Tag: dog biting

  • کراچی: کتوں کے کاٹنے پر وکیل نے 2 افراد کو گرفتار کروا دیا

    کراچی: کتوں کے کاٹنے پر وکیل نے 2 افراد کو گرفتار کروا دیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں وکیل کو 2 کتوں نے کاٹ لیا جس کے بعد وکیل کی شکایت پر 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کراچی کے ساؤتھ زون فیز 6 میں کتوں نے وکیل کو کاٹ لیا جس پر 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

    خوفناک حادثے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو میں وکیل کو صبح سویرے واک کرتے دیکھا جا سکتا ہے، ایک بنگلے کے باہر موجود 2 کتے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔

    وکیل کو دیکھتے ہی دونوں کتے جھپٹ پڑے، کتوں کے نگران نے چھڑانے کی بہت کوشش کی تاہم معاملہ خراب ہوتے دیکھ کر نگراں وکیل اور کتوں کو چھوڑ کر بھاگ نکلا۔

    بعد ازاں زخمی وکیل نے درخشاں تھانے میں مقدمہ درج کروا دیا، وکیل کا کہنا تھا کہ سڑک سے گزرنے والا شہری مجھے اسپتال لے کر گیا۔

    پولیس نے کتوں کے نگران سمیت 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔

  • کراچی میں 62 افراد سگ گزیدگی کا شکار بن گئے

    کراچی میں 62 افراد سگ گزیدگی کا شکار بن گئے

    کراچی : شہرقائد کے مختلف علاقوں میں سگ گزیدگی کے واقعات میں ایک دم اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، جناح اسپتال میں کل رات سے آج تک کتوں کے کاٹنے کے 62 واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کے جن علاقوں میں سگ گزیدگی کے واقعات رپورٹ ہوئے ان میں ملیر ماڈ ل کالونی سرفہرست ہے جبکہ محمود آباد، ناظم آباد اورکلفٹن کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی اس نوعیت کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

    جناح اسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق گزشتہ رات سگ گزیدگی کے 12 کیسز لائے گئے ، جبکہ صبح سے اب تک پچاس کیسز صرف جناح اسپتال میں آچکے ہیں۔ مجموعی طور پر یہ تعداد 62 بنتی ہے ۔

    متاثرہ افراد کو جناح اسپتال کے ڈاگ بائٹ یونٹ میں ابتدائی طبی امداد دے کر ڈسچارج کردیا گیا، کتے کے کاٹنے کے باعث ایک متاثرہ مریض کو ابتدائی طور پر ویکسین کی 2ڈوز فراہم کی جاتی ہے ۔متاثرہ مریضوں کو مزید ویکسین فراہم کرنے کے لیے شیڈول فراہم کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ کراچی میں صرف جناح اور سول وہ سرکاری اسپتال ہیں جہاں کتے کے کاٹنے کی ویکسین موجود ہوتی ہے ، اس کے علاوہ کسی سرکاری اسپتال میں یہ سہولت میسر نہیں ہے ، اس کے علاوہ کچھ نجی اسپتال بھی سگ گزیدگی کی ویکسین فراہم کرتے ہیں تاہم نجی اسپتالوں میں ویکسین اور ابتدائی ٹریٹمنٹ کی قیمت ہزاروں میں وصول کی جاتی ہے جبکہ سول اور جناح میں یہ سہولت بالکل مفت فراہم کی جاتی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے میں شہر میں کتوں کی تعداد میں ہوش ربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، زیادہ تر علاقوں میں گزشتہ کئی سال سے کتا مار مہم نہیں چلی اور شہر میں بڑھتے ہوئے کوڑے کے ڈھیر ان آوارہ کتوں کی افزائش ِ نسل میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔

    گزشتہ سال کراچی کے کچھ علاقوں میں کتا مار مہم چلانے پر سول سوسائٹی اور جانوروں سے محبت کرنے والی سوسائٹیز کی جانب سے ردعمل سامنے آیا تھا اور انہوں نے کتوں کو مارنے کے بجائے سگ گزیدگی کی وارداتوں کو روکنے کے لیے دیگر طریقے اختیار کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔