Tag: Dolphin Squad

  • لاہور : چوری کی وارداتوں میں ملوث خواتین کا گروہ گرفتار

    لاہور : چوری کی وارداتوں میں ملوث خواتین کا گروہ گرفتار

    لاہور : پولیس نے چوری کی وارداتوں میں ملوث 3 خواتین کو گرفتار کرلیا، ملزمان سے چوری کی گئی نقدی اور مسروقہ پرس بھی برآمد کرلیا گیا۔

    لاہور کے علاقے رنگ محل میں ڈولفن اسکواڈ کے عملے نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایسی 3خواتین کو حراست میں لیا ہے جو گینگ کی شکل میں وارداتیں کیا کرتی تھیں۔

    ڈولفن ٹیم نے ون فائیو پر کی گئی کال پر فوری کارروائی کرتے ہوئے خواتین کو گرفتار کیا، مذکورہ خواتین بھیڑ والی جگہ پر منظم طریقے سے وارداتیں کرتی تھیں۔

    ترجمان ڈولفن کا کہنا ہے کہ گرفتار خواتین کے قبضہ سے چھینا گیا پرس اور نقدی برآمد کرکے ان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے تاہم تفتیش کے بعد مزید انکشافات متوقع ہیں۔

    واضح رہے کہ لاہور پولیس شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم پر قابو پانے میں ناکام نظر آرہی ہے، قتل، ڈکیتی جیسے لرزہ خیز واقعات نے عوام میں خوف وہراس پیدا کردیا ہے۔

    شہر میں سکٹ سیکیورٹی کے باوجود ڈاکے، چوریاں اور قتل جیسی وارداتیں ہورہی ہیں۔ شہریوں کے تحفظ کے لئے سکیورٹی ادارے ملزمان کو نکیل ڈالنے کے لئے سرگرم عمل ہیں۔

    بڑھتے ہوئے جرائم نے پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ ملزمان دن دہاڑے شہریوں سے لوٹ مار کررہے ہیں اور مزاحمت کرنے پر انہیں بھاری نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔

    ایسے ہولناک واقعات کی وجہ سے لوگوں کا طرز زندگی اور کاروبار متاثر ہو کررہ گیا ہے۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ جو لوگ ان دنوں کاروبار کی غرض سے گھروں سے نکلتے ہیں وہ غیرمحفوظ ہیں۔

  • ڈولفن سکواڈ نے 7 سالہ بچی کے اغوا کی کوشش ناکام بنادی

    ڈولفن سکواڈ نے 7 سالہ بچی کے اغوا کی کوشش ناکام بنادی

    لاہور : ڈولفن سکواڈ نے 7 سالہ بچی کے اغوا کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اغواکار خاتون کو گرفتار کرلیا ، خاتون بچی کو ورغلا کر ساتھ لے جارہی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ کمال ڈولفن سکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 7 سالہ بچی کے اغوا کی کوشش ناکام بنادی اور بچی کو اغواکار خاتون سے بازیاب کروالیا، خاتون بچی کو ورغلا کر ساتھ لے جارہی تھی۔

    7 سالہ فریحہ مقامی علاقہ کی رہائشی ہے، اہل علاقہ نے بچی کی شناخت کرکے والد عظیم کو موقع پربلوالیا، جس کے بعد بچی کو لواحقین کے حوالے کرکے اغواء کار خاتون کو تفتیش کیلئے تھانہ منتقل کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ کے آغاز میں پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں پولیس نے بچوں کو اغوا کرکے فروخت کرنے والے ملزم کو خریداروں سمیت گرفتار کرکے مغوی کو بازیاب کروایا تھا، ملزم بچوں کو اغوا کرکے بے اولاد جوڑوں کو فروخت کرتا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم پانچ سالہ بچے ابوبکر کو 60 ہزار روپے کے عوض گل نیاز نامی خاتون کو فروخت کررہا تھا، پولیس نے کارروائی کرکے ملزم اور خریدار میاں بیوی کو گرفتار کرلیا۔

  • جسم پر بم کا جعلی باکس باندھ کر فارمیسی لوٹنے کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار

    جسم پر بم کا جعلی باکس باندھ کر فارمیسی لوٹنے کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار

    لاہور : علاقے شفیق آباد میں ڈولفن ٹیم نمبر 262 نے فارمیسی کو اپنے جسم پر بم کا جعلی باکس باندھ کر لوٹنے کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے شفیق آباد میں ڈولفن اسکواڈ نے فارمیسی لوٹنے کی کوشش ناکام بنادی ، اسکواڈ کو اطلاع موصول ہوئی کہ فارمیسی میں واردات ہو رہی ہے، ڈولفن ٹیم 262 کے پہنچنے پر ملزم نے نقلی بم باکس کو جسم پر باندھا ہوا تھا، ملزم نے ڈولفن ٹیم کونقلی بم دکھا کر ڈرانے کی کوشش کی اور جان سے مار دینے کی دھمکیاں بھی دیں۔

    ڈولفن ٹیم نے فارمیسی میں نقلی بم نما باکس باندھ کر واردات کرنیوالا ملزم سرفراز کو گرفتار کر لیا۔ڈولفن ٹیم نے ملزم سے نقلی بم نما باکس برآمد کر لیا ہے۔

    پولیس نے ملزم سرفراز کے خلاف تھانہ شفیق آباد میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • لاہور: ڈولفن اسکواڈ نے بچے کے اغوا کی کوشش ناکام بنادی

    لاہور: ڈولفن اسکواڈ نے بچے کے اغوا کی کوشش ناکام بنادی

    لاہور: شہر کے علاقے شمالی چھاؤنی میں ڈولفن اسکواڈ نے بروقت کارروائی کر تے ہوئے کمسن بچے کے اغوا کی کوشش ناکام بنا دی ‘ ایک ملزم گرفتار جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔

    ڈولفن پولیس کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ملزم اظہر اپنے ساتھی کے ساتھ بچے کو اغوا کرکے فرار ہورہا تھا کہ لوگوں کے شور پر ڈولفن سکواڈ موقع پر پہنچی اور اغوا کار کو دبوچ کر بچے کے اغوا کی کوشش ناکام بنا دی۔

    ذرائع ڈولفن سکواڈ کا کہنا ہے کہ اغوا کار کا ایک ساتھی جس کا نام ندیم ہے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ڈولفن سکواڈ نے مغوی بچے کو بازیاب کروا کے اس کے والدین کے حوالے کر دیا۔

    ڈولفن سکواڈ نے ملزم اظہر کو حراست میں لے کر متعلقہ تھانے کی پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزم اظہر مری کا رہائشی ہے اور اس کے فرار ہونے والے ساتھی کی معلومات مقامی پولیس کو فراہم کر دی گئی ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل سنہ 2016 میں شاہدرہ کے علاقے میں رکشہ ڈرائیور سات سالہ امجد کو رکشے میں اغواءکر کے لے جا رہا تھا کہ شاہدرہ چوک میں ڈیوٹی پر مامور ٹریفک وارڈن نے بچے کو زنجیروں میں جکڑا دیکھ کر رکشے کو روکا اور بچے کو بازیاب کرا کے رکشہ ڈرائیور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

    دوسری جانب 8سالہ فیضان داتا دربار کے اطراف پریشان حال میں گھوم رہا تھا کہ قریب ڈیوٹی پر موجود ٹریفک وارڈن نے شناخت نہ بتا پانے پر بچے کو متعلقہ تھانے پہنچادیا،پولیس کا کہنا ہے کہ بچہ اپنی اور اپنے اہل خانہ کی شناخت درست طریقے سے نہیں بتا پا رہا ہے اس لیے حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا کہ بچہ اغواء ہوا تھا یا گمشدہ تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں