نئی دہلی: دیوالی سے پہلے دہلی میں پٹاخوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، حکومت نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آلودگی کو روکنے کے لیے دارالحکومت دہلی میں پٹاخوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، پابندی کا یہ نوٹس دہلی آلودگی کنٹرول کمیٹی نے جاری کیا ہے۔
دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے X پر لکھا کہ سردیوں میں بڑھتی ہوئی آلودگی کو دیکھتے ہوئے آج (14 اکتوبر) سے یکم جنوری تک پٹاخوں کی تیاری، ذخیرہ کرنے، فروخت اور استعمال کرنے پر پابندی عائد ہو گئی ہے۔
وزارت ماحولیات کے مطابق دیوالی پر بہت وسیع پیمانے پر آتش بازی کی جاتی ہے، جس کی وجہ سے ہوا میں آلودگی کی مقدار بڑھ جاتی ہے، اسی کے پیش نظر پٹاخوں پر پابندی لگائی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی پٹاخوں پر پابندی عائد کی گئی تھی لیکن لوگوں نے بڑے پیمانے پر پٹاخوں کا استعمال کیا تھا، دہلی میں پٹاخوں کی تیاری، ذخیرہ اندوزی اور فروخت پر پابندی ہونے کے باوجود ہر سال این سی آر کے شہروں میں پٹاخے اندھا دھند فروخت ہوتے ہیں۔