گئی اپیلیں خارج کردیں جس کے بعد عبدالستار راجپر اور سردار خالد خان کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی ہے۔

    واضح رہے کہ ریٹرننگ افسر نے پی ایس27 خیرپور سے پیپلز پارٹی کے امیدوار منظور وسان کے نامزدگی فارم اثاثہ جات چھپانے کے الزام میں مسترد کیے تھے۔

    مزید پڑھیں: مجھے نواز شریف 2018 کے عام انتخابات میں نظر نہیں آرہے، منظور وسان کی پیش گوئی

    یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں منظور وسان نے نواز شریف سے متعلق پیش گوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوازشریف2018کے انتخابات میں نظر نہیں آرہے،ان کی نااہلی لمبی جائے گی۔

    اپنی نااہلی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں خلائی مخلوق بہت کچھ کرنے والی ہے کیونکہ جو خلائی مخلوق کے ساتھ ہوگا، اسے مہلت ملے گی، ضد کرنے والا باہر ہوجائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • زبانی کلامی شادی کی گنجائش نہیں، نثار کھوڑو پر مقدمہ ہوسکتا ہے، چیف جسٹس

    زبانی کلامی شادی کی گنجائش نہیں، نثار کھوڑو پر مقدمہ ہوسکتا ہے، چیف جسٹس

    اسلام آباد : چیف جسٹس سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ قانون میں زبانی کلامی شادی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، کیا نثارکھوڑو نے تیسری شادی کرتے وقت پہلی بیوی سےاجازت لی تھی؟

    یہ ریمارکس انہوں نے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نثار کھوڑو کی الیکشن میں نااہلی کیس کی سماعت کے موقع پر دیئے، نثار کھوڑو اپنی نااہلی ختم کرانے سپریم کورٹ گئے تو الٹا مقدمہ کی تلوار لٹک گئی۔

    سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں نثار کھوڑو کی نااہلی کیخلاف اپیل کی سماعت ہوئی، اس موقع پر نثارکھوڑو عدالت میں موجود نہیں تھے۔

    درخواست گزار کے وکیل صفائی فاروق ایچ نائیک نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ میرےمؤکل نے سال2007 میں تیسری شادی زبانی کلامی کی تھی اور بعد ازاں2017میں تیسری بیوی کو زبانی کلامی طلاق بھی دے دی۔

    چیف جسٹس کا ریمارکس دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستانی قانون میں زبانی کلامی شادی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، کیا نثارکھوڑو نے تیسری شادی کرتے وقت پہلی بیوی سےاجازت لی تھی؟ شادی رجسٹرڈ نہ کرانے پر ان کےخلاف مقدمہ درج ہوسکتا ہے کیونکہ شادی رجسٹرڈ کرانا پاکستانی قانون میں ضروری ہے۔

    وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ الزام لگایا گیا کہ نثارکھوڑو نےعدالت میں بیٹی کی ولدیت تسلیم نہیں کی، جس پر  چیف جسٹس نے کہا کہ نہیں لگتا کہ کوئی شخص اپنی بیٹی کی ولدیت عدالت میں قبول نہ کرے۔

    درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ نثارکھوڑو کی تیسری بیوی نے بیان حلفی جمع کرایا ہوا ہے، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ بڑی اچھی بیوی ہے جس نے طلاق کے بعد بھی بیان حلفی جمع کرادیا، اس معاملے پر تمام قوانین کا جائزہ لیں گے، بعدا زاں سپریم کورٹ میں نثار کھوڑو کی اپیل پر سماعت میں کچھ دیر کا وقفہ دیا گیا۔

    یاد رہے کہ پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور سابق صوبائی وزیر نثار کھوڑو کے پی ایس11سکھر سے کاغذات نامزدگی فارم اپیلٹ ٹریبونل نے مسترد کرتے کرتے ہوئے انہیں نااہل قرار دیا تھا، عدالت نے اثاثے اور بیوی بچوں کی مکمل معلومات نہ ظاہر کرنے پر فیصلہ سنایا۔

    مزید پڑھیں: تیسری بیوی اوربیٹی ظاہرنہ کرنے پرنثارکھوڑو کے کاغذات نامزدگی مسترد

    نثار کھوڑو کےخلاف جی ڈی اے کے رہنما معظم عباسی نے اعتراضات داخل کیے تھے، درخواست گزار کا نثارکھوڑو پر الزام عائد کرتے ہوئے مؤقف تھا کہ نامزدگی فارم میں نثارکھوڑو نے تیسری بیگم،بیٹی کانہیں بتایا اور نہ نثارکھوڑو نےنامزدگی فارم میں اپنی166ایکٹر زمین ظاہرنہیں کی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • تحریک انصاف کے صوبائی صدر سردار یار محمدرند نااہل قرار

    تحریک انصاف کے صوبائی صدر سردار یار محمدرند نااہل قرار

    کوئٹہ : بلوچستان ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی امیدوار سردار یارمحمد رند کی اپیل رد کرتے ہوئے اپیلیٹ ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھا، وہ عام انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے۔

    بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس نذیر لانگو پرمشتمل دو رکنی ڈویژنل بینچ نے سردار یار محمد رند کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر اور اپیلیٹ ٹریبونل کا یارمحمدرند کی نااہلی کا فیصلہ برقرار رکھا اور انھیں نااہل قرار دے دیا۔

    سردار یار محمد رند کی جانب سے پیروی سردار لطیف کھوسہ اور دیگر وکلا نے کی۔

    یاد رہے کہ ریٹرننگ افسر نے تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند کے کاغذات نامزدگی مسترد کرتے ہوئے انہیں نااہل قرار دیا تھا۔

    این اے 260 کچھی جھل مگسی اور پی بی 17 کے ریٹرننگ آفسران نے جعلی ڈگری کے ایف آئی آر اور اثاثہ جات چھپانے کے الزامات پر ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے تھے۔


    مزید پڑھیں : پی ٹی آئی کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قرار


    جس کے بعد انہوں نے ایپلٹ ٹریبونل میں اپیل کی، ایپلٹ ٹریبونل نے بھی ر او کے فیصلے کو برقرار رکھا اور نااہل قرار دے دیا تھا۔

    بعد ازاں تحریک انصاف کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند نے ایپلٹ ٹریبونل کے فیصلے کو بلوچستان ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

    دوسری جانب سردار یار محمد رند نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز بلوچستان ہائی کورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر علی مدد جتک کو انتخابات کے لئے نااہل قرار  دیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • تیسری بیوی اوربیٹی ظاہرنہ کرنے پرنثارکھوڑو کے کاغذات نامزدگی مسترد

    تیسری بیوی اوربیٹی ظاہرنہ کرنے پرنثارکھوڑو کے کاغذات نامزدگی مسترد

    سکھر : پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور سابق صوبائی وزیر نثار کھوڑو کے کاغذات نامزدگی فارم مسترد کردیئے گئے، عدالت نے اثاثے اور بیوی بچوں کی مکمل معلومات نہ ظاہر کرنے پر فیصلہ سنا دیا، نثار کھوڑو فیصلے کیخلاف اپیل کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اپیلٹ ٹریبونل نے پی ایس11سکھر میں پیپلز پارٹی کے امیدوار نثارکھوڑو کے صوبائی اسمبلی کی نشست کے لیے جمع کرائے گئے نامزدگی فارم مسترد کردیئے۔

    نثار کھوڑو کےخلاف جی ڈی اے کے رہنما معظم عباسی نے اعتراضات داخل کیے تھے، درخواست گزار کا نثارکھوڑو پر الزام عائد کرتے ہوئے مؤقف تھا کہ نامزدگی فارم میں نثارکھوڑو نے تیسری بیگم،بیٹی کانہیں بتایا اور نہ نثارکھوڑو نےنامزدگی فارم میں اپنی166ایکٹر زمین ظاہرنہیں کی۔

    معظم عباسی کے مطابق نثار کھوڑو نے کاغذات نامزدگی میں دو بیگمات اورچار بچے ظاہرکیے جو غلط معلومات ہیں، دوسری جانب نثارکھوڑو کا کہنا ہے کہ ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کروں گا، کاغذات نامزدگی میں کوئی چیزنہیں چھپائی گئی۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل اپیلٹ ٹربیونل نے این اے57مری سے سابق وزیر اعظم شاھد خاقان عباسی، پی ایس 27خیرپور سے پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان اور این اے67جہلم سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کے کاغذات نامزدگی مسترد کرتے ہوئے انہیں انتخابات کیلئے نااہل قرار دیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔