کراچی : پی ڈی ایم حکومت کے چلے جانے کے بعد بھی امریکی ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ جاری ہے، انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر آج مزید مہنگا ہوا۔
تفصیلات کے مطابق نگران حکومت کے آتے ہی ڈالر کی قیمت کو پر لگ گئے، انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام تک ڈالر کی قیمت میں بھاری اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی اونچی پرواز جاری ہے۔
نئی حکومت کے آنے کے دوسرے ہی دن امریکی ڈالر نے روپے پر چڑھائی کر دی جبکہ روپے کی بے قدری بھی عروج پر پہنچ گئی ہے، انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید 3 روپے مہنگا ہوا۔
Interbank closing #ExchangeRate for today https://t.co/IrYWbJWzwy#SBPExchangeRate pic.twitter.com/5ow2ZrPOyU
— SBP (@StateBank_Pak) August 16, 2023
انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام تک ڈالر کی قیمت میں 3.42 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر 294.93 روپے کا ہو کر بند ہوگیا ہے، نگران حکومت کے پہلے دو روز میں ڈالر 7.33 روپے تک مہنگا ہو چکا ہے۔
دوسری جانب نگران حکومت کے صرف 2 روز میں اوپن مارکیٹ اور انٹر بنک میں ڈالر7.5 روپے مہنگا ہوا، اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر اب تک ڈیڑھ روپے مہنگا ہو نے کے بعد 303.50 روپے پر فروخت ہو رہا ہے۔