Tag: disqualification petition

  • فیصل واوڈا بڑی مشکل میں پھنس گئے

    فیصل واوڈا بڑی مشکل میں پھنس گئے

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کی نااہلی کی درخواست پر سماعت تین فروری کو کرے گا ، فیصل واوڈا پر کاغذات نامزدگی میں جعلی حلف نامہ جمع کرانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی حلف نامے کے معاملے پر پی آٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کی نااہلی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی، الیکشن کمیشن فیصل واوڈا کےخلاف دائردرخواست پرسماعت تین فروری کوکرے گا، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نےفریقین کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔

    یاد رہے وفاقی وزیرآبی وسائل فیصل واوڈا کی نااہلی کےلیے امن ترقی کےچیئرمین فائق شاہ کی جانب سے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی گئی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ فیصل واوڈا نے کاغذات نامزدگی میں جعلی حلف نامہ جمع کرایا،جعلی حلف نامہ جمع کرانے پرفیصل واوڈا کوآئین کی شق 62 ون ایف کے تحت نااہل کیا جائے۔

    مزید پڑھیں : جعلی حلف نامہ جمع کرانے کا الزام، فیصل واوڈا کی نااہلی کیلیے درخواست دائر

    خیال رہے آرٹیکل 62 پارلیمنٹ اراکین کی اہلیت سے متعلق ہے جس کی مختلف شقیں ہیں، جس پر پورا اترنا ضروری ہے، کوئی ایسا شخص پارلیمنٹ کا رکن بننے کا اہل نہیں جو پاکستان کا شہری نہ ہو۔

    رکن قومی اسمبلی کی عمر 25 سال ہونا ضروری ہے اور بطور ووٹر اس کے نام کا اندراج کسی بھی انتخابی فہرست میں موجود ہو جو پاکستان کے کسی حصے میں جنرل سیٹ یا غیر مسلم سیٹ کے لئے ہو۔

    رکن سینیٹ کی صورت میں 30 سال عمر ہونا ضروری ہے اور ایسے شخص کا صوبے کے کسی بھی حصے میں بطور ووٹر نام درج ہو۔

    آرٹیکل 62 ڈی کہتا ہے کہ ایسا شخص اچھے کردار کا حامل ہو اور اسلامی احکامات سے انحراف کے لئے مشہور نہ ہو اور اسلامی تعلیمات کا خاطر خواہ علم رکھتا ہو اور اسلام کے منشور کردہ فرائض کا پابند ہو، نیز کبیرہ گناہ سے اجتناب کرتا ہو۔

    آرٹیکل 62 ون ایف کے مطابق پارلیمنٹ کا رکن بننے کا خواہش مند شخص سمجھدار ہو، پارسا ہو، ایماندار ہو اور کسی عدالت کا فیصلہ اس کے خلاف نہ ہو جبکہ اس نے پاکستان بننے کے بعد ملک کی سالمیت کے خلاف کوئی کام نہ کیا ہو اور نظریہ پاکستان کی مخالفت نہ کی ہو۔

  • غیرملکی بینک اکاؤنٹ ہونے کا انکشاف ، حلیم عادل شیخ کی نااہلی کیلئے درخواست دائر

    غیرملکی بینک اکاؤنٹ ہونے کا انکشاف ، حلیم عادل شیخ کی نااہلی کیلئے درخواست دائر

    کراچی : غیرملکی بینک اکاؤنٹ ہونے کے انکشاف کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنماحلیم عادل شیخ کی نااہلی کے لئے درخواست دائر کردی گئی ، جس میں کہا گیا حلیم عادل شیخ کو اثاثے چھپانے پر نااہل قرار دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کی نااہلی کیلئے درخواست دائر کردی گئی ، حلیم عادل شیخ کے خلاف درخواست میں غیرملکی بینک اکاؤنٹ ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔

    درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ حلیم عادل شیخ نے الیکشن کمیشن میں ذرائع آمدن چھپائے، گوشواروں میں صاحبزادیوں کےاخراجات کا ذکر نہیں، دونوں صاحبزادیوں کے اخراجات امریکی بینک سے ادا ہو رہے ہیں۔

    درخواست گزار نے نیو جرسی بینک اکاؤنٹ کانمبر،تفصیلات بھی پیش کردیں اور کہا حلیم عادل کے گوشواروں میں نواب شاہ پولٹری کمپلیکس کا ذکر نہیں۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ ذرائع آمدن اور اثاثےچھپانے پر حلیم عادل شیخ کوڈی نوٹیفائی کیاجائے اور حلیم عادل شیخ کو اثاثے چھپانے پر نااہل قرار دیا جائے۔

  • نااہلی کیس : پی ٹی آئی کی 3 ممبران قومی اسمبلی کو نوٹس جاری

    نااہلی کیس : پی ٹی آئی کی 3 ممبران قومی اسمبلی کو نوٹس جاری

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے نا اہلی کی درخواست پر پی ٹی آئی ارکان اسمبلی ملائکہ بخاری، تاشفین صفدر اور کنول شوذب اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی ارکان اسمبلی ملائکہ بخاری ، تاشفین صفدر اور کنول شوذب کی نا اہلی کے لئے درخواست پر سماعت ہوئی ، جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔

    ملائکہ بخاری اور تاشفین صفدر نے تحریری جواب عدالت میں جمع کرا دیا۔

    دوسری جانب رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز بخاری اور کنول شوزب کے وکلا عدالت میں پیش ہوئے، وکیل شائستہ پرویز بخاری نے بتایا میڈیا کے ذریعے کیس کا معلوم ہوا، جس پر عدالت نے کہا آپ پھر ابھی نوٹس وصول کر لیں۔

    میاں عبدالروف ایڈووکیٹ نے کہا مخصوص سیٹ پر دونوں خواتین رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھیں، مخصوص سیٹ حاصل کرنے کے بعد دہری شہریت واپس کی گئی۔

    مزید پڑھیں : مریم نواز کی نا اہلی کی خواہشمند پی ٹی آئی خواتین ارکان اسمبلی کی اپنی اہلیت خطرے میں

    رکن قومی اسمبلی کنول شوزب کے وکیل نے نوٹس کورٹ روم میں وصول کر دیا، میاں عبدالروف ایڈووکیٹ کا کہنا تھا درخواست کے فیصلے تک اسمبلی رکنیت معطل کی جائے۔

    میاں عبدالروف ایڈووکیٹ نے کہا ملائکہ بخاری کو دوہری شہریت رکھنے، کنول شوزب کو الیکشن کمیشن کو غلط معلومات دینے پر نااہل کیا جائے، 62 ون ایف کے تحت دونوں ممبر اسمبلی کو نااہل کیا جائے۔

    جس کے بعد عدالت نے ملائکہ بخاری، تاشفین صفدر اور کنول شوذب اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا اور دونوں کیسز کی سماعت دو ہفتوں تک کے لئے ملتوی کر دیا۔

    یاد رہے (ن )لیگ نے دو ممبران اسمبلی نے پی ٹی آئی خواتین ارکان اسمبلی کی اہلیت کو چیلنج کررکھا ہے، درخواست گزار کے مطابق دو کی دوہری شہریت ایک نے ہائی کورٹ میں غلط معلومات دیں تھیں۔

    درخواست گزار کے مطابق کاغذات نامزدگی کی آخری تاریخ تک ملائیکہ بخاری دوہری شہریت رکھتی تھیں۔

    درخواست گزار کے مطابق کنول شوزب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ووٹ تبدیلی پر غلط بیانی کی، استدعا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ممبران کو نااہل کیاجائے۔

  • وزیراعظم عمران خان نااہلی کیس : جسٹس شاہد وحید نے کیس کی سماعت سے معذرت کر لی

    وزیراعظم عمران خان نااہلی کیس : جسٹس شاہد وحید نے کیس کی سماعت سے معذرت کر لی

    لاہور: وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لیے درخواست پر بنچ کے رکن جسٹس شاہد وحید نے سماعت کرنے سے معذرت کرلی ، جس کے بعد کیس واپس چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھجوا دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لیے درخواست پر جسٹس مامون رشید شیخ اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔

    بنچ کے رکن جسٹس شاہد وحید نے کیس کی سماعت سے معذرت کر لی، جس کے بعد عدالت نے کیس واپس چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھجوا دیا اور درخواست کی سماعت کے لیے نیا بنچ تشکیل دینے کی سفارش کی۔

    درخواست میں وزیراعظم عمران خان اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ انگلینڈ کی عدالت ٹیریان وائٹ کو عمران خان کی بیٹی قرار دے چکی ہے، عمران خان نے ٹیریان وائٹ کو اپنی بیٹی ماننے سے انکار کیا ہے اور کاغذات نامزدگی میں اپنی بیٹی کا ذکر نہیں کیا ہے۔

    مزید پڑھیں : اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کی درخواست مسترد کردی

    دائر درخواست میں کہا گیا عمران خان آئین کے آرٹیکل 62،63 پر پورا نہیں اترتے، حقائق چھپا کر وزیراعظم صادق اور امین نہیں رہے۔ عدالت وزیراعظم عمران خان کو عہدے کے لیے نا اہل قرار دے۔

    یاد رہے جنوری میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کی درخواست مسترد کردی تھی اور وارننگ دی کہ آئندہ ایسی درخواست آئی تو جرمانہ بھی کریں گے۔

    خیال رہے قومی اسمبلی سے وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد 18 اگست 2018 کو عمران خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا ، صدر مملکت ممنون حسین نے حلف لیا تھا۔

  • پی ٹی آئی کے نو منتخب رکن فیصل واوڈا کی نااہلی کے لیے درخواست دائر

    پی ٹی آئی کے نو منتخب رکن فیصل واوڈا کی نااہلی کے لیے درخواست دائر

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا کے مشکل میں ایک اور اضافہ ہوگیا، فیصل واوڈا کی نااہلی کے لیے درخواست دائر کر دی گئی ۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کے نو منتخب رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا کی نااہلی کے لئے درخواست دائر کر دی گئی۔

    درخواست پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل نے دائر کی۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ فیصل واوڈا آرٹیکل 62 پر پورا نہیں اترتے، فیصل واوڈا نے اپنے حلف نامے میں برطانیہ, دبئی اور ملائشیا کی جائیداد قرض شدہ ظاہر کی۔

    دائر درخواست میں کہا گیا کاغذات نامزدگی میں کسی فارن اکاونٹ کا ذکر نہیں ہے ، اس غیر ملکی جائیداد کی منی ٹریل نہیں دی گئی، ریٹرننگ افسر کے ریکارڈ میں کسی غیر ملکی جائیداد کا ذکر نہیں ہے۔

    درخواست میں کہا گیا کہ اربوں کی جائیدادیں رکھنے والے فیصل واوڈا نے 2015 میں کوئی ٹیکس نہیں دیا، ریٹرننگ افسر نے فیصل کے خلاف یہ کہہ کر درخواست مسترد کی کہ اس نے دوہری شہریت چھوڑ دی جبکہ ریٹرننگ افسر کے ریکارڈ میں امریکی شہریت سرینڈر کرنے کا کوئی ریکارڈ نہیں۔

    واضح رہے 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں کراچی کے حلقے  این اے 249 سے پی ٹی آئی کے امیدوار فیصل واوڈا جیتے تھے، ان کا مقابلہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے تھا۔

  • الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی، بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی نااہلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

    الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی، بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی نااہلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی پر بلاول بھٹواورآصف علی زرداری کی نااہلی کے لئے دائردرخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے سربراہ آصف علی زرداری کی نااہلی کے لئے دائر درخواست پر سماعت کی۔

    درخواست گزارسید اقتدار حیدر نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن قوانین کے تحت کوئی سیاسی جماعت کسی دوسری جماعت کا پرچم اور انتخابی نشان استعمال نہیں کر سکتی جب کہ بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی پارلیمینٹیرین کے انتخابی نشان تیر کو استعمال کیا۔

    دائر درخواست میں کہا گیا کہ بلاول بھٹو کا اقدام الیکشن ایکٹ کے سیکشن دوسوپندرہ کی ذیلی شق تین کی خلاف ورزی ہے۔

    درخواست گزار کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے سربراہ آصف علی زرداری پیپلز پارٹی کے پرچم کو غیر قانونی طور پر اپنی جماعتی سرگرمیوں کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔

    دائر درخواست میں استدعا کی آصف علی زرداری کا اقدام الیکشن ایکٹ کے سیکشن 200 کی خلاف ورزی ہے، لہذا عدالت بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کو نااہل قرار دے۔

    عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔