Tag: document

  • وفاقی بجٹ : اخراجات ہدف سے زیادہ اور آمدنی کم

    وفاقی بجٹ : اخراجات ہدف سے زیادہ اور آمدنی کم

    وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ روز پیش کیے جانے والے وفاقی بجٹ کے اعداد و شمار کے مطابق وفاق کے اخراجات ہدف سے زیادہ اور آمدنی کم ہوگئی۔

    پی ڈی ایم حکومت نے انتہائی مشکل حالات میں وفاقی بجٹ گزشتہ روز پیش کردیا، بقول وزیر خزانہ 144کھرب 60 ارب روپے کے بجٹ میں تنخواہوں و پنشن میں اضافہ اور کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا۔

    اس حوالے سے بجٹ دستاویز کے مطابق رواں مالی سال وفاق کے اخراجات ہدف سے1543ارب روپے زیادہ ہوگئے، رواں مالی سال مجموعی بجٹ خسارہ ہدف سے بھی2144ارب روپے بڑھ گیا۔

    دستاویز کے مطابق رواں مالی سال وفاقی حکومت کی آمدنی ہدف سے584ارب روپے کم ہوگئی، صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت244ارب روپے کم دیئے گئے۔

    اس کے علاوہ رواں مالی سال صوبوں نے وفاق کو ہدف سے244 ارب کم سرپلس بجٹ دیا، وفاق کے اخراجات9579 ارب ہدف کے مقابلے11090ارب روپے پر پہنچ گئے۔

    دستاویز میں کہا گیا ہے کہ مجموعی بجٹ خسارہ3797 ارب ہدف کے مقابلے5941ارب روپے ہوگیا، صوبوں نے750 ارب ہدف کے مقابلے وفاق کو459 ارب روپے سرپلس بجٹ دیا۔

    پرائمری بجٹ153ارب سرپلس کے مقابلے421 ارب روپے خسارے میں چلا گیا، صوبوں کو4373ارب کے ہدف کے مقابلے4129ارب روپے دیے گئے، وفاق کی مجموعی آمدنی9405ارب ہدف کے مقابلے8818ارب روپے پر آگئی۔

  • امریکا اور شمالی کوریا کی ناکام ملاقات کی وجہ ٹرمپ کے کاغذ کا ایک ٹکڑا قرار

    امریکا اور شمالی کوریا کی ناکام ملاقات کی وجہ ٹرمپ کے کاغذ کا ایک ٹکڑا قرار

    واشنگٹن : ڈونلڈ ٹرمپ نے کم جونگ کو ایک کاغذ کا ٹکرا دیا تھا جس میں تحریر تھا کہ وہ اپنا جوہری اسلحہ اور بم امریکا منتقل کردیں جس کے باعث ویتنام میں ہونے والی ملاقات ناکام ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کے درمیان گزشتہ ماہ ویتنام میں منعقدہ اجلاس کی ناکامی ٹرمپ کی جانب سے دیئے گئے کاغذ کے ایک ٹکڑے کو قرار دیا جارہا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے کم جونگ ان کو کاغذ کا ایک ٹکڑا تھمایا تھا جس میں مبینہ طور پر شمالی کوریا سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ اپنا جوہری اسلحہ اور بم امریکا منتقل کردے۔

    رپورٹ کے مطابق شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ذرائع کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نے پہلی مرتبہ کم جونگ اُن کو براہ راست غیر مسلح ہونے کے حوالے سے ان کے مطالبے اور طریقہ کار سے آگاہ کیا تھا۔

    امریکا کے موجودہ قومی سلامتی مشیر جان بولٹن نے 2004 میں ایک تجویز دی تھی کہ شمالی کوریا اپنا اسلحہ امریکا کے حوالے کرے اور اپنی اسی تجویز کو انہوں نے گزشتہ برس بھی دہرایا تھا، جب انہیں باقاعدہ طور پر اس عہدے کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔

    ذرائع نے بتایا کہ ٹرمپ کے کاغذ کے ٹکڑے میں کس طرح سے غیر مسلح ہونا ہے اور اسلحے کو امریکا کے حوالے کیسے کیا جائے اس کی تمام تفصیلات درج تھیں۔

    وائٹ ہاوس کی جانب سے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا گیا جبکہ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے اس کاغذ میں درج تفصیلات کے حوالے سے کچھ بتانے سے گریز کیا۔

    یاد رہے کہ 28 فروری کو ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی میں ٹرمپ اور کم جونگ ان کے درمیان ملاقات اچانک ختم ہوگئی تھی جس کے بارے میں بتایا گیا تھا کہ شمالی کوریا کے سربراہ کی جانب سے امریکی پابندیاں ہٹانے کے اصرار پر ملاقات کسی معاہدے کے بغیر ختم ہوگئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے سربراہی ملاقات کی ناکامی کا ذمہ دار شمالی کوریا کو قرار دیا تھا کہ کم جونگ اُن نے جوہری ہتھیاروں کا مکمل استعمال ترک کرنے پر آمادہ ہوئے اور بغیر امریکا کے پیانگ یانگ پر عائد تمام پابندیاں ہٹائے جانے پر اصرار کیا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے طے شدہ وقت سے قبل سربراہی اجلاس ختم ہونے کے بعد الوداعی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ بعض اوقات آپ کو چلنا پڑتا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ایک تجویز کردہ معاہدے پر دستخط ہونے تھے لیکن میں جلد بازی کے بجائے درست معاہدہ کرنا بہتر سمجھتا ہوں، امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم کچھ خاص کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ ان نے ملاقات کے بعد ظہرانے اور دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کی تقریب میں بھی شرکت کرنی تھی تاہم وہ بھی منسوخ ہوگئی۔

    خیال رہے کہ پیانگ یانگ اپنے جوہری پروگرام کو خلیج نما کوریا کی سیکیورٹی کی مضبوط ترین ضمانت کے طور پر دیکھتا ہے۔

    اس حوالے سے کم جونگ اُن سے جب پوچھا گیا تھا کہ کیا وہ جوہری ہتھیاروں کی تخفیف کے لیے تیار ہیں جس پر انہوں نے کہا کہ اگر میں ایسا نہیں کرنا چاہتا تو میں اس وقت یہاں نہیں ہوتا۔

    امریکی صدر نے شمالی کوریا پر دباو ڈالنے کے بجائے اعلان کیا کہ ایک فوری معاہدے کے بجائے وہ ایک درست معاہدے کے خواہش مند ہیں۔

    مزید پڑھیں : ٹرمپ کم ملاقات بےسود ثابت، دونوں ملکوں کے مابین کشیدگی بڑھنے لگی

    یاد رہے کہ  ہنوئی میں ٹرمپ اور کم جونگ کی ملاقات ناکام ہونے کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہونے لگا ہے۔

    جنوبی کوریا اور امریکا کی مشترکہ جنگی مشقیں ہونے جارہی ہیں جس پر شمالی کوریا نے شدید تنقید کرتے ہوئے اسے قیام امن کی کوششوں میں رکاوٹ قرار دیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ شمالی کوریائی حکام نے عنقریب ہونے والی ان جنگی مشقوں کو کھلا چیلنج قرار دیتے ہوئے اسے فوری روکے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔