Tag: Diving

  • آبشار کی سیر کو جانے والے سیاح کے ساتھ خوفناک حادثہ

    آبشار کی سیر کو جانے والے سیاح کے ساتھ خوفناک حادثہ

    روس میں سیاحتی مقامات پر سیر و تفریح کرنے والے ایک سیاح کے ساتھ خوفناک حادثہ پیش آیا، پانی میں چھلانگ لگاتے ہوئے اس کا سر زوردار طریقے سے پتھروں سے ٹکرایا جس سے وہ زخمی ہوگیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں ایک سیاح دکھائی دے رہا ہے جس کا چہرہ اور شناخت واضح نہیں، یہ ویڈیو روس کے شہر سوچی کی ہے جہاں کا ایک ریزورٹ سیاحوں میں بہت مقبول ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے سیاح آبشار کے قریب ایک اونچی جگہ پر کھڑا ہے اور دریا میں چھلانگ لگانے کی تیاری کر رہا ہے۔

    اس کے بعد وہ 30 فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگا کر پانی میں گرتا ہے تو زور دار آواز آتی ہے، دریا کے کم گہرے پانی میں پتھر موجود تھے جن سے سیاح کا سر بری طرح ٹکرایا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس کے فوراً بعد سیاح پانی سے نکلتا ہے تو اس کے سر سے خون بہہ رہا ہوتا ہے۔ حادثے سے اس کے سر اور ریڑھ کی ہڈی پر چوٹ لگی اور اسے فوری طور پر اسپتال پہنچا دیا گیا۔

    سوشل میڈیا پر جہاں صارفین نے سیاح کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا وہیں کچھ افراد نے اس پر تنقید بھی کی۔

    سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ پانی دیکھنے میں ہی اتھلا لگ رہا ہے لہٰذا سیاح کو وہاں ڈائیو نہیں کرنی چاہیئے تھی، ایک شخص نے کہا کہ اسے یہ خطرہ مول لینے سے پہلے مقامی افراد سے معلومات کرنی چاہیئے تھی۔

    ایک اور صارف نے کہا کہ سیاح کی خوش قسمتی تھی کہ وہ بچ گیا ورنہ جس طرح سے اسے چوٹ لگی ہے، اس کی جان بھی جاسکتی تھی۔

  • سفید شارک کے حملے کی خوفناک ویڈیو

    سفید شارک کے حملے کی خوفناک ویڈیو

    گہرے سمندروں میں غوطہ خوری کرنے والے افراد تحقیقی مقاصد کے لیے ایک پنجرے میں بند ہو کر زیر آب جاتے ہیں تاکہ شارک اور دیگر خطرناک آبی جانوروں کے حملے سے محفوظ رہ سکیں۔

    تاہم ایک غوطہ خور اس وقت مشکل میں پھنس گیا جب ایک شارک ایک مچھلی کا پیچھا کرتے ہوئے پنجرے میں گھس آئی اور کشتی پر کھڑے افراد میں ہلچل مچ گئی۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی یہ ویڈیو میکسیکو کے سمندر کی ہے جہاں پنجرے میں بند ایک غوطہ خور زیر آب جارہا ہے۔

    یکایک ایک قوی الجثہ سفید شارک ایک مچھلی کا پیچھا کرتی ہوئی پنجرے کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوگئی اور غوطہ خور کی مدد کے لیے کشتی پر کھڑے افراد خوف کے مارے اچھل پڑے۔

    کشتی پر کھڑے افراد نے پنجرے کا اوپر کا دروازہ کھول دیا تاکہ شارک یا غوطہ خور میں کوئی ایک باہر نکل جائے۔ تھوڑی دیر کے جان لیوا انتظار کے بعد شارک اچھلتی ہوئی پنجرے کے دروازے سے باہر نکلی اور بالآخر واپس سمندر میں چلی گئی۔

    اس دوران وہ پنجرے کی ٹوٹی سلاخیں لگنے سے زخمی اور خونم خون ہوچکی تھی۔

    شارک کے باہر نکلنے کے بعد غوطہ خور کو بھی فوراً اوپر کی طرف کھینچا گیا جو خوش قسمتی سے شارک کے حملے سے محفوظ رہا تھا۔

    دل دہلا دینے والی ویڈیو میں شارک کا مقصد پنجرے میں بند انسان پر حملہ کرنا نہیں تھا بلکہ وہ حادثاتی طور پر ایک مچھلی کا پیچھا کرتے ہوئے پنجرے میں گھس آئی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔