Tag: Do you know ?

  • کیا آپ پیاز کا یہ حیرت انگیز فائدہ جانتے ہیں؟

    کیا آپ پیاز کا یہ حیرت انگیز فائدہ جانتے ہیں؟

    پیاز ہر گھر کی ضرورت اور باورچی خانے کا لازمی جزو ہے، لیکن پیاز صرف کھانے کے کام ہی نہیں آتی بلکہ یہ ہیٹ اسٹروک سے بھی بچاتی ہے۔

    ان دنوں گرمی اپنے عروج پر پہنچ رہی ہے ملک کے کئی شہروں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرچکا ہے اور محکمہ موسمیات کی جانب سے رواں ہفتے شدید گرمی اور ہیٹ ویوو کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔

    گرمی سے بچنے کے یوں تو دیگر بہت سے طریقے ہیں لیکن سب سے سستا اور آسان طریقہ ہے پیاز۔

    پیاز جس کے بغیر ہمارے ہاں کسی کھانے کا تصور محال ہے۔ پیاز کچی بھی کھائی جاتی ہے دیگر سبزیوں کے ساتھ سلاد کی شکل میں ایک خوش ذائقہ اور صحت مند غذا ہے لیکن یہ لذت کام ودہن کے ساتھ گرمی کے مضر اثرات سے بچانے کیلیے بھی بے حد مفید ہے۔

    بزرگ گرمی سے بچنے کیلیے گھر سے باہر نکلتے وقت ہمیشہ پیاز ساتھ رکھنے کا مشورہ دیتے رہے ہیں دراصل پیاز میں گرمی جذب کرنے کی زبردست صلاحیت ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دھوپ میں نکلتے وقت جب پیاز پاس ہوتی ہے جسم کو نقصان پہنچانے سے پہلے باہر سے آنے والی گرمی کو روک لیتی ہے۔ پیاز میں آئرن، اینٹی آکسیڈنٹس، ضروری وٹامنز اور بہت کچھ ہوتا ہے۔ یہ فولیٹ سمیت وٹامن سی اور بی سے بھی بھرپور ہے۔ اس موسم گرما میں جسم کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے پیاز اپنے ہمراہ لازمی ساتھ رکھیں تاکہ ممکنہ ہیٹ اسٹروک سے بچ سکیں۔

    پیاز میں غیر مستحکم مادے ہوتے ہیں جو جسم کے درجہ حرارت کو متوازن رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ تو پیاز کو صرف ساتھ ہی نہیں رکھیں بلکہ ساتھ رکھنے کے ساتھ اپنی خوراک کا لازمی حصہ بنالیں۔ پیاز کو گرمیوں میں کئی طریقوں سے استعمال کیا جاسکتا ہے، اسے کچا کھانے کے علاوہ آم یا دیگر پھلوں کے ساتھ چٹنی بنانے میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ ذائقہ بڑھانے اور وٹامن سی کی مقدار بڑھانے کے لیے کچی پیاز پر تھوڑا سا لیموں نچوڑ سکتے ہیں۔

  • پھیپھڑوں کے سرطان کی یہ ابتدائی علامات آپ جانتے ہیں؟

    پھیپھڑوں کے سرطان کی یہ ابتدائی علامات آپ جانتے ہیں؟

    کینسر کی اقسام میں پھیپھڑوں کا کینسر سب مہلک قرار دیا جاتا ہے جس کی ابتدائی مرحلے میں شناخت عموماْ مشکل سے ہوتی ہے۔

    کینسر ایک موذی مرض ہے اس کی مختلف اقسام ہیں، اگر کینسر کی ابتدائی مرحلے میں تشخیص ہوجائے تو اس کا علاج ممکن اور زندگی کا تحفظ آسان ہوجاتا ہے۔

    کینسر کی اقسام میں پھیپھڑوں کا کینسر سب مہلک قرار دیا جاتا ہے جس کا سب سے زیادہ شکار عادی سگریٹ نوش یا ایسے افراد ہوتے ہیں جو کسی ایسی جگہ کام کرتے ہوں جہاں انہیں نقصان دہ کیمیکلز کا سامنا ہوتا ہو۔

    پھیپھڑوں کے کینسر کو سب سے خطرناک اس لیے بھی قرار دیا جاتا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں اس کی علامات کو پہچاننا عموماْ مشکل امر ہوتا کیونکہ پھیپھڑوں میں کچھ اعصابی سرے ہوتے ہیں جس کی وجہ سے کینسر کے خلیات کی نشوونما آسان ہوتی ہے اور اس کا شکار افراد کو بظاہر کوئی خاص تکلیف بھی نہیں ہوتی۔

    پھیپھڑوں کے سرطان کے اکثر کیسز میں اس کی شناخت آخری درجے میں ہی ہوتی ہے جب مریض کی زندگی بچانا مشکل ہوجاتا ہے۔

    یہاں  آپ کو چند ایسی علامات سے آگاہ کیا جارہا ہے جو اس مرض کی ابتدائی مرحلے میں تشخیص اور بروقت علاج شروع کرنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔

    مستقل کھانسی:

    کھانسی ایک عام مرض ہے اگر یہ چند روز کے لیے ہو تو، سردیوں یا بدلتے موسم میں کھانسی ہونا کوئی انہونی بات نہیں لیکن اگریہ کھانسی دس روز سے زائد وقت تک رہتی ہے تو پھر تشویش کی بات ضرور ہے کیونکہ پھیپھڑوں کے کینسر کی ایک علامت مستقل کھانسی رہنا ہے، ایسے مریض مسلسل کھانستے رہتے ہیں، دائمی کھانسی پھیپھڑوں کے سرطان کی سب سے بڑی علامت ہے۔

    سانس پھولنا:

    جب کینسر کے خلیے پھیپھڑوں میں تیز رفتاری سے بڑھتے ہیں تو وہ ہوا کی نالیوں کو بند یا تنگ کردیتے ہیں جس سے پھیپھڑوں میں ہوا کا بہاؤ کم ہوجاتا ہے اور ایسے شخص کو جسم کے تمام حصوں تک پہنچانے کے لیے ہوا کی مطلوبہ مقدار میں سانس لینا مشکل ہوجاتا ہے جس سے انسان کو سانس لینے میں دشواری محسوس ہوتی ہے۔

    جسم میں درد:

    جسم میں درد ہونا ایک عمومی مسئلہ ہے اس لیے اکثر لوگ اسے نظرانداز کردیتے ہیں لیکن جسم میں درد ہونے کی بہت سی وجوہات ہیں۔ یہ زیادہ دیر تک بیٹھنے کے بعد یا بھاری ورزش کے بعد بھی ہوسکتا ہے، پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا افراد بالخصوص سینے، کاندھوں یا کمر میں درد کی شکایت کرتے ہیں۔

    وزن میں کمی اور تھکاوٹ:

    مختصر وقت میں اور بغیر کسی خاص وجہ کے جسمانی وزن میں چار کلو یا اس سے زائد کمی صحت سے متعلق تشویش کا اشارہ کرتی ہے، یہ علامت پھیپھڑوں کے کینسر کا سبب بھی ہوسکتی ہے کیونکہ کینسر میں مبتلا افراد جو بھی کھانا کھاتے ہیں اس سے پیدا ہونے والی توانای کینسر کے خلیات استعمال کرتے ہیں جس سے تھکاوٹ اور وزن میں کمی ہوتی ہے۔ اسی لیے وزن میں تبدیلی کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔

  • سیب کے یہ طبی فوائد کیا آپ جانتے ہیں؟

    سیب کے یہ طبی فوائد کیا آپ جانتے ہیں؟

    سیب کھانے والے نہ صرف ذیابیطس کے مرض سے محفوظ رہ سکتے ہیں بلکہ یہ خوش ذائقہ پھل دیگر امراض سے بھی تحفظ فراہم کرتا ہے۔

    ’’روزنہ ایک سیب کھائیں، ڈاکٹر سے دور رہیں۔‘‘ یہ محاوہ ایسے ہی نہیں بنا اس کے پیچھے پوشیدہ ہیں اس پھل کے وہ فوائد جو انسان کو مختلف بیماریوں سے تحفظ فراہم کرکے انہیں صحت مند زندگی جینے کے قابل بناتے ہیں۔

    سیب ایک جانب ٹائب ٹو ذیابیطس کے مریضوں میں خون میں شوگر کے اضافے کو روکتا ہے تو دوسری جانب ذیابیطس کے خطرے کو پہلے سے کم کرنے میں بھی مدد فراہم کرسکتا ہے۔

    اس حوالے سے کئی تجزیات اور مطالعوں میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سیب اور ناشپاتی کے استعمال سے ذیابیطس کے امکانات اٹھارہ فیصد تک کم ہوسکتے ہیں۔

    ذیابیطس اور ہائی بلند فشار خون جیسے دل کو نقصان پہنچانے والے امراض سے نمٹنے کے لیے پھلوں میں سیب سب سے مفید پھل تصور کیا جاتا ہے۔

    سیب سرخ، سبز، زردی مائل سبز جیسے رنگوں میں دستیاب ہیں اور سب کے ہی الگ الگ خواص ہیں۔

    اگر بات کی جائے ذیابیطس کی تو سبز رنگ کے سیب ذیابیطس کے مریضوں کے لیے انتہائی مفید ہیں کیونکہ اس میں چینی کی مقدار بھی کم ہوتی ہے جب کہ اس کے برعکس سرخ سیبوں میں چینی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے اس لیے ذیابیطس کے مریض سرخ سیب کھانے سے گریز کریں۔

    تو ذیابیطس کے مریض ہرے رنگ کے سیب کھائیں کیونکہ یہ پھل زنک، آئرن اور ٹریس میٹلز سے بھرپور ہے جو بلڈ شوگر کو قابو رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

    بلند فشار خون یا ہائی بلڈپریشر آج دنیا بھر کے لیے تشویش کا باعث بن چکا ہے۔

    اگر آپ بلندفشار خون کے مرض میں مبتلا ہیں تو سیبوں کو اپنائیں یعنی اپنی خوراک کا حصہ بنائیں کیونکہ سیب اس محرک عنصر کو قابو کرنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے جو دل کی بیماری کے بڑھتے ہوئے خطرے کے لیے ذمے دار ہوتا ہے۔

    آنتوں کی صحت کے لیے بھی سیب کی افادیت ثابت ہوچکی ہے۔

    سیب پیکٹین کا ایک بھرپور ذریعہ ہیں، یہ ایک ایسا مادہ ہے جو پری بائیوٹک کے طور پر کام کرتا ہے اور آنتوں کی صحت کو بہتر بناتا ہے اس کے علاوہ اس میں غذائی ریشہ ہوتا ہے جو قبض کو روکنے میں مدد فراہم کرتا ہے، اچھے بیکٹریا سپورٹ کرتا ہے اور ہاضمے کے مسائل کو ختم کرتا ہے۔

  • کیا اسمارٹ فون کی ان خصوصیات کے بارے میں آپ جانتے ہیں؟

    کیا اسمارٹ فون کی ان خصوصیات کے بارے میں آپ جانتے ہیں؟

    آج زندگی کی ضرورت بن جانے والے اسمارٹ فونز میں اب بھی کئی ایسے فیچرز ہیں جن سے صارفین کی بڑی تعداد ناواقف ہے۔

    اسمارٹ فون آج تقریباْ ہر شخص کے ہاتھ میں نظر آتا ہے جس کے ذریعے وہ نہ صرف کسی دوسرے سے رابطے میں رہتا ہے بلکہ اپنے روزمرہ کے کئی اہم امور بھی انجام دیتا ہے لیکن کئی ایسے صارفین بھی ہوں گے جو اپنے پاس موجود اینڈرائیڈ فون کے بہت سے دلچسپ اور خاص فیچرز سے ناواقف ہوں گے، آج کچھ ایسے ہی فیچرز کے بارے میں آپ کو بتارہے ہیں۔

    فون چوری یا گم ہونا ایک بڑا مسئلہ ہے اگر کسی کے ساتھ ایسا واقعہ ہوجائے تو قیمتی موبائل کے ساتھ بہت اہم اور ذاتی معلومات غائب یا افشا ہونے کا مسئلہ درپیش ہوتا ہے اس کا مسئلے سے نمٹنے کے لیےیہ آپشن استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    سیٹنگ پر جائیں اور وہاں سے سیکیورٹی پر جاکر ڈیوائس مینیجر کے آپشن میں سے اینڈرائیڈ ڈیوائس منیجر کا انتخاب کریں اور ریموٹلی لوکیٹ دِس ڈیوائس سے  allow remote lock and erase کے آپشن پر کلک کریں۔ اب اگر آپ کا فون چوری یا گم ہوجاتا ہے تو آپ ویب سائٹ کے ذریعے اس کا سارا ڈیٹا ختم کرسکتے ہیں اور موبائل فون لاک بھی کرسکتے ہیں، ہے نا یہ کارآمد فیچر۔

    اگر آپ کا دوست  آپ کا اسمارٹ فون مانگے، آپ دوست کو منع بھی نہیں کرسکتے اور اپنا ڈیٹا بھی اس سے چھپانا چاہتے ہیں تو اس کا حل بھی ہے۔ اس کے لیے آپ مہمان (گیسٹ) موڈکا آپشن استعمال کریں، اپنے فون کو  سوائپ کریں اور اوپر دائیں طرف موجود یوزر آئیکون کو ٹچ کریں تو ایک گیسٹ آئیکون سامنے آجائے گا، اب آپ یہاں ان سہولتوں اور آپشن پر کلک کردیں جنہیں آپ اپنے دوست کو استعمال کرنے کی اجازت دے سکتے ہیں، اس سے آپ کا ڈیٹا بھی چھپ سکتا ہے۔

    اگر آپ کی نظر کمزور ہے تو پریشان نہ ہوں اینڈرائیڈ کا یہ آپشن استعمال کریں۔  جائیں سیٹنگز کے آپشن پر پھر وہاں سے ایسیسبلٹی تک اور اس کے بعد میگنیفکیشن کا آپشن استعمال کریں۔ اس حیرت انگیز آپشن کے ذریعے اسکرین کے کسی بھی حصے کو تھپتھپا کر زوم کرکے دیکھا جاسکتا ہے۔

    اپنے اینڈرائیڈ فون پر آپ کا کوئی مضمون یا کتاب پڑھنے کا دل نہیں چاہ رہا تو کوئی بات نہیں آپ اسے سن بھی سکتے ہیں اس کے لیے ٹیکسٹ ٹو اسپیچ آپشن ہے نا! یہ آپشن تحریر کو آواز میں بدل کر سناسکتا ہے۔ اس کے لیے آپ نے صرف اتنا ہی کرنا ہے کہ سیٹنگز میں جاکر ایسسیبلٹی آپشن پر جاکر ٹیکسٹ ٹو اسپیچ کا آپشن آن کردیں، پھر ہیڈ فون کانوں سے لگائیں اور آنکھیں بند کرکے اپنا پسندیدہ مضمون یا کتاب سنیں۔

    اگر آپ نے مختلف ڈیوائسز چلانی ہیں تو اس کے لیے موڈیم اور راؤٹر خریدنے پر اپنی رقم خرچ مت کریں اسمارٹ فون کو استعمال میں لائیں کیونکہ یہ ازخود وائی فائی ہاٹ اسپاٹ بن سکتا ہے۔ سیٹنکز میں جاکر ٹیتھرنگ اینڈ پورٹیبل ہاٹ اسپاٹ پر جاکر پورٹیبل WLAN ہاٹ اسپاٹ آپشن چیک کردیجیے۔

    اپنے اسمارٹ فون کو سر کی حرکت سے کنٹرول کرنے کے لیے ایک فری ایپ فیشل eva فیشل ماؤس کا استعمال کریں۔
    بیٹری پاور کا مسئلہ درپیش ہے تو آپ اپنے اسکرین کے لیے سیاہ بلیک گراؤنڈ کو منتخب کریں جس سے ازخود پکسل ہائی لائٹ کا آپشن بند ہوجائے گا اور آپ کی بیٹری دیر تک چلے گی تاہم یہ فیچر تمام اینڈرائیڈ فونز میں دستیاب نہیں۔